Tag: visit

  • پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز غیر یقینی صورتحال کا شکار

    پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز غیر یقینی صورتحال کا شکار

    لاہور: پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز غیر یقینی صورت حال کا شکار ہے، بنگلادیش کا پہلے ٹی20 سیریز کھیلنے پر اصرار ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹ کو ترجیح قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلادیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز سوالیہ نشان بن گیا، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز میں اب 3 ہفتے سے بھی کم دن باقی ہیں لیکن بنگلادیش کا دورہ پاکستان غیریقینی صورت حال سے دوچار ہے۔

    بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے کہ پی سی بی سے رابطے میں ہیں، درمیانی راستہ نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے، ٹی ٹوئنٹی پہلے کھیلیں گے، کھلاڑی اور آفیشلز مطمئن رہے تو ٹیسٹ سیریز پاکستان یا نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کا فیصلہ ہوگا۔

    پاک بنگلہ دیش کرکٹ کے روشن امکانات، احسان مانی ڈھاکہ کا دورہ کریں گے

    پی سی بی نے بنگلادیش کو بھی سری لنکا کی طرح اسٹیٹ لیول سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان کرکٹ محاذ پر جمی برف پگھلنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے، احسان مانی بطور چیئرمین پی سی بی نہیں بلکہ آئی سی سی کمرشل اور فنانس ہیڈ کے طور پر بنگلادیش جارہے ہیں اور ان کے ہمراہ کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کے چیف ایگزیکٹیو مانو ساہنی بھی ہوں گے۔

    اس اہم دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ سیریز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

  • بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ دورہ پاکستان کے لیے رضامند

    بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ دورہ پاکستان کے لیے رضامند

    ڈھاکہ: بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ رسل ڈومنگو نے دورہ پاکستان کے لیے اپنی رضا مندی ظاہر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ہیڈکوچ رسل ڈومنگو کا کہنا ہے کہ مجھے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے ساتھ پاکستان جانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، پاکستان جانے کی اجازت دی گئی تو ٹیم کے ہمراہ جاؤں گا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ مینجمنٹ کے کچھ لوگ نہیں جانا چاہتے مگر فیصلہ بورڈ کا ہوگا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو جنوری میں 3ٹی 20 اور 2 ٹیسٹ کا شیڈول بھجوایا تھا، تاہم بنگلادیشن کرکٹ بورڈ حیلے بہانے سے کام لے رہا ہے، ٹی ٹوئنٹی کے بعد اب ٹیسٹ ٹیم بھی نہیں بھیجنا چاہتا۔

    حال ہی میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی جانب سے ٹیسٹ ٹیم پاکستان نہ بھیجنے سے متعلق خبریں سامنے آئی تھیں، تاہم اب تک بنگلادیش یہ فیصلہ نہیں کرسکا کہ کونسے فورمٹ کی ٹیم پاکستان آئے گی۔

    بھارت کا بنگلہ دیش پر دباؤ، پاکستانی کھلاڑی نشانہ بن گئے

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ نے بی سی بی کو خط لکھا تھا، بنگلادیش بورڈ نے تاحال پی سی بی کو خط کا جواب نہیں دیا۔ پاکستان کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بنگلادیش کا مکمل دورہ نہ کرنا منظورشدہ سیکیورٹی پلان کی نفی ہوگی۔

    خط کے مطابق بنگلادیش کی 2ٹیمیں پاکستان آسکتی ہیں تو تیسری مکمل دورہ کیوں نہیں کرسکتی؟ البتہ پاکستان کرکٹ بورڈ بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے مکمل دورہ پاکستان کے لیے پر امید ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان کے پمز اور پولی کلینک اسپتالوں کے اچانک دورے

    وزیراعظم عمران خان کے پمز اور پولی کلینک اسپتالوں کے اچانک دورے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے پمز اور پولی کلینک اسپتالوں کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لے کر مزید بہتری کی ہدایات جاری کیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کے سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے پمز اور پولی کلینک اسپتال کا اچانک دورہ کیا۔

    اس موقع پر ان کے ہمراہ معاون خصوصی ڈاکٹر ظفرمرزا بھی تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے پولی کلینک کے مختلف شعبوں اور وارڈز کا معائنہ کیا۔

    دورہ کے موقع پر پولی کلینک کی سربراہ ڈاکٹر نائلہ اسرار نے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم عمران خان نے مریضوں کی عیادت کی اور سہولتوں کاجائزہ لیا، وزیراعظم نے اسپتال انتظامیہ سے صحت کی سہولتوں کی فراہمی پر بھی گفتگو کی۔

  • وزیراعظم کل لاہور کا دورہ کریں گے

    وزیراعظم کل لاہور کا دورہ کریں گے

    لاہور: وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کل لاہور آئیں گے، اس دوران وہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خصوصی خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ایک روزہ دورہ لاہور میں پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کریں گے اور سیاسی صورت حال پر پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیں گے، اس دوران دیگر ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران پنجاب کابینہ میں تبدیلیاں بھی زیرغور آئیں گی، وزیراعظم ایوان وزیراعلیٰ میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، وزیراعظم عمران خان کی وزیراعلیٰ اور گورنرپنجاب سے ملاقات ہوگی۔

    خیال رہے کہ وزیراعظم نے دو ماہ قبل بھی لاہور کا دورہ کیا تھا۔ یاد رہے کہ 18 جولائی کو وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیر اعظم کو پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ملاقات

    ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے وزیر اعظم کو پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور وزرا کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا گیا تھا۔ بعد ازاں وزیر اعظم اور گورنر پنجاب چوہدری سرور کی بھی ملاقات ہوئی تھی۔

  • امیرالبحر کا دورہ برطانیہ آخری مرحلے میں داخل، دوطرفہ عسکری تعاون پر زور

    امیرالبحر کا دورہ برطانیہ آخری مرحلے میں داخل، دوطرفہ عسکری تعاون پر زور

    لندن: پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا دورہ برطانیہ آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، دورے کے دوران انہوں نے اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں اور دوطرفہ عسکری تعاون پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ نے کہا ہے کہ دورے کے آخری مرحلے میں امیرالبحر نے اہم ملاقاتیں کیں، رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز سے خطاب بھی کیا، ایڈمرل ظفر محمود برطانیہ کے وائس چیف آف ڈیفنس سے بھی ملے۔

    ترجمان کے مطابق نیول چیف کی رائل کمانڈرآپریشنزنیوی اور کمانڈنٹ کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے سمندری تحفظ اور امن کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا۔

    نیول چیف نے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز میں طلبا اور اساتذہ سے خطاب کیا، خطاب کے دوران ایڈمرل ظفرمحمود نے خطے کی سیکیوٹی صورت حال کا احاطہ اور بحری افواج کے کردار پر روشنی ڈالی۔ دریں اثنا نیول چیف نے برٹش تھنک ٹینک سے بھی خطاب کیا اور حاضرین سے بات چیت کی۔

    نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو برطانیہ رائل نیول کالج میڈل سے نواز دیا گیا

    پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ نیول چیف کا دورہ بحری افواج کے تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔ یاد رہے کہ دو روز قبل نیول چیف برطانیہ پہنچے، انہیں برطانیہ رائل نیول کالج میڈل سے بھی نوازا گیا، میڈل فرسٹ سی لارڈ آف رائل نیوی کی جانب سے خصوصی عشائیہ میں دیا گیا تھا۔

  • دورہ آسٹریلیا سے بہتر نتائج برآمد ہوں گے: مصباح الحق

    دورہ آسٹریلیا سے بہتر نتائج برآمد ہوں گے: مصباح الحق

    لاہور: قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ موجودہ دورہ آسٹریلیا میں ماضی کے برعکس بہتر نتائج کی توقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں مصباح الحق نے قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن کو ٹرمپ کارڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایشین ٹیموں کو آسٹریلیا میں ہمیشہ مشکل ہوتی ہے لیکن ہماری لیے اچھی بات یہ ہے کہ ہماری بیٹنگ لائن تجربہ کار ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دورے میں رنز کرنے والے اظہر علی، اسد شفیق اور شان مسعود اس ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ ان کا دورہ جنوبی افریقہ بھی اچھا رہا تھا، ہمارے پاس اچھے نوجوان فاسٹ بولرز اور ساتھ میں یاسر شاہ بھی ہیں، یہ ٹیم پرعزم ہے لہٰذا آپ اچھے نتائج کی توقع کر سکتے ہیں۔

    چیف سلیکٹر نے کہا کہ ہمارا سب سے مثبت پہلو نوجوان فاسٹ بولرز اور یاسر شاہ ہیں، یاسر آسٹریلین کنڈیشنز سے واقفیت رکھتے ہیں اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اس کی تیاری بھی کی تھی، انہوں نے طویل اسپیل بھی کیے ہیں اور وہ اب جانتے ہیں کہ گزشتہ دورہ آسٹریلیا کے دوران کس چیز کی کمی تھی، ہماری تیاری پہلے سے بہتر ہے۔

    دورہ آسٹریلیا ایشین ٹیموں کے لیے کبھی آسان نہیں ہوتا، مصباح الحق

    اس موقع پر انہوں نے سیریز کے دوران وکٹوں کے حصول کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے میچ میں 20وکٹیں لینا سب سے اہم ہے کیونکہ اس کے بغیر ہم جیت نہیں سکتے، ہماری بیٹنگ لائن اسکور بورڈ 400-500 رنز سجانے کی صلاحیت رکھتی ہے جس سے ہمارے بولرز کو بھی مدد ملے گی۔

    خیال رہے کہ پاکستان کی ٹیم 17-2016 کے دورہ آسٹریلیا میں مصباح الحق کی زیر قیادت کسی بھی ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم کی 20وکٹیں لینے میں کامیاب نہیں ہو سکی تھی تاہم اس کے باوجود مصباح کو امید ہے کہ بولرز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

    گزشتہ دورہ آسٹریلیا میں یاسر شاہ کی بری طرح ناکامی کے باوجود ہیڈ کوچ کو ان سے اچھی کارکردگی کی امید ہے۔

  • نیول چیف کا دورہ قطر، قطری وزیراعظم سے خصوصی ملاقات

    نیول چیف کا دورہ قطر، قطری وزیراعظم سے خصوصی ملاقات

    دوحہ: نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سرکاری دورے پر قطر پہنچے جہاں انہوں نے قطری وزیراعظم شیخ عبداللہ بن نصیر سے خصوصی ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا قطر میں نیول بیس پہنچنے پر کمانڈر قطر امیری نیول فورسز نے پرتپاک استقبال کیا اور امیرالبحر کو چاک وچوبند دستے نے روایتی گارڈآف آنرپیش کیا۔

    ترجمان کے مطابق نیول چیف نے قطری وزیر اعظم شیخ عبداللہ بن نصیر سے خصوصی ملاقات کی اس دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امیرالبحر نے قطری چیف آف اسٹاف سمیت کمانڈر قطر امیری نیول فورسز سے بھی ملاقات کی۔

    ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ اہم عہدیداروں سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، تعلقات کے فروغ اور دو طرفہ بحری تعاون پر گفتگو ہوئی، نیول چیف نے سمندری تحفظ اور امن کے لیے پاک بحریہ کے عزم کو اجاگر کیا۔

    نیول چیف نے قطر کی مختلف بحری تنصیبات سمیت میری ٹائم وارفیئراینڈٹریننگ سینٹر کا بھی دورہ کیا، امیرالبحر نے دورے کے دوران مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو بھی اجاگر کیا۔

    نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا متحدہ عرب امارات کا دورہ

    ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا دورہ دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے تعلقات کو فروغ دے گا۔

    یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا، دورے کے دوران وہ نیول فورسز یونٹ اورگن ٹاؤٹ نیول بیس بھی گئے تھے، انہوں نے اہم عہدیداروں سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔

  • برطانوی شاہی جوڑے کا یادگار دورہ لاہور

    برطانوی شاہی جوڑے کا یادگار دورہ لاہور

    لاہور: برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن دورہ لاہور کو یادگار بنا کر اسلام آباد واپس روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی جوڑے نے آج لاہور میں ایس او ایس ولیج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بےسہارا بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور تحائف بھی تقسیم کیے۔

    شاہی جوڑے نے آدھے گھنٹے سے زائد ایس او ایس ولیج میں وقت گزارا، بعد ازاں شہزادہ اور شہزادی ایس او ایس ولیج سے ایئرپورٹ روانہ ہوئے۔

    شاہی جوڑے نے گزشتہ روز بھی ایس او ایس ولیج کا دورہ کیا تھا۔ شاہی جوڑے نے بچوں کے ساتھ مل کر خوب رنگ جمایا اور ہنستے مسکراتے رہے۔

    برطانوی شاہی جوڑے نے گزشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا بھی دورہ کیا تھا، جہاں چیف ایگزیکٹوپی سی بی وسیم خان نے انہیں بریفنگ دی اور کھلاڑی بھی شاہی جوڑے سے گرم جوشی سے ملے تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی روایتی سفید شلوار قمیض میں ملبوس ہوکر برطانوی شہزادی اور شہزادہ زندہ دلان شہر لاہور پہنچنے پر گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب نے ان کا ریڈ کارپٹ پر شاندار استقبال کیا تھا۔

    شاہی جوڑا بھی کرکٹ کا شوقین، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کے جوہر

    بعد ازاں برطانوی شاہی جوڑے سے گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب نے ایئرپورٹ لاؤنج میں ملاقات کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے شہزادہ ولیم کو زیتون کی لکڑی سے بنی چھڑی اور پینٹگ اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کو شال تحفے میں دی تھی۔

    گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بھی معزز مہمانوں کو تحائف پیش کیے۔

  • وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوا: فردوس عاشق

    وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوا: فردوس عاشق

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے مختلف شعبوں میں قریبی تعاون پر مبنی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوا، اس موقع پر ریاض حکومت نے کشمیر تنازعہ کے پرامن حل پر زور دیا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا، دورے کے موقع پر عمران خان نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کو فروغ دیا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت نے بھی وزیراعظم کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہا، پاکستان برادر اسلامی ممالک کے جذبہ اخوت کے فروغ کا خواہاں ہے، امت مسلمہ کا باہمی اتحادواتفاق خطے میں امن ومعاشی استحکام کا ضامن ہے۔

    وزیر اعظم خطے میں امن کے فروغ کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے: فردوس عاشق

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور مسلسل لاک ڈاؤن سے بھی آگاہ کیا، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 73 روز ہوگئے، 80لاکھ سے زائد کشمیری گھروں میں محصور ہیں۔

    معاون خصوصی فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ جنت نظیروادی جیل میں بدل چکی ہے، مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب نے اپنی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا، سعودی عرب بھی مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورے سے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوگا، مختلف شعبوں میں قریبی تعاون پر مبنی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا پاکستان ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔

  • پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے وزیراعظم کا دورہ چین اہمیت کا حامل ہے: عاطف خان

    پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے وزیراعظم کا دورہ چین اہمیت کا حامل ہے: عاطف خان

    پشاور: سینئر وزیر خیبرپختونخوا محمد عاطف خان نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کو ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے اہم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کے موقع پر ملکی ترقی کے لیے سی پیک سمیت دیگر منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیراعظم کے اس دورے میں دوطرفہ تعلقات سمیت پاکستان اور چین کے درمیان دیگر شعبوں میں مزید تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔

    صوبائی وزیر عاطف خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے وزیراعظم کا دورہ چین اہمیت کا حامل ہے، نادرن ایریاز کی سیاحت میں چین گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

    خیال رہے کہ مسئلہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے دو ٹوک مؤقف کی کھل کر حمایت کر دی ہے، چینی قیادت کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر تاریخ کا ادھورا چھوڑا ہوا تنازع ہے، اسے یو این چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

    مسئلہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے دو ٹوک مؤقف کی کھل کر حمایت کر دی

    وزیر اعظم کا دورۂ چین اختتام کو پہنچ گیا ہے، وزیر اعظم واپس ملک کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے کہا مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران جنم لے رہا ہے، بھارت فوری کرفیو اٹھائے۔

    چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین کی حالات پر گہری نظر ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال مزید پیچیدہ بنانے والے یک طرفہ اقدامات قبول نہیں۔