Tag: visit

  • فٹبال کے عالمی کھلاڑی کاکا ااور لوئس فیگو 10 جنوری کو پاکستان پہنچیں گے

    فٹبال کے عالمی کھلاڑی کاکا ااور لوئس فیگو 10 جنوری کو پاکستان پہنچیں گے

    لاہور: بین الاقوامی شہرت کے حامل فٹبال کے مایہ ناز کھلاڑی کاکا اور لوئس فیگو 10 جنوری کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق فٹبال کے عالمی اسٹار سمجھے جانے والے کھلاڑی کاکا اور لوئس فیگو 10جنوری کو پاکستان آئیں گے، دونوں اسٹارز پاکستان کو نئے سال کا تحفہ دیں گے۔

    کاکا اور فیگو پہلے کراچی اور پھر لاہور کا دورہ کریں گے، دونوں کھلاڑی پاکستان میں کوچنگ کلینکس اور مختلف کلبز کا جائزہ لیں گے۔

    کاکا نے دورہ پاکستان سے قبل خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جانے پر بہت خوش ہوں اس سے پہلے کبھی پاکستان نہیں آیا۔

    برطانوی فٹبالر جان ٹیری آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے

    دوسری جانب لوئس فیگو کا کہنا تھا کہ ایشیا کے ایک اور ابھرتے فٹبال ملک میں آنے پر خوشی ہوگی، پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر سے مختلف فٹبالرز دوسرے مرحلے میں 26 سے 29 اپریل تک آئیں گے، کاکا سابق برازیلین ٹیم کے کپتان ہیں، جبکہ لوئی فیگو پرتگال کی ٹیم کے سابق کپتان ہیں۔

    علاوہ ازیں وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ فٹبال لیجنڈ کاکا اور فیگو 10 جنوری کو پاکستان پہنچ رہے ہیں، کھلاڑی بین الاقوامی فٹبال کے فروغ کی تقریب میں شریک ہوں گے، کاکا اور لوئی فیگوورلڈسوکر اسٹارز میں بھی شریک ہوں گے۔

  • ترکی پاکستان کا بہت قریبی ساتھی اور پراعتماد دوست ہے: شاہ محمودقریشی

    ترکی پاکستان کا بہت قریبی ساتھی اور پراعتماد دوست ہے: شاہ محمودقریشی

    اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ترکی نے افغانستان میں قیام امن کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا، ترکی پاکستان کا بہت قریبی ساتھی اور پراعتماد دوست ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکی روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیراعظم عمران خان، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیرخزانہ اسدعمر دورہ روزہ دورے پر ترکی روانہ ہوچکے ہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے کی صورت حال پر ترکی کی قیادت کو اعتماد میں لیں گے، سیاسی رفاقت اور دوستی کو تزویراتی اقتصادی شراکت داری میں بدلنا ہے، ترکی کے صدر سے دوطرفہ معاملات پر گفتگو ہوگی۔

    انہوں نےکہا کہ ترک قیادت سے وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے، تجارت، سرمایہ کاری، معیشت اور تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوگا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ترکی نے پاکستان کے نقطہ نظر کی ہمیشہ حمایت کی ہے، دونوں ممالک نے خطے کی صورت حال پر اعتماد میں لیا، ترکی نے سہ فریقی مذاکرات میں بھی پاکستان کی حمایت کی۔

    وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پرترکی روانہ

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جنوری میں ترکی اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ پاکستان آئیں گے، پاکستان ترکی اور آذربائیجان سہ افریقی مذاکرات ہوں گے، مذاکرات میں افغان امن عمل اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوگا۔

    خیال رہے کہ وزیراعظم دورے کے دوران برنس فورم سے خطاب کریں گے اور تری کی کاروباری شخصیات کے علاوہ ممکنہ سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    وزیراعظم ترکی دورے میں قونیہ شہر میں مولانا رومی عجائب گھر جائیں گے اور جدید ترکی کے بانی کمال اتاترک کے مزار پرحاضری بھی دیں گے۔

  • وفاقی وزراء کے وفد نے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ میں سہولیات کا جائزہ لیا

    وفاقی وزراء کے وفد نے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ میں سہولیات کا جائزہ لیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزراء کے وفد نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کرکے مسافروں اور تارکین وطن کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزراء کے وفد نے وزیر اعظم کی خاص ہدایت پر اسلام آباد ایئر پورٹ میں مسافروں اور تارکین وطن کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ وزراء میں فواد چوہدری، شہریارآفریدی، محمدمیاں سومرو، عامرمحمود کیانی شامل تھے۔

    وزرا کے وفد نے مسافروں اور تارکین وطن کو ایئرپورٹس پر دی جانے والی سہولیات کاجائزہ لیا، اس موقع پرسول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے وفاقی وزراء کو بریفنگ دی گئی۔

    وزراء نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر افرادی قوت کی کمی کی تفصیلات بھی مانگ لیں، اس کے علاوہ ایئرپورٹ منصوبے کی لاگت میں اضافے اورتعمیر میں غیرمعیاری کام کے ذمہ داروں کی تفصیلات بھی15روز میں طلب کرلیں۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تارکین وطن کئی گھنٹوں کی طویل مسافت طے کرکے واپس آتے ہیں، انہیں غیر رجسٹرڈ موبائل کی رجسٹریشن کیلئے لائن میں لگنا پڑتا ہے، ایئرپورٹ پر بیت الخلاء کی صفائی یقینی بنائی جائے۔

    وزیر مملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی نے کہا کہ کسٹم، اےاین ایف اور ایف آئی اے کی کارکردگی قابل تحسین ہے، تینوں حکام ایک ساتھ مسافروں کے سامان کی چیکنگ کرتے ہیں، اسلام آباد ایئرپورٹ پرجدید اسکینر نصب کیے جائیں، جوں ہی کسی غیر ملکی کا پاسپورٹ اسکین ہو اس کی زبان میں ویلکم کہا جائے۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایک روزہ دورے پر قطر روانہ

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایک روزہ دورے پر قطر روانہ

    اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر روانہ ہوگئے، اعلیٰ قطری عہدیداروں سے ملاقاتیں ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر روانہ ہوچکے ہیں، جہاں وہ اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے ملاقات کریں گے اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوگا۔

    وزیر خارجہ قطر روانہ ہونے کے لیے بغیر پروٹوکول کے ائیر پورٹ پہنچے، شاہ محمود قریشی ائیر پورٹ پر عام شہریوں کے ساتھ قطار میں کھڑے رہے۔

    وزیرخارجہ بورڈنگ پاس لینے کے لیے عام مسافروں کی طرح مراحل سے گزرے، مسافروں نے وزیرخارجہ کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور سیلفیاں بھی بنوائیں۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی 4 ملکی دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چار ملکی دورہ کیا تھا، دورے کے چوتھے اور آخری مرحلے میں انہوں نے روس کا دورہ کیا تھا۔

    اس دوران شاہ محمود کے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور امن و سلامتی پر گفتگو کی گئی تھی۔

    قبل ازیں وزیر خارجہ چین کے دورے پر تھے جہاں انہوں نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس سے قبل انہوں نے افغانستان اور ایران کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اعلیٰ حکومتی عہدیداران سے ملاقات کی تھی۔ وزیر خارجہ نے افغانستان میں صدراتی محل میں افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات کی تھی۔

  • چار ملکی دورے کا آخری مرحلہ، شاہ محمود قریشی روس پہنچ گئے

    چار ملکی دورے کا آخری مرحلہ، شاہ محمود قریشی روس پہنچ گئے

    ماسکو: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی چار ملکی دورے کے چوتھے اور آخری مرحلے میں روس پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی روسی دارالحکومت ماسکو پہنچ چکے ہیں، اس اہم دورے میں وہ اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    شاہ محمود قریشی روسی ہم منصب سے بھی ملیں گے، روسی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں شریک ہوں گے۔

    ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    قبل ازیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی چین کے دورے پر تھے، جہاں انہوں نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے سمیت اہم علاقائی وعالمی امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی چینی ہم منصب سے ملاقات

    واضح رہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی افغانستان اور ایران کا دورہ مکمل کرنے کے بعد گذشتہ صبح بیجنگ پہنچے جہاں چینی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے ان کا بھرپوراستقبال کیا تھا۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے صدراتی محل میں افغان صدراشرف غنی سے ملاقات کی تھی۔

  • سرکاری دورے کا تیسرا مرحلہ: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی چین پہنچ گئے

    سرکاری دورے کا تیسرا مرحلہ: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی چین پہنچ گئے

    بیجنگ: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سرکاری دورے کے تیسرے مرحلے میں چین پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی چینی دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر چینی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے بھرپور استقبال کیا۔

    شاہ محمودقریشی چار ملکی دورے کے تیسرے مرحلے میں بیجنگ پہنچے ہیں، وزیرخارجہ چینی ہم منصب سے خصوصی ملاقات کریں گے۔

    دو طرفہ تعلقات، خطے میں روابط کے فروغ اور اہم معاملات پر تبادلہ خیال ہوگا، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو ہوگی۔

    قبل ازیں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے سمیت دیگر اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

    سرکاری دورے کا تیسرا مرحلہ: شاہ محمود قریشی تہران سے بیجنگ روانہ

    شاہ محمود قریشی نے افغان پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ افغان صدر اشرف غنی نے افغان امن عمل کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

  • حکومت پی آئی اے کی بحالی کے لئے ہر ممکن امداد فراہم کرے گی، محمد میاں سومرو

    حکومت پی آئی اے کی بحالی کے لئے ہر ممکن امداد فراہم کرے گی، محمد میاں سومرو

    کراچی : نجکاری اور ایوی ایشن کے وفاقی وزیر محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ پی آئی اے درست سمت میں جارہی ہے اور حکومت اس کی بحالی کے لئے ہر ممکن امداد فراہم کرے گی۔

    یہ بات انہوں نے ائر لائن ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر کہی۔ انہوں نے پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک سے ملاقات میں کی جس میں انہیں ایر لائن کی کار کردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔

    پی آئی اے کے سینئر افسران سے خطاب کرتے ہوئے ایوی ایشن کے وزیر نے کہا کہ پی آئی اے میں ترقی کے بہت زیادہ مواقع اور صلاحیت موجود ہیں اوراس کی کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کیا جا سکتا ہے، حکومت پی آئی اے کو ایک منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے کوشاں ہے اور اس کے لئے ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے گی۔

    میاں محمد سومرو نے کہا کہ مارکیٹ میں مقابلے کے لئے ہمیں اپنی خدمات کے معیار میں مزید بہتری لانا ہوگی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا ہوگا، مسافر کو سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہیں،انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پی آئی اے میں فالتو اخراجات ختم کر کے بچت کی جائے۔

    اس موقع پر وزیر ہوا بازی نے ایئر مارشل ارشد ملک کی قیادت میں اٹھائے جانے والے اقدامات کی تعریف کی جن کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ قبل ازیں ایئر مارشل ارشد ملک نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ پی آئی اے کے بند کئے گئے روٹس کو بحال کیاجارہا ہے جبکہ نیٹ ورک میں وسعت کے لئے نئے منافع بخش روٹس کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

    کھانوں کے معیار اور شیڈولنگ میں بہتری لائی گئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ائر لائن میں پہلی دفعہ اخراجات میں کمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے ان نئے اقدامات کی بدولت ائر لائن کے معیار میں بہتری دیکھنے میں آرہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسافروں کے علاوہ ائر لائن کے ریونیو میں اضافے کے لئے خاص طور پر کارگو سیکٹر پر توجہ دی جارہی ہے، جس سے ریونیو میں اضافے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔

    دورے کے اختتام پر انہوں نے ائر لائن کا دورہ کرنے اور اس کی بحالی میں تعاون پر وزیر ایوی ایشن کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر محمد میاں سومرو کو ایئر مارشل ارشد ملک کی جانب سے پی آئی اے کی یاد گاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ کابل پہنچ گئے

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ کابل پہنچ گئے

    کابل : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ سہ فریقی مذاکرات میں شرکت کےلیے کابل پہنچ گئے، کابل پہنچنے پر افغانستان کے نائب وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان، افغانستان اور چین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کابل میں ہوں گے، پاکستانی وفد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سمیت سیاسی, سول اور عسکری حکام شامل ہیں، اس حوالے سے سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کابل میں کل ہونے والے مذاکرات میں3 ادوار ہوں گے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان افغانستان کی بہتری چاہتے ہیں، افغانستان میں امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم دوستی، امن اور خوشحالی کا پیغام اور تجاویز لے کر گئے جس پر تبادلہ خیال ہوگا، خواہش ہے ہمارا خطہ ترقی کے دوڑ میں آگے بڑھے، 21 ویں صدی اگر ایشیا کی ہے تو اس کے لئے امن ضروری ہے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ پہلے دور میں افغانستان کی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوگی، افغان طالبان سے مفاہمتی عمل پر بھی بات چیت کی جائے گی، اس کے علاوہ مذاکرات کے دوسرے دور میں فریقین کے درمیان خطے میں تعاون پر بات چیت ہوگی جبکہ تیسرے دور میں سیکیورٹی تعاون پر گفتگو کی جائے گی۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کابل میں افغانستان اور چین کے وزرائے خارجہ و اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔

    سفارتی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سہ فریقی مذاکرات میں افغان سر زمین دہشت گردی میں استعمال کئے جانےکامعاملہ بھی اٹھائےجانے کا امکان ہے۔

    اس کے علاوہ یہ بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پاکستان اس موقع پر چین کے قونصل خانے پر حملے کا معاملہ بھی اٹھائے گا، چینی قونصلیٹ حملے میں این ڈی ایس اور را کے مبینہ طور پر ملوث ہونے پر غور کیا جائے گا۔

  • وزیر اعظم عمران خان آج  پشاور میں  شیلٹر ہوم کا افتتاح کریں گے

    وزیر اعظم عمران خان آج پشاور میں شیلٹر ہوم کا افتتاح کریں گے

    پشاور : وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر پشاور جائیں گے، جہاں وہ لاوارث ،بے گھر اور غریبوں کے لئے شیلٹر ہوم کا افتتاح کریں گے اورصوبائی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج پشاور کا دورہ کریں گے، عمران خان گورنر ہاوس میں صوبائی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں شریک ہوں گے اور خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی اور ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیں گے ، اجلاس میں گورنر اوروزیراعلیٰ کےپی بھی شرکت کریں گے۔

    صوبائی حکومت کی جانب سے سو روزہ پلان سے متعلق تفصیلی بریفنگ وزیراعظم کو دی جائے گی جبکہ عمران خان صوبائی حکومت کو نئے اہداف بھی دیں۔

    وزیراعظم عمران خان وزیر اعلیٰ محمود خان اور گورنر خیبر پختونخوا سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

    دورے کے دوران وزیراعظم لاوارث ،بے گھر اور غریبوں کے شیلٹر ہوم کا افتتاح کریں گے جبکہ نشترہال میں تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

    خیال  رہے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے شیلٹرہومز کے لیے تیاریاں مکمل کرلیں گئیں ہیں، سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ پجگی روڈ پر اعلیٰ معیار کا شیلٹرہوم کا منصوبہ مکمل ہے ، 150 سے 200 مسافر رات گزار سکیں گے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم کا منی لانڈرنگ کے خلاف پوری طاقت سے کارروائی کا اعلان

    حکام کے مطابق بس اڈوں کےقریب بھی شیلٹرہوم قائم کیےجارہےہیں جبکہ چارسدہ،کوہاٹ ،حاجی کیمپ اڈوں میں بھی شیلٹرہوم تعمیرہوں گے۔

    یاد رہے گذشتہ روزپاکستان اکنامک فورم سے خطاب کرتے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  پیسہ بناناگناہ نہیں،ٹیکس چوری گناہ ہے،پیسہ نہ بنایا توغربت ختم نہیں  ہوگی،ہاتھ پھیلائیں گےتوملک آزاد نہیں رہ سکتا،ڈالرملک سےاسمگل ہورہا ہے،منی لانڈرنگ کواسمگلنگ کی طرح دیکھیں گے۔

  • وزیر اعظم عمران خان  آئندہ ماہ ایک روزہ دورے پر پشاورجائیں گے

    وزیر اعظم عمران خان آئندہ ماہ ایک روزہ دورے پر پشاورجائیں گے

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان آئندہ ماہ ایک روزہ دورے پر پشاورجائیں گے، جہاں وہ حکومتی کارکردگی کاجائزہ، عوامی منصوبوں پربریفنگ لیں گے اور غربا کے لئے430 بیڈ پر مشتمل شیلٹر ہوم کا افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پختونخواحکومت کی کارکردگی کا بھی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ، وزیراعظم آئندہ ماہ ایک روزہ دورے پر پشاورجائیں گے، جہاں وہ حکومتی کارکردگی کاجائزہ اور عوامی منصوبوں پربریفنگ لیں گے۔

    دورے کے دوران وزیراعظم غرباکے لئے 430 بیڈ پر مشتمل شیلٹرہوم کا افتتاح کریں گے اور وزیراعلیٰ کےپی محمودخان سےون آن ون ملاقات کریں گے۔

    وزیراعظم عمران خان صوبائی کابینہ کےاجلاس میں بھی شریک ہوں گے، اجلاس میں وزیراعظم وزرا سے انفرادی کارکردگی سےمتعلق دریافت کریں گے اور صوبائی حکومت کونئےاہداف بھی دیں گے۔

    مزید پڑھیں : خیبرپختونخوا میں شیلٹرہومز کے لیے تیاریاں مکمل، وزیراعظم عمران خان افتتاح کریں گے

    صوبائی کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم کو صوبے کی ترقیاتی اسکیموں پربریفنگ دی جائےگی۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے شیلٹرہومز کے لیے تیاریاں مکمل کرلیں گئیں ہیں، سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ پجگی روڈ پر اعلیٰ معیار کا شیلٹرہوم کا منصوبہ مکمل ہے ، 150 سے 200 مسافر رات گزار سکیں گے۔

    حکام کے مطابق بس اڈوں کےقریب بھی شیلٹرہوم قائم کیےجارہےہیں جبکہ چارسدہ،کوہاٹ ،حاجی کیمپ اڈوں میں بھی شیلٹرہوم تعمیرہوں گے۔