Tag: visitors

  • انوکھا درخت جس کے قریب جانے پر جیل ہوسکتی ہے

    انوکھا درخت جس کے قریب جانے پر جیل ہوسکتی ہے

    واشنگٹن: امریکی ریاست کیلی فورنیا میں موجود دنیا کے سب سے بڑے درخت کے قریب جانے پر پابندی عائد کردی گئی، قریب جانے والے شخص کو 6 ماہ قید اور 5 ہزار ڈالرز جرمانے کی سزا کا سامنا ہوگا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے درخت ہائپرون تک لوگوں کو جانے سے روک دیا گیا ہے، ہائپرون کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں دنیا کے سب سے بڑے درخت کے طور پر درج ہے جو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ریڈ ووڈ نیشنل پارک میں موجود ہے۔

    نیشنل پارک کی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ ہفتے ایک بیان میں بتایا گیا کہ اس درخت کے قریب جانے والے فرد کو 6 ماہ قید اور 5 ہزار ڈالرز جرمانے کی سزا کا سامنا ہوگا۔

    یہ درخت نیشنل پارک میں بہت اندر موجود ہے اور کوئی راستہ اس کی جانب نہیں جاتا، مگر پھر بھی وہاں جانے والے افراد کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے جس کے باعث درخت کو سنگین ماحولیاتی اثرات کا سامنا ہے۔

    اس درخت کو 2006 میں ماہرین نے دریافت کیا تھا اور اس کی لمبائی 115.92 میٹر ہے۔

    انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہائپرون عام راستے پر موجود نہیں اور اس کے ارگرد بہت زیادہ سبزہ ہے، یہی وجہ ہے کہ وہاں تک پہنچنے کے لیے کافی جھاڑیوں سے گزرنا پڑتا ہے۔

    مشکل سفر کے باوجود وہاں جانے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس سے درخت کے ارگرد کے ماحول پر تباہ کن اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

    نیشنل پارک کے نیچرل ریسورسز چیف لیونل آرگیلو نے کہا کہ اس علاقے میں موبائل فون اور جی پی ایس سروسز محدود ہیں، تو وہاں کسی کے گم ہونے یا زخمی ہونے پر امداد کرنا بہت مشکل ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ درخت کی بنیاد کو پہنچنے والے نقصان سے ہٹ کر بھی لوگوں کی بھیڑ سے دیگر مسائل پیدا ہورہے ہیں، لوگ وہاں کچرا بھی پھینک رہے ہیں۔

  • مکہ کلاک ٹاور میں موجود عجائب گھر زائرین کے لئے کھول دیا گیا

    مکہ کلاک ٹاور میں موجود عجائب گھر زائرین کے لئے کھول دیا گیا

    ریاض : مکہ مکرمہ میں واقع کلاک ٹاور میوزیم عوام کے لیے کھول دیا گیا جس میں اذان کے وقت ایل ای ڈیز جگمگاتی ہیں جن کی روشنی میلوں دور سے دکھائی دیتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ میں حرم کے سامنے قائم کلاک ٹاور جہاں سال بھر زائرین کا تانتا بندھا رہتا ہے، اب اپنے چار منزلہ عجائب گھر کے ساتھ سیاحتی مقام کے طور پر بھی لوگوں کا استقبال کرے گا۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کلاک ٹاور میں بنایا گیا یہ میوزیم اس سال رمضان میں زائرین کے لیے کھولا گیا ہے، جو پورا مہینہ مسلسل کھلا رہے گا۔

    سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ عجائب گھر کی پہلی منزل پر نظام شمسی کی مجسم عکاسی کی گئی ہے جس کے بعد وقت کے تعین ،کائنات، کہکشاں کے علاوہ نظام شمسی کی گردش کو بیان کرنے کیلئے بہترین اور جدید ترین طریقوں کے ذریعے وضاحت کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ زائرین کو دنیا کی سب سے بڑی گھڑی جوکہ مکہ ٹاور پرنصب کی گئی ہے، اس کے مختلف مراحل اور تنصیب کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیاجاتا ہے، گھڑی کی تیاری میں دنیا کہ بڑی کمپنیوں کی مشترکہ کاوش ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق کلاک ٹاور میوزیم کی دوسری منزل وقت کے بارے میں ہے یہاں مختلف ادوار میں گھڑیوں کی ایجاد کے بارے میں وضاحت کی گئی ہے۔

    کلاک ٹاور کی تیسری منزل پر کائنات کے رازوں کے بارے میں مجسم عکاسی کرتے ہوئے مختلف مناظر کو پیش کیا گیا ہے علاوہ ازیں چاند اور سورج گرہن سے متعلق مختلف ادوار کو بھی دکھایا گیا ہے، چوتھی منزل پر زائرین کو خلا اور سیاروں کے بارے میں معلومات مہیا کی گئی ہیں۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹاورکے سب سے بلند مقام کو شرفہ کہتے ہیں یہاں پہنچ کر زائرین مکہ کا مشاہدہ کرسکتے ہیں، یہاں سے پورا شہر دیکھا جاسکتا ہے جبکہ زائرین حرم کاانتہائی خوبصورت منظر بھی دیکھ سکتے ہیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنی اونچائی کی وجہ سے کلاک ٹاور مکہ سے 25کلومیٹر دور سے بھی دکھائی دیتا ہے۔ عمارت کا نام اس پر نصب دنیا کی سب سے بڑی گھڑی پر رکھا گیا ہے، جو چاروں سمتوں سے دکھائی دیتی ہے۔

    کلاک ٹاور میں یہ خصوصیت رکھی گئی ہے کہ اذان کے وقت ایل ای ڈیز کی جگمگاتی ہیں جن کی روشنی میلوں دور سے دکھائی دیتی ہے۔

  • نواز شریف تعزیت کے لیے آنے والوں سے نہیں مل سکیں گے

    نواز شریف تعزیت کے لیے آنے والوں سے نہیں مل سکیں گے

    لاہور : اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر غم سے نڈھال نواز شریف کی طبیعت خراب ہوگئی، جس کے بعد وہ تعزیت کے لیے آنے والوں سے نہیں مل سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور جاتی امراء میں کلثوم نواز کی تعزیت کے لئے ن لیگ کے قائدین اور کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، اہلیہ کے انتقال پر غم سے دوچار سابق وزیراعظم نوازشریف کی طبیعت خراب ہوگئی، جس کے بعد شریف سٹی اسپتال کے ڈاکٹروں نے نواز شریف کا معائنہ کیا اور انھیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔

    نواز شریف طبیعت ناسازی کے باعث تعزیت کے لیے آنے والوں سےنہیں مل سکیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تعزیت کے لیے جاتی امرا آنے والوں سے حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور آصف کرمانی ملاقات کررہے ہیں۔

    گذشتہ روز سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کو 12 گھنٹے کے لیے پیرول پر رہا کیا گیا تھا جس کے بعد وہ جاتی امرا میں موجود ہے، جہاں وہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کریں گے ۔.

    جاتی امرامیں سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں  اور اہلخانہ اوررشتہ داروں کو ہی آنےکی اجازت ہے۔

    مزید پڑھیں : نوازشریف، مریم اور کیپٹن صفدر اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہائی کے بعد جاتی امراء پہنچ گئے

    بعد ازاں حکومت پنجاب نے نواز شریف، مریم اور کیپٹن(ر)صفدر کی پرول پر رہائی میں تین روز تک توسیع کردی ہے۔

    دوسری جانب شہبازشریف بیگم کلثوم نوازکی میت پاکستان لانےکے لئے لندن روانہ ہوگئے ہیں، وہ شہبازشریف میت لے کر جمعہ کو وطن واپس آئیں گے، جس کے بعد مرحومہ کلثوم نواز کو جاتی امرا میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ شہباز شریف نے نوازشریف سے مشاورت کے بعد پیرول پر رہائی کی درخواست دی تھی ، جسے حکومت نے تینوں شخصیات کو انسانی ہمدردی کے تحت وقت سے پہلے پیرول پر رہا کیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے بھی نوازشریف کیلئے ہرممکنہ قانونی سہولت کی ہدایت کی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز طویل علالت کے بعد لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔