کولمبو : اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے سری لنکاکے صدر سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کےمطابق دورہ سری لنکاکے دوران چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے متھرا پالا سری سینا ، وزیر مملکت برائے دفاع دیندرا روان وجے وردھنے اور سیکرٹری وزارت دفاع سے ملاقاتیں کیں۔
پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق سری لنکن صدر متھرا پالا سری سینا سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ کی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اس موقع پر سری لنکن صدرنے خطے میں میری ٹائم سکیورٹی کے فروغ میں پاک بحریہ کی انتھک کاوشوں اور کردار کو سراہا۔
نیول چیف ایڈمرل ذکاء اللہ نے یقین دلایا کہ پاکستان سری لنکن افواج سے تربیت، افرادی قوت اور تکنیکی مہارت کے شعبوں میں ہر ممکن تعاون کرتا رہے گا۔
سری لنکن صدر نے حالیہ تباہ کن سیلاب کے دوران پاک بحریہ کی جانب سے امداد اور تعاون پر پاک بحریہ اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔
پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں میری ٹائم سکیورٹی کے فروغ سمیت باہمی دفاعی اور فوجی تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔