Tag: Vitiligo

  • برص کا علاج اب ناممکن نہیں رہا، جانیے کیسے؟

    برص کا علاج اب ناممکن نہیں رہا، جانیے کیسے؟

    برص یا پھلبہری کی بیماری کو انگریزی زبان میں ویٹیلیگو کہا جاتا ہے، پھلبہری قوت مدافعت کی بیماری ہے جس میں جسم کا مدافعتی نظام جلد میں روغن کے خلیوں پر حملہ کرتا ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں معروف ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر کاشف نے برص کی وجوہات اور اس کے علاج کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔

    انہوں نے بتایا کہ برص ایک جِلد کی بیماری ہے یہ بیماری لاحق ہونے کی صورت میں جِلد کی میلانن کم یا ختم ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ یاد رہے کہ میلانن ان پگمنٹس کو کہا جاتا ہے جن کی وجہ سے جلد میں رنگت پائی جاتی ہے۔

    ایک عام غلط فہمی :

    انہوں نے بتایا کہ یہ غلط فہمی بہت زیادہ عام ہے کہ یہ بیماری مچھلی کھانے کے بعد دودھ پینے سے ہوتی ہے، جو سراسر بے بنیاد اور من گھڑت ہے اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

    ڈاکٹر کاشف نے بتایا کہ اس مرض کی وجہ سے پگمنٹس کی پیدائش اور افزائش رک جاتی ہے جس کی وجہ سے برص یا پھلبہری شدت اختیار کرنا شروع ہو جاتی ہے۔

    عمومی طور پر اس مرض کی ابتداء ایک چھوٹے سے سفید دھبے سے ہوتی ہے لیکن بعد میں یہ دھبے آہستہ آہستہ جسم کے کسی خاص حصے یا سارے جسم پر پھیلنا شروع ہو جاتے ہیں۔

    یہ کیوں لاحق ہوتی ہے؟

    اس بیماری کی وجوہات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے کہ یہ کیوں لاحق ہوتی ہے۔

    یہ موروثی بیماریوں کی فہرست میں اس لیے شامل نہیں ہے کیوں کہ اس بیماری میں مبتلا ہونے والے مریضوں کی فیملی میں پہلے کسی کو اور خاص طور پر والدین کو یہ بیماری لاحق نہیں ہوتی۔

    برص یا پھلہری کا علاج :

    انہوں نے بتایا کہ اس مرض کے علاج کیلئے وٹامن ڈی سے بھرپور غذاؤں کو خوراک میں لازمی شامل کرنا بہت ضروری ہے اور سپلیمنٹیشن ضروری ہے، بہترین ذرائع میں کوڈ لیور آئل شامل ہیں۔ مچھلی بشمول سالمن، ٹونا کچا دودھ اور انڈوں کا استعمال کریں۔

    اس کے علاوہ جلد کی مجموعی صحت کے لیے کیروٹینائڈز ضروری ہیں، بیٹا کیروٹین، لیوٹین اور لیکوپین میٹھے آلو، گاجر اور ٹماٹر جیسے ذائقے دار کھانوں میں پائے جاتے ہیں۔

    بیٹا کیروٹین کینسر مخالف خصوصیات، آنکھوں کی صحت کے ساتھ لیوٹین کینسر کے کم خطرے کے ساتھ لائکوپین سے وابستہ اور جلد کو میلانوما سمیت نقصان سے بچانے میں مدد کر سکتے ہیں۔

  • چہرے اور ہاتھوں پر سفید دھبے کیوں پیدا ہوتے ہیں؟

    چہرے اور ہاتھوں پر سفید دھبے کیوں پیدا ہوتے ہیں؟

    جلد پہ سفید دھبے نمودار ہو جائیں تو دیکھنے میں بہت برے محسوس ہوتے ہیں، جسے برص کہا جاتا ہے،برص ایک جِلد کی بیماری ہے جسے عام طور پر پھلبہری بھی کہا جاتا ہے۔

    یہ بیماری لاحق ہونے کی صورت میں جِلد کی میلانن کم یا ختم ہونا شروع ہو جاتے ہیں بیشتر لڑکے لڑکیاں اور خواتین اس بیماری کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار ہو جاتی ہیں۔

    ان دھبوں کے کناروں اور نارمل جلد میں واضح فرق ہوتا ہے، یہاں تک کہ ان دھبوں والی جلد کے بال بھی سفید ہوسکتے ہیں، منہ اور ناک کے اندر کے حصے میں بھی یہ سفید دھبے پائے جا سکتے ہیں۔

    عام طور پر جسم کے دونوں اطراف یعنی دایاں اور بایاں حصے متاثر ہوتے ہیں، اکثر دھبے جلد کے ان حصوں پر شروع ہوتے ہیں جو سورج کی روشنی میں آتے ہیں۔

    یاد رہے کہ میلانن ان پگمنٹس کو کہا جاتا ہے جن کی وجہ سے جلد میں رنگت پائی جاتی ہے۔ یہ رنگت، سفید، سیاہ، یا سانولی بھی ہو سکتی ہے۔

    اس مرض کی وجہ سے پگمنٹس کی پیدائش اور افزائش رک جاتی ہے جس کی وجہ سے برص یا پھلبہری شدت اختیار کرنا شروع ہو جاتی ہے۔

    یہ دھبے سیاہ جلد والے افراد میں زیادہ نمایاں ہوتے ہیں, میلانن کی وجہ سے ہی جلد کا رنگ ہلکا یا گہرا ہوتا ہے یعنی اگر جلد کا رنگ سفید ہو تو میلانن کی مقدار کم اور اگر سیاہی مائل ہو تو میلانن کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔

    پھلبہری کا مرض جسم کے کسی بھی حصے کو نشانہ بنا سکتا ہے، تاہم یہ زیادہ تر جسم کے ان حصوں پر ہوتا ہے جن پر براہِ راست سورج کی شعائیں پڑتی ہیں جیسا کہ ہاتھ، پاؤں، کہنی، چہرہ، ہونٹ اور گردن وغیرہ۔

    علاج :

    عوام میں یہ بات مشہور ہو چکی ہے کہ اس مرض کا کوئی علاج نہیں ہے اگرچہ سو فیصد علاج نہ سہی مگر کسی حد تک اس بیماری کا علاج کیا جاسکتا ہے اور برص کے مریض کو لاعلاج قرار نہیں دیا جا سکتا۔

    اس مرض کے لاحق ہونے کی صورت میں عام طور پر ادویات کو استعمال نہیں کیا جاتا، جب کہ جِلد کی رنگت کو بہتر بنانے کے لیے مختلف تھراپیز استعمال کی جاتی ہیں۔

    برص کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر کسی بھی اچھے ڈرما ٹالوجسٹ سے رابطہ کریں۔