Tag: Volkan BOZKIR

  • اسرائیلی قبضہ ختم کرنے، دو خود مختار ریاستوں کے قیام کے لیے فوری مذاکرات کی ضرورت ہے: صدر یو این جنرل اسمبلی

    اسرائیلی قبضہ ختم کرنے، دو خود مختار ریاستوں کے قیام کے لیے فوری مذاکرات کی ضرورت ہے: صدر یو این جنرل اسمبلی

    اسلام آباد: اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکر نے کہا ہے کہ فلسطین پر اسرائیلی قبضے کو ختم کرنے اور دو خود مختار ریاستوں کا قیام عمل میں لانے کے لیے فوری مذاکرات کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو این جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکر آج اسلام آباد میں نیشنل ڈیفنس یونی ورسٹی میں خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا مشرق وسطیٰ میں امن تک جنرل اسمبلی آرام سے نہیں بیٹھے گی۔

    انھوں نے کہا جنرل اسمبلی نے پچھلے ہفتے فلسطین کی صورت حال پر میٹنگ بلائی تھی، تاکہ سیکیورٹی کونسل کی خاموشی کا ازالہ ہو سکے، کیوں کہ اس اہم معاملے پر بے عملی یو این کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے، امید ہے سیکیورٹی کونسل سے اہم مسئلے پر متفقہ آواز سنائی دے گی۔

    وولکن بوزکر نے کہا فلسطین میں قوانین کی خلاف ورزی ہوئی، سیکڑوں فلسطینیوں کی جان چلی گئی، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، مذاکرات کی فوری ضرورت ہے تاکہ اسرائیلی قبضے کو ختم کیا جا سکے، اور 2 خود مختار ریاستوں کا قیام عمل میں آ سکے جو امن سے رہیں، یہ 1967 سے قبل کی سرحدوں میں ہوں، یروشلم دونوں کا دارالحکومت ہو۔

    انھوں نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا شاہ محمود نے فلسطینیوں کے لیے مضبوط مؤقف اور حمایت کا اظہار کیا، مجھے جموں و کشمیر کی صورت حال کا بھی بخوبی علم ہے، جنوبی ایشیا میں خوش حالی کا دار و مدار پاک بھارت تعلقات پر ہے، خطے میں خوش حالی کے لیے ضروری ہے تنازعہ کشمیر کا حل نکالیں۔

    صدر یو این جنرل اسمبلی نے مزید کہا مجھے ادراک ہے کہ عام پاکستانی کشمیر کے حوالے سے کیا محسوس کرتا ہوگا، بھارت اور پاکستان اس مسئلے کے پر امن حل کے راستے پر چلیں۔ وولکن بوزکر نے مسئلہ فلسطین اور کشمیر میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور کہا ہمیشہ فریقین پر زور دیا زمینی حقائق کو تبدیل نہ کیا جائے، متنازع علاقے کی حیثیت کو بدلنے سے گریز کیا جائے، تنازعہ کشمیر بھی اتنا ہی پرانا ہے جتنا کہ مسئلہ فلسطین۔

    وولکن بوزکر کا کہنا تھا افغانستان میں امن کی بحالی بھی اشد ضروری ہے، پاکستان نے کئی ملین افغان مہاجرین کو پناہ دے رکھی ہے، میں پاکستانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستانیوں نے مصیبت کی گھڑی میں افغان کمیونٹی کو پناہ دی، پاکستان، افغانستان کو آپس میں جدا نہیں کیا جا سکتا۔

  • اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر کل پاکستان پہنچ رہے ہیں

    اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر کل پاکستان پہنچ رہے ہیں

    اسلام آباد : اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر وولکن بوزکر کل پاکستان پہنچ رہے ہیں ، دورے میں وہ وزیراعظم عمران خان اورشاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر وولکن بوزکر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ یو این جی اے کے صدر منتخب ہونے کے ناطے میں متعدد ممالک کا دورہ کرتا رہتا ہوں، اس سلسلے میں کل بطور منتخب صدر یواین 75واں جنرل اسمبلی پاکستان کا دورہ کروں گا۔

    وولکن بوزکر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دورے میں وزیراعظم عمران خان اورشاہ محمود قریشی سے ملاقات ہو گی، جس میں 75ویں جنرل اسمبلی ایجنڈے کے مسائل اورترجیحات پر تبادلہ خیال ہوگا۔

    یاد رہے جولائی کے آخر میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر کو پاکستان آنا تھا تاہم وہ منسوخ ہوگیا تھا، وولکن بوزکر کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر مجھے 26 اور 27 جولائی کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا ، جو فلائٹس کے تکنیکی مسائل کی باعث ملتوی کیا۔

    خیال رہے وولکن بوزکرگزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75ویں سیشن میں صدر منتخب ہوئے تھے۔