Tag: Volodymyr Zelensky

  • ویڈیو: یوکرینی صدر زیلنسکی ایف 16 کے کاک پٹ میں جا بیٹھے

    ویڈیو: یوکرینی صدر زیلنسکی ایف 16 کے کاک پٹ میں جا بیٹھے

    نیدرلینڈز اور ڈنمارک نے یوکرین کو ایف 16 طیاروں کی فراہمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے دونوں ممالک کا دورہ کیا، ڈنمارک میں یوکرینی صدر ایف سولہ طیارے کے کاک پٹ میں بھی بیٹھے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیدرلینڈز اور ڈنمارک نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ وہ یوکرین کو F-16 جنگی طیارے دیں گے، یہ وہ اعلان ہے جس کا یوکرین کی جانب سے شدت سے انتظار کیا جا رہا تھا، صدر زیلنسکی نے اس اعلان کو ملکی افواج کے لیے بہت حوصلہ افزا قرار دیا۔

    ڈنمارک کے دورے کے موقع پر صدر زیلنسکی ایف سولہ کے کاک پٹ میں بھی جا کر بیٹھے، اور اپنے ساتھ ڈینش وزیرِ اعظم میٹ فریڈرکسن کو بھی ساتھ بٹھا لیا۔

    لڑاکا طیاروں کا یہ وعدہ روسی افواج کی جانب سے یوکرین کے شمالی شہر چرنیہیو میں ایک تھیٹر پر میزائل حملے کے بعد سامنے آیا ہے، میزائل حملے میں 7 افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں ایک 6 سالہ بچی بھی شامل تھی، جب کہ تقریباً 150 زخمی ہو گئے تھے۔

    ڈنمارک کے وزیر اعظم نے کہا کہ امید ہے کہ 6 لڑاکا طیارے نئے سال کے آس پاس فراہم کیے جا سکیں گے، مزید 8 اگلے سال اور باقی پانچ 2025 میں فراہم کر دیے جائیں گے۔

  • عرب لیگ اجلاس میں یوکرینی صدر زیلنسکی کی اچانک آمد

    عرب لیگ اجلاس میں یوکرینی صدر زیلنسکی کی اچانک آمد

    جدہ: 32 ویں عرب لیگ سربراہی اجلاس میں جمعہ کو جنگ زدہ ملک یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی بھی اچانک پہنچ گئے۔

    عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کی میزبانی میں منعقدہ عرب لیگ اجلاس میں گزشتہ روز یوکرینی صدر زیلنسکی کی اچانک آمد نے سب کو حیران کیا، ان کا استقبال سعودی حکام نے کیا، زیلنسکی فرانس کے سرکاری طیارے کے ذریعے جدہ میں اترے تھے جس نے پولینڈ سے اڑان بھری تھی۔

    عرب نیوز نے رپورٹ کیا کہ یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی اجلاس میں شرکت سے کچھ دیر پہلے ہی جدہ پہنچے تھے، وہ فوراً اجلاس میں شریک ہوئے، اور مندوبین کو بتایا کہ ان کا ملک صرف ایک تنازعے کا شکار نہیں بلکہ حالت جنگ میں ہے۔ انھوں نے گزشتہ سال جنگی قیدیوں کی رہائی کے لیے سعودی ثالثی کو بھی سراہا۔

    اس موقع پر ولئ عہد محمد بن سلمان نے کہا ’’ہم یوکرین میں بحران کی شدت کم کرنے میں معاونت کرنے والی ہر چیز کی حمایت کرتے ہیں، اور چاہتے ہیں کہ وہاں انسانی صورت حال مزید خراب نہ ہو، سعودی عرب روسی فیڈریشن اور یوکرین کے درمیان ثالثی کی کوششیں جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔‘‘

    دوسری طرف روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی جمعے کے روز عرب لیگ اجلاس کے لیے ایک تار بھیجا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ان کا ملک فلسطین اسرائیل تنازع کے حل کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرتا رہے گا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ماسکو عرب ممالک کے ساتھ اپنے کثیر الجہتی تعاون کو وسعت دینے کا ارادہ رکھتا ہے اور سوڈان، لیبیا اور یمن کے بحرانوں کو حل کرنے کی کوششوں کی حمایت کا خواہش مند ہے۔

  • سردی سے ٹھٹھرتے عوام سے یوکرینی صدر نے کیا کہا؟

    سردی سے ٹھٹھرتے عوام سے یوکرینی صدر نے کیا کہا؟

    کیف: سردی سے ٹھٹھرتے عوام کو یوکرینی صدر نے صبر اور ہمت کی تلقین کر دی۔

    روئٹرز کے مطابق یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے ملک میں جاری بجلی کے بحران کے پیشِ نظر شہریوں تلقین کی ہے کہ وہ موسمِ سرما میں صبر اور ہمت کا مظاہرہ کریں۔

    یوکرینی حکام روسی بمباری سے تباہ ہونے والی بجلی کی لائنوں اور دیگر سروسز کی بحالی کی کوششیں کر رہے ہیں۔

    روس نے اکتوبر کے اوائل سے یوکرین میں بجلی کے نظام کو تسلسل کے ساتھ نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں لوگوں کو بجلی بندش کا سامنا ہے، اور سخت سردی میں ان کے پاس خود کو گرم رکھنے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔

    صدر زیلنسکی نے اتوار کی شب اپنے بیان میں کہا ’یہ موسم سرما گزارنے کے لیے ہمیں پہلے سے زیادہ ہمت اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔‘

    انھوں نے کہا کہ ہم کسی بھی قسم کے ایسے داخلی تنازع یا ہڑتال کی اجازت نہیں دے سکتے جو ہمیں کمزور کرنے کا سبب بنے۔

    دوسری جانب مغربی ممالک روس کی جانب سے یوکرین کی بجلی کی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کر رہے ہیں، امریکی سیکریٹری برائے سیاسی امور وکٹوریا نولاڈ نے اتوار کو کہا کہ روسی صدر ولایمیر پیوٹن عام شہریوں کی روشنیاں بجھا کر جنگ کو ’بربریت‘ کی اگلی سطح پر لے جا رہے ہیں۔

    موسم سرما کے دوران یوکرین کے مختلف علاقوں میں شدید برف باری کا بھی امکان ہے۔

  • یوکرینی صدر کی گاڑی کو حادثہ : زیلینسکی زخمی ہوگئے

    یوکرینی صدر کی گاڑی کو حادثہ : زیلینسکی زخمی ہوگئے

    کیف : یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی ٹریفک حادثے میں زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال روانہ کیا گیا۔

    اس حوالے سے یوکرینی صدر کے ترجمان نکیفوروف نے میڈیا کو بتایا کہ ولادیمیر زیلینسکی کو دارالحکومت کیف کی ایک شاہراہ پر ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں وہ زخمی ہوگئے تاہم چوٹ زیادہ گہری نہیں ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ شاہراہ پر ایک تیز رفتار کار صدر کی کار اور ان کے محافظوں کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے بعد صدر کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔ طبی معائنہ کے بعد ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کو شدید چوٹ نہیں آئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دوسری کار میں موجود ڈرائیور کو بھی ابتدائی طبی امداد زیلنسکی کے طبی عملہ نے ہی فراہم کی۔

    یوکرینی صدر کو پیش آنے والے حادثہ کے کچھ دیر بعد ہی زیلنسکی کے دفتر نے ان کا خطاب جاری کردیا۔ اپنے خطاب میں زیلنسکی نے کہا کہ وہ خار کیف کے شہر ایزوم سے واپس آئے ہیں۔ یاد رہے خار کیف تقریبا سارا آزاد ہوچکا ہے۔

    روس سے واپس حاصل کیے گئے علاقوں میں خار کیف کے شہر ایزیوم میں زیلنسکی کا یہ پہلا دورہ تھا۔ 25ویں بریگیڈ نے فیس بک پر اعلان کیا ہے کہ اس شہر میں زیلنسکی نے یوکرینی پرچم لہرانے کے جشن میں شرکت کی۔

    زیلنسکی نے ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر اپنے فوجیوں کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ منسلک پیغام میں کہا کہ ازیم میں پہلے ہی یوکرین کا پیلا اور نیلا جھنڈا لہرا رہا ہے۔

    واضح رہے یوکرینی افواج نے اپنے علاقے واپس لینے کے لیے جوابی حملے کیے تھے جس کے باعث گزشتہ ہفتے روس نے خار کیف سے پسپائی کا اعلان کردیا تھا۔

  • یوکرین کے صدر جھوٹ بول رہے ہیں: روسی وزیر خارجہ

    یوکرین کے صدر جھوٹ بول رہے ہیں: روسی وزیر خارجہ

    ماسکو: روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروو نے کہا ہے کہ یوکرین کے صدر جھوٹ بول رہے ہیں، ہم نے سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر آپشن پیش کیا تھا۔

    روسی میڈیا کے مطابق روسی وزیر خارجہ نے ایک بیان میں یوکرین پر حملے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے سے قبل سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر آپشن پیش کیا تھا، یوکرین کے صدر جھوٹ بول رہے ہیں۔

    انھوں ںے کہا مغرب نے مسلسل کیف حکومت کے جرائم کا دفاع کیا ہے، مغرب کی مسلسل بے جا حمایت نے ہی یوکرین کو المیے میں ڈالا ہے۔

    سرگئی لاروو نے کہا صدر ولادی میر پیوٹن نے فرانسیسی ہم منصب سے گفتگو میں واضح پیغام دیا تھا کہ نیٹو کی توسیع ناقابل قبول ہے۔ انھوں نے کہا مشترکہ مذاکرات کے ذریعے تمام آپشنز پر عمل کیا جا سکتا ہے، ایسے آپشنز جو یوکرین، یورپی ممالک اور روسی فیڈریشن کے لیے مناسب ہوں۔

    یوکرینی صدر عالمی برادری کی بے وفائی پر آبدیدہ

    واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر ولادی میر پیوٹن نے ایک بیان میں کہا تھا کہ روس کا یوکرین پر قبضے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، یوکرینی فوج اپنے ہتھیار ڈال دے۔

    ایک طرف امریکا یوکرینی دارالحکومت کیف میں خوفناک لڑائی کی پیش گوئی کر رہا ہے، دوسری طرف یوکرین عالمی برادری کی جانب سے مکمل طور پر ناامید ہو چکا ہے۔