Tag: volodymyr zelenskyy

  • یوکرینی صدر نے مخالف سیاست دانوں کو شہریت سے محروم کر دیا

    یوکرینی صدر نے مخالف سیاست دانوں کو شہریت سے محروم کر دیا

    کیف: یوکرینی صدر زیلنسکی نے کئی اہم مخالف سیاست دانوں کو شہریت سے محروم کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر زیلنسکی نے کئی سابق یوکرینی سیاست دانوں کی شہریت چھین لی، یوکرینی صدر نے یہ اقدام ملک کو روس نواز اثر و رسوخ سے نجات دلانے کے لیے اٹھایا۔

    روئٹرز کے مطابق ولودیمیر زیلنسکی نے کئی سابق بااثر سیاست دانوں کی شہریت چھینی ہے، جو دوہری شہریت کے حامل تھے۔

    زیلنسکی نے ایک ویڈیو خطاب میں کہا کہ ’’آج میں نے اپنے ملک کو جارحیت پسندوں سے بچانے کے لیے ایک اور قدم اٹھانے کے لیے دستاویزات پر دستخط کر دیے ہیں۔‘‘

    یوکرینی میڈیا کے مطابق جن لوگوں کو شہریت سے محروم کیا گیا ہے ان میں وکٹر یانوکووچ کے دفتر سے تعلق رکھنے والے کئی سرکردہ سیاست دان شامل ہیں، وکٹر یانوکووچ نے 2010 سے 2014 تک یوکرین کے روس نواز صدر کے طور پر کام کیا تھا۔

    کیا یوکرینی صدر کو قتل کریں گے؟ پیوٹن نے وعدہ کر لیا

    فہرست میں سابق وزیر تعلیم و سائنس دیمیٹرو تباچنک، سابق نائب وزیر اعظم اور یانوکووچ انتظامیہ کے سربراہ آندرے کلیوئیف اور سابق وزیر داخلہ ویتالی زخارچینکو شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال فروری میں روسی حملے کے بعد سے یوکرین نے متعدد افراد کو شہریت سے محروم کیا ہے اور سینکڑوں روسی اور بیلاروسی افراد اور فرموں پر پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں۔

  • یوکرینی صدر نے روس کیخلاف دنیا سے بڑا مطالبہ کردیا

    یوکرینی صدر نے روس کیخلاف دنیا سے بڑا مطالبہ کردیا

    یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روس پر زیادہ سے زیادہ پابندیاں لگانے کا مطالبہ کیا ہے، جس میں تمام روسی بینکوں پر پابندی، روسی تیل پر پابندی اور روس کے ساتھ تمام تجارت بند کرنا شامل ہے۔

    ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس2022 سے ایک ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہم نے87 افراد کو کھو دیا اور یوکرین کا مستقبل ان87 افراد کے بغیر ہوگا۔

    زیلنسکی نے کہا کہ روس پر زیادہ سے زیادہ پابندیاں لگنی چاہئیں، جس میں روس کے تیل پر پابندی سمیت تمام روسی بینکوں پر بھی پابندیاں عائد کی جائیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ روس کے ساتھ کوئی تجارت نہیں ہونی چاہیے، صدر نے مزید کہا کہ اقدار کو اہمیت دینی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یوکرین کاروباری مواقع کے لیے کھلا ہے اور جنگ کے بعد تعمیر نو کا کاروبار بہت زیادہ امکانات فراہم کرے گا۔

    یوکرین کے صدر نے کہا کہ ہمیں دنیا کی حمایت اور یہ جنگ جیتنے کی ضرورت ہے، یہ واقعی وہ لمحہ ہے جب یہ فیصلہ کیا جانا ہے کہ کیا روس دنیا پر حکمرانی کرے گا؟

    انہوں نے مزید کہا کہ پرامن شہروں کے بجائے صرف کالے کھنڈرات ہیں، عام تجارت کے بجائے بارودی سرنگوں سے بھرے سمندر اور بند بندرگاہیں ہیں۔ سیاحت کے بجائے یہاں ہزاروں روسی فوجی بموں کے ساتھ کروز میزائل لے کر کھڑے ہیں۔

  • یوکرینی صدر کی قیام گاہ کے بارے میں انکشاف

    یوکرینی صدر کی قیام گاہ کے بارے میں انکشاف

    کیف: یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ وہ دارالحکومت کیف سے باہر نہیں گئے، اور اپنے دفتر میں موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایک ویڈیو بیان میں صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ میں نہ تو خوف زدہ ہیں اور نہ کسی کو خوف زدہ کر رہا ہوں، میں کیف میں ہی رہوں گا۔

    یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر ان کے سرکاری اکاؤنٹس پر جاری ہوئی، اور چند ہی گھنٹوں میں وائرل ہوئی، اس میں وہ اپنی قیام گاہ کے بارے میں انکشاف کرتے نظر آتے ہیں۔

    اس سے قبل کئی افواہوں اور رپورٹوں میں کہا جا رہا تھا کہ یوکرینی صدر دارالحکومت کیف سے باہر جا چکے ہیں، تاہم زیلنسکی نے کہا میں یہاں شارع بینکوفا میں ہوں جہاں صدارتی دفتر ہے، اور میں روپوش نہیں اور نہ کسی سے خوف زدہ ہوں۔

    زیلنسکی نے روسی فوج پر الزام عائد کیا کہ انھوں نے انسانی گزر گاہوں کے ذریعے یوکرینی شہریوں کے انخلا کو ناکام بنایا، یہ انخلا دو طرفہ بات چیت کے بعد طے ہوا تھا، زیلنسکی نے سوال کیا کہ کیا انسانی گزر گاہوں کے حوالے سے سمجھوتے پر عمل درامد ہوا؟ نہیں، اس کے بدلے روسی ٹینکوں، میزائل لانچروں اور روسی بارودی سرنگیں مسلط کی گئیں۔

  • عالمی عدالت میں روس کے خلاف درخواست دائر

    عالمی عدالت میں روس کے خلاف درخواست دائر

    کیف: یوکرین نے عالمی عدالت میں روس کے خلاف درخواست جمع کرا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلینسکی نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ یوکرین نے آئی سی جے میں روس کے خلاف درخواست جمع کرا دی ہے، روس جارحیت اور نسل کشی کا جواب دے۔

    یوکرینی صدر نے لکھا کہ انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس سے استدعا کی گئی ہے کہ روس نے اپنی جارحیت کا جواز پیش کرنے کے لیے نسل کشی کے تصور کے ساتھ ہیرا پھیری کی ہے، جس کے لیے اسے جواب دہ ہونا چاہیے۔

    یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ ہم عالمی عدالت انصاف سے فوری فیصلے کی درخواست کرتے ہیں، عالمی عدالت فوری طور پر روس کو یوکرین میں فوجی سرگرمی بند کر کے واپس جانے کا حکم دے۔

    ولودیمیر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ انھیں توقع ہے کہ اگلے ہی ہفتے عدالت میں روس کا ٹرائل شروع ہو جائے گا۔

    ادھر تازہ ترین اطلاعات کے مطابق روسی میڈیا نے کہا ہے کہ یوکرین نے مذاکراتی وفد بیلاروس بھیجنے پر رضا مندی ظاہر کر دی، جس سے وہ اس سے قبل انکار کر رہے تھے۔

    یوکرینی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ خار کیف شہر میں روسی افواج داخل ہوگئی ہیں، جب کہ یوکرینی میڈیا نے ایک روسی ہیلی کاپٹر کیف کے شمال میں گر کر تباہ ہونے کی اطلاع دی ہے۔

    یوکرین کا کہنا ہے کہ اس نے روس، بیلاروس اور سرحدی گزرگاہوں کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔