Tag: vote for no confidence

  • پرویزالہٰی کو وزارت اعلیٰ سے نہیں ہٹایا جاسکتا، اعتزاز احسن

    پرویزالہٰی کو وزارت اعلیٰ سے نہیں ہٹایا جاسکتا، اعتزاز احسن

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے رہنما اور ممتاز قانون دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پرویزالٰہی کو کل وزارت اعلیٰ سے نہیں ہٹایا جاسکتا، تاہم ایک دن میں دو اجلاس بھی ہوسکتے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ غلط ہے کہ گورنر اسمبلی کا اجلاس نہیں بلاسکتا، ایک دن میں 2،2 اجلاس بھی ہوسکتے ہیں، تاہم عجلت میں اس طرح کے فیصلے نہیں ہونے چاہئیں۔

    اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ متعدد ارکان اسمبلی ملک سے باہر ہوتے ہیں اس لیے عجلت میں ایسا نہیں کرنا چاہیے، آئین کہتا ہے کہ پرائیوٹ ممبرز ڈے پر بھی اجلاس بلایا جاسکتا ہے۔ ،

    پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ پرویزالٰہی کو کل وزارت اعلیٰ سے نہیں ہٹایا جاسکتا، کوئی کسی کو اس طرح اٹھا کر باہر نہیں کرسکتا، کل کا اجلاس بلانا فساد پیدا کرنے کے مترادف ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد اور اعتماد کے ووٹ کے دونوں اجلاس ایک ہی دن ہوسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی کا اجلاس جمعہ تک ملتوی 

    پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے کے تھوڑی دیر بعد ہی ملتوی کردیا گیا، اسمبلی کا اجلاس ساڑھے 4گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کی صدارت اسپیکر سبطین خان کررہے تھے۔

    اپوزیشن اراکین نے اسمبلی اجلاس شروع ہوتے ہی کورم کی نشاندہی کردی۔ اسپیکر کی جانب سے 15منٹ کا دیا جانے والا وقت گزر جانے کے باوجود اسمبلی کورم پورا نہ ہو سکا، جس کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس جمعہ تک ملتوی کردیا۔

  • ہم نے تو پہلے ہی عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جاوید لطیف

    ہم نے تو پہلے ہی عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جاوید لطیف

    شیخوپورہ : مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ہم عمران خان کے کہنے سے پہلے ہی پنجاب میں عدم اعتماد لانےکا فیصلہ کرچکے تھے۔

    شیخوپورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ وہ اسمبلیوں سے باہر آرہے ہیں تو بسمہ اللہ کریں، ہم نے تو اس سے پہلے ہی پنجاب میں عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

    جاوید لطیف نے کہا کہ صوبہ کے پی کے میں بھی وزیر اعلیٰ کیخلاف عدم اعتماد لانا کوئی مشکل کام نہیں ہے، اگرتحریک عدم اعتماد نہ لاسکے تو گورنر راج لگائیں گے۔

    ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ نوازشریف چند ہفتوں تک عوام کی قیادت کرتے نظر آئیں گے، غیرملکی ایجنڈا مسلط کرنے والوں پر ہاتھ ڈالنے کا وقت آگیا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سیاسی حالات کچھ بہتر ہوجائیں ہم خود الیکشن کی طرف جائیں گے،فریش مینڈنٹ سے ہی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔

    مزید پڑھیں : عمران خان کا تمام اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تمام صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارلیمنٹری پارٹی سے مشاورت کے بعد حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

    عمران خان نے کہا کہ مارچ کینسل نہ کرتا تو اگلے دن تباہی ہونا تھی اسی لیے میں نے یہ فیصلہ کیا ہے، ملک میں تباہی مچانے سے بہتر ہے ہم اس نظام کا حصہ نہ رہیں۔