Tag: wanted

  • اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے اشتہاری ہونے کے انکشاف پر سب حیران

    اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے اشتہاری ہونے کے انکشاف پر سب حیران

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے اشتہاری ہونے کے انکشاف پر سب حیران ہو گئے جب کہ جج نے اس پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک اشتہاری ملزم کی درخواست انٹرٹین کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ اپنی دائری برانچ پر برہم ہو گئی، جسٹس ارباب محمد طاہر نے دائری برانچ کے نمائندہ کو طلب کر لیا، اور اس کی سرزنش کی۔

    اشتہاری ملزم اعظم خان نے اپنے خلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست دائر کی تھی، جس پر جسٹس طارق محمود جہانگیری نے پہلی سماعت پر پولیس کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا، جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت میں سماعت کے دوران درخواست گزار کے اشتہاری ہونے کا علم ہوا۔

    جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ آفس کا جدھر دل چاہتا ہے پچاس پچاس اعتراضات لگا دیتے ہیں، اور جن درخواستوں پر اعتراض لگانا ہوتا ہے آفس اُن پر تو اعتراض لگاتا ہی نہیں۔

    نمائندہ دائری برانچ ہائیکورٹ نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار نے ٹیکسلا میں بائیومیٹرک کرائی، جج نے کہا تو کیا دوسرے شہر سے بائیومیٹرک کرانے پر درخواست انٹرٹین کر لی جاتی ہے؟ اگر کوئی لندن اور امریکا سے بائیومیٹرک کرائے گا تو درخواست انٹرٹین ہو جائے گی؟

    عدالت نے نمائندے سے استفسار کیا کہ اشتہاری کی درخواست انٹرٹین نہیں ہو سکتی، آپ نے کیسے کر لی؟ دائری برانچ کے نمائندے نے کہا میاں نواز شریف کا ای بائیومیٹرک کیا گیا تھا، جسٹس ارباب نے کہا نواز شریف کا ہوا تو آپ نے سب کا شروع کر دیا؟ نمائندے نے بتایا کہ اسسٹنٹ رجسٹرار نے اس کے بعد سب کا بائیومیٹرک لینے کا کہہ دیا تھا۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ کیا تحریری طور پر یہ آرڈر دیا گیا تھا؟ نمائندے نے کہا نہیں، زبانی طور پر کہا گیا تھا۔

    بعد ازاں، جسٹس ارباب طاہر نے کہا کہ اب جب کہ اشتہاری کی درخواست پر دوسری عدالت نے نوٹسز جاری کر دیے ہیں اور آج پتا چلا کہ اشتہاری ہے، تو چلیں اس معاملے کو دیکھ لیتے ہیں۔

  • بیروزگار مجرم نوکری کی درخواست لے کر پولیس کے پاس پہنچ گیا

    بیروزگار مجرم نوکری کی درخواست لے کر پولیس کے پاس پہنچ گیا

    جرم کرنے والے کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ پولیس سے دور رہے، لیکن ایک مجرم ایسا بھی ہے جو ملازمت کے لیے خود چل کر پولیس کے پاس پہنچ گیا جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

    ایک 40 سالہ شخص کو جنوبی افریقہ کا بے وقوف ترین مجرم کہا جا رہا ہے جو مطلوب ملزمان کی فہرست میں ہونے کے باوجود ملازمت کی تلاش میں تھانے چلا گیا۔

    تھامس نکوبو پچھلے 7 سال سے پولیس کو چکمہ دے رہا تھا، ملزم نے 2015 کے دوران ڈلیوری بوائے کے طور پر کام کرتے ہوئے 1200 ڈالر سے زائد کی اشیا چرائی تھیں۔

    ملزم نے اصل کے بجائے غلط پتوں پر سامان پہنچایا اور مینیجر کو اطلاع نہیں کی۔

    جیسے ہی کمپنی کو معلوم ہوا کہ سامان درست مقام پر نہیں پہنچا اور کافی سامان غائب ہے، نکوبو فرار ہوگیا اور اس کا نام پولیس نے مطلوب ملزمان کی فہرست میں شامل کرلیا۔

    پولیس ترجمان بریگیڈیئر سلوی موہالا نے میڈیا کو بتایا کہ 15 اگست کو ملزم تھانے آیا اور کہا کہ اسے ملازمت کے لیے بھیجی گئی درخواست پر اب تک جواب نہیں ملا ہے۔

    ملزم کو تھانے میں ہی 7 سال قبل کیے گئے فراڈ پر گرفتار کرلیا گیا، تب سے جنوبی افریقہ کے اخبارات میں اسے بے وقوف ترین مجرم کہا جا رہا ہے۔

  • کویتی پولیس نے اخوان المسلمون کا ’دہشت گرد گروہ‘ گرفتار کرلیا

    کویتی پولیس نے اخوان المسلمون کا ’دہشت گرد گروہ‘ گرفتار کرلیا

    کویت سٹی : کویتی پولیس نے اخوان المسلمون سے وابستہ دہشت گروہ کو گرفتارکرلیا، زیر حراست تمام افراد مصری عدالتوں کی طرف سے اشتہاری قرار دیے گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق خلیجی ریاست کویت کی وزارت داخلہ نے کہاہے کہ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران اخوان المسلمون سے وابستہ دہشت گرد نیٹ ورک کا پتا چلایا ہے۔ اب تک اس نیٹ ورک سے وابستہ آٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والے افراد مصری عدالتوں کی طرف سے اشتہاری قرار دیے گئے تھے اور ان میں سے بعض کو 15 سال قید کی سزائیں بھی سنائی گئی ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کویتی وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ گرفتار عناصر مصری حکام سے فرار کے بعد کویت آ گئے تھے، جہاں وہ خفیہ طور پر اخوان کی سرگرمیوں میں ملوث رہے۔ کویتی پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے ان پر نظر رکھی ہوئی تھی۔

    خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کویت میں اخوان عناصر پر مشتمل اس سیل کے خلاف بروقت کارروائی کرکے ملک کو انارکی سے بچا لیا گیا۔کویت کے متعلقہ اداروں نے دوران تفتیش ملزمان سے دوسرے ساتھیوں کے مختلف جگہوں پر بنائے ٹھکانوں کی بابت معلوم کیا اور پھر وہاں پیشگی چھاپہ مار کارروائی کر کے گرفتاریاں کیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزموں نے اعتراف کیا کہ وہ دہشت گرد کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔ نیز مصری سرزمین پر وہ مختلف مقامات پر دہشت گرد کارروائیوں کا ارتکاب کر چکے ہیں،انہیں کس نے اتنی دیر پناہ دی اور کون کون ان لوگوں کے رابطے میں تھے اور کون انہیں تعاون فراہم کر رہے تھے، سب کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔

    کویتی وزارت داخلہ نے خبردار کیا کہ دہشت گردی کے اس نیٹ ورک سے معاملات کرنے والوں کے کسی کوئی رو رعایت نہیں کی جائے گی۔ کویت کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

  • عجمان: مسجد میں چوری، پولیس ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام

    عجمان: مسجد میں چوری، پولیس ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام

    عجمان : اماراتی ریاست عجمان میں مشتبہ شخص مسجد کے ڈونیشن باکس سے چندے کی رقم چوری کرکے فرار ہوگیا، ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان کی پولیس نے مسجد میں نصب چندے کے باکس سے رقم چوری کرنے والا مبینہ ملزم تاحال فرار ہے، پولیس نے چوری کا مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی۔

    اماراتی پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی ادارے کی ہیلپ لائن پر فجر کی نماز سے قبل مسجد میں چوری کی شکایت موصول ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے فوری طور پر اہلکاروں کو الرٹ کرتے ہوئے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا تھا۔

    اماراتی ریاست عجمان کے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس تمام جرائم کی روک تھام کے لیے خدمات انجام دے رہی ہے لیکن ایسے جرائم جس سے مساجد کا تقدس و حرمت پامال ہو اس کی سختی سے مذمت کرتی ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ عجمان پولیس نے مسجد سے مبینہ طور پر چندے کی رقم چوری کرنے والے ملزم کو ریاست کی مختلف شاہراہوں پر نصب سیکیورٹی کیمروں کی مدد سے بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

    پولیس نے درخواست کی ہے کہ عوام شہر میں کسی بھی طرح کا جرم ہوتے دیکھیں تو فوری اس کی اطلاع پولیس کو دیں، اگر کوئی ریاستی قوانین کی خلاف کررہا ہے تب بھی اس کے متعلق متعلقہ حکام کو خبر کریں۔

    خیال رہے کہ عجمان پولیس نے گذشتہ برس ایک سماجی خدمات انجام دینے والے ادارے سے خیراتی رقم چوری کرکے فرار اختیار کرنے والے ایک عرب شہری کو محض دو گھنٹے کے مختصر عرصے میں گرفتار کیا تھا۔

  • سعودی عرب نے یمن کے 40 مطلوب افراد کی فہرست جاری کردی

    سعودی عرب نے یمن کے 40 مطلوب افراد کی فہرست جاری کردی

    ریاض : سعودی عرب نے چالیس مطلوبہ افراد کی فہرست جاری کرتے ہوئے ان کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کیلئے کروڑوں ڈالر انعامات کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے حکومت مخالف مطلوب یمنی رہنماؤں اور سعودی عرب کے خلاف دہشتگردی کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد میں ملوث چالیس افراد کی فہرست جاری کی ہے۔

    سعودی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ ان مطلوب افراد کی گرفتار ی میں مدد دینے یا ان کے ٹھکانے کی اطلاع دینے والوں کو بھاری معاوضہ انعام میں دیا جائے گا۔

    جاری ہونے والی فہرست میں مطلوب افراد کی تصاویر اور نام کے ساتھ ساتھ گرفتار کروانے میں مدد دینے والوں کے لئے انعامی رقم لکھی گئی ہے۔

    فہرست کے مطابق سب سے بڑی رقم 30ملین ڈالر حوثی باغیوں کے سربراہ عبد الملک حوثی پر رکھی گئی ہے، 11 مطلوب افراد پر 10ملین ڈالر، 10مطلوب افراد کی گرفتاری پر 20ملین ڈالر،ایک مطلوب پر15ملین ڈالر جبکہ فہرست کے باقی مطلوب عناصر پر5ملین ڈالر انعام رکھا گیا ہے۔

     

     


    مزید پڑھیں : ریاض، حوثی باغیوں کا ایئرپورٹ پر میزائل حملہ


    یاد رہے کہ گذشتہ روز حوثی باغیوں کی جانب کنگ خالد ائیرپورٹ پر بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا گیا تھا ، جسے سعودی ایئر ڈیفنس نے ناکام بنادیا تھا تاہم حملے سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

    باغیوں کے ترجمان نے عرب میڈیا سے بات کرتے ہوئے میزائل حملے کا دعوی کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 800 کلومیٹر تک مار کرنے والے برقان ایچ ٹو نامی میزائل داغا گیا ہے جو اپنے ہدف تک پہنچنے میں کامیاب رہا جبکہ حملے کی ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔