Tag: Wanted Man

  • 9 سال سے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم سعودی عرب سے گرفتار

    9 سال سے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم سعودی عرب سے گرفتار

    وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 9 سال سے قتل کے مقدمے میں مطلوب خطرناک اشتہاری ملزم کو سعودی عرب سے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے کارروائی کرتے ہوئے 9 سال سے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو سعودی عرب سےگرفتار کرلیا، گرفتار ملزم کی شناخت محمد وسیم کے نام سے ہوئی ہے ملزم پنجاب پولیس کو مطلوب تھا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو سعودی عرب سےگرفتار کر کے اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کیا گیا، ملزم کے خلاف 2016 میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔

    ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف تھانہ گوجرہ سٹی، ٹوبہ ٹیک سنگ میں مقدمہ درج تھا، ملزم قتل کرکے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا، ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزم کی گرفتاری کیلئے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔

  • انٹرپول یونان کی مدد سے پولیس کو مطلوب گرفتار ملزم پاکستان منتقل

    انٹرپول یونان کی مدد سے پولیس کو مطلوب گرفتار ملزم پاکستان منتقل

    کراچی: انٹرپول یونان کی مدد سے، پنجاب میں پولیس کو مطلوب ملزم خلیل خان کو گرفتار کر کے پاکستان منتقل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات پولیس کو مطلوب ملزم محمد خلیل خان کو ایف آئی اے NCB انٹرپول پاکستان نے یونان سے اسلام آباد ایئر پورٹ منتقل کر دیا۔

    ملزم کے خلاف اقدام قتل کے تحت 2 مقدمات درج ہیں، متعلقہ پولیس کی درخواست پر ایف آئی اے NCB انٹرپول پاکستان نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول یونان کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔

  • جدہ میں خود کو دھماکے سے اڑانے والے دہشت گرد کی شناخت ہوگئی

    جدہ میں خود کو دھماکے سے اڑانے والے دہشت گرد کی شناخت ہوگئی

    ریاض: سعودی عرب میں دہشت گردی میں ملوث ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، مذکورہ دہشت گرد سعودی سیکیورٹی فورسز کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔

    اے آر وائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ کے سامر محلے میں خود کو دھماکے سے اڑانے والے دہشت گرد کی شناخت کرلی گئی ہے، ملزم 7 برس سے مفرور تھا اور سیکیورٹی فورسز کے تعاقب سے بچنے کے لیے دھماکا کیا تھا۔

    خودکش دہشت گرد کی شناخت عبد اللہ بن زاید بن عبد الرحمٰن البکری الشھری کے نام سے ہوئی ہے، عبداللہ الشھری سعودی سیکیورٹی فورسز کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔

    عبداللہ الشھری نے 6 اگست 2015 کو عسیر ریجن میں ایمرجنسی فورس کی مسجد پر ظہر کی نماز کے دوران دھماکے کی منصوبہ بندی میں شامل تھا، دہشت گرد حملے میں 15 افراد ہلاک ہوئے تھے، ان میں سے 5 ایمرجنسی سیکیورٹی فورس کے اہلکار تھے۔ 6 حج سیکیورٹی فورس کے زیر تربیت اہلکار اور 4 بنگلہ دیشی کارکن تھے۔

    دہشت گردی کے اس واقعے میں حملہ آور یوسف السلیمان ہلاک ہو گیا تھا۔

    دھماکے کے بعد سے 33 سالہ عبد اللہ بکری الشھری روپوش تھا جبکہ حملے میں ملوث گروپ کے 9 ارکان ہلاک ہو گئے تھے۔

    ایمرجنسی سیکیورٹی فورس کی مسجد پر حملہ آور 9 افراد میں سے صرف دو زندہ تھے، ان میں سے ایک عبد اللہ الشھری تھا جو السامر محلے میں خودکش دھماکے میں مارا گیا، اب صرف اس کا بڑا بھائی ماجد زاید عبد الرحمٰن البکری الشھری روپوش ہے۔

    عبداللہ الشھری عسیر میں حملہ کرنے والے دہشت گرد گروہ کی فہرست میں چوتھے نمبر پر تھا۔

    یہ گروہ 9 دہشت گردوں پر مشتمل تھا ان میں سے 6 مارے گئے، ایک بیشہ میں پکڑا گیا جبکہ عبداللہ الشھری نے خودکش دھماکہ کرکے خود کو ہلاک کر لیا اور گروہ کا نواں رکن عبداللہ الشھری کا سگا بھائی ہے۔
    یاد رہے کہ سعودی عرب کی پریزیڈنسی آف سٹیٹ سکیورٹی نےایک بیان میں کہا تھا کہ جدہ میں خود کش جیکٹ پہنے ایک شخص کو جب سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

    مذکورہ شخص جسے سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد قرار دیا ہے، شہر کے الصمیر محلے میں جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گیا۔ دھماکے میں ایک پاکستانی شہری اور تین سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

  • ہمت ہے تو ڈھونڈ کر دکھاؤ: پولیس کی فیس بک پوسٹ پر ملزم کا کمنٹ

    ہمت ہے تو ڈھونڈ کر دکھاؤ: پولیس کی فیس بک پوسٹ پر ملزم کا کمنٹ

    برطانوی پولیس اس وقت عجیب و غریب صورتحال کا شکار ہوگئی جب ملزم کی تلاش کے لیے لکھی گئی فیس بک پوسٹ پر ملزم نے کمنٹ کرتے ہوئے کہا، ہمت ہے تو ڈھونڈ کر دکھاؤ۔

    انگلینڈ کی بریڈ فورڈ شائر کاؤنٹی میں مقامی پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ کی جس میں ایک ملزم کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے عوام سے اپیل کی گئی۔

    پولیس نے ملزم کا حلیہ بتاتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ملزم گزشتہ برس جنوری میں ہونے والی ایک واردات میں ملوث ہے، اگر کوئی اس کے بارے میں کوئی بھی معلومات رکھتا ہے تو وہ اس حوالے سے پولیس سے رابطہ کرے۔

    تاہم صورتحال اس وقت مضحکہ خیز ہوگئی جب ملزم نے پوسٹ پر کمنٹ کردیا، اگر ہمت ہے تو پکڑ لو۔

    ملزم کے اس کمنٹ پر ہزاروں لوگوں نے مختلف تاثرات کا اظہار کیا، بعض کو یہ صورتحال مزاحیہ لگی تو بعض افراد اس پر سخت افسوس کرتے دکھائی دیے۔

    پولیس کے مطابق ملزم 20 سالہ جورڈن کار اسی کاؤنٹی سے تعلق رکھتا ہے، اس کا قد 6 فٹ ہے، بال چھوٹے اور گھنگھریالے ہیں جبکہ بازو پر ایک ٹیٹو بھی موجود ہے۔

    پولیس نے لکھا کہ اگر کوئی شخص ملزم سے رابطے میں ہے اور کسی بھی طرح اس کی مدد کر رہا ہے تو اسے جان لینا چاہیئے کہ وہ ایک جرم میں شریک بن رہا ہے۔

    ترجمان پولیس کے مطابق وہ مختلف خطوط پر معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں، اگر کوئی شخص ملزم کو کہیں دیکھے تو اس سے براہ راست رابطے سے گریز کرے اور فوری طور پر پولیس کو مطلع کرے۔

    پولیس نے اس کے لیے ایک نمبر بھی جاری کیا ہے۔