Tag: waqoof arafat

  • وقوف عرفہ کے بعد عازمین حج مزدلفہ کے لیے روانہ

    وقوف عرفہ کے بعد عازمین حج مزدلفہ کے لیے روانہ

    مکہ المکرمہ : عازمین حج میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرنے کے بعد مزدلفہ کے لیے روانہ ہوگئے۔

    عازمین حج وقوف عرفہ کے بعد آج کی رات مزدلفہ میں گزاریں گے، مزدلفہ پہنچ کر مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کرینگے۔

    سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے میدان عرفات میں پریس کانفرنس کی اور میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ رواں برس 150 سے زائد ممالک سے آئے ہوئے عازمین کی تعداد 18 لاکھ 45 ہزار 45 رہی، عازمین کی عرفات منتقلی کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگئی ہے۔

    یاد رہے کہ میدان عرفات میں ہر طرف لبیک اللھم لبیک، لبيك لا شريك لك لبيك، ان الحمد والنعمۃ لك والملك، لا شريك لك کی صدائیں گونجتی رہیں، لاکھوں مسلمان میدان عرفات میں اللہ کے حضور دعاؤں میں مصروف ہیں اور گڑگڑا کر اپنے گناہوں کی معافی مانگ رہے ہیں۔

    قبل ازیں عازمین حج نے مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ سُنا جس کا ترجمہ اردو سمیت 20 زبانوں میں نشر بھی کیا گیا۔

    شیخ یوسف بن سعید نے کہا کہ زبان، رنگ اور نسل کا فرق لڑائی جھگڑے کی وجہ نہیں بلکہ یہ کائنات میں خدا کی نشانیوں میں سے ایک ہے۔ قرآنی احکامات اتفاق، باہمی محبت اور قلبی ربط کی تاکید اور فرقہ بندیوں اور اختلاف سے منع کرتی ہیں۔

    واضح رہے کہ 8 ذی الحج جسے عربی میں یوم ترویہ کہا جاتا ہے حجاج نے منی میں خیمہ بستی میں قیام کیا اور پانچوں وقت کی نمازیں ادا کرنے کے بعد میدان عرفات کے لیے روانہ ہوئے۔

  • منیٰ کی خیمہ بستی عازمین حج سے آباد، روح پرور مناظر

    منیٰ کی خیمہ بستی عازمین حج سے آباد، روح پرور مناظر

    مکہ المکرمہ : حج 2023 کا آغاز ہوچکا ہے، دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان قافلوں کی صورت میں منیٰ کی عارضی خیمہ بستی میں پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق منیٰ کی عارضی خیمہ بستی مکمل طور پرعازمین حج سے آباد ہوگئی، 8ذوالحجہ کو عازمین حج سارا دن منیٰ میں ہی قیام کریں گے۔

    mina

    عازمین یہاں5وقت کی نمازیں ادا کرنے کے بعد9ذوالحجہ کو عرفات روانہ ہونگے، عرفات میں لاکھوں فرزندان اسلام حج کارکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔

    منیٰ میں عازمین کی آمد7ذوالحجہ کی نصف شب کے بعد سےہی شروع ہوگئی تھی، دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ8ذوالحجہ کی دوپہر تک جاری رہا۔

    hajj

    سعودی حکومت کی جانب سے مشاعر مقدسہ میں کیے گئے انتظامات پر حجاج کرام نے انتہائی اطمینان کا اظہار کیا، عازمین حج کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے انتہائی شاندار انتظامات کیے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تھوڑے تھوڑے فاصلے پر مستعد سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں جو عازمین رہنمائی کررہے ہیں،جمرات پل کے اطراف خاص طور پر پیدل چلنے کیلئے مخصوص سایہ دار راستہ بنایا گیا ہے۔

    harmain

    اس بات کا خاص خیال رکھا جارہا ہے کہ پیدل چلنے والے راستوں کو ایک سمت میں ہی رکھا جائے، ماضی میں 2رویہ راستہ ہونے کی وجہ سے عازمین کو آمدورفت میں کافی مشکلات کا سامنا ہوتا تھا۔

    منیٰ میں جگہ،جگہ متعین سکیورٹی اہلکار عازمین کا خوش دلی سے استقبال اور رہنمائی کرتے ہیں, منیٰ کی سڑکوں پر بیشتر اہلکار گرمی سے پریشان عازمین حج پر پانی کی پھوار برساتے ہیں۔