Tag: warning

  • آن لائن سرمایہ کاری کرنے والے فراڈ سے کیسے بچیں؟

    آن لائن سرمایہ کاری کرنے والے فراڈ سے کیسے بچیں؟

    آن لائن ٹریڈنگ فراڈ سے بچنے کے لیے پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ (پی ایس ایکس) نے سرمایہ کاری کرنے والے افراد کے لیے انتباہ جاری کردیا۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ (پی ایس ایکس) سرمایہ کاری کرنے والے افراد کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے دھوکہ دہی کی سرگرمیوں میں  ہونے والے اضافے کے بارے میں آگاہ کرتا ہے۔

    پی ایس ایکس نے جاری کردہ اعلامیے میں کہا کہ کچھ غیر قانونی سوشل میڈیا گروپ اور فورم  مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی اور روایتی طریقے استعمال کرتے ہوئے سرمایہ کاری کرنے والے افراد کو واٹس اپ گروپوں، فیس بک، میٹا اور اور دیگر سوشل میڈیا چینلز میں شامل ہونے یا فارم بھرنے کے لیے آمادہ کرنے کے لیے کوشش کرتے ہیں۔

    پی ایس ایکس کا کہنا ہے کہ دھوکہ دہی کرنے والے رجسٹرڈ پیشہ ور افراد کے نام کا غلط استعمال کرتے ہیں یا کسی قانونی کمپنی سے وابستہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں تاکہ سرمایہ کاری کرنے والے عوام کو غیر مجاز سرمایہ کاری کی اسکیموں میں حصہ لینے پر آمادہ کیا جا سکے۔

    پی ایس ایکس نے کہا کہ ایسے دھوکہ باز عناصر کی خط و کتابت اکثر مستند نظر آتی ہے کیونکہ اس طرح کے عناصر ریگولیٹر کا نام، لوگو اور تصاویر استعمال کرتے ہیں، نیز اعلیٰ انتظامی اور ملکیتی مواد کے حصے کے طور پر نقالی کرتے ہیں جو سرکاری لگتا ہے۔

    پی ایس ایکس کے بیان کے مطابق دھوکہ دہی میں ملوث گروپ اور فورم کم سے کم یا بغیر کسی رسک کے مقررہ منافع کی ضمانت دیتے ہیں اور سرمایہ کاری کے بارے میں اندرونی تجاویز اور تربیت تک خصوصی رسائی فراہم کرتے ہیں، وہ ذاتی یا مالی معلومات شیئر کرنے یا کسی  فرد یا تیسرے فریق کو براہ راست رقم بھیجنے کے لیے بھی کہتے ہیں۔

    پی ایس ایکس نے اپنے بیان میں کہا کہ اس نوعیت کی دھوکہ بازی کا شکار بننے سے بچنے کے لیے سرمایہ کاری کرنے والے افراد کو خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ غیر قانونی سوشل میڈیا گروپوں اور فورمز سے غیر منقولہ سرمایہ کاری کے مشوروں سے ہوشیار رہیں۔

    پی ایس ایکس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ لسٹڈ کمپنیوں کے حصص کی تجارت صرف ایس ای سی پی کے لائسنس یافتہ سیکیورٹیز بروکرز کے ذریعے کی جانی چاہیے۔

  • ثانیہ مرزا سے شادی کی افواہیں، محمد شامی نے خاموشی توڑ دی

    ثانیہ مرزا سے شادی کی افواہیں، محمد شامی نے خاموشی توڑ دی

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد شامی نے اپنی اور سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا  کی شادی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔

    بھارتی میڈیا نے حال ہی میں دعویٰ کیا تھا کہ ثانیہ مرزا اور فاسٹ بولر محمد شامی جلد شادی کرنے والے ہیں، یہ سب اس وقت شروع ہوا جب سوشل میڈیا پر کسی نے ثانیہ کے ہمراہ شامی کی ایڈٹ شدہ تصاویر لگائیں، ان فوٹو شاپ ہوئی تصویروں میں شامی کو دلہا کے روپ میں دکھایا گیا تھا۔

    بھارتی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شامی اور ثانیہ اگست میں شادی کرنے والے ہیں لیکن اس وقت دونوں کی جانب سے ان افواہوں پر ردعمل نہیں دیا گیا تھا تاہم اب محمد شامی نے جھوٹی افواہوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔

    یوٹیوب پر شوبھنکر مشرا کے ساتھ گفتگو میں جب محمد شامی سے ان افواہوں کے بارے میں پوچھا گیا تو بھارتی کرکٹر نے اس طرح کی خبروں کو آن لائن پھیلانے والوں پر شدید تنقید کی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Sania Mirza (@mirzasaniar)

    فاسٹ باؤلر محمد شامی نے جھوٹی خبریں پھیلانے والوں سے کہا کہ ’ آپ سب سوشل میڈیا پر زیادہ جھوٹ پھیلانے سے گریز کریں، اس طرح کے میمز اگرچہ تفریح فراہم کر سکتے ہیں لیکن یہ کسی کی زندگی کیلئے نقصان دہ بھی ہو سکتے ہیں ‘۔

    محمد شامی کا کہنا تھا کہ میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سوشل میڈیا کو  ذمہ داری سے استعمال کریں اور ایسی بے بنیاد خبروں کو پھیلانے سے گریز کریں، میں مانتا ہوں میم آپ کے مذاق کے لیے ہیں لیکن کسی کی زندگی سے متعلق ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس لیے آپ کو سوچ سمجھ کر میم بنانا چاہیے، آج آپ ویریفائیڈ نہیں ہوں، آپ کا ایڈریس نہیں ہے، مشہور نہیں ہو اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ آپ کچھ بھی بول سکتے ہو۔

    محمد شامی نے مزید کہا کہ لیکن میں ایک چیز بولنا چاہوں گا کہ اگر آپ میں دم ہے تو ویریفائیڈ پیج سے بول کر دکھاؤ، دوسرے کی ٹانگ کھینچنا بہت آسان ہے، کامیابی حاصل کرو اپنا لیول اوپر کرو تب میں مانوں گا آپ اچھے انسان ہیں۔

  • یو اے ای : ویزا اور اقامہ کے حوالے سے وارننگ جاری

    یو اے ای : ویزا اور اقامہ کے حوالے سے وارننگ جاری

    دبئی : متحدہ عرب امارات میں ویزے اور اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے غیر ملکیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی جعلی دستاویزات استعمال نہ کریں۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پبلک پراسیکیوشن نے رہائشی ویزا اور رہائشی اجازت نامے کے حوالے سے وارننگ جاری کردی ہے۔

    ویزا اور رہائشی اجازت نامے کے حوالے سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے انتباہ کے ساتھ ساتھ خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے قید کی سزا بھی مقرر کی ہے۔

    دبئی میں پبلک پراسیکیوشن کی جانب سے ویزوں اور رہائشی اجازت ناموں سے متعلق قانون سازی کے بارے میں ایک اہم یاد دہانی سوشل میڈیا کے ذریعے بھیجی گئی۔

    حکام کے مطابق قانون توڑنے کے مقصد سے ویزا، رہائشی اجازت نامہ یا ان چیزوں سے متعلق کوئی اور سرکاری دستاویز جعلی بنانے کے جرم کی سزا دس سال تک قید ہے۔

    جرمانہ نہ صرف ان افراد پر لاگو ہوتا ہے جو جعلی دستاویزات بناتے ہیں بلکہ یہ ان افراد پر بھی لاگو ہوتا ہے جو اس بات سے آگاہ ہوتے ہوئے کہ وہ جعلی دستاویزات استعمال کرتے ہیں۔

    حکام کے مطابق متحدہ عرب امارات میں گزشتہ سال ساڑھے 10 ہزار سے زائد غیر قانونی باشندوں کو اس مقدمے کے تحت انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا تھا۔

  • پی آئی اے کو ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی کا خط، وارننگ دے دی

    پی آئی اے کو ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی کا خط، وارننگ دے دی

    کراچی : قومی ایئرلائن پی آئی اے کی جانب سے ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی کے واجبات ادا نہ کرنے کا معاملہ سامنے  آیا ہے۔

    ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی نے پی آئی اے انتظامیہ کو ادائیگی سے متعلق خط ارسال کردیا، خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ قومی ایئرلائن نے ریاض ائیرپورٹ اتھارٹی کو 6 ماہ سے ادائیگی نہیں کی تھی۔

    Latter

    ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے82لاکھ ریال سے زائد کے واجبات ادا نہیں کئے، خط میں پی آئی اے کو 15جولائی تک واجبات ادا کرنے کی وارننگ دی گئی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی نے پی آئی اے کو ونٹر شیڈول فلائٹ کا سلاٹ ادائیگی سے مشروط کردیا، واجبات ادا نہیں کئے تو ونٹر سلاٹ میں بھی کمی کردی جائے گی۔

    pia

    اس کے علاوہ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعودی ایوی ایشن نے پی آئی اے کو ادائیگی کے لئے بھی وارننگ جاری کررکھی ہے، اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے نے بھی تصدیق کی ہے کہ ریاض ایئرپورٹ اتھارٹی نے واجبات کی ادائیگی کیلئے ریمائنڈر جاری کیا ہے۔

  • سعودی عرب: بچوں کے حقوق کے حوالے سے حکام کی وارننگ

    سعودی عرب: بچوں کے حقوق کے حوالے سے حکام کی وارننگ

    ریاض: سعودی حکام نے مملکت میں کسی بچے سے بھیک منگوانے اوراس کے بنیادی حقوق کے استحصال کو قابل سزا جرم قرار دیا ہے اور سخت کارروائی کی تنبیہہ کی ہے۔

    العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کی پبلک پراسیکیوشن نے اس بات پر زور دیا ہے کی ہر بچے کو اعلیٰ حقوق اور اعلیٰ تعزیری و قانونی ضمانتیں حاصل ہیں، جو اس کے خاندان کے ایک لازمی جزو، اپنے ملک کی نشاۃ ثانیہ کی تعمیر کے لیے ایک فرد اور اس کے معاشرے کی ترقی میں ایک فعال حصہ دار کے طور پر اس کی پرورش میں معاون ہیں۔

    پراسیکیوشن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کسی بچے کو خاندانی بندھن کے بغیر رکھنا، اس کی شناختی دستاویزات نہ نکالنا، روکنا یا انہیں چھپانا، اس کی صحت سے متعلق ضروری ویکسی نیشن مکمل نہ کرنا، اس کی پڑھائی چھوڑنے کے عمل کا باعث بننا یا تعلیم کو نظر انداز کرنا، ایسے ماحول میں رہنا جہاں اسے خطرہ لاحق ہو، اس کے ساتھ بدسلوکی کرنا، جنسی طور پر ہراساں کرنا یا اس کا جنسی استحصال کرنا قابل سزا جرم ہیں۔

    بیان میں کہا گیا کہ بچے کا مالی طور پر جرم میں، یا بھیک مانگنے میں اس کا استعمال کرنا اور ایسے نازیبا الفاظ کا استعمال جو اس کے وقار کو مجروح کرتے ہیں یا اس کی تذلیل کا باعث بنتے ہیں، اسے ایسے مناظر دکھانا جو غیر اخلاقی، مجرمانہ یا اس کی عمر کے لیے نامناسب ہوں اور کسی بھی نسلی، سماجی یا معاشی وجہ سے اس کے ساتھ امتیازی سلوک، اور غفلت برتنا، اسے قانونی عمر سے کم گاڑی چلانے کی اجازت دینا اور کوئی بھی ایسی چیز جس سے اس کی جسمانی یا نفسیاتی حفاظت کو خطرہ ہو یا صحت کے متاثر ہونے کا ڈر ہو، اس کی تعلیم و تربیت میں کوتاہی کا مظاہرہ کرنا قابل قبول نہیں ہوگا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ بالا جرائم کا ارتکاب کرنے والے خاندان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • دنیا میں آنے والی وبا کب اور کیسے آئے گی ؟ خوفناک پیش گوئی

    دنیا میں آنے والی وبا کب اور کیسے آئے گی ؟ خوفناک پیش گوئی

    گزشتہ سال 2020 میں دنیا بھر میں آنے والی وباء نے عالمی معیشت سمیت نظام زندگی کو بھی بری طرح مفلوج کردیا تھا، اب سائنس دانوں نے ایک بار پھر ایک اور وباء کے خطرے کی وارننگ جاری کی ہے۔

    اس حوالے سے کینیڈین سائنس دانوں نے دنیا بھر کے لوگوں کیلئے انتباہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دنیا میں اگلی وبا گلیشیرز کے پگھلنے کی وجہ سے آسکتی ہے۔

    ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ بڑھتے ہوئے عالمی درجہ حرارت کے نتیجے میں پگھلتے ہوئے گلیشیئرز ممکنہ طور پر اگلی مہلک عالمی وبا کا سبب بن سکتے ہیں، جس سے کئی ملین افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    تحقیق کے دوران کینیڈین سائنسدانوں نے قطب شمالی کی جھیل ہیزن سے حاصل کیے گئے نمونوں کا معائنہ کیا اور بتایا کہ کس طرح موسمیاتی تغیر کسی دوسرے جاندار میں وائرس کے منتقل ہونے کا سبب بن سکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیکڑوں سالوں سے گلیشیئرز میں جمے ہوئے مہلک وائرس عالمی درجہ حرارت کے بڑھنے کے سبب دوبارہ فعال ہوسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ سال2019 میں چین سے شروع ہونے والے کورونا وائرس کی وبا نے دنیا بھر میں جہاں لاکھوں جانیں لے لیں وہیں متعدد ممالک کی معیشتوں کو بھی بری طرح متاثر کیا۔

    واضح رہے کہ انسانی حقوق کے عالمی قانون کے مطابق ہر شخص کو اچھی صحت کا حق حاصل ہے اور حکومتوں پر فرض ہے کہ وہ صحت عامہ کو درپیش خطرات کی روک تھام اور ضرورت مندوں کی طبی نگہداشت کے لیے ضروری اقدامات کریں۔

    انسانی حقوق کا قانون یہ بھی تسلیم کرتا ہے کہ صحت عامہ کو سنگین خطرات اور قوم کی زندگی کے لیے پُرخطر قومی ہنگامی حالات میں بعض حقوق پر پابندیاں جائز ہوسکتی ہیں بشرطیکہ اُن کا قانونی جواز ہو جو انتہائی ضروری اور محدود مدت کے لیے ہوں۔

  • ڈاؤن لوڈنگ کہاں سے نہیں کرنی؟ واٹس ایپ صارفین ہوشیار

    ڈاؤن لوڈنگ کہاں سے نہیں کرنی؟ واٹس ایپ صارفین ہوشیار

    واٹس ایپ کے استعمال سے موبائل فون صارفین کو بہت سی سہولیات ایک ہی پلیٹ فارم پر میسر ہیں، تاہم کچھ شرپسند عناصر اس سہولیات کا غلط فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

    کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو واٹس ایپ کے ذریعے جعلی ورژن اور کلون ایپس بنا رہے ہیں، اس لیے صارفین کو بہت محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

    اس سلسلے میں دنیا کی سب سے مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ کے سی ای او نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ واٹس ایپ کے جعلی یا تبدیل شدہ ورژن استعمال نہ کریں۔

    اس قسم کے حملوں سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ اپنے موبائل فون سے ایسی کوئی ایپ بھی ڈاؤن لوڈ نہ کی جائے جس کے متعلق آپ کو مکمل علم نہ ہو۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق میٹا کی ملکیت واٹس ایپ اس وقت دنیا کی سب سے بڑی میسجنگ ایپ ہے اسی سبب اس کے جعلی ورژن بھی زیادہ ہیں جس سے بچنا ضروری ہے۔

    اب واٹس ایپ کے سربراہ نے بھی خطرناک وارننگ جاری کردی ہے، لہٰذا کسی بھی نقصان سے محفوظ رہنے کیلئے صارفین کو بھی اسے سنجیدہ لینا چاہیے۔

    ان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کیلئے صرف گوگل پلے اسٹور استعمال کریں کسی اور ویب سائٹ سے کسیہ بھی قسم کی ڈاؤن کوڈن نہ کی جائے۔

  • سعودی عرب: ہیکرز کے نئے حربوں کو جاننا ضروری

    سعودی عرب: ہیکرز کے نئے حربوں کو جاننا ضروری

    ریاض: سعودی عرب میں ہیکرز بینک اکاؤنٹس سے رقم نکالنے کے لیے نئے حربے آزما رہے ہیں، جبکہ ریستورانوں اور کافی شاپس میں مینیو کے ذریعے بھی نجی کوائف تک رسائی حاصل کرنے لگے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ٹیکنالوجی کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ہیکرز نجی کوائف چوری کرنے، سماجی رابطہ وسائل کی معلومات حاصل کرنے اور ٹیلی فون پر موجود معلومات تک رسائی کے لیے جعلی کیو آر کوڈ کا سہارا لینے لگے ہیں۔

    ہیکرز بینک اکاؤنٹس سے رقم نکالنے کے لیے نئے حربے آزما رہے ہیں جبکہ ریستورانوں اور کافی شاپس میں مینیو کے ذریعے بھی نجی کوائف تک رسائی حاصل کرنے لگے ہیں۔

    سعودی بینکوں میں میڈیا کمیٹی کے سیکریٹری جنرل طلعت حافظ نے بتایا کہ بار کوڈ اور کیو آر کوڈ میں فرق ہے، بارکوڈ میں موٹی اور اونچی لائنیں ہوتی ہیں جو ایک دوسرے سے فاصلہ رکھتی ہیں اور یہ نمبروں پر مشتمل ہوتی ہیں۔

    بارکوڈ غذائی اشیا اور مصنوعات میں استعمال ہوتا ہے، اس میں سامان کی خصوصیات، قیمت اور اس کے عناصر ہوتے ہیں جبکہ کیو آر کوڈ عام طور پر اسپتالوں، ریستورانوں اور بازاروں میں استعمال کیا جاتا ہے۔

    کیو آر کوڈ ریستورانوں کے مینیو میں بھی استعمال ہوتا ہے، اس کے محفوظ ہونے کا اطمینان حاصل کرنا صارف کے ذمے ہے۔

    بعض کیو آر کوڈ میں نمبر ہوتے ہیں جسے مٹایا جاسکتا ہے اور شک ہونے پر ویب سائٹ تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے، شک ہوجانے پر کیو آر کوڈ کے محفوظ ہونے کا اطمینان ضروری ہے، اس سے جعلسازی کا پتہ چل جاتا ہے۔

  • نائٹ شفٹ کرنے والوں کے لیے وارننگ

    نائٹ شفٹ کرنے والوں کے لیے وارننگ

    دنیا بھر میں مختلف دفاتر میں نائٹ شفٹس کا رجحان بڑھتا جارہا ہے تاہم اب ماہرین نے اس حوالے سے وارننگ دے دی ہے۔

    حال ہی میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق رات کی شفٹ میں کام کرنے والے افراد میں امراض قلب کا خطرہ دیگر افراد کے مقابلے میں بہت زیادہ ہوتا ہے۔

    طبی جریدے یورپین ہارٹ جرنل میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو لوگ نائٹ شفٹ میں کام کرتے ہیں ان میں دل کی دھڑکن کی رفتار غیر معمولی حد تک بڑھنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

    تحقیق میں 2 لاکھ 8 ہزار سے زیادہ افراد کے ڈیٹا کو استعمال کرکے ایٹریل فبریلیشن یا اے ایف اور نائٹ شفٹ کے درمیان تعلق کو دریافت کیا گیا۔

    تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو لوگ اپنی زندگی کا زیادہ وقت نائٹ شفٹ میں کام کرتے ہوئے گزارتے ہیں ان میں دل کی دھڑکن کی اس بیماری کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق ایسے افراد میں امراض قلب کا خطرہ بھی دیگر سے زیادہ ہوتا ہے تاہم فالج یا ہارٹ فیلیئر کا نہیں۔

    چین کے جیاؤ نٹونگ یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن اور امریکا کے ٹولان یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کی اس مشترکہ تحقیق میں اے ایف کا خطرہ بڑھانے والے تمام تر جینیاتی عناصر کی جانچ پڑتال کی گئی۔

    ماہرین نے بتایا کہ اگرچہ تحقیق میں نائٹ شفٹ اور ایٹریل فبریلیشن کا واضح تعلق ثابت نہیں ہوسکا مگر نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ اس کے نتیجے میں امراض قلب کا خطرہ بڑھتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ نائٹ شفٹ کا دورانیہ کم کرکے اس خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔

  • سعودی وزارت صحت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    سعودی وزارت صحت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    ریاض: سعودی عرب کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی کچھ بدلتی اقسام 12 سے 18 سال کے افراد کے لیے زیادہ خطرناک ہو چکی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ اس عمر کے گروپ کے لیے ویکسینز محفوظ اور مؤثر ثابت ہوئی ہیں۔

    اس سے پہلے سعودی عرب میں صحت حکام نے کرونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے 12 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کو شامل کرنے کے لیے ویکسی نیشن مہم کو بڑھایا تھا۔

    سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1 لاکھ 6 ہزار 572 پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد ملک میں کیے جانے والے ان ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 20 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔

    سعودی عرب میں اب تک ایک کروڑ 79 لاکھ 55 ہزار 15 افراد کو کرونا ویکیسن کی خوراک دی جا چکی ہے جن میں 13 لاکھ 52 ہزار 555 افراد بزرگ ہیں۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔