Tag: warning

  • سعودی عرب میں گاڑی رکھنے والے شہریوں کے لیے وارننگ

    سعودی عرب میں گاڑی رکھنے والے شہریوں کے لیے وارننگ

    ریاض: سعودی عرب میں گاڑی لائسنس اور اس کے ملکیتی کارڈ کی تجدید وقت پر نہ کرنے کی صورت میں بھاری جرمانہ عائد ہوسکتا ہے، ٹریفک قوانین انتظامیہ نے خبردار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں گاڑی کے لائسنس اور گاڑی کے ملکیتی کارڈ کی مدت ختم ہونے پر اگر مقرر وقت میں تجدید نہیں کرائی گئی تو مالک پر بھاری جرمانہ عائد ہوگا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی ٹریفک قوانین کی شق 71 کے تحت لائسنس اور ملکیتی کارڈ کے ایکسپائر ہونے پر ان کی تجدید 60 دن کے اندر اندر کرانی ہوگی بصورت دیگر 100 ریال کا جرمانہ ہوگا۔ جرمانے کی رقم 60 دن کے بعد ہی وصول کی جائے گی۔ 100 ریال ایک سال کا جرمانہ تصور کیا جائے گا۔

    سعودی محکمہ پاسپورٹ نے غیرملکیوں کو وارننگ دے دی

    اسی طرح ایک برس سے ایک دن بھی زائد ہوگیا اور تجدید نہیں کرائی گئی تو یہ دوسرا سال تصور کیا جائے گا جس کا جرمانہ 200 ریال ہوگا۔ گاڑی مالکان اور ڈرائیور کو غفلت برتنے پر 300 ریال تک کا بھی جرمانہ عائد ہوسکتا ہے۔

    جبکہ لائسنس اور ملکیتی کارڈ کے ایکسپائری تاریخ سے 180 دن قبل بھی ادارے سے تجدید کرائی جاسکتی ہے۔

  • سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر سول ایوی ایشن کی نجی ایئر لائن کو وارننگ

    سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر سول ایوی ایشن کی نجی ایئر لائن کو وارننگ

    کراچی : باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کا تلف کیا گیا کھانا ایپرن ایریا کے ساتھ ڈمپ کئے جانے پر نجی ایئر لائنز کے خلاف وارننگ لیٹر جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نجی ایئر لائن کو سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر وارننگ جاری کردی۔

    اس حوالے سے سی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر نجی ایئر لائنز کے مسافروں کا تلف کیا گیا کھانا ایپرن ایریا کے ساتھ ڈمپ کئے جانے پر نوٹس لیا گیا تھا۔

    اس کے علاوہ نجی ایئر لائن کی جانب سے ایپرن رولز کی خلاف ورزی بھی کی گئی۔ ائیر پورٹ مینجر کے مطابق کھانے پینے کی اشیاء کی موجودگی کے باعث رن وے اور اطراف پرندوں کی آمد میں بھی اضافہ ہورہا ہے، پرندوں کی آمد جہازوں کے لئے خطے کا باعث ہیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے نجی ایئر لائن کو لکھے گئے وارننگ لیٹر میں کہا گیا ہے کہ تلف کئے گئے کھانے کے باعث ایپرن ایریا کے اطراف بلی کتوں کے علاوہ دیگر حشرات الارض بھی آنے لگے ہیں لہٰذا ایئر لائن اتنظامیہ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر اپنے ملازمین کے خلاف فوری ایکشن لے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ اگر یہ عمل نہیں رکا تو بصورت دیگر مذکورہ ائر لائن اور عملے کے خلاف سخت اور تادیبی کارروائی کی جائے گی اور خلاف ورزی کر نے والے ملازمین کے ایپرن ایریا میں داخلہ پر پابندی عائد کردی جائے گی۔

  • وقت بدل گیا ہے سدھر جاؤ، لاہور میں وائرلیس پر پولیس اہلکاروں کو ایس پی کی وارننگ

    وقت بدل گیا ہے سدھر جاؤ، لاہور میں وائرلیس پر پولیس اہلکاروں کو ایس پی کی وارننگ

    لاہور : ایس پی لاہور نے تمام پولیس افسران و اہلکاروں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ عوام کے ساتھ اپنے رویے درست کریں اس حوالے سے افسران بھی ماتحت عملے کی تربیت کریں۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس حکام نے محکمہ میں اصلاحات کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے وائر لیس پر اہلکاروں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس پی کی جانب سے وائرلیس پر آپریٹر کے ذریعے پولیس افسران و اہلکاروں کو پیغام پہنچایا گیا ہے کہ وقت بدل گیا ہے سدھرجاؤ، آپ لوگ گلی محلے کے کوئی نوجوان نہیں عوام کے محافظ ہیں اپنے رویے درست کریں۔

    اہلکار اپنے رویے سے افسران کو مروائیں گے، وائرلیس پیغام میں مزید کہا گیا کہ ماتحت عملے کی تربیت کی جائے، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او بریفنگ دیں۔

    دوسری جانب سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے کہا ہے کہ کوڈ آف کنڈکٹ اور آئی جی پولیس کی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، زیر حراست یا گرفتار ملزموں کے بھی حقوق ہوتے ہیں۔

    تشدد یا بدسلوکی کرنے والے پولیس افسروں کا کسی پلیٹ فارم پر دفاع نہیں کروں گا بلکہ سخت کارروائی کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ تھانوں میں شہریوں اور ملزموں سے بدسلوکی پر زیرو ٹالرنس ہے، پریشانی یا مصیبت کے وقت تھانے آنے والوں کے ساتھ محبت اور ہمدردی سے پیش آئیں۔

  • ترکی میں سعودی سفارت خانے کا اپنے شہریوں پر مسلح حملے کے بعد انتباہ

    ترکی میں سعودی سفارت خانے کا اپنے شہریوں پر مسلح حملے کے بعد انتباہ

    انقرہ /ریاض : ترکی میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے استنبول میں نامعلوم مسلح افراد کے سعودی شہریوں کے ایک گروپ پر حملے کے بعد انتباہ جاری کیا ہے اور سعودی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے تحفظ کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے اتوار کو ایک بیان میں بتایا کہ استنبول کے علاقے سسلی ( صقلیہ) میں واقع ایک کیفے میں سعودی سیاح بیٹھے ہوئے تھے،اس دوران میں اچانک مسلح افراد نے ان پر حملہ کردیا اور ان میں سے ایک کو گولی مار دی، پھر ان کا سامان لُوٹ کر چلتے بنے۔

    وزارت کے مطابق ایک سعودی شہری گولی لگنے سے زخمی ہوگیا تھا لیکن اس نے یہ نہیں بتایا ہے کہ اس کا زخمی کتنا گہرا یا شدید ہے۔

    وزارت نے ترکی میں موجود سعودی شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے قیام کے دوران میں حفظ ماتقدم کے طور پر تمام ضروری حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، وہ سسلی یا تقسیم اسکوائر میں سورج غروب ہونے کے بعد جانے سے گریز کریں۔،یہ دونوں غیر ملکی سیاحوں کی مقبول جگہیں ہیں۔

    ترکی میں سعودی سفارت خانے نے جولائی میں بھی اپنے شہریوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ اس ملک کی سیاحت کے دوران میں اپنے سامان ومال متاع کا خود تحفظ کریں، تب استنبول میں سعودی پاسپورٹس چوری ہونے کے متعدد واقعات پیش آئے تھے۔

    سعودی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ترکی کی سیاحت کے لیے جانے والے شہریوں نے بعض علاقوں میں اپنے ساتھ ہونے والی چھینا جھپٹی کی وارداتوں کی شکایت کی تھی اور ان میں سے بعض کو ان کے پاسپورٹس اور زادِ راہ سے محروم کردیا گیا تھا۔

  • بریگزٹ کے بعد برطانیہ میں اشیا خورد ونوش کی قلت کا انتباہ جاری

    بریگزٹ کے بعد برطانیہ میں اشیا خورد ونوش کی قلت کا انتباہ جاری

    لندن:برطانیہ نے اگر کسی سمجھوتے کے بغیر یورپی یونین کو خیرباد کہا تو اس کو خوراک ، ایندھن اور ادویہ کی قلت کا سامنا کرنا پڑے گا،اس کی بندرگاہیں اور زمینی گذرگاہیں جام ہوجائیں گی اور آئرلینڈ کے ساتھ سخت سرحدکا نظام لاگو کرنے کی ضرورت ہوگی۔ان خدشات کا اظہاربرطانوی حکومت کی افشا ہونے والی خفیہ دستاویزات میں کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کابینہ دفتر نے ان دستاویزات میں کسی ڈیل کے بغیر بریگزٹ کی صورت میں تمام امکانی حالات کا احاطہ کیا ہے، ان میں کہا گیا ہے کہ بڑی گذرگاہوں سے گذرنے والی 85 فی صد لاریاں شاید فرانسیسی کسٹمز کے لیے تیار نہ ہوں۔اس طرح پورٹس پر درہم برہم ہونے والے نظام کے سدھار میں کم سے کم تین ماہ لگیں گے۔

    اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت اس بات میں بھی یقین رکھتی ہے کہ برطانوی صوبے شمالی آئرلینڈ اور جمہوریہ آئرلینڈ کے درمیان سخت سرحد کا نظام نافذ ہوگا۔

    اسی لیے حزب اختلاف کی جماعتیں کسی ممکنہ اتھل پتھل اور بڑے بحران سے بچنے کے لیے یورپی یونین سے کسی سمجھوتے کے تحت انخلا پر زور دے دہی ہیں،کابینہ دفتر نے اسی ماہ ”آپریشن زرد ہتھوڑا“ کے نام سے یہ رپورٹ مرتب کی ہے۔

    اس میں حکومت کی بریگزٹ کے بعد ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے خفیہ جامع منصوبہ بندی کی مکمل تفصیل بیان کی گئی ہے تاکہ قومی ڈھانچے کے دھڑم تختے سے بچا جاسکے۔

    رپورٹ کے مطابق ”اس فائل کو ”سرکاری حساس“ کا نام دیا گیا ہے،یہ بڑی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس میں کسی ڈیل کے بغیر بریگزٹ کے بعد برطانیہ کی تیاریوں کا ایک جامع جائزہ پیش کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن ایک سے زیادہ مرتبہ یہ کہہ چکے ہیں کہ اگر یورپی یونین کے ساتھ بریگزٹ کا کوئی سمجھوتا طے نہیں پاتا تو وہ اکتیس اکتوبر کو اس کے بغیر بھی تنظیم کو خیرباد کہہ دیں گے جبکہ یورپی یونین برطانیہ کے ساتھ انخلا کے سمجھوتے کو دوبارہ کھولنے اور اس پر مذاکرات سے انکار کرچکی ہے۔

    بورس جانسن کی پیش رو برطانوی وزیراعظم تھریزا مے نے گذشتہ سال نومبر میں یورپی یونین سے انخلا کا یہ سمجھوتا طے کیا تھا لیکن آئرلینڈ اور برطانیہ کے درمیان واقع سرحد کے انتظام اور کسٹم سمیت دیگر محصولات کے بارے میں ابھی تک کوئی سمجھوتا طے نہیں پاسکا ہے۔

    برطانیہ اور یورپی یونین کے باقی رکن ممالک کے درمیان آئرلینڈ کے ذریعے ہی زمینی رابطہ ہوسکتا ہے۔

    برطانوی وزیراعظم کا یورپی یونین سے بڑا مطالبہ یہی ہے کہ آئرش بارڈر کا معاملہ برطانیہ کے انخلا کے سمجھوتے سے باہر ایک اور ڈیل کے تحت طے کیا جائے لیکن آئرلینڈ اور یورپی یونین کے رکن ممالک اس تجویز پر نالاں ہیں اور وہ اس کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں جبکہ برطانیہ خود بھی سخت بارڈر نہیں چاہتا ہے۔

    یورپی یونین کے لیڈروں نے حالیہ دنوں میں کہا ہے کہ وہ برطانیہ کے نئے لیڈر کے ساتھ بریگزٹ پر بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن وہ بالاصرار یہ بھی کہہ رہے کہ وہ برطانیہ کے ساتھ پہلے سے طے شدہ انخلا کے سمجھوتے کو دوبارہ نہیں کھولیں گے اور وہ ا س پرمزید بات چیت کے لیے ہرگز بھی تیار نہیں۔

    تاہم جانسن کا کہنا تھا کہ وہ کسی ڈیل کے بغیر برطانیہ کا یورپی یونین سے انخلا نہیں چاہتے ہیں لیکن برطانیہ کو نو ڈیل بریگزٹ کی تیاری کرنا ہوگی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو اس صورت میں سرمایہ کار اس خدشے کا اظہار کررہے ہیں کہ اس سے عالمی مارکیٹ میں ’جھٹکے کی لہریں‘ دوڑ جائیں گی اور دنیا کی معیشت متاثر ہوگی،اس تناظر میں آئرلینڈ سرحد کو بریگزٹ کے کسی بھی حل میں بڑی اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔

    یادرہے کہ بیک اسٹاپ ایک انشورنس پالیسی تھی جو آئر لینڈ اور برطانیہ کے صوبے شمالی آئرلینڈ کے درمیان پانچ سو کلومیٹر طویل سرحد پر کنٹرول سے بچنے کے لیے وضع کی گئی تھی۔

    یہ پالیسی 1998 میں گڈ فرائیڈے امن سمجھوتے کے تحت ختم کردی گئی تھی لیکن یورپی یونین نے بعد میں اسی بیک اسٹاپ کے نام سے اس کو جاری رکھا تھا اور اس کے تحت’سخت سرحد‘ کے قواعد وضوابط سے بچنے کے لیے یورپی یونین کی کسٹم یونین کے بعض پہلووں کا نفاذ کیا گیاتھا۔

    آئرش وزیراعظم لیو واردکر کا کہنا ہے کہ اگر برطانیہ اکتیس اکتوبر کو طلاق کےکسی سمجھوتے کے بغیر ہی یورپی یونین کو خیرباد کہہ دیتا ہے تو پھر آئرلینڈ اور شمالی آئرلینڈ کے درمیان ادغام کا ایک مرتبہ پھر سوال پیدا ہوگا لیکن ہم دوستی اور تعاون کے جذبے سے اس مسئلے کوحل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

    برطانیہ کی تمام سیاسی جماعتیں وزیراعظم بورس جانسن پر یہ زور دے رہی ہیں کہ وہ یورپی یونین کو کسی سمجھوتے کے بعد ہی خیرباد کہیں۔

    بالخصوص حزب اختلاف کے لیڈر جیریمی کاربائن نے اسی ہفتے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ بریگزٹ میں تاخیر کے لیے ستمبر کے اوائل میں بورس جانسن کی حکومت کو گرادیں گے۔

  • سری لنکن وزیر نے ایک مرتبہ پھر خودکش حملوں کی وارننگ جاری کردی

    سری لنکن وزیر نے ایک مرتبہ پھر خودکش حملوں کی وارننگ جاری کردی

    کولمبو : سری لنکن نے وزیر خفیہ معلومات کی بناء پر ہوٹلوں اور گرجا گھروں میں ایک مرتبہ پھر دہشت گردانہ حملوں کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عیسائیوں کے مذہبی تہوار ایسٹر سنڈے کے موقع پر متعدد دھماکوں سے لرزنے والے سری لنکا کے وزیرصحت نے کہا ہے کہ انہیں اور سات دیگر عہدیداروں کو انٹیلی جنس ذرائع سے معلومات ملی ہیں کہ ایسٹر پر ملک میں ہوٹلوں اور گرجا گھروں میں حملے کرنے میں ملوث گروپ ایک بار پھر حملوں کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔

    وزیرصحت راجیتا سیناراٹنا نے بتایا کہ حکومتی وزیراء کو ملک میں ہونے والے خود کش حملوں میں وہ ممکنہ طور پر نشانہ بن سکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے خودکش دھماکوں کے نتیجے میں 300 سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد برقع پر پابندی عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

    مزید پڑھیں : سری لنکا میں برقع پر پابندی لگنے کا امکان

    واضح رہے کہ سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے 8 خودکش دھماکوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔

    سری لنکن صدر متھری پالا سری سینا نے ایسٹر کی تقریبات کے دوران ہونے والے خود کش حملوں کے ایک ہفتے کے بعد ہنگامی قانون کے تحت ملک میں نقاب پہننے اور چہرہ چھپانے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

  • یمن میں خانہ جنگی، اقوام متحدہ نے خبردار کردیا

    یمن میں خانہ جنگی، اقوام متحدہ نے خبردار کردیا

    نیویارک: یمن میں حوثی باغیوں اور سرکاری فورسز کے درمیان جاری جنگ کے پیش نظر اقوام متحدہ نے خبردار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق یمنی بندرگاہی شہر الحدیدہ میں حوثی باغیوں اور سعودی عرب کی حمایت یافتہ سرکاری فوج کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ یمن میں بھوک کا شکار 3.5 ملین افراد کو خوراک کی فراہمی منقطع ہوسکتی ہے۔

    الحدیدہ میں امدادی سامان کی ترسیل کے لیے کام کرنے والے رضاکاروں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے جس کے باعث لاکھوں بھوکے افراد تک خوراک نہ پہنچنے کا خطرہ ہے۔

    عالمی فوڈ پروگرام کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ وار حملے امدادی سرگرمیوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں جس کے باعث سنگین معاملات درپیش آئیں گے۔

    خیال رہے کہ الحدیدہ بندرگاہ پر سعودی عسکری اتحاد کی جانب سے حوثی کے لیے انخلا کے لیے ایک بڑا فوجی آپریشن کیا گیا تھا جس میں یمنی فوجیوں نے بھی حصہ لیا تھا۔

    یمن: سرکاری فورسز اور حوثی باغیوں میں جھڑپیں، 73 باغی ہلاک

    البتہ اب تک باغیوں کا انخلا عمل میں نہیں آیا، جبکہ عسکری اتحاد کے ترجمان کی جانب سے دعویٰ بھی سامنے آیا تھا کہ وہ جلد الحدیدہ کو باغیوں سے کلیئر کرالیں گے۔

    دوسری جانب اس آپریشن کے ردعمل میں حوثی باغیوں نے بھی بھرپور مزاحمت جاری رکھی، علاوہ ازیں باغیوں نے سعودی شہر جازان پر اپنے میزائل حملے تیز کردیے ہیں۔

    گذشتہ دنوں یمنی فورسز اور باغیوں میں شدید جھڑپیں ہوئی تھیں، جس کے باعث 73 حوثی باغیوں کی ہلاکتیں جبکہ 11 یمنی فوجی بھی حملوں میں مارے گئے تھے۔

  • امریکا: سمندری طوفان کا خطرہ، صدر ٹرمپ کی لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

    امریکا: سمندری طوفان کا خطرہ، صدر ٹرمپ کی لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

    واشنگٹن: انتہائی خطرناک سمندری طوفان امریکی ساحل کی طرف بڑھنے لگا، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے مشرقی ساحل کی طرف ایک خطرناک سمندری طوفان بڑھ رہا ہے جس کے پیش نظر حکام نے علاقے سے تقریباً دس لاکھ لوگوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق اگر مشرقی ساحل سے یہ سمندری طوفان ٹکراتا ہے تو بڑی تعداد میں نقصان ہوسکتا ہے، اس طوفان کے ساتھ دو سو بیس کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی تیز رفتار ہوائیں بھی شامل ہیں۔

    میکسیکو میں دو بڑے سمندری طوفانوں کا خطرہ، حکام کی عوام کو ہدایات جاری

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مذکورہ سمندری طوفان گذشتہ کئی برسوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ خطرناک ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ شہری محتاط رہیں اور کسی بھی قسم کے خطرات کے پیش نظر اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

    امریکی ریاست ہوائی میں طوفان کا خطرہ، ہنگامی حالت کا اعلان

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ امریکی ریاست ہوائی میں طوفان کے خطرے کے پیش نظر ہنگامی حالت کا اعلان کیا گیا تھا، اور شہریوں کو دو ہفتے کا راشن پانی جمع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں امریکی ریاست ٹیکساس میں سمندری طوفان ہاروے نے بڑی تباہی مچائی تھی، جس کے نتیجے میں 47 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے، جبکہ امداری کارروائیوں کے لیے امریکی صدر نے بھاری رقوم خرچ کیے تھے۔

  • یواےای میں شراب نوشی پر سزا ہوگی، برطانوی حکام کی شہریوں کو تنبیہ

    یواےای میں شراب نوشی پر سزا ہوگی، برطانوی حکام کی شہریوں کو تنبیہ

    ابو ظہبی : برطانوی قونصل خانے نے برطانوی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اماراتی شہروں میں شراب نوشی کرنے پر سیاحوں کو   پکڑا گیا تو انہیں سزا اور جرمانےکا سامنا کرنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سیاحت کی غرض سے متحدہ عرب امارات کا سفر اختیار کرنے والے برطانوی شہریوں کو حکومت نے خبردار کیا ہے کہ امارات کے سفر کے دوران شراب پینے والے سیاحوں کو  جیل جانا پڑسکتا ہے۔

    برطانوی حکام کی جانب سے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کا سفر کرنے سیاحوں کو پہلے بھی بغیر لائسنس شراب نوشی کرنے پر اماراتی عدالتیں قید کی سزائیں دے چکی ہیں۔

    برطانوی قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات میں شراب نوشی ممنوع ہے، برطانیہ کے شہریوں کو اماراتی رسم و رواج کی پاسداری کرنی چاہیے۔

    قونصل خانے نے برطانوی شہریوں  کو متبنہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی بھی سیاح بغیر لائسنس ممنوع اشیاء لے جاتے یا نوش کرتے ہوئے پکڑا گیا یا ان کے میڈیکل چیک اپ کے دوران خون میں شراب شامل ہوئی تو انہیں بھاری جرمانے یا سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    یاد رہے کہ 31 اگست کو دبئی کی عدالت نے برطانوی سیاح کو شراب پینے، دو پولیس افسران پر تشدد کرنے اور پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچانے کے جرم میں سزا سناتے ہوئے ٹرائل پر جیل بھیج دیا۔

    عدالت نے برطانوی شخص پر الزام ثابت ہونے پر بغیر لائسنس کے شراب پینے، خاتون پولیس افسر پر تشدد کرنے اور پولیس کار کو نقصان پہنچانے کے جرم میں سزا سناتے ہوئے ٹرائل پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص کو رواں برس 6 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا۔

  • اے ایس ایف کی خاتون اہلکار نے گناہ نہیں کیا، وارننگ دی جاسکتی تھی: ماریہ واسطی

    اے ایس ایف کی خاتون اہلکار نے گناہ نہیں کیا، وارننگ دی جاسکتی تھی: ماریہ واسطی

    کراچی : معروف اداکارہ ماریہ واسطی اور اینکرپرسن ماریہ میمن نے اے ایس ایف کی خاتون اہلکار کو سزا ہونے پر کہا ہے کہ ’خاتون اہلکار سے کوتاہی ہوئی ہے جرم نہیں جس پر 2 برس کی سروس ضبط کی گئی، خاتون اہلکار کو  وارننگ دی جاسکتی تھی‘۔

    اداکارہ ماریہ واسطی نے اے آر وائی نیوز پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خاتون اہلکار کو دی جانے والی سزا بہت سخت ہے، اگر کسی قسم کا کوڈ آف کنڈکٹ ہے تو یہ اہلکاروں کو پہلے بتانا چاہیے یا پھر کنٹریٹ میں تحریر ہونا چاہیے۔

    ماریہ واسطی کا کہنا تھا کہ اگر ایسا کوئی کوڈ آف کنڈکٹ موجود نہیں تو اسے وارننگ دی جاسکتی تھی، اس طرح سے خاتون اہلکار کا کریئر تباہ کرنا یا 2 سال کے لیے معطل کردینا بہت سخت سزا ہے۔

    اداکارہ کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کے کنٹریکٹ میں شامل ہونا چاہیے کہ اہلکار مذکورہ امور انجام دے سکتے ہیں اور فلاں کام کی انجام دہی پر پابندی ہوگی۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے معروف اینکر ماریہ میمن اے ایس ایف اقدامات تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا مذکورہ خاتون اہلکار نے اپنی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرکے بہت بڑا گناہ کیا ہے جس پر اتنی بڑی سزا  دی گئی؟

    ماریہ میمن کا کہنا تھا کہ  اگر خاتون اہلکار  منشیات یا انسانی اسمگلروں کی سہولت کار ہوتی، رشوت خوری کرتی یا بدعنوانی کرتی تو شاید ادارہ اسے سپورٹ کرتا اور اس کے خلاف اس طرح سے کارروائی بھی نہیں ہوتی۔

    اینکر پرسن کا کہنا تھا کہ ’خاتون اہلکار سے یونیفارم میں گانا گنگناتے ہوئے ویڈیو شیئر کرکے کوتاہی ہوئی ہے جس پر اسے وارننگ دی جاسکتی تھی لیکن اس طرح سے  2 سال کی سروس ضبط کرنا انتہائی سخت سزا ہے‘۔

    نیوز اینکر کے سوال پر ماریہ میمن نے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے جو قوانین موجود ہیں ان پر عمل ہونا اچھی بات ہے لیکن پھر جو بڑی بھیڑیں ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی کریں، اس لڑکی سے تو صرف کوتاہی ہوئی ہے‘۔

    یاد رہے کہ اے ایس ایف کی خاتون اہلکار نے گذشتہ روز رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس کے بعد اے ایس ایف حکام نے خاتون اہلکار کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 2 برس کی سروس ضبط کرلی۔

    ذرائع کے مطابق خاتون اہلکار کو 2 برس تک نہ ہی انکریمنٹ دیا جائے اور نہ دیگر مراعات ملیں گی، جبکہ خاتون اہلکار نے اپنی کوتاہی پر اے ایس ایف حکام سے معذرت کرتے ہوئے آئندہ ایسی حرکت نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

    اے ایس ایف حکام کی جانب سے اہلکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

    دوسری جانب اے ایس ایف کے ترجمان نے کہا ہے کہ خاتون کی ویڈیو ڈسپلن کی خلاف ورزی ہے، خاتون اہلکار کے خلاف ڈیڑھ ماہ پہلے محکمہ جاتی کارروائی ہوچکی ہے۔

    ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ویڈیو کے ذریعے منفی پروپیگنڈے کا نوٹس لیا گیا ہے، تفتیش کر رہے ہیں جو ذمہ دار ہوگا اس کیخلاف کارروائی ہوگی۔