Tag: warns

  • برطانیہ کی اپنے شہریوں کو ایران کے سفر میں محتاط رہنے کی ہدایت

    برطانیہ کی اپنے شہریوں کو ایران کے سفر میں محتاط رہنے کی ہدایت

    لندن : امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں برطانیہ نے اپنے شہریوں کو ایران کے سفر میں متحاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران میں برطانوی شہریوں یا دہری شہریت رکھنے والے افراد کی گرفتاری اور ان کے ساتھ بدسلوکی کا خدشہ ہے جس کے تحت برطانیہ نے اپنے شہریوں کو ایران جانے میں احتیاط کی تاکید کی ہے۔

    برطانوی وزیرخارجہ جیرمی ہنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ ایران اور برطانیہ کی دوہری شہریت رکھنے والے افراد کو ایران کے سفر میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ انہیں گرفتار کرنے کے ساتھ ان کے ساتھ ممکنہ طور پر بدسلوکی کا خدشہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران اور برطانیہ کے درمیان معاملات ٹھیک کرنے کی کوشش کی گئی مگر ایران کا نا مناسب رویہ بدستور موجود ہے۔

    برطانیہ کی طرف سے اپنے شہریوں کو ایران کے سفر سے ایک ایسے وقت میں روکا گیا ہے جب دوسری جانب امریکا اور ایران حالت جنگ میں ہیں۔ امریکا نے اپنی فوج اور جنگی طیارے خلیجی ممالک میں تعینات کر دئیے ہیں۔

    خیال رہے کہ امریکا سرکار کی جانب سے گزشتہ دنوں ایران پر پابندیوں کو مزید سخت کر دیا گیا ہے، ٹرمپ انتظامیہ نے مشرق وسطیٰ میں اپنے دستوں کی تعداد بھی بڑھا دی ہے.

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال میں‌ عسکری اشتعال انگیزی کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکا ایک برس قبل ایران کے ساتھ کیے گئے جوہری معاہدے سے دستبردار ہو گیا تھا۔

    یاد رہے کہ ایرانی وزیر دفاع میجر جنرل امیر حاتمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کسی بھی نوعیت کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اعلی ترین دفاعی عسکری استعداد کا حامل ہے۔

  • برطانوی شہری سری لنکا کا سفر کرنے سے گریز کریں، برطانوی حکومت کی تنبیہ

    برطانوی شہری سری لنکا کا سفر کرنے سے گریز کریں، برطانوی حکومت کی تنبیہ

    لندن : برطانوی حکومت نے اپنے شہریوں کو بغیر ضرورت سری لنکا سفر نہ کرنے کی تاکید کردی، برطانوی حکام کا فیصلہ ایسٹر کے دھماکوں کے باعث سامنے ایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں ایسٹر سنڈے کے موقع پر تین گرجا گھروں اور چار ہوٹلوں میں ہونے والے ہولناک بم دھماکوں کے نتیجے میں 250 سے زائد افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔

    برطانوی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے مزید حملے کرنے کا خدشہ ہے جو خصوصاً ایسی جگہوں پر کیے جائیں گے جہاں غیر ملکی باسیوں کی تعداد زیادہ ہو۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا تھا کہ سری لنکا دھماکوں میں ہلاک ہونے والے سینکڑوں افراد میں آٹھ برطانوی شہری بھی شامل ہیں۔

    برطانوی حکام کی جانب سے ٹریول ایجنسیوں کو بھی تاکید کی گئی ہے کہ سیاحت کے لیے سری لنکا جانے والے 8 ہزار برطانوی شہریوں کو بروقت برطانیہ پہنچنے میں مدد فراہم کریں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکن پولیس کی جانب سے دھماکوں کے بعد اب کئی جگہوں پر چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں ہیں جبکہ 70 افراد کو گرفتار کیا ہے کہ جو کارروائی میں ملوث ہیں۔

    سری لنکا دھماکے، ہلاکتوں کی تعداد 359 ہوگئی

    سری لنکا دھماکے، 290 افراد ہلاک، 500 سے زائد زخمی، ملک میں کرفیو نافذ

    پولیس کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ شدت پسندانہ کارروائی میں مقامی مسلم شدت پسند گروہ ملوث ہے لیکن حملہ آور باہر سے آیا تھا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی تاہم اس سے معلق مزید تفصیلات و ثبوت جاری نہیں کی۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کولمبو ایئرپورٹ پر پروازوں کو دو بارہ بحال کردیا گیا ہے کہ لیکن ہوائی اڈے کی سیکیورٹی پہلے کئی گناہ سخت کردی ہے جس کے باعث لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

  • موسم گرما کی چھٹیوں کی ایڈوانس فیس نہ لی جائے،سندھ ہائی کورٹ کاحکم

    موسم گرما کی چھٹیوں کی ایڈوانس فیس نہ لی جائے،سندھ ہائی کورٹ کاحکم

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نےگرمیوں کی چھٹیوں کی پیشگی فیس لینے والے اسکولوں کوتوہین عدالت کی کارروائی کی وارننگ دے دی حکم دیا موسم گرماکی چھٹیوں کی ایڈوانس فیس نہ لی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں اسکول فیسوں میں اضافے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے گرمیوں کی چھٹیوں کی پیشگی فیس لینے والے اسکولوں کوتوہین عدالت کارروائی کی وارننگ دے دی اور حکم دیا موسم گرماکی چھٹیوں کی ایڈوانس فیس نہ لی جائے۔

    سندھ ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عدالتی فیصلے کے برعکس اس سال فیس کیوں لی جارہی ہے،گزشتہ سال سپریم کورٹ نےایک ماہ کی فیس ریفنڈ بھی کرائی تھی۔

    عدالت نے کہا کسی اسکول نےفیس لی ہے تو دستاویزات جمع کرائیں، دستاویزات ملنے کے بعد توہین عدالت کی کارروائی کریں گے۔

    دوران سماعت اسکولوں کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیاکہ عدالتی چار جوئی میں مصروف والدین فیسیں نہیں دے رہے، جبکہ والدین نے موقف اختیار کیا کہ اسکول انتظامیہ فیس جمع کرانےکیلئے دھمکیاں دے رہی ہے۔

    شکایت پر سندھ ہائی کورٹ نے نجی اسکول کے وکیل کو ڈانٹ پلادی۔

    یاد رہے 8 اپریل کو سندھ ہائی کورٹ نےنجی اسکولوں کوایک ماہ سے زائد پیشگی فیس لینے سے روک دیا تھا ، عدالت نے دو دو تین تین مہینے کی اکٹھی فیس مانگنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا آپ لوگ تو ٹیکس کے محکمےسے بھی آگے نکل گئے ہیں،ابھی نرمی سے کام لے رہے ہیں سختی پر مجبور نہ کریں۔

    مزید پڑھیں : سندھ ہائی کورٹ نے نجی اسکولوں کو ایک ماہ سے زائد پیشگی فیس لینے سے روک دیا

    جسٹس عقیل عباسی نے کہا تھا مئی میں سیشن ختم ہوجائےگا تو جون اور جولائی کی فیس کا کیا جواز ؟ سیشن ختم ہونے کے بعد تو فیس ہی غیر قانونی ہوگی ، عدالت ہم بار بار سمجھا رہے ہیں مگر آپ لوگ سمجھنے کوتیار نہیں۔

    یاد رہے سندھ ہائی کورٹ نے ستمبر 2017 سے قبل کا فیس اسٹرکچر بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے نجی اسکولوں کو تین ماہ کی پیشگی فیس لینے سے روک دیا تھا اور کہا اگر فیس وصول کربھی لی گئی ہے تو ایسے ایڈجسٹ کیا جائے ورنہ توہین عدالت میں فرد جرم عائد کریں گے۔

    عدالت نے کہا تھا پرائیویٹ اسکول بس کریں والدین کو پریشان نہ کریں، زائد فیسوں کی وصولی کسی صورت قبول نہیں جو فیس لی گئی ہے وہ واپس کرنا ہوگی۔

    سندھ ہائی کورٹ نے ڈائریکٹر نجی اسکول سے فیس اسٹرکچر سے متعلق جواب بھی طلب کرلیا تھا اور نجی اسکولوں کو تنبیہ کی تھی کہ باز آجائیں ورنہ پبلک آڈٹ اور اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم بھی دیا جائے گا۔

  • سانحہ نیوزی لینڈ: برطانوی وزیر داخلہ نے سوشل میڈیا کمپنیز کو خبردار کردیا

    سانحہ نیوزی لینڈ: برطانوی وزیر داخلہ نے سوشل میڈیا کمپنیز کو خبردار کردیا

    لندن : برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے نیوزی لینڈ حملے کی ویڈیو سے متعلق سوشل میڈیا کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ ’وہ شدت پسندی پر مبنی ویڈیو اپنے پیلٹ فارم سے ہٹائیں یا قانونی کارروائی کےلیے تیار رہیں‘۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے نیوزی لینڈ میں مسلمانوں پر ہونے والے دہشت گردی کے وحشیانہ حملے اور نمازیوں کے بے دریغ قتل عام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا کمپنیوں کو وارننگ جاری ہے۔

    ساجد جاوید کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو ایسے شدت پسندانہ پیغامات سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر نشر ہونے سے روکنے کےلیے مزید کام کرنا ہوگا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کرائسٹ چرچ میں واقع مساجد میں حملے کی ویڈیو 17 منٹ تک فیس بُک پر لائیو نشر ہوئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا سے اصلی ویڈیو ہٹانے کے باوجود ویڈیو یوٹیوب، ٹوئٹر سمیت کئی جگہوں پر وائرل ہوچکی ہے۔

    وزیر داخلہ ساجد جاوید نے عوام پر زور دیا کہ ’وہ بیمار اور باگل پن پر مبنی ویڈیو نہ دیکھیں‘ یہ غلط اور غیر قانونی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آن لائن پیلٹ فارمز کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ دہشتگردوں اور دہشت گردی کے کام نہ آئیں، ’نیوزی لینڈ میں دہشت گرد نے اپنے شدت پسندانہ نظریات پھیلانے کےلیے بے گناہوں کے قتل عام کی ویڈیو نشر کی‘۔

    مزید پڑھیں : برطانوی حکومت نے لندن و مانچسٹر میں مساجد کی سیکیورٹی بڑھا دی

    یاد رہے کہ برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے گزشتہ روز نیوزی لینڈ حملے کی سخت الفاظ میں‌ مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، دہشت گرد ہمیں تقسیم نہیں کرسکتے، برطانوی شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ‘ 49 افراد جاں بحق

    خیال رہے کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسلح افراد نے مساجد میں موجود نمازیوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 49 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں واقع مساجد پر حملہ کرنے والے ایک دہشتگرد کا تعلق آسٹریلیا سے ہے جس کی شناخت برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے، مذکورہ دہشت گرد خوفناک حملے کی برائے راست ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی نشر کررہا تھا۔

  • بھارت میں‌ مسلمانوں کو ظلم و تشدد کا  نشانہ بنایا جارہا ہے، اقوام متحدہ

    بھارت میں‌ مسلمانوں کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اقوام متحدہ

    نیویارک : اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں باالخصوص مسلمانوں کو آئے روز ظلم، و تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کی جانب سے جینیوا میں بھارت میں اقلیتی برادری باالخصوص مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں کا جینا مشکل ہوگیا ہے۔

    انسانی حقوق کونسل کی سربراہ مشعل باچلے نے سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کونسل کو ایسے شواہد ملے ہیں کہ اقلیتوں کے ساتھ تشدد واقعات بڑھ رہے ہیں۔

    مشعل باچلے کا کہنا تھا کہ بھارت میں سیاسی ایجنڈے کے باعث کمزور طبقہ نشانے پر ہے، جس میں دلت اور آدھی واسی بھی شامل ہیں۔

    اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ بھارت میں جہاں غربت انتہا کو ہے وہی عدم مساوات، مذہبی انتہا پسندی، لسانیت برستی اور ذات پات کے مسائل میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

    گزشتہ روز بھی ہندوؤں انتہا پسندوں نے سڑک پر خشک میوہ جات فروخت کرنے والے کشمیری مسلمان کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا لوگوں نے بیچ بچاؤ کروایا تو ہندو انتہا پسندوں نے جواب دیا کہ ’کشمیری مسلمان ہے اس لیے مار رہے ہیں‘۔

    مزید پڑھیں : بھارت: گائے کے نام پر مسلمانوں کا قتل عام، انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے رپورٹ جاری کردی

    خیال رہے کہ اس سے قبل ہیومین رائٹس واچ کی جانب سے گزشتہ ماہ فروری میں بھارت میں بڑھتے ہوئے تشدد کے حوالے سے ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں عالمی تنظیم نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بھارت میں بڑھتے ہوئے تشدد کو فی الفور روکے۔

    عالمی تنظیم کی جانب سے 104 صفحات پر مبنی رپورٹ جاری کی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ گائے کے گوشت کے استعمال اور جانوروں کے کاروبار سے منسلک تاجروں کو حکمراں جماعت کے رہنماؤں نے اشتعال انگیز تقاریر کے ذریعے نشانہ بنوایا تھا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مئی 2015 سے دسمبر 2018 کے درمیان بھارت میں 44 لوگ گائے ذبیحہ یا گوشت کھانے کے الزام میں مارے گئے، مقتولین میں سے بیشتر مسلمان تھے جبکہ پولیس نے بھی حملہ آوروں کی معاونت کی اور حکمراں جماعت نے اس قتل کو عوامی ردعمل قرار دیا تھا۔

     بھارت: گائے چوری کا الزام، ایک اور مسلمان مشتعل ہندوؤں کے ہاتھوں قتل

    اسے بھی پڑھیں: انسانوں کی طرح گائے کو بھی شناختی کارڈ جاری کرنے پر غور

    رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ حکومتی پشت پناہی اور مدد سے انتہاء پسندوں چار بھارتی ریاستوں ہریانہ، اترپردیش، راجستھان اور جھار کھنڈ میں حملے کیے، جن میں 14 لوگوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا۔

    یاد رہے کہ بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد 2016 میں ریاست جھاڑ کھنڈ میں اندوہناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں انتہاء پسندوں نے 12 سال مسلمان لڑکے کو گائے لے جانے پر قتل کر کے اُس کی لاش درخت سے لٹکا دی تھی۔

  • امریکی پالیسی خلاء میں ہتھیاروں کی دوڑ شروع کردے گی، روس

    امریکی پالیسی خلاء میں ہتھیاروں کی دوڑ شروع کردے گی، روس

    ماسکو : روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا کی خلاء میں میزائل سسٹم نصب کرنے کی پالیسی دنیا کو تصادم پیدا کردے گی۔

    تفصیلات کے مطابق روس نے امریکی حکومت کی جانب سے خلاء میں میزائل سسٹم نصب کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی نئی میزائل ڈیفنس پالیسی دنیا میں ہتھیاروں کی نئی ڈور کا باعث بنے گی۔

    روسی وزارت خارجہ نے جمعے کے روز جاری بیان میں کہا کہ امریکا اپنی پالیسی کے نتیجے میں سرد جنگ کے دور کا دوبارہ آغاز کررہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی حکام کا کہنا ہے کہ بین الااقوامی استحکام پہلے سے خدشات کا شکار امریکی پالیسی اس میں مزید عدم توازن کا باعث بنے گی۔

    روس نے امریکی حکام نے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیاروں میں توازن کیلئے روس کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کرے۔

    خیال رہے کہ جمعرات کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا خلاء میں میزائل سسٹم نصب کرے گا جس میں دشمن کے میزائل کا پتہ لگانے اور مار گرانے کی صلاحیت موجود ہوگی۔

    مزید پڑھیں : روس کا آواز کی رفتار سے تیز میزائل کا کامیاب تجربہ

    واضح رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں بھی روس نے ایک نیا میزائل تجربہ کیا تھا، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کنزال میزائل کے حوالے سے پہلے ہی آگاہ کر چکے تھے کہ ’روس عنقریب نئے میزال کا تجربہ کرے گا جسے کسی بھی ملک کا ریڈار سسٹم ٹریک نہیں کرسکتا‘۔

    بعد ازاں امریکی حکام نے روس کی جانب سے بنائے گئے آواز کی رفتار سے تیز کنزال میزائل کے تجربے پر کہا تھا کہ’ روس نے نیا میزائل بنا کر ہتھیاروں کے معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے‘۔

  • ایرانی تیل متاثر ہوا تو خلیجی ممالک کے تیل کی سپلائی بند کردیں گے، ایرانی صدر

    ایرانی تیل متاثر ہوا تو خلیجی ممالک کے تیل کی سپلائی بند کردیں گے، ایرانی صدر

    تہران : ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا کو متنبہ کیا ہے کہ ایرانی تیل کی سپلائی متاثر ہوئی تو خلیجی ممالک کی تیل کی سپلائی بند کردیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے صوبے سمنان میں کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امریکا کو خبردار کیا کہ اگر امریکا باز نہ آیا تو خلیجی ممالک کا تیل بھی دنیا تک سپلائی نہیں ہوسکتا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکاایران کو تباہ کرنے کا خواب چھوڑ کر اس بات کو ذہن نشین کرلے اگر اتحادی ممالک کو ایرانی تیل خریدنے سے روکنے کی کوشش کی گئی تو خلیجی ممالک خلیج فارس سے تیل سپلائی نہیں کرسکیں گے۔

    ایرانی صدر حسن روحانی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں کوئی بحرانی کیفیت نہیں ہے اور معیشت بھی مستحکم ہے۔

    ایرانی صدر نے انٹرنیشنل خبر رساں و نشریاتی اداروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عالمی میڈیا امریکا کی جان سے دوبارہ پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد سے ایران کی معاشی صورتحال کو بڑھا کر دکھا رہا ہے۔

    [bs-quote quote=”عالمی میڈیا ایران کی معاشی صورتحال کو بڑھا چڑھا کر دکھا رہا ہے۔” style=”style-7″ align=”left” author_name=”حسن روحانی” author_job=”ایرانی صدر”][/bs-quote]

    اس سے قبل ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا ایرانی تیل کی برآمد کو ہدف بنا کر اُن کے ملک پر پابندیوں کا نفاذ چاہتا ہے، ایسی امریکی کوششوں کے باوجود ایرانی خام تیل کی پروڈکشن اور بین الاقوامی منڈیوں میں فروخت جاری رکھی جائے گی۔

    خیال رہے کہ حسن روحانی اس سے قبل جولائی میں دورہ سوئٹزرلینڈ کے دوران دنیا کو خلیج فارس سے تیل کی سپلائی بند کرنے کی دھکمی دے چکے ہیں تاہم ابھی تک اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا جارحانہ انداز اپناتے ہوئے رواں برس ایران پر دہشت گردوں اور دہشت گردی کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہوئے سنہ 2015 میں عالمی طاقتوں کی جانب سے کیا گیا جوہری معاہدہ منسوخ کردیا تھا۔

    امریکی صدرٹرمپ نے جوہری معاہدے سے دستبرداری کے بعد ایران پر ایک مرتبہ پھر اقتصادئ پابندیاں عائد کردی تھیں لیکن دیگر عالمی طاقتوں نے جوہری معاہدے کو جاری رکھا تھا۔

  • بریگزٹ معاہدہ نہ ہونا سیکورٹی کےلیے خطرناک ہوگا، برطانوی وزیر

    بریگزٹ معاہدہ نہ ہونا سیکورٹی کےلیے خطرناک ہوگا، برطانوی وزیر

    لندن : برطانوی وزیرِ سیکیورٹی نےخبردار کیا ہےکہ بریگزٹ پر کوئی معاہدہ نہ ہونا برطانیہ اور یورپی یونین کے سیکورٹی تعلقات پر نہ صرف اثر انداز ہوگا بلکہ عوام کی حفاظت کو بھی نقصان پہنچائے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ موثر سیکیورٹی کے لیے باہمی روابط بہت اہم ہیں۔

    بین ویلیس نے خظاب کرتے ہوئے کہا کہ تھریسامے کے بریگزٹ معاہدے پر برطانوی پارلیمنٹ کے اراکان آئندہ ماہ ووٹنگ کریں گے، تاریخ میں پہلی مرتبہ ایم پیز کی ووٹنگ یورپی یونین کے ساتھ سیکیورٹی تعلقات کی نئی بنیادیں رکھے گی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق لیبر پارٹی بریگزٹ معاہدے کی منسوخی کے لیے پارلیمنٹ میں قرار داد لارہے ہیں، لیکن ساتھ ہی ساتھ وہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ برطانیہ ایک دم سے یورپی یونین سے علیحدہ ہوکر افراتفری کا شکار نہ ہوجائے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ سنہ 2019 میں یورپی یونین سے علیحدہ ہوجائے گا لیکن برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے کے معاہدے کے مطابق برطانیہ اور یورپی یونین منتقلی کی مدت پوری ہونے تک مشترکا طور رپر کام کریں گے جو 31 دسمبر 2020 تک جاری رہے گی۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان علیحدگی کے لیے تیار کردہ بریگزٹ معاہدے کا مسودہ یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں منظورکرلیا گیا تھا، اسپین نے معاہدے کی مخالفت کی تھی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق برطانوی ایم پیز کی جانب سے بریگزٹ سے متعلق معاہدے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کیوں کہ ان کے مطابق اس معاہدے میں بہت کمیاں اور خامیاں ہیں۔

  • پولیس اہلکاروں نے ٹریفک قانون توڑا تو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، کراچی پولیس چیف

    پولیس اہلکاروں نے ٹریفک قانون توڑا تو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، کراچی پولیس چیف

    کراچی: پولیس چیف امیر احمد شیخ نے خبردار کیا ہے کہ پولیس اہلکار کو ہیلمٹ پہننا ہوگا اور لائسنس بھی ہمراہ رکھنا ہوگا، پولیس افسر نے ٹریفک قانون توڑا تو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس چیف امیر احمد شیخ نے پولیس والوں کے لیے حکم نامہ جاری کردیا اور ڈی آئی جی ٹریفک کو ٹریفک قوانین کے تحت ایکشن لینے کی ہدایت کردی ہے۔

    حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی پر جرمانہ بھی ہوگا اور سزا بھی دی جائے گی، اہلکار ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں، موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ کا استعمال کریں۔

    امیرشیخ نے حکم نامے میں کہا کہ پولیس افسران اورملازمین کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے پایا گیا ، افسران نہ سگنل پررکتے ہیں نہ رانگ وےرولز کی پاسداری کرتے ہیں، کسی بھی جگہ سڑک کے بیچ گاڑی کھڑی کردیتے ہیں اور ڈیوٹی پر ہوں یا آف ڈیوٹی ہیلمٹ کا استعمال بھی نہیں کرتے۔

    حکم نامے کے مطابق ہنگامی صورتحال کے علاوہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ کی جائے، پولیس والے کو ہیلمٹ بھی پہننا اور لائسنس ہمراہ رکھنا لازمی ہوگا۔

    مزید پڑھیں : کراچی پولیس چیف نے شہریوں کو ہیلمٹ کی خریداری کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دےدی

    یاد رہے چند روز قبل پولیس چیف نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے والے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا پہلے رونگ وے مہم شروع کی اب ہیلمٹ اور لائسنس کی بھرپور مہم کا آغاز کریں گے، ہیلمٹ کی خریداری کے لیےایک ہفتے کا وقت دیتے ہیں۔

    کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ میری ہیلمٹ کی دکانیں نہیں نہ کسی کا کنٹینردرآمد کرایا ہے، ہیلمٹ کی پابندی حفاظت کیلئےہےمنطق کےبجائےعمل کیا جائے۔

    اس سے قبل کراچی ٹریفک پولیس نے رانگ وے سے آنے والوں کی گرفتاری کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ گرفتاری زیر دفعہ دوسواناسی کے تحت ہوگی اور گرفتار کرکے گاڑی ضبط کرلی جائے گی۔

    ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ کےاحکامات پر ٹریفک پولیس کی جانب سے رانگ وے پر آنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کرتے ہوئے دو پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا تھا۔

    شہر بھر میں ٹریفک قوانین خصوصا رانگ وے پر آنے والی درجنوں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں ضبط کرلیں گئی تھیں۔

  • امریکہ کا پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام  پر کڑی شرائط عائد کرنے کا عندیہ

    امریکہ کا پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام پر کڑی شرائط عائد کرنے کا عندیہ

    واشنگٹن : امریکہ نے پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام پر کڑی شرائط عائد کرنے کا عندیہ دے دیا اور کہا آئی ایم ایف پاکستان کو چینی قرض کی ادائیگی کیلئے رقم نہیں دے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پاکستان کو چینی قرض اداروں کو ادائیگی کیلئے رقم فراہم نہیں کرے اور قرضہ کی ادائیگی کیلئے بیل آوٹ پیکج کا کوئی جواز نہیں بنتا، آئی ایم ایف کے تمام معاملات پر نظر ہے۔

    امریکی وزیرکا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کی نئی حکومت کے مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔

    دوسری جانب آئی ایم ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ابھی تک پاکستان کی جانب سے کوئی بیل آوٹ پروگرم کیلئے درخواست نہیں ملی ہے اور نہ ہی اس بارے میں کوئی بات چیت ہورہی ہے۔

    ایک غیر ملکی امریکی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف سے 12 ارب ڈالر قرض لینے پرغور کر رہا ہے

    خیال رہے کہ پاکستان نے چین سے 5ارب ڈالر کا قرض لے رکھا ہے اور پاکستان کو مزید ایک ارب ڈالر زرمبادلہ ذخائرکو سنبھالا دینے کے لیے درکار ہیں جبکہ پاکستان نے اب تک آئی ایم ایف سے 14 پروگرام لیے ہیں۔

    یاد رہے چند روز قبل نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے انتخابات کے بعد آئی ایم ایف پروگرام میں جانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پروگرام کے حصول کیلئے ابتدائی فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔