کراچی: ایم کیو ایم لندن کی رابطہ کمیٹی کے ممبر اور ترجمان واسع جلیل نے بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دیتے ہوئے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر متحدہ لندن کی رابطہ کمیٹی کے ممبر نے اعلان کیا کہ ’میں ایم کیو ایم کی بنیادی رکنیت سے مستعفیٰ ہورہا ہوں اور آج کے بعد سے میرا کسی سیاسی یا مذہبی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’بانی ایم کیو ایم نے جو ذمہ داریاں اور عوامی عہدے دیے اُس پر اُن کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور تنظیمی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران جو غلطیاں یا کوتاہیں ہوئیں اُن پر قیادت اور کارکنان سے معافی کا طلب گار بھی ہوں‘۔
واسع جلیل نے یہ بھی اعلان کیا کہ میں نے سیاست کو خیرباد کہہ دیا اور مستقبل میں بھی کسی سیاسی و مذہبی جماعت میں شامل نہیں ہوں گا بلکہ ایک عام پاکستانی کی طرح غیر سیاسی زندگی گزاروں گا۔
With heavy heart I tender my resignation from MQM with immediate effect. I am thankful to F&L Altaf Hussain for giving me responsibilities of member CCC/TownMayor. I Request to all Mohajirs to leave aside their differences & get united.“Iam not going to join any pol or rel org” pic.twitter.com/Sl42DCVCE2
— Wasay Jalil (@WasayJalil) April 28, 2018
واضح رہے کہ 22 اگست کی اشتعال انگیز تقریر کے بعد واسع جلیل نے رکن رابطہ کمیٹی اور پارٹی ترجمان کی حیثیت سے لندن سیکریٹریٹ میں تنظیمی امور سرانجام دیے اور وہ ایم کیو ایم پاکستان پر تنقید بھی کرتے نظر آئے تھے۔
بانی ایم کیو ایم نے گذشتہ برس لندن میں موجود رابطہ کمیٹی کے کچھ اراکین کو عہدوں سےفارغ کیا جن میں واسع جلیل بھی شامل تھے، پارٹی نے ایم کیو ایم کے سابق ترجمان سے عہدہ واپس لیا تو وہ امریکا چلے گئے اور متحدہ کے معاملات سے بالکل کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔