Tag: WASEEM AKHTAR

  • ہم کسی کا روزگارنہیں چھیننا چاہتے لیکن کراچی پرقبضہ نہیں ہونےدیں گے، وسیم اختر

    ہم کسی کا روزگارنہیں چھیننا چاہتے لیکن کراچی پرقبضہ نہیں ہونےدیں گے، وسیم اختر

    کراچی : میئرکراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ انسداد تجاوزات آپریشن کے خلاف دھرنا غیرقانونی ہے، ہم کسی کا روزگارنہیں چھیننا چاہتے لیکن کراچی پر قبضہ نہیں ہونے دیں گے، عدالتی حکم پرمن وعن عمل کریں گے، مزاحمت کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق میئرکراچی وسیم اختر کی ایمپریس مارکیٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تمام ادارے ایک صفحے پر ہیں، آپریشن کے خلاف کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کریں گے۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی کوتجاوزات کاگڑھ نہیں بننےدیں گے، کسی غریب کونقصان نہیں پہنچے گا، لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، ہم کراچی کی روشنیاں بحال کرانے آئے ہیں۔

    میئرکراچی نے کہا تجاوزارت کیخلاف آپریشن میں رینجرز کا تعاون بھی حاصل ہے، ہم لوگوں کے لیے کام کر رہے ہیں،عوام ہمارے اقدامات سے خوش ہیں، عدالتی حکم پرمن وعن عمل کریں گے، مزاحمت کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایمپریس مارکیٹ کےسامنےموٹرسائیکل پارکنگ بھی قبضہ ہے، جن علاقوں میں بھی تجاوزات کی بھرمار ہے، وہاں کارروائی کریں گے اور کراچی میں تجاوزات نہیں ہونے دیں گے،جن سے معاہدے تھے انہیں کہیں اور جگہ دیں گے، غریب بے روزگارنہیں ہوگا۔

    وسیم اختر نے کہا دکان کے لئے 6 فٹ چھپڑا لگانا غیرقانونی ہے، کارروائی کریں گے، دکان کے لئے دکان کے اوپر بورڈ لگانا غیرقانونی نہیں کارروائی کریں گے، جس طرح ماضی میں تجاوزات رہیں وہ اب نہیں ہونے دیں گے۔

    میئرکراچی کا کہنا تھا کہ ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے، جوزمینیں کےایم سی نے کرائے پردی تھیں ،انکا لائسنس کینسل کررہے ہیں، جو جگہیں ماضی میں رینٹ پردی گئی تھیں وہ معاہدے ختم کردیئے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ انسداد تجاوزات آپریشن کے خلاف دھرنا غیرقانونی ہے، ہم کسی کا روزگار نہیں چھیننا چاہتے لیکن کراچی پرقبضہ نہیں ہونے دیں گے۔

    خیال رہے کراچی کے علاقے صدر میں تجاوزات کے خلاف ہونے والے آپریشن کا آج چوتھا روزہے، بڑے پیمانے پر غیر قانونی دکانوں ، چھجوں اور سائن بورڈز کے خلاف کاروائی جاری ہے۔

  • ایمپریس مارکیٹ کےگردونواح کو ماڈل ایریا بنانےکی کوشش کریں گے‘ وسیم اختر

    ایمپریس مارکیٹ کےگردونواح کو ماڈل ایریا بنانےکی کوشش کریں گے‘ وسیم اختر

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ فٹ پاتھ لوگوں کے چلنے کی جگہ ہے، زبر دستی کا متبادل نہیں دیں گے، فلاحی اداروں کو چاہیے فٹ پاتھ خود خالی کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئروسیم اختر نے کہا کہ آ ئل ٹینکرزسے متعلق ہم اپنا کام مکمل کرچکے ہیں، چیف جسٹس نے آئل ٹرمینلزکے معاملات کے لیے 2 ہفتے دیے۔

    وسیم اختر نے کہا کہ چیف جسٹس نے کراچی کوتجاوزات سے پاک کرنے کی ہدایت کی، ایمپریس مارکیٹ کے گردونواح کو ماڈل ایریا بنانے کی کوشش کریں گے۔

    میئرکراچی نے مزید کہا کہ فٹ پاتھ لوگوں کے چلنےکی جگہ ہے، زبر دستی کا متبادل نہیں دیں گے، فلاحی اداروں کو چاہیے فٹ پاتھ خود خالی کردیں۔

    سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں کراچی سے تجاوزات کے خاتمے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ میئرکراچی وسیم اختر، ایڈیشنل آئی جی کراچی امیرشیخ اور دیگر حکام سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 15 دن میں کراچی سے تجاوزات کے مکمل خاتمے کا حکم دے دیا۔

  • کراچی میں کچرا اٹھاتے ہیں اگلےہفتے پھربھرجاتا ہے‘ وسیم اختر

    کراچی میں کچرا اٹھاتے ہیں اگلےہفتے پھربھرجاتا ہے‘ وسیم اختر

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر قبضہ ہے، کے ایم سی کے پاس اختیارات کی کمی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میئرکراچی وسیم اختر نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات سے متعلق تحفظات ہیں، انتظامی امورپرچیف جسٹس کے تحفظات درست ہیں۔

    وسیم اختر نے کہا کہ کراچی میں کچرا اٹھاتے ہیں اگلے ہفتے پھر بھر جاتا ہے، کچرے کو تلف کرنے، سیوریج نظام میں بہتری کی ضرورت ہے۔

    میئرکراچی نے کہا کہ سڑکوں پر قبضہ ہے، کے ایم سی کے پاس اختیارات کی کمی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کوارٹرزخالی کرانے کے دوران پولیس کا رویہ مناسب نہیں تھا، ایسے معاملات مذاکرات سے حل ہوتے ہیں۔

    وسیم اختر نے کہا کہ پاکستان کوارٹرز کے لوگوں پر یلغار کی گئی، پاکستان کوارٹرز کا معاملہ وفاقی حکومت کا ہے۔

    میرے پاس مشینری نہیں شہر کا کچرا نہیں اٹھا سکتا‘ وسیم اختر

    یاد رہے کہ رواں سال 18 مارچ کو میئر کراچی وسیم اخترکا کہنا تھا کہ میں شہر کا کچرا نہیں اٹھا سکتا کیوں کہ میرے پاس مشینری اور دیگر آلات نہیں ہیں، کراچی کا مینڈیٹ میرے پاس جبکہ اختیارات کسی اور کے پاس ہے۔

    وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ سالڈویسٹ مینجمنٹ بورڈ کچرا اٹھانے کا ذمہ دار ہے میں نہیں، سربراہ واٹرکمیشن سالڈویسٹ مینجمنٹ بورڈ سے متعلق فیصلہ کریں گے۔

  • اشتعال انگیز تقریر، 21 مقدمات میں مئیر کراچی وسیم اختر، فاروق ستار سمیت دیگر رہنماؤں پر فردجرم عائد

    اشتعال انگیز تقریر، 21 مقدمات میں مئیر کراچی وسیم اختر، فاروق ستار سمیت دیگر رہنماؤں پر فردجرم عائد

    کراچی : اشتعال انگیز تقریرسے متعلق مقدمات میں مئیر کراچی وسیم اختر، فاروق ستار، عامر خان ،خواجہ اظہارپر فردجرم عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی میں میڈیا ہاؤسز پر حملے اور اشتعال انگیزتقریرکے مقدمات کی سماعت ہوئی،عامرخان، فاروق ستار، قمر منصور، خواجہ اظہار و دیگرعدالت میں پیش ہوئے۔

    اشتعال انگیز تقریر سے متعلق اکیس مقدمات میں مئیر کراچی وسیم اختر، ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار، عامرخان، خواجہ اظہار،رؤف صدیقی، قمر منصور اور ریحان ہاشمی پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

    فاروق ستار، میئر کراچی اور دیگر نے یک زبان صحت جرم سے انکار کیا، جس پر عدالت نے اکیس مقدمات میں گواہوں کو طلب کرلیا۔

    دس نومبرکو آئندہ سماعت پر مزید پانچ مقدمات میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔

    عدالت نے ملزم ارشد،اشرف نور،جہانگیر،حسن عالم کی عدم پیشی پرشدید برہمی کا اظہار کیا ، ارشادبندھانی ایڈووکیٹ نے کہا تمام ملزمان کوپابندکیاتھاوہ لازمی آئیں۔

    عدالت نے کہا کہ یہ عدالت ہےہرسماعت پرکوئی نہ کوئی غیرحاضرہوتاہے، سب غیر حاضر ملزمان کی ضمانت منسوخ کرکےجیل بھیجا جائے گا۔

    ملزم ارشد تاخیرسے پیش ہوا، جسے عدالت نےگرفتارکرکے جیل بھجوادیا۔

  • اختیارات کے مسائل پر کوئی جھگڑا نہیں ہوگا: وزیر بلدیات و میئر کراچی

    اختیارات کے مسائل پر کوئی جھگڑا نہیں ہوگا: وزیر بلدیات و میئر کراچی

    کراچی: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی اور میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ اختیارات کے جو مسائل ہیں ان پر کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ سعید غنی اور میئر کراچی وسیم اختر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

    میئر کراچی کا کہنا ہے کہ مل کر آگے بڑھیں گے تو مسائل حل کرنے میں کامیاب ہوں گے، جو بھی مسائل ہیں ان کے حل کے لیے بھرپور معانت کروں گا۔ ہم نے آگے بڑھنا تاکہ عوام کو ریلیف ملے۔

    میئر نے کہا کہ جو بھی مسائل ہیں ان کے حل کے لیے بھرپور معاونت کروں گا، وزیر بلدیات سندھ سے اچھے ماحول میں گفتگو ہوئی۔ پرامید ہوں مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

    وزیر بلدیات سعید غنی کا کہنا تھا کہ ایک تاثر تھا کہ وزیر بلدیات سندھ میئر سے ملاقات نہیں کرتے، وسیم اختر سے ملاقات کے بعد یہ تاثر ختم ہوجانا چاہیئے۔ ملاقاتوں کا سلسلہ ابھی شروع کیا پہلی ملاقات میئر کراچی سے ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ باقی شہروں میں جا کر دیگر منتخب نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کروں گا، میئر کراچی سے ہماری بات چیت ہوتی رہی ہے۔ ناراضی کا کوئی ایشو نہیں ہے ہماری ملاقات اچھے ماحول میں ہوئی۔

    وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ میئر کراچی کو یقین دہانی کروائی کوئی زیادتی نہیں ہوگی، میئر کراچی یا صوبائی وزیر کسی جماعت کا نہیں عوام کے ہیں۔ اختیارات کے جو مسائل ہیں ان پر کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ قانون میں موجود جو چیزیں ہیں وہ میئر کراچی کو فراہم کی جائیں گی، جو نظام ہمارے پاس موجود ہے اس میں رہتے ہوئے کام کریں گے۔ شہریوں کے مفادات پر میری میئر کراچی سے کوئی لڑائی نہیں۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہم نے مل کر آگے بڑھنا ہے کوئی کسی بھی جماعت سےتعلق رکھتا ہو، کراچی کے مسائل اولین ترجیح ہے، مل کر مسائل حل کریں گے۔

    وزیر بلدیات نے کہا کہ بلدیاتی مسائل موجودہ قانون کے ماتحت ہی حل کر سکتے ہیں، جو قانون کے تحت میئر کے اختیارات نہیں اس پر بعد میں بات ہوگی، جو اختیارات ہیں اور میئر کو نہیں مل رہے دلانے کی کوشش کروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ مل کر اپنی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ذمہ داریاں نبھائیں گے، اسمبلی اس قانون کو پاس کرتی ہے جسے وہ بہتر سمجھتی ہے۔ موجودہ قانون میں مزید بہتری کے لیے طریقہ کار موجود ہے، ’مضبوط بلدیاتی نظام کا حامی ہوں‘۔

  • کے فور منصوبے کیلئے وفاق فنڈ دے، جلد پیسے ملیں گے تو کام شروع ہوگا: میئر کراچی

    کے فور منصوبے کیلئے وفاق فنڈ دے، جلد پیسے ملیں گے تو کام شروع ہوگا: میئر کراچی

    کراچی: شہرقائد کے میئر وسیم اختر نے کہا ہے کہ کے فور منصوبے کے لیے وفاق فنڈ دے، جلد پیسے ملیں گے تو کام شروع ہوگا، اب گیند وفاقی حکومت کی کورٹ میں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، وسیم اختر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات امید افزا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے کہا کراچی کے مسائل جلد حل کیے جائیں، اب گیند وفاقی حکومت کی کورٹ میں ہے، شہر کو مسائل سے نکالیں گے۔

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ کچرے کی وجہ سے کراچی میں لوگ بیمار ہورہے ہیں، شہر میں کچرے کا مسئلہ سنگین ہے اسے جلد حل کرنے کی ضرورت ہے۔

    ایم کیو ایم نے وزیرِ اعظم عمران خان کو لاپتا افراد کی فہرست پیش کر دی

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جو بنگالی کراچی میں پیدا ہوئے ان کے مسائل حل ہونے چاہئیں، شناخت کے لیے انہیں دربدر کی ٹھوکریں کھانا پڑتی ہیں۔

    خیال رہے کہ آج کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے وزیرِ اعظم سے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ملاقات کی، وفد نے دیگر مطالبات کے ساتھ ساتھ وزیرِ اعظم عمران خان کو اپنے لاپتا کارکنوں کی فہرست بھی دی۔

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے، انھوں نے دورے کا آغاز مزارِ قائد پر حاضری سے کیا، کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد وہ مزار قائد گئے۔

  • امید ہے قائداعظم کے وژن کے مطابق پالیسیاں بنائی جائیں گی ‘ وسیم اختر

    امید ہے قائداعظم کے وژن کے مطابق پالیسیاں بنائی جائیں گی ‘ وسیم اختر

    کراچی : میئرکراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کراچی ترقی کرےگا تو پاکستان ترقی کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے بابائے قوم محمد علی جناح کی برسی کے دن مزار قائد پرحاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

    مزار قائد پرحاضری کے بعد وسیم اختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ بلدیہ سے متعلق13مئی کو مطالبہ کیا جوڈیشل انکوائری کی جائے، ہم پرجھوٹےمقدمے بنائے گئے اس کے باوجود پیش ہوتے ہیں۔

    میئرکراچی نے کہا کہ ڈیم بنانے سے متعلق وفاقی حکومت کوشش کررہی ہے، امید ہے پانی کے مسائل کے حل کے لیے ڈیم بنائے جائیں گے، چھوٹے اوربڑے ڈیم بننے سے پانی کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ صوبائی وفاقی منصوبے کراچی میں وقت پرنہ شروع ہوتے ہیں نہ مکمل ہوتے ہیں، مسائل کے حل کے لیے کراچی کو کم ازکم 9 ارب چاہئیں۔

    میئرکراچی نے کہا کہ پہلے بھی کراچی کے لیے اسکیمیں وفاق وصوبائی حکومت کو دیں، امید ہے اس حکومت میں جواسکیمیں دوں گا اس پرعمل ہوگا۔

    قائداعظم کے آٹھ ایسے فرمودات‘ جن پرآج بھی عمل کی ضرورت ہے

    واضح رہے کہ آج بانی ٔ پاکستان محمد علی جناح کی 70 ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے۔

  • میئر کراچی نے ہل پارک کی زمین پر قبضے کا نوٹس لے لیا، متعلقہ افسر معطل

    میئر کراچی نے ہل پارک کی زمین پر قبضے کا نوٹس لے لیا، متعلقہ افسر معطل

    کراچی: شہر قائد کے میئر وسیم اختر کی جانب سے ہل پارک کی زمین پر قبضے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسر کو معطل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی نے شہر کے ہل پارک کی زمین پر قبضے کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے کے ایم سی کے ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس محمد ندیم کو معطل کر دیا۔

    میئر کراچی وسیم اختر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پارک کی پہاڑیاں کاٹ کر قبضے کی کوششیں جاری تھیں جس کے خلاف نوٹس لیا اور متعلقہ افسر کو معطل کیا۔

    نیب کا وزیرِ دفاع، اسپیکر سندھ اسمبلی اور میئر کراچی کے خلاف انکوائری کا اعلان

    ان کا کہنا تھا کہ آئندہ کے ایم سی کی املاک پر جہاں بھی تجاوزات قائم ہوں گی، متعلقہ افسران کو معطل کر دیا جائے گا۔

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ معطل ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم ہل پارک میں تجاوزات قائم کرانے کا ذمہ دار ثابت ہوئے۔

    وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ پی ای سی ایچ ایس آفس ہل پارک کی حدود میں لیز جاری کرنے سے باز رہے، شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

    خیال رہے کہ ہل پارک پر قبضے اور اس پر غیر قانونی تعمیرات میں کے ڈی اے افسران اور اس کے ملازمین کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ ڈائریکٹر جنرل پارکس نے میٹروپولٹن کمشنر کو خط لکھ دیا۔

  • عمران خان ہماری حمایت کے بغیر وزیراعظم نہیں بن سکتے، وسیم اختر اور فیصل سبزواری

    عمران خان ہماری حمایت کے بغیر وزیراعظم نہیں بن سکتے، وسیم اختر اور فیصل سبزواری

    کراچی : شہر قائد کے مئیر وسیم اختر اور فیصل سبز واری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما اپنی قیادت سے پوچھیں کہ ایم کیو ایم کی کیا اہمیت ہے، عمران خان ہماری حمایت کے بغیر وزیر اعظم نہیں بن سکتے۔

    یہ بات انہوں نے پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی کے حالیہ بیان پر اپنے ردعمل میں کہی۔ کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم اپنے میئر کراچی کی وجہ سے الیکشن میں ہاری۔

    گزشتہ 35سال میں متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی والوں سے بہت سارے وعدے کئے گئےجو کبھی پورے نہیں ہوئے، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مجبوری میں ایم کیوایم کے پاس گئی کیونکہ تحریک انصاف کو وفاق میں اپنے نمبرز  پورے کرنے تھے، وہ متحدہ پر لگائے گئے اپنے الزامات پر تاحال قائم ہیں۔

    فردوس شمیم نقوی کے بیان پر مئیر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما محض اپنا سیاسی قد بڑھانے کیلئے مجھے تنقید کا نشانہ بناتےہیں، فردوس شمیم نقوی اپنی قیادت سے پوچھیں کہ ایم کیو ایم وفاق میں حکومت بنانے کیلئے کتنی اہمیت رکھتی ہے؟

    اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ کے مرکزی رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام کو مایوس کیا، اس لیے ہم نے تحریک انصاف سے اتحاد کیا، ہماری حمایت کے بغیر عمران خان وزیراعظم نہیں بن سکتے، اگر یہی معاملات رہے تو آئندہ ساتھ چلنے میں مشکلات پیدا ہوتی رہیں گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیوایم نے بھی مجبوری کی حالت میں پی ٹی آئی سے ہاتھ ملایا ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ مجبوریوں کے بجائے منصوبوں کا ذکر ہونا چاہئے، ہمیں مل کر سندھ کے مسائل حل کرنے ہیں۔ خواجہ اظہار الحسن نے عمران خان اور جہانگیر ترین سے مطالبہ کیا کہ وہ فردوس شمیم نقوی کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کریں

    قبل ازیں فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس پی، اے پی ایم ایل کے سیکڑوں کارکنان نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے، کراچی میں صاف اور شفاف انتخابات ہوئے۔

  • پی ایس پی ٹیسٹ ٹیوب بے بی ہے، ڈولفن جیسے معصوم جانور کو بدنام کیا،میئر کراچی

    پی ایس پی ٹیسٹ ٹیوب بے بی ہے، ڈولفن جیسے معصوم جانور کو بدنام کیا،میئر کراچی

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے مصطفی کمال پر تنقید کرتے ہوئے کہا پی ایس پی ٹیسٹ ٹیوب بے بی ہے، ڈولفن جیسے معصوم جانور کو بدنام کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چائنیز قونصل جنرل نے کے ایم سی عباسی شہید اسپتال کو جدید ایمبولینس کا عطیہ دیا ، اس موقع پر میئر کراچی
    نے کہا کہ ایمبولنس کے عطیے پر چائنیز قونصل جنرل کا شکر گزار ہوں۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ عباسی شہید اسپتال کواپ گریڈ کرنے کے لئے مزید عطیات درکار ہیں، ایم ایس عباسی اسپتال کو چاہئے ایمبولنس کو اچھی حالت میں رکھیں،میئرکراچی

    انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ابھی معاملات پروسس میں ہیں، عوام کو دیکھنا ہے، بڑے بڑے دعوے کرنے والے کیا کرتے ہیں۔

    میئر کراچی نے مصطفیٰ کمال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی شروع ہونے کا چٹکلہ چھوڑنے والوں کو دیکھ کرہنسی آتی ہے، پی ایس پی ٹیسٹ ٹیوب بے بی ہے، ڈولفن جیسے معصوم جانور کو بدنام کرایا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔