کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے آغا سراج درانی اور میئر کراچی وسیم اختر کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی نیب کراچی نے مختلف کیسوں میں تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، میئر کراچی وسیم اختر اور کے ایم سی افسران کے خلاف انکوائری ہوگی جبکہ سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف تین انکوائریز کا حکم دیا گیا ہے۔
سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں، غیر قانونی بھرتیوں اور ایم پی اے ہاسٹل، سندھ اسمبلی بلڈنگ کی تعمیر میں کرپشن کی تحقیقات ہوں گی۔
ڈی جی نیب نے کراچی کو جاری 36 ارب کے فنڈ میں کرپشن کی انکوائری کا حکم دیا ہے، میئر کراچی وسیم اختر اور کے ایم سی افسران کے خلاف انکوائری ہوگی۔
نیب ذرائع کے مطابق 2015 سے 2018 تک کراچی کے ترقیاتی اخراجات زیادہ دکھائے گئے جبکہ ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے خلاف بھی انکوائری ہوگی، افتخار قائم خانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات ہوں گی۔
نیب نے ایس ایس پی فرید جان سرہندی کے خلاف بھی انکوائری کا فیصلہ کیا ہے، ان پر پولیس میں غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے۔