Tag: Washington

  • واشنگٹن ڈی سی میں اسرائیلی سفارتخانے کے 2 اہلکار قتل

    واشنگٹن ڈی سی میں اسرائیلی سفارتخانے کے 2 اہلکار قتل

    واشنگٹن: امریکا میں اسرائیلی سفارتخانے کے 2 اہلکاروں کو قتل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں اسرائیلی سفارتخانے کے اہلکار قتل ہو گئے، اہلکاروں پر یہودی میوزیم کے باہر اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ میوزیم سے باہر آ رہے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی سفارت کاروں کو قتل کرنے کے بعد قاتل نے ’’فری فلسطین‘‘ کے نعرے لگائے، پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے۔

    ڈی سی پولیس نے بتایا کہ مقتول سفارتی اہلکار ایک نوجوان جوڑا ہے، جو جیوش میوزیم میں ایک تقریب سے نکل رہے تھے، انھوں نے مزید کہا کہ واقعہ ٹارگٹڈ لگتا ہے۔ اہلکاروں پر فائرنگ ایک ایسے علاقے میں کی گئی ہے، جہاں متعدد سیاحتی مقامات، عجائب گھر اور سرکاری عمارتیں واقع ہیں، جن میں ایف بی آئی کا واشنگٹن فیلڈ آفس بھی شامل ہے۔

    پولیس نے حملہ آور کی شناخت جاری کر دی ہے، 30 سالہ حملہ آور ایلیاس روڈریگیز کا تعلق شکاگو سے ہے، میٹروپولیٹن پولیس ڈپارٹمنٹ کی سربراہ پامیلا اسمتھ نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ فائرنگ سے قبل روڈریگز کو میوزیم کے باہر گھومتے ہوئے دیکھا گیا تھا، فائرنگ کے بعد وہ میوزیم کے اندر گیا لیکن اسے سیکیورٹی نے روک دیا۔

    پولیس کے مطابق حملہ آور کی فائرنگ کے وقت وہاں چار افراد کا گروپ جا رہا تھا، جن میں سے دو نشانہ بن گئے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی سفارتکاروں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے، اور کہا ہے کہ نفرت اور بنیاد پرستی کی امریکا میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

  • امریکا یورپ تجارتی کشیدگی، اطالوی وزیرِ اعظم واشنگٹن پہنچ گئیں

    امریکا یورپ تجارتی کشیدگی، اطالوی وزیرِ اعظم واشنگٹن پہنچ گئیں

    امریکا اور یورپ کے درمیان تجارتی کشیدگی کم کرنے کے ارادے سے اطالوی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی واشنگٹن پہنچ گئیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اطالوی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں یورپی اشیاء پر امریکی ٹیرف سے متعلق بات کریں گی۔

    اس حوالے سے جاپانی وفد نے بھی امریکا میں ڈیرے ڈال لیے ہیں، ٹرمپ سے ٹریف معاملات پر بات چیت ہوئی۔

    صدر ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا سائٹ پر ملاقات کی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن لکھا ”جاپانی وفد سے ملاقات ایک بہت بڑا اعزاز تھی“۔

    واضح رہے کہ یورپی یونین نے امریکی ٹیرف کے جواب میں 25 فیصد ڈیوٹی عائد کر دی ہے۔ امریکی مصنوعات پر جوابی تجارتی اقدامات کے تحت 25 فیصد ٹیرف اطلاق 15 اپریل سے ہوچکا ہے۔

    یورپی یونین کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کے ٹیرف پر امریکا پر تجارتی جوابی اقدامات کیے جائیں گے۔ یورپی یونین کے ممالک 15 اپریل سے امریکی مصنوعات پر ڈیوٹی وصول کرنا شروع کر دیں گے لیکن امریکا متوازن تجارتی تعلقات پر راضی ہوتا ہے تو ٹیرف معطل بھی کیا جا سکتا ہے۔

    جی سیون ممالک نے عالمی مالیاتی استحکام کیلئے تعاون کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ جاپان نے بھی عالمی مالیاتی استحکام کیلئے کینیڈا کی سربراہی میں جی سیون ممالک سے اظہاریکجہتی کیا ہے۔ جاپانی وزیرخزانہ نے کینیڈین ہم منصب سے رابطہ کر کے مکمل ساتھ دینے کا یقین دلایا ہے۔

    ٹیرف جنگ، امریکی مرکزی بینک کے سربراہ کا بڑا بیان

    امریکی ٹیرف کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں مزید گراوٹ کا شکار ہیں۔ چین کی جانب سے امریکی اشیا پر محصولات بڑھانے کے اقدام پر آئل مارکیٹ میں بھونچال کی صورتحال ہے۔

  • ٹرمپ، زیلنسکی کی آج ہونیوالی ملاقات میں معدنیات کا معاہدہ ہونے کا امکان

    ٹرمپ، زیلنسکی کی آج ہونیوالی ملاقات میں معدنیات کا معاہدہ ہونے کا امکان

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یوکرین روس جنگ کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں، آج ٹرمپ زیلنسکی ملاقات میں معدنیات کا معاہدہ ہونے کا امکان ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا اور یوکرین ایک معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں، جس کے تحت یوکرین اپنی زمینی معدنیات اور دیگر قدرتی وسائل تک امریکا کو رسائی دے گا۔

    اس پیشرفت کا تعلق یوکرین کی روس کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ تعلقات کی بحالی اور مزید امریکی امداد کی امید سے جوڑا جا رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق گذشتہ کئی ہفتوں سے امریکی انتظامیہ کی جانب سے یوکرین پر اس معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے اور اسی سبب دونوں ممالک کے صدور کے درمیان تعلقات میں تناؤ بھی دیکھا گیا تھا۔

    ٹرمپ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جنگ کا جلد خاتمہ چاہتے ہیں، برطانوی وزیر اعظم کو یوکرین جنگ ختم کرنے کی کوششوں سے آگاہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یوکرین کے صدر زیلنسکی سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوگی، جہاں معدنیات نکالنے کے معاملے پر معاہدہ ہونے جا رہا ہے، یہ معاہدہ یوکرین اور امریکا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

    یوکرین کے پاس کون سی معدنیات ہیں؟

    یوکرین کے سرکاری اندازوں کے مطابق دنیا بھر میں پائی جانے والی نایات معدنیات کا بڑا ذخیرہ یوکرین میں موجود ہے جس میں گریفائٹ کے 19 ملین ٹن کے ذخائر بھی موجود ہیں۔ یوکرین کی جیولوجیکل سروے ایجنسی کے مطابق اُن کا ملک یہ معدنیات سپلائی کرنے والے ’دنیا کے پانچ بڑے ممالک میں سے ایک ہے۔‘

    واضح رہے گریفائٹ کا استعمال الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹریاں بنانے کے لیے ہوتا ہے، اس کے علاوہ یوکرین کے پاس لیتھیئم کے ذخائر بھی موجود ہیں جس سے کرنٹ بیٹریاں بنتی ہیں۔ اس سے قبل روس کے حملے سے پہلے دنیا بھر میں استعمال ہونے والی اہم معدنیات ٹائٹینیم کا سات فیصد حصہ بھی یوکرین سے آ رہا تھا۔

    ٹائٹینیم ایک ایسی دھات ہے جس کا استعمال ہوائی جہاز بنانے سے لے کر پاور سٹیشنز کی تعمیر تک میں ہوتا ہے۔

    اس کے علاوہ یوکرین میں ایسی 17 نایاب معدنیات اور بھی موجود ہیں جن کا استعمال ہتھیار، پن چکیاں اور متعدد برقی مصنوعات بنانے میں ہوتا ہے۔

    تاہم یوکرین کے کچھ معدنی ذخائر پر روس نے بھی قبضہ کیا ہوا ہے۔ یوکرین کی وزیرِ معیشت یولیا سوریدینکو کے مطابق معدنیات کے 350 ارب ڈالر کے ذخائر اُن مقامات پر ہیں جہاں روس کا قبضہ ہے۔

  • واشنگٹن: طیارے اور فوجی ہیلی کاپٹر کے ٹکرانے کی ویڈیو سامنے آ گئی

    واشنگٹن: طیارے اور فوجی ہیلی کاپٹر کے ٹکرانے کی ویڈیو سامنے آ گئی

    واشنگٹن: امریکا میں واشنگٹن کے قریب ایک مسافر طیارے اور فوجی ہیلی کاپٹر کے ٹکرانے کی ہولناک ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔

    ارتھ کیم ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے قریب دریائے پوٹومیک پر مسافر جیٹ طیارہ بھیانک حادثے کا شکار ہو رہا ہے۔

    تربیتی پرواز پر موجود مشہور زمانہ فوجی ہیلی کاپٹر بلیک ہاک کی تیز بلیڈ کی زد پر آ کر مسافر طیارے کے دو ٹکڑے ہو گئے تھے، اور طیارہ دریا میں جا گرا تھا، طیارے کے ٹکڑے دریا سے نکال لیے گئے ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق طیارے میں عملے کے 4 افراد سمیت 64 مسافر سوار تھے، جب کہ ہیلی کاپٹر میں 3 فوجی موجود تھے، ریسکیو حکام نے اب تک 20 افراد کی لاشیں نکالی ہیں، اور ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کسی کے زندہ بچنے کی امید نہیں ہے۔

    واشنگٹن : مسافر طیارہ فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرا کر تباہ

    حکام کا کہنا ہے کہ رونالڈ ریگن ایئرپورٹ کو جمعے تک بند کر دیا گیا ہے، جب کہ امریکی صدر نے حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ صورتِ حال کی نگرانی کر رہا ہوں، ریسکیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتا ہوں، جیسے ہی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی فراہم کی جائیں گی۔

  • عالمی مارکیٹ سے اپنی شرائط پر قرضے لیں گے، وزیر خزانہ

    عالمی مارکیٹ سے اپنی شرائط پر قرضے لیں گے، وزیر خزانہ

    واشنگٹن : وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب نے کہا ہے کہ آئندہ مقامی اور عالمی مارکیٹ سے اپنی شرائط پر قرضے لیں گے۔

    یہ بات انہوں نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کو ترقی پذیر ممالک کیلئے کلائمیٹ فنانسنگ میں رعایت دینی ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں وقت کے ساتھ جدت لائی جارہی ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام وقت کی ضرورت تھا اور اب بھی ہے۔

    عالمی مالیاتی ادارے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ امریکا میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف نمائندوں سے ملاقاتیں کیں آئی ایم ایف کے ساتھ بہت تعمیری بات چیت ہوئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں میں پاکستان میں مہنگائی میں کمی اور بنیادی شرح سود میں کمی کو سراہا گیا، تمام اداروں نے پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    وزیر خزانہ نے کہا کہ امریکا میں سعودی وزیر خزانہ سمیت دیگر ممالک سے بات چیت مثبت رہی، اس سال غیر ملکی پاکستانیوں کی طر ف سے ترسیلات زر چونتیس ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔

    وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ امریکا میں بزنس کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے، تمام ریٹنگ ایجنسیاں بھی کہہ رہی ہیں کہ پاکستان درست معاشی سمت پر گامزن ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری کیلئے ہمیں مشکل فیصلے کرنا ہوں گے، کوشش ہوگی کہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو، ورلڈ بینک پاکستان کو قرض نہیں ،گرانٹ دے گا،

    وزیرخزانہ نے کہا کہ نان فائلرز کو گاڑی اور جائیداد خریدنے پر پابندی کیلئے قانون سازی کی ضرورت ہے، معیشت کے ڈی این اے کو تبدیل کرنا ہوگا جس میں درآمدات پر انحصار کم ہو۔

    انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے اور اسلام آباد ایئرپورٹ سب سے پہلے نجی شعبے کے حوالے کررہے ہیں، آئی ٹی اور زراعت میں 90 فیصد سے زیادہ تعلق صرف پاکستان سے ہے۔

    آئی ٹی اور زراعت کا آئی ایم ایف پروگرام کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر11 ارب ڈالر سے اوپر جا چکے ہیں۔

     

  • اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے

    اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے

    واشنگٹن: اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے ہیں۔

    الجزیرہ کے مطابق اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ امریکی صدر جو بائیڈن سے پیر کو ملاقات کریں گے، توقع کے مطابق ملاقات کے دوران غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    اردن کے سرکاری میڈیا پر چند دن قبل ایک ویڈیو آئی تھی جس میں بادشاہ عبداللہ دوم کو غزہ کو فضا سے طبی سامان پہنچانے میں ذاتی طور پر مدد کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا، یہ امریکی دورہ اس کے بعد سامنے آیا ہے۔

    دورے کی میزبانی وائٹ ہاؤس کر رہا ہے، جس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں رہنما غزہ میں ’بحران کے پائیدار خاتمے کی کوششوں‘ کے ساتھ ساتھ اردن اور امریکا کے درمیان ’مضبوط دوطرفہ تعلقات‘ پر بھی بات کریں گے۔

    دو طرفہ تعلقات کے سلسلے میں گفتگو میں اردن کے شمال مشرق میں ایک امریکی فوجی اڈہ بھی شامل ہے، جسے ٹاور 22 کہا جاتا ہے، جہاں جنوری میں ایک ڈرون حملے میں 3 امریکی فوجی مارے گئے تھے۔

    یہ اڈہ شام اور عراق کی سرحدوں کے قریب واقع ہے، عراقی فوج کے ترجمان کے مطابق امریکا نے اپنے فوجیوں کے اس علاقے سے انخلا پر بات چیت دوبارہ شروع کر دی ہے۔

  • پاکستانی سفارت خانے کی ملکیت تاریخی اور قیمتی عمارت فروخت، خریدار کون؟

    پاکستانی سفارت خانے کی ملکیت تاریخی اور قیمتی عمارت فروخت، خریدار کون؟

    واشنگٹن: پاکستانی سفارت خانے کی ملکیت تاریخی اور قیمتی عمارت فروخت کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی شہر واشنگٹن میں قائم پاکستان سفارتخانے کی تاریخی عمارت فروخت کر دی گئی، یہ عمارت بولی میں پاکستانی امریکی بزنس مین حفیظ خان نے خرید لی ہے۔

    یہ عمارت نئی ایمبیسی بننے کے بعد 2003 سے خالی پڑی ہوئی تھی، عمارت نہ صرف مخدوش حالت میں تھی بلکہ اس کا خصوصی اسٹیٹس بھی واپس لے لیا گیا تھا۔

    دوسری طرف حکومتِ پاکستان کی جانب سے ٹیکس کی مد میں لاکھوں ڈالر ادا کرنے پڑ رہے تھے، عمارت کی فروخت کے لیے بولی لگائی گئی اور یہ 7.1 ملین ڈالر میں فروخت ہوئی، جب کہ اس سے قبل اس عمارت کی بولی 6.8 ملین ڈالر لگائی گئی تھی۔

    پاکستانی سفیر سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ عمارت فروخت کرنے کا فیصلہ پاکستانی حکومت کا تھا اور فروخت کا تمام عمل وزارت خارجہ کی ہدایات کے مطابق مکمل کیا گیا۔

  • مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس  کے خلاف واشنگٹن میں ڈیجیٹل ٹرک پر آگاہی مہم

    مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس کے خلاف واشنگٹن میں ڈیجیٹل ٹرک پر آگاہی مہم

    واشنگٹن: امریکا میں بھارت کے مذموم مقاصد کے تحت مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس کے خلاف ڈیجیٹل ٹرک مہم کے ذریعے شدید مذمت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس کے خلاف واشنگٹن میں ڈیجیٹل ٹرک پر آگاہی مہم چلائی گئی، ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم نے واشنگٹن میں آگاہی مہم کے لیے ڈیجیٹل ٹرک کا اہتمام کیا۔

    ڈیجیٹل ٹرک سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مذموم مقاصد کو بے نقاب کیا گیا، اور پیغام دیا گیا کہ جی 20 اجلاس اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہے۔

    ڈیجیٹل ٹرک پر مطالبہ کیا گیا کہ کشمیریوں کی نسل کشی اور ہندوتوا فاشزم ختم کی جائے۔ ڈیجیٹل ٹرک نے کپیٹل ہل، وائٹ ہاؤس اور بھارتی سفارت خانے کے سامنے پڑاؤ کیا۔

  • جاسوسی غبارہ تباہ کرکے بتادیا کہ ہم کیا کرسکتے ہیں، جوبائیڈن

    جاسوسی غبارہ تباہ کرکے بتادیا کہ ہم کیا کرسکتے ہیں، جوبائیڈن

    واشنگٹن : امریکی صدر جوبائئیڈن نے کہا ہے کہ امریکا کی فضائی حدود کی خلاف کرنے والے جاسوسی غبارے کو گرا کر ہم نے بتا دیا ہے کہ ہم مزید کیا کرسکتے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں واقع کیمپ ڈیوڈ سے وائٹ ہاوس واپسی پر صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہی ان کا کہنا تھا کہ چین سے امریکہ کی جاسوسی ہی کی توقع رکھی جاسکتی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں کہ کیا غبارے کا واقعہ امریکہ اور چین تعلقات کو کمزور کرے گا؟ کے جواب میں بائیڈن نے کہا کہ نہیں ہم نے چین پر صرف یہ واضح کیا ہے کہ ہم کیا کچھ کرسکتے ہیں۔

    وہ ہماری پوزیشن کو سمجھ رہے ہیں ہم بالکل بھی پیش قدمی نہیں کریں گے، ہم نے وہی کیا ہے جو کرنا ضروری تھا، کمزور کرنے یا مضبوط بنانے کی بات نہیں یہ صرف ایک حقیقت ہے”

    بائیڈن نے کہا کہ غبارے کو اس وجہ سے نہیں گِرایا گیا کہ رائے عامہ کو پتا چل گیا تھا بلکہ غبارے کے امریکی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی میں نے موزوں وقت پر اور جلد از جلد اسے گرانے کے احکامات جاری کر دئیے تھے۔

    اس سوال کے جواب میں امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا کہ یہ چین پر اعتماد کا مسئلہ نہیں ہے۔ بلکہ مسئلہ یہ فیصلہ کرنے کاہے کہ ہم کن شعبوں میں چین کے ساتھ مل کر کام کر سکتے ہیں اور کن شعبوں میں ہمیں اس سے اختلاف ہے۔

  • جڑواں بھائیوں نے بچے کے سامنے باپ کو پیٹ پیٹ کر جان سے مار دیا

    جڑواں بھائیوں نے بچے کے سامنے باپ کو پیٹ پیٹ کر جان سے مار دیا

    واشنگٹن: امریکا میں جڑواں بھائیوں نے بچے کے سامنے اس کے باپ کو پیٹ پیٹ کر جان سے مار دیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست واشنگٹن میں ایک باپ کو جڑواں بھائیوں نے مبینہ طور پر اس کے معصوم بیٹے کے سامنے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔

    حکام کے مطابق 36 سالہ شان شیا 30 اگست کو 7 سالہ بیٹے اور بیوی کے ہمراہ ایک ہوٹل میں شادی میں شریک تھا، جب افسوس ناک واقعہ پیش آیا، دو جڑواں بھائی آئے اور شان شیا کو پیٹنا شروع کر دیا۔

    قاتلوں میں 32 سالہ الیگزینڈر وان ڈورین (تصویر میں دائیں) اور اس کا جڑواں بھائی نکولس وان ڈورین (تصویر میں بائیں) شامل تھے۔

    حکام کے مطابق شان شیا کے قاتل الیگزینڈر کو لاسی، واشنگٹن میں ایک سپر ایٹ موٹل کے باہر گرفتار کیا گیا، جب کہ اس کا جڑواں بھائی مفرور ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔

    وقوعے کے وقت شیا کے سات سالہ بیٹے نے موٹل کے باہر کھڑی فیملی کار کے پاس شور سنا، تو باہر نکلا اور معصومیت سے پوچھنے لگا ’میرے ڈیڈی کہاں ہیں؟‘

    رپورٹس کے مطابق جڑواں بھائیوں نے جب گاڑی پر حملہ کیا تو شیا نے شیشہ کھولا اور ان میں تکرار ہوئی، شیا باہر نکلا تو جڑواں بھائیوں نے دھکے اور گھونسے مارے، جس کی وجہ سے وہ پیچھے گرا اور اس کا سر زمین سے ٹکرا گیا اور کھوپڑی پر شدید چوٹ آ گئی، تاہم جڑواں بھائی اسے لاتوں سے مارتے رہے یہاں تک کہ وہ بے حس و حرکت ہو گیا۔

    پولیس کے مطابق جب شیا کو اسپتال لے جایا گیا تو وہ مر چکا تھا، موٹل کے ایک مہمان نے میڈیا کو بتایا کہ اس نے جائے وقوعہ پر ایک بچے کو یہ پوچھتے ہوئے سنا کہ ’میرے ڈیڈی کہاں ہیں؟‘

    شیا کی منگیتر شینا نے جمعرات کو عدالت سے انصاف کی التجا کی، انھوں نے روتے ہوئے کہا میرے بچے کے ساتھ اس کے باپ کو مارا گیا، یہ خوفناک تھا، ان لوگوں کو عمر بھر کے لیے جیل بھیجا جائے۔

    مفرور ملزم نکولس وان ڈورین کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ اس سے قبل بھی دو درجن بار گرفتار ہو چکا تھا، اور اسے چھ سنگین جرائم کا مجرم قرر دیا جا چکا ہے، اسے حال میں گزشتہ اپریل میں جیل سے رہا کیا گیا تھا۔ الیگزینڈر کو 28 دسمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، اس نے دوسرے درجے کے قتل کے الزام میں قصوروار نہ ہونے کی استدعا کی ہے۔