Tag: Washington

  • امریکہ نے ایران پرمزید نئی پابندیاں عائد کردیں

    امریکہ نے ایران پرمزید نئی پابندیاں عائد کردیں

    واشنگٹن: امریکہ نے ایران کے حالیہ بیلسٹک میزائل تجربے کے بعد اس پر مزید پابندیاں عائد کر دی ہیں، ایران کی تیرہ شخصیات اور بارہ کمپنیاں بھی اس پابندی کی زد میں آ گئیں، ایران نے کہا ہے کہ وہ ایک ناتجربہ کار شخص کی دھمکیوں کے سامنے نہیں جھکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ کی ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کے حالیہ بیلسٹک میزائل تجربے کی پاداش میں اس کے خلاف اہم فیصلہ کرلیا۔ امریکہ کی جانب سے ایران پر مزید پابندیاں عائد کردی گئیں ہیں۔

    امریکہ کے محکمہ خزانہ کے اعلان کیا ہے کہ یہ اقدامات 13 افراد اوربارہ کمپنیوں کے خلاف کیے گئے ہیں، نئی پابندیاں جن کمپنیوں پر عائد کی گئی ہیں ان میں سے کچھ متحدہ عرب امارات، لبنان اور چین میں قائم ہیں، پابندی کے شکار افراد میں پاسداران انقلاب کے رکن بھی شامل ہیں۔

    دوسری جانب امریکی اعلان کے بعد اپنے ردعمل میں ایران نے کہا ہے کہ وہ ایک ناتجربہ کار شخص کی دھمکیوں کے سامنے نہیں جھکیں گے۔

    علاوہ ازیں ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدہ امریکا کےمفاد میں نہیں، ایٹمی معاہدے کے تحت ایران کو فائدہ دیا گیا۔

    واشنگٹن کی ایران کی سرگرمیوں پرسخت نظرہے، ترجمان وائٹ ہاؤس کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ فلسطینی زمین پریہودی آباد کاری ناقابل قبول ہے، امریکا آنے والے مسافروں کی چیکنگ سخت کی جائے گی۔

    اپنے بیان میں ترجمان نے بتایا کہ سابق صدرکی کیوبا پالیسی پرنظرثانی کی جائے گی، روس کےخلاف پابندیاں نرم کرنامحکمہ خزانہ کاکام ہے۔

  • سال 2025 تک پاکستان کے دریا خشک ہوسکتے ہیں، عالمی ادارہ

    سال 2025 تک پاکستان کے دریا خشک ہوسکتے ہیں، عالمی ادارہ

    واشنگٹن : عالمی رپورٹ کے مطابق 2025 تک پاکستان کے دریا خشک ہوسکتے ہیں، امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ آئندہ سالوں میں پاکستان میں پانی کے ممکنہ بحران سے نمٹنے کیلئے موجودہ حکومت ہنگامی اقدامات کر رہی ہے۔ 

    ان خیالات کا اظہارجلیل عباس جیلانی پاکستان میں ممکنہ پانی کے بحران کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ واشنگٹن سے جہاں زیب علی کی رپورٹ کے مطابق عالمی اداروں کا کہنا ہے کہ آئندہ دس سالوں میں پاکستان کو پانی کو شدید کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ بھارت کی جانب سے بھی پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکیاں اس بحران کو شدید کرسکتی ہیں۔

    اس حوالے سے پاکستانی سفارت خانے میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جہاں ماہرین نے اس بحران سے نمٹنے کیلئے اپنے خیالات کا اظہارکیا۔ پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے اپنے خطاب میں کہ موجودہ حکومت اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیاری کر رہی ہے۔

    جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ دیامربھا شاڈیم پانی کی ضروریات پوری کرنے کیلئےاہم ثابت ہوگا، دیامر بھاشا ڈیم 2025 سے پہلےمکمل ہو جائے گا، اس کے علاوہ پاکستان میں 200 نئے چھوٹے ڈیم بھی بنائے جارہے ہیں، پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ پر بھارتی دھمکیوں پرعالمی بینک سےرجوع کیا ہے۔

    اس موقع پرموجود دیگرماہرین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پانی کے مسئلہ سے نمٹنا قومی ترجیح ہونی چاہئیے۔ عالمی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان نے پانی کی کمی کے مسئلے کو سنجیدگی سے نہ لیا تو 2025 میں پاکستان کے دریا خشک ہونے کا خدشہ ہے۔

    بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیاں اور پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکیوں پر پاکستان اب بھی عالمی بینک کے جواب کا منتظر ہے۔

  • ٹرمپ نے ٹی پی پی معاہدے سے امریکا کی علیحدگی کا حکم جاری کردیا

    ٹرمپ نے ٹی پی پی معاہدے سے امریکا کی علیحدگی کا حکم جاری کردیا

    واشنگٹن : امریکہ کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا عہدہ سنبھالتے ہی بحرالکاہل کے تجارتی معاہدے کی رکنیت چھوڑنے کے صدارتی حکم نامے پر دستخط کر دیئے۔ ٹرمپ نے ملک میں ملازمتوں کے مواقع برقرار رکھنے والی کمپنیوں کو ٹیکس اور قوانین میں دیگر رعایتیں دینے کا وعدہ بھی کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ سنبھالتے ہی بڑا قدم اٹھا لیا، آسٹریلیا، ملائیشیا، جاپان، نیوزی لینڈ، کینیڈا اور میکسیکو سمیت 12ممالک کے ٹی پی پی معاہدے کی رکنیت چھوڑنے کے صدارتی حکم نامے پر دستخط کر دیئے۔ یہ ممالک دنیا کی 40 فیصد تجارت کو کنٹرول کرتے ہیں۔

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ امریکی ورکروں کے لیے یہ بہت بڑی چیز ہے۔ یاد رہے کہ اوباما انتظامیہ نے فروری 2016 میں 12 ملکی ٹرانس پیسیفک پارٹنر شپ معاہدہ طے کیا تھا۔

    علاوہ ازیں صدر ٹرمپ نے ملک میں ملازمتوں کے مواقع برقرار رکھنے والی کمپنیوں کو ٹیکس اور قوانین میں بڑی رعایات دینے کا وعدہ کیا ہے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق کاروباری شخصیات سے ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ نے متنبہ بھی کیا کہ وہ ایسی کمپنیوں پر ‘بہت زیادہ سرحدی ٹیکس’ بھی عائد کر دیں گے جو اپنا پیداواری عمل امریکہ سے باہر منتقل کریں گی۔

    صدر ٹرمپ نے کہا کہ قوانین میں بڑی تبدیلی آنے والی ہے لیکن یہ قوانین بدستور عوام کے محافظ رہیں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ کارپوریٹ ٹیکس کی موجودہ 35 فیصد شرح کو کم کر کے 15 سے 20 فیصد تک لائیں گے۔

  • ٹرمپ کیخلاف امریکہ بھرمیں خواتین سراپا احتجاج

    ٹرمپ کیخلاف امریکہ بھرمیں خواتین سراپا احتجاج

    واشنگٹن : امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، بیس سے زائد ریاستوں میں ہزاروں مظاہرین احتجاجی بینرز اور پلےکارڈ اٹھائے سڑکوں پر موجود ہیں، مظاہرین میں زیادہ ترتعداد خواتین کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف واشنگٹن میں خواتین مارچ کے نام سے ریلی نکالی گئی، مذکورہ ریلی دنیا بھر میں ان 600 ریلیوں میں سے ایک ہے جو ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ صدارت پر فائز ہونے کے پہلے دن نکالی گئی ہے۔


    ‘Dump Trump’: Thousands join global march by arynews

    ان مظاہروں میں معروف خواتین فنکاروں نے بھی شرکت کی۔ امریکہ میں نیویارک سے لے کر سیاٹل تک متعدد شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں،اس کے علاوہ ٹرمپ مخالف مظاہرے آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور بنکاک سمیت ایشیائی اور یورپی شہروں میں بھی منعقد کیے گئے۔

    protest1

    protest2

    protest3

    یاد رہے کہ گزشتہ روزامریکہ کے 45 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھانے سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف وائٹ ہاؤس کے باہر شدید احتجاج کیا گیا جس سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا۔

    protest4

    protest5

    protest6

    پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ مظاہرین نے کھڑی گاڑیوں اور وہاں موجود دکانوں کے شیشے بھی توڑے اور سخت الفاظ میں نعرے بازی کی۔ جس کے بعد سیکڑوں افراد کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی۔

    protest7

     

  • اسلامی انتہا پسندی کے خلاف نیا اتحاد تشکیل دوں‌ گا، ٹرمپ، عہدے کا حلف اٹھالیا

    اسلامی انتہا پسندی کے خلاف نیا اتحاد تشکیل دوں‌ گا، ٹرمپ، عہدے کا حلف اٹھالیا

    واشنگٹن: نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا جس کے بعد وہ باضابطہ طور پر امریکا کے 45 ویں صدر کے عہدے پر فائز ہوگئے، ٹرمپ کا کہنا ہے کہ آج امریکی عوام کی فتح کا دن ہے،ہمارے لیے سب سے پہلے امریکا ہوگا، اسلامی انتہا پسندی کےخلاف نئے اتحاد بنائیں گے۔

    تقریب حلف برداری کیپیٹل ہل واشنگٹن میں ہوئی جہاں چیف جسٹس امریکا جان رابرٹس نے ان سے حلف لیا۔ قبل ازیں نائب امریکی صدر مائیک پینس نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

    حلف اٹھانے کے بعد خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے سب سے پہلے امریکا کا نعرہ لگاتے ہوئے کہا کہ ہم نئی تاریخ رقم کریں گے، ہمارا نعرہ سب سے پہلے امریکا ہوگا،امریکی اور دنیا بھر کے عوام کا شکر گزار ہوں،ہم ایک ساتھ امریکا کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے،ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔
    post-1
    انہوں نے کہا کہ واشنگٹن خوشحال ہوا لیکن عوام نہیں،امریکی حکومت کی جیت عوام کی جیت نہ بن سکی،آج امریکی عوام کی فتح کا دن ہے،ہماری حکومت صحیح معنوں میں عوامی حکومت ہوگی۔
    انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے دوسروں پر کھربوں ڈالر خرچ کرکے امریکا کا بنیادی ڈھانچہ کمزور کیا، امریکا نے دوسرے ممالک کو سبسڈی دے کر مضبوط کیا لیکن ہماری پہلی ترجیح امریکی صنعتوں کو تحفظ دینےکی ہوگی، ہم اپنے کھوئے ہوئے خواب واپس لائیں گے۔
    post-2

    ٹرمپ نے کہا کہ بہت عرصے سے ایک چھوٹا طبقہ ملک پر حکومت کرتا رہا، ایک طبقہ جشن مناتا رہا لیکن عوام کو جشن منانے نہیں دیا گیا،ہم  ایک ایسی قوم بنیں گے جو عوام کی خدمت کرے گی۔

    نئے امریکی صدر نے کہا کہ ہمارا نظام تعلیم نوجوانوں کو تعلیم سے محروم کررہا ہے، امریکی عوام اپنے بچوں کے لیے اچھے اسکول اور سیکیورٹی چاہتے ہیں ہم امریکا میں ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کریں گے، دنیا کے تمام ممالک سے باہمی تعلقات کے خواہاں ہیں، ہرکام میں امریکا کا مفاد پہلے ہوگا۔

    post-3

    انہوں نے کہا کہ اسلامی انتہا پسندی کے خلاف نئے اتحاد بنائیں گے، دنیا بھر سے اسلامی انتہا پسندی کا خاتمہ چاہتے ہیں اختلافات پر بات کرنا چاہتے ہیں لیکن اتفاق پر پہلے بات ہوگی امریکا متحد ہوگا تو کوئی اسےآگے بڑھنے سے نہیں روک سکے گا۔

    انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان سیاست دانوں کی طرح نہیں جو صرف باتیں کرتے ہیں اور کام نہیں کرتے، باتوں کا وقت ختم ہوچکا، اب کام کا وقت آچکا ہے، تجارت سے لے کردفاع تک تمام فیصلے ملک کے مفاد میں ہوں گے۔

    post-4

    انہوں نے یقین دلایا کہ ملک سے نسلی منافرت سمیت تمام اختلافات ختم کریں گے، مذہبی انتہا پسندی کو دنیا سے ختم کر دیں گے، کسی ملک پر کوئی حل مسلط نہیں کریں گے، فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قوم کا تحفظ کریں گے۔

    نئے امریکی صدر نے کہا کہ ہم نے اپنی سرحدوں کے بجائے دوسروں کی سرحدوں کی حفاظت کی لیکن اب ہمیں  اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنی ہوگی دنیا میں جدوجہد اور محنت کرنے والی قومیں زندہ رہتی ہی۔

    واشنگٹن میں بارش کے باعث تقریب حلف برداری کی تقریب ایک گھنٹہ پہلے یعنی نو بجے شروع ہوئی، تقریب میں دنیا بھر سے اہم شخصیات سمیت متعد سابق امریکی صدور نے شرکت کی،  پاکستان سے سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی سمیت دیگر شریک ہوئے۔

    قبل ازیں ٹرمپ وائٹ ہاؤس پہنچے جہاں صدر باراک اوباما اور ان کی اہلیہ نے ٹرمپ اور میلانیا ٹرمپ کا استقبال کیا اور انہیں گل دستہ پیش کیا۔ میلانیا ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس پہنچنے پر مشل اوباما کو تحفہ پیش کیا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ حلف اٹھانے سے قبل چرچ بھی پہنچے جہاں انہوں نے اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے دعا کی۔

    مزید پڑھیں: ڈونلڈٹرمپ آج 45ویں امریکی صدر کا حلف اٹھائیں گے

    دوسری جانب حلف برداری کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے جنہوں ںے ہنگامہ آرائی کی، انہیں روکنے کے لیے وائٹ ہاؤس اور کیپیٹل ہل کے اطراف ہزاروں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔
  • حلف برداری : ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مظاہرین کی شدید ہنگامہ آرائی

    حلف برداری : ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مظاہرین کی شدید ہنگامہ آرائی

    واشنگٹن : وائٹ ہاؤس کے باہر ڈونلڈ ٹرمپ کے مخالفین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے لگائے، مظاہرین میں شامل بعض لوگوں نے توڑ پھوڑ بھی کی۔ ریپبلکن رہنما نےاحتجاج کی ذمہ داری اوباما انتظامیہ پرعائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری سے کچھ دیر قبل امریکا میں مشتعل عوام سڑکوں پر نکل آئے۔

    مظاہرین نے ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے سڑکوں پر موجود گاڑیوں کی شیشے تو ڑ دیئے۔

    trump-protest-post-1

    مشتعل مظاہرین ٹولیوں کی شکل میں کیپٹل ہل اور وائٹ ہاؤس کے باہر موجود رہے، اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے واشنگٹن ڈی سی میں پولیس کے7ہزاراہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سیاہ لباس میں ملبوس افراد نے کھڑی گاڑیوں میں توڑپھوڑ کی۔

    پولیس نےمظاہرین کو روکنے کیلئے رکاوٹیں کھڑی کرکے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ ریپبلکن پارٹی کے مسلم رہنما ساجد تارڑ نے مذکورہ احتجاج کی ذمہ داری اوباما انتظامیہ پرعائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج باراک اوباما کی بدانتظامی کا نتیجہ ہے۔

    ساجد تارڑ نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ ایسے مظاہرین سے سختی سے نمٹے گی، امریکی میڈیا کے مطابق امریکا میں کل بھی ٹرمپ کیخلاف ملین مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔

  • عوام کی خدمت زندگی کا سب سے بڑا اعزاز تھا، اوباما

    عوام کی خدمت زندگی کا سب سے بڑا اعزاز تھا، اوباما

    واشنگٹن : امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ امریکی عوام کی خدمت زندگی کا سب سے بڑا اعزاز تھا، امریکی عوام نے مجھے بہترلیڈراورایک بہتر انسان بھی بنایا۔

    یہ بات انہوں نے نو منتخب صدرڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری سے قبل میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    باراک اوباما نے کہا کہ اب بھی امریکی عوام سے کہتا ہوں کہ یقین رکھیں، تبدیلی لانے کیلئے میری نہیں اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کریں، تبدیلی پر اور اس کے لیے آپ پر یقین رکھتا ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ انصاف، سچائی اورمحبت کیلئے امریکی عوام نے پرعزم رکھا، میں رکوں گا نہیں، ایک شہری کے طورپرآپ کے ساتھ رہوں گا۔

  • روس سے تعلقات امریکی مفاد میں ہیں، اوبامہ کی آخری پریس کانفرنس

    روس سے تعلقات امریکی مفاد میں ہیں، اوبامہ کی آخری پریس کانفرنس

    واشنگٹن : امریکی صدر باراک اوبامہ نے کہا ہے کہ امریکا کو روس کے ساتھ تعمیری تعلقات کی ضرورت ہے، پیوٹن کے دور میں امریکا مخالف جذبات میں اضافہ ہوا، فلسطین اوراسرائیل میں زبردستی امن قائم نہیں کیا جاسکتا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی صدر کی حیثیت سے اپنی آخری پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،
    بارک اوباما نے کہا کہ روس کے ساتھ تعلقات بہتر رکھنا امریکا کے مفاد میں ہے۔

    ایٹمی ہتھیاروں میں کمی سے متعلق روس تعاون نہیں کررہا تھا،روس کی منفی سوچ نے مسائل اور کشیدگی کو جنم دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے بات چیت دوستانہ رہی، میں نے نو منتخب امریکی صدرکو مفید مشورےدیئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کو میرے احتساب کا پورا حق حاصل ہے، آزاد میڈیا ملک چلانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امن کیلئے فلسطین اوراسرائیل میں بات چیت ہونی چاہئیے۔

    فلسطین اوراسرائیل میں زبردستی امن قائم نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی کسی بھی قسم کا حل مسلط کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان دو طرفہ مذاکرات بہت ضروری ہیں۔

    کئی عشروں کے بعد اسرائیل کیلیے انتباہ لازمی تھا، یہودی آباد کاری 2 ریاستی حل میں رکاوٹ ہے، ریاستی حل سے ہی اسرائیل جمہوری یہودی ریاست رہ سکتا ہے۔

  • یورپ اورامریکا سمیت دنیا بھر میں سردی برقرار

    یورپ اورامریکا سمیت دنیا بھر میں سردی برقرار

    واشنگٹن / لندن : یورپ اور امریکا میں سردی کا راج برقرار ہے، شدید برفباری نے متعدد علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ امریکی ریاست ارویگن میں برفباری کے باعث اسکول کی چھت گرگئی اور ایک ٹرین بھی پٹڑی سے اتر گئی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں سردی کاراج برقرار ہے۔ یورپ اورامریکا بدستور سرد موسم اور برفباری کی لپیٹ میں ہیں، سربیا میں درجہ حرارت منفی بیس ڈگر ی تک گرگیا۔ خون جما دینے والی ٹھنڈ تارکین وطن کے لیے عذاب بن گئی۔ شدید سردی نے مہاجرین کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔

    جرمنی، رومانیہ، بلغاریہ، اٹلی میں سردی سے نظام زندگی منجمد ہو کر رہ گئی، چین میں شدید برفباری سے سمندر پر برف کی تہہ جم گئی، برطانیہ میں بھی سردی کی لہر جاری جاری ہے۔

    برفباری کے باعث ہائی ویز بلاک گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، امریکی ریاست اوریگن میں شدید برفباری کے باعث اسکول کی چھت گرگئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کئی فٹ برف پڑنے سے ٹرین ٹریک سے اتر گئی۔

    امریکی ریاست اوہائیو میں شدید بارشیں اور سیلاب کے باعث نظام زندگی درہم برہم اور سڑک ڈھے گئی۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے داماد کو مشیربنانے کا فیصلہ کرلیا

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے داماد کو مشیربنانے کا فیصلہ کرلیا

    واشنگٹن : ڈونلڈ ٹرمپ نے اقرباء پروری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے داماد کو وائٹ ہاؤس میں اہم عہدے پر تعنیات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد امریکی میڈیا نے نومنتخب صدر کو کڑی تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جہاں اپنے قریبی دوستوں کو اہم حکومتی عہدوں سے نواز رہے ہیں وہیں انہوں نے اپنے داماد جیرڈ کوشنر کو وائٹ ہاؤس میں مشیر کے طور پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کے اس فیصلے پر امریکہ بھر میں ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے کہ کیا امریکی صدر اپنے خاندان کے افراد کی حکومتی عہدے پر تقرری کر سکتا ہے یا نہیں؟

    اطلاعات کے مطابق ماضی میں ہیلری کلنٹن صدرکلنٹن کے دور میں صحت کی مشیر کے حوالے سے کام کر چکی ہیں جبکہ 1960 میں جان ایف کینیڈی نے اپنے بھائی رابرٹ ایف کینیڈی کو اٹارنی جنرل کے عہدے پر تعینات کیا تھا۔ اس تمام معاملے پر ہاؤس اسپیکر پال رائن بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کرتے نظر آرہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : میرا داماد اسرائیل اور فلسطین میں امن کے قیام کیلئے کردار ادا کر سکتا ہے، ٹرمپ

    یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ کے شوہر جیرڈ کوشنر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا، یہاں تک کہ صدر اوباما سے ہونے والی ملاقات میں بھی وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ وائٹ ہاؤس گئے۔

    دوسری جانب امریکی میڈیا ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد کی اہم عہدے پر تقرری کو آڑے ہاتھوں لے رہا ہے تاہم اس تمام معاملے میں ڈونلڈ ٹرمپ اپنے داماد کی بھرپور حمایت کرتے نظر آرہے ہیں اور انہیں مستقبل کا ایک بہترین سیاست دان بھی قرار دے رہے ہیں جبکہ اس خبر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر نیا ٹرینڈ یہ ہے کہ اللہ سب کو ڈونلڈ ٹرمپ جیسا سسر نصیب کرے۔