Tag: Washington

  • بزفیڈ اورسی این این جھوٹی خبریں دیتے ہیں ،امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ

    بزفیڈ اورسی این این جھوٹی خبریں دیتے ہیں ،امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن : نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا ہے کہ اوباما انتظامیہ نے داعش کو تخلیق کیا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ نے بزفیڈ اور سی این این کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم لوگ جھوٹی خبریں دیتے ہو، روسی ہیکنگ کی کہانیاں جھوٹی ہیں جو کچھ لوگوں نے مل کر بنائی ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار واشنگٹن میں انتخابات جیتنے کے بعد نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ روسی ہیکنگ سے متعلق انٹیلی جنس بریفنگ کے حوالے سے نہیں بتا سکتا، تاہم روسی ہیکنگ کی معلومات افشا ہونا شرمناک ہے۔

    روس ہیکنگ کرتا تو اس کا ضرور اعتراف کرتا، انہوں نے کہا کہ روس ہمیں داعش کے ساتھ لڑنے میں مدد کرسکتا ہے، روسی صدر کا مجھے بطور صدر پسند کرنا امریکہ کے مفاد میں ہے، روس سےمیری کوئی ڈیل نہیں ہوئی۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ صدر بننے کے بعد کاروبارنہیں کرنا چاہتا، ٹیکس ریٹرن نہیں بتاؤں گا، میرے ٹیکس ریٹرنز کی فکرصرف میڈیا کو ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میرا کاروبار اب میرے دو بیٹے سنبھالیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس کے دوران اپنے مخالف میڈیا گروپس پرشدید تنقید کرتے ہوئے انہیں نتائج بھگتنے کی دھمکی بھی دی۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے بزفیڈ اور سی این این کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم لوگ جھوٹی خبریں دیتے ہو، ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی نیوز چینل سی این این کے رپورٹر کے سوال کا جواب دینے سےانکار کیا اور کہا کہ میں آپ کےسوال کا جواب نہیں دوں گا۔

  • صدر اوباما گوانتا ناموبے جیل بند کرنے میں ناکام

    صدر اوباما گوانتا ناموبے جیل بند کرنے میں ناکام

    واشنگٹن : وعدوں کے باوجود امریکی صدر براک اوباما عہدے کی میعاد ختم ہونے سے پہلے متنازعہ گوانتا ناموبے جیل بند کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں جبکہ نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس جیل کو دوبارہ قیدیوں سے بھرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صد ر براک اوباما نے دوسری مرتبہ صدارتی انتخابات جیتنے کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی مدت ختم ہونے سے پہلے گوانتا ناموبے جیل کو بند کر دیں گے، تاہم کانگریس کی مخالفت کے بعد وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے۔

    jail-post-01

    براک اوباما اس منتازعہ جیل کے قیدیوں کی بڑی تعداد کو مختلف ممالک بھیجنے میں کامیاب رہے اور یہاں اب مجموعی طور پر قیدیوں کی تعداد پچپن رہ گئی ہے جس میں زیادہ تر کو ٹاسک فورس کلیئر بھی کرچکی ہے۔

    نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ صدر اوباما کے اس فیصلے سے متفق نظر نہیں آتے اور وہ گوانتا ناموبے میں قید افراد کو امریکی سلامتی کیلئے آج بھی بڑا خطرہ سمجھتے ہیں اورایک بار پھران قیدیوں کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

    jail-post-02

    گوانتا ناموبے جیل میں اس وقت پانچ پاکستانی قیدی بھی موجود ہیں جن میں عمارالبلوچی، ماجد خان، عبدالربانی، محمد احمد غلام ربانی اور سیف اللہ شامل ہیں جبکہ ایک قیدی قاری محمد سعید کو 2008 میں رہا کر دیا گیا تھا۔

    jail-post-03

    امریکی انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق گوانتا ناموبے سے رہا ہونے والے قیدیوں میں سے تیس فی صد دوبارہ سے شدت پسند تنظیموں میں شامل ہو چکے ہیں اور شاید یہی وہ خطرات ہیں جن کی وجہ سے ڈونلڈ ٹرمپ اس جیل کو پھر سے قیدیوں سے بھرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

  • ٹرمپ اپنے ہی ہوٹل کے ملازم بن گئے، لوگوں کو خوشگوارحیرت

    ٹرمپ اپنے ہی ہوٹل کے ملازم بن گئے، لوگوں کو خوشگوارحیرت

    واشنگٹن : امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نیا روپ سامنے آگیا، سوشل میڈیا پر ریلیز ہونے والی ایک ویڈیو میں ٹرمپ اپنے ہی ہوٹل میں تمام کام کرتے نظرآرہے ہیں اورہوٹل میں مقیم ایک مہمان کے کتے کو بھی ٹہلانے لے گئے۔

     امریکہ میں اے آر وائی نیوز کے نمائندے جہاں زیب علی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ریئلٹی شوز اور آئس بکٹ سمیت کئی ویڈیوز میں نت نئے کام کرتے نظر آتے ہیں۔

    trump5

    سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ایک نئی ویڈیو میں ڈونلڈ ٹرمپ کا نیا روپ دیکھنے کو ملا، جہاں وہ اپنے ہوٹل کے ملازمین کے ساتھ خوشگوار موڈ میں نظر آئے اور ہوٹل میں رہائش پذیر مہمانوں کی خود ہی میزبانی بھی کی۔

    سب پہلے ڈونلڈ ٹرمپ نے ہوٹل سے چیک آؤٹ کرنے والے مہمانوں کو الوداع کیا اور ان کا سامان خود مہمانوں کی گاڑی میں رکھا اور پوچھا کہ کیا میں ان سے ٹپ لے سکتا ہوں۔

    trump2

    یہی نہیں مسٹر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے مہمانوں کے کتے کو سیر بھی کرائی۔ نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے ہوٹل میں ویٹر کے حصے کا بھی کام کیا اور کھانے کی ٹیبل کمرے میں لے کر گئے اور پھر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ہوٹل میں ٹوائلیٹس کی صفائی بھی کی۔

    trump3

    ڈونلڈ ٹرمپ کے اس روپ کو امریکہ سمیت دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے اور اس ویڈیو کو اب تک دس لاکھ سے زائد افراد سوشل میڈیا پر لائک اور شیئر کر چکے ہیں۔

    trump4

  • سال کےاختتام پر امریکی صدر کے حیران کن اقدامات

    سال کےاختتام پر امریکی صدر کے حیران کن اقدامات

    واشنگٹن: اپنے عہدے کی مدت ختم ہونے سے محض 20 روز قبل صدر باراک اوباما کے حیران کن فیصلوں سے امریکا کے اسرائیل اور روس کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی لیکن ٹرمپ کہتے ہیں کہ ان کے آنے کے بعد حالات مختلف ہوں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ واشنگٹن جہانزیب علی کی رپورٹ کے مطابق صدر اوباما کے عہدے کی میعاد 20 جنوری کو ختم ہورہی ہے تاہم اقتدار ختم ہونے سے چند روز پہلے صدر اوباما نے روس کے 35 سے زائد سفارت کاروں کو ملک بدرکردیا جبکہ اسرائیل کے خلاف اقوام متحدہ میں ہونے والی ووٹنگ میں بھی حصہ نہیں لیا۔

    نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جب وہ اقتدار میں ہوں گے تو حالات مختلف ہوں گے۔ اسرائیل کے حوالے سے ٹرمپ نے ٹویٹ کیا کہ مضبوط رہیں 20 جنوری دور نہیں جبکہ روسی صدر پوتن کو انہوں نے اسمارٹ کہا۔ روس اور اسرائیلی قیادت نے اوباما انتظامیہ کے اقدامات کو شرم ناک قرار دیا ہے۔

    روسی صدر پوتن کا کہنا ہے کہ وہ انتظار کریں گے کہ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں آکر کیا فیصلے کرتے ہیں جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو بھی ڈونلڈ ٹرمپ سے اسرائیل کے حق میں فیصلوں کی امید کر رہے ہیں۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ بیس جنوری کو اقتدار میں آکر صدر اوباما کے اسرائیل اور روس کے خلاف کئے جانے والے اقدامات کو تبدیل کر سکتے ہیں۔

  • لشکر طیبہ کے دو رہنما اورطلبہ تنظیم دہشت گردوں کی فہرست میں شامل

    لشکر طیبہ کے دو رہنما اورطلبہ تنظیم دہشت گردوں کی فہرست میں شامل

    واشنگٹن: امریکہ نے کالعدم لشکر طیبہ کے دو سینئر رہنماؤں کے نام اور اس کی ذیلی تنظیم المحمدیہ اسٹوڈنٹس کا نام خصوصی طور پر عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ کی وزارت خارجہ نے لشکر طیبہ کے دو مزید سینیئر رہنماؤں کے نام اور اس کی ذیلی تنظیم المحمدیہ اسٹوڈنٹس کا نام خصوصی طور پرعالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    امریکی وزارت خارجہ نے لشکر طیبہ کا نام غیرملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں دسمبر 2001 میں شامل کیا تھا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق امریکی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ المحمدیہ اسٹوڈنٹس لشکر طیبہ کا طلبہ ونگ ہے۔ ان کے مطابق المحمدیہ اسٹوڈنٹس 2009 میں قائم کی گئی تھی اور یہ لشکر طیبہ کی ذیلی تنظیم ہے اور لشکر طیبہ کے سینیئر رہنماؤں کے ساتھ کام کرتی ہے۔

    نوٹیفیکیشن کے مطابق المحمدیہ اسٹوڈنٹس کی امریکہ میں تمام جائیداد کو ضبط کیا جائے گا۔امریکہ نے لشکر طیبہ کے جن دو سینیئر رہنماؤں کا نام غیر ملکی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا ہے ان میں محمد سرور اور شاہد محمود شامل ہیں۔

  • سیاہ فام پر تشدد، ٹرمپ کے حامی کو عدالتی کارروائی کا سامنا

    سیاہ فام پر تشدد، ٹرمپ کے حامی کو عدالتی کارروائی کا سامنا

    واشنگٹن : امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم کے دوران ایک جیالے کے جانب سے ریلی کے دوران سیاہ فام شخص کو مکا مارنے پرعدالتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، خملہ آور کو متاثرہ شخص سے معافی مانگنا پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی  صدارتی مہم کے دوران شمالی کیرولائینا کے جلسے میں ایک 78 سالہ شخص نے ایک سیاہ فام لڑکے کو زوردار مکا رسید کیا تھا اورسیکورٹی اہلکاروں نے اس وقت بھی اس سیاہ فام شخص کو جلسے سے نکالا جبکہ حملہ کرنے والے کو کچھ نہ کہا تاہم اب حملہ کرنے کے الزام میں اسے عدالتی کاروائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    حملے کے وقت جان میک گرا نامی شخص نے اسے کہا تھا کہ اگر آئندہ ٹرمپ کے جلسے میں نظر آئے تو قتل کر دیئے جاؤ گے، جبکہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے حملہ کرنے والے یہ بھی کہا کہ ہمیں کیا معلوم یہ کون ہے یہ کوئی دہشت گرد بھی ہوسکتا ہے۔

    حملہ آور کے حملے کا ہدف بننے والے جونز کا کہنا ہے کہ سیڑھیوں پر سے گزر رہا تھا کہ اچانک ایک سفید فام شخص نے مجھ پر حملہ کیا۔

    اس واقعہ پر اب جان میک گرا کو حملہ کرنے کے الزام میں عدالتی کارروائی کا سامنا ہے تاہم عدالتی کارروائی کے دوران میک گرا نے جونز سے معافی مانگی اور کہا کہ وہ ٹرمپ کے جذباتی حمایتی ہیں اس اس واقعہ کا رنگ نسل یا تعصب سے کوئی تعلق نہیں۔

  • برطانوی باکسرعامرخان کا تھرمیں 200 کنویں بنانے کا اعلان

    برطانوی باکسرعامرخان کا تھرمیں 200 کنویں بنانے کا اعلان

    واشنگٹن : پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان کا کہنا ہے کہ آئندہ سال وہ باکسنگ رنگ میں بھرپور طریقے سے واپس آئیں گے، ان کا کہنا ہے کہ گھریلو جھگڑے کی کہانی گھر گھر کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عامر خان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام واشنگٹن میں چیریٹی ایونٹ کا انعقاد کیا گیا جہاں عامر خان اپنی اہلیہ اوربیٹی کے ہمراہ نظر آئے۔

    عامر خان کا کہنا تھا کہ بہت جلد پاکستان میں تھرپارکر میں دو سو کنویں بنائے جارہے ہیں جہاں ایک کنویں سے چار سو افراد مستفید ہوسکیں گے۔

    پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ سال باکسنگ رنگ میں بھرپور طریقے سے واپسی کریں گے اور اب نظر بڑے مقابلوں پر ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں عامر خان نے گزشتہ دنوں اپنی اہلیہ اور والدین کے درمیان جھگڑوں کے حوالے سے کہا کہ اب سب ٹھیک ہے۔

    گھریلو جھگڑے ہر گھر کی کہانی ہے۔ اس موقع پر عامر خان کے باکسنگ گلوز، کرکٹ بیٹ اور گھڑیوں کی نیلامی بھی کی گئی جبکہ شامی شہر الیپو کے ڈھائی سو متاثرہ خاندانوں کیلئے چندہ بھی جمع کیا گیا۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ نے کاروبارسےعلیحدگی کا اعلان کردیا

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کاروبارسےعلیحدگی کا اعلان کردیا

    واشنگٹن: نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے عہدے پر مکمل توجہ دینے کی غرض سے اپنے کاروبار سے علیحدگی اختیار کررہے ہیں،ان کا کہنا ہے کہ صدارت کاروبار سے زیادہ اہم ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ اعلان رواں ماہ کے وسط میں کر دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود کو کاروبار سے الگ کرنے کا فیصلہ کر لیا، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پراپنے جاری بیان میں انہوں نے بتایا کہ کاروبار سے الگ ہونے کا اعلان وہ دسمبر کی 15 تاریخ کو ایک نیوز کانفرنس میں کریں گے۔

    امریکی قانون کے تحت ایسی کوئی شرط نہیں کہ صدر کاروبار نہیں کر سکتا، تاہم ماضی میں امریکی رہنما عہدۂ صدارت کے دوران اپنی کاروباری مصروفیات کو بالائے طاق رکھتے چلے آئے ہیں۔

    ٹرمپ کے مطابق اس حوالے قانونی دستاویزات تیار کی جا رہی ہیں جس کے بعد وہ کاروبار سے مکمل طور پر الگ ہو جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ مفادات کے ٹکراؤ اور صدارت پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے وہ کاروبار سے الگ ہو رہے ہیں، تاہم قانونی طور پر وہ ایسا کرنے کے پابند نہیں ہیں۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کو اقتدار کی پرامن منتقلی یقینی بنائی جائے، باراک اوبامہ

    ڈونلڈ ٹرمپ کو اقتدار کی پرامن منتقلی یقینی بنائی جائے، باراک اوبامہ

    واشنگٹن : امریکی صدر باراک اوبامہ نے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے ، صدر اوبامہ نے اپنی ٹیم کو ہدایات جاری کی ہیں کہ نو منتخب صدر کو اقتدار کی پر امن منتقلی یقینی بنائی جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد بدھ کو واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    براک اوباما نے کہا کہ انتخابات جیتنے کے بعد جس طرح ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کے تمام لوگوں کو ساتھ لیکر چلنے کی بات کی ہے، اس سے انہیں حوصلہ ہوا ہے اور یوں سارا ملک بطور صدر مسٹر ٹرمپ کی کامیابی کے یے بھرپور کوشش کرے گا۔

    امریکی صدر نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ اقتدار کی منتقلی بہتر انداز میں ہو کیونکہ آخر کار ہم ایک ہی ٹیم کا حصہ ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اہم بات یہ ہے کہ ہم سب تمام شہریوں کے ساتھ نیک نیتی کے جذبے سے آگے بڑھیں۔ انہیں امید ہے کہ امریکہ کا ناقابلِ یقین سفر آگے بڑھے گا۔

    اپنے خطاب میں انہوں نے اشارہ دیا کہ ان کے اور ڈونلڈ‌ ٹرمپ کے درمیان بہت زیادہ تفریق ہے۔ ٹرمپ نے گذشتہ آٹھ برسوں میں اوباما کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی منسوخی کا وعدہ کیا تھا۔

    براک اوباما کی جانب سے ووٹروں کو تنبیہ کی گئی تھی کہ اگر ٹرمپ صدر بن گئے تو تمام اقدامات پر پانی پھر جائے گا۔

  • ملکی ترقی کیلیے ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کروں گی، ہیلری کلنٹن

    ملکی ترقی کیلیے ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کروں گی، ہیلری کلنٹن

    واشنگٹن : امریکہ کی صدارتی دوڑ میں ناکام ہونے والی امیدوار ہیلری کلنٹن نے کامیاب ہونے والے ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدارتی انتخاب میں شکست پر افسوس ہے، نتائج پر دکھ ہوا، امریکا کی ترقی کیلیے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کروں گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ہیلری نے اپنی شکست پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ میرے حامیوں نے بھرپور انتخابی مہم چلائی مجھے نتائج پر دکھ ہوا ہے، ہماری انتخابی مہم ایک شخص یا ایک الیکشن کیلئے نہیں تھی۔

    انہوں نے کہا کہ امریکی صدارتی امیدوار ہونے ہی میرے لیے فخر کی بات ہے ۔ ہم انتخابات میں فتح حاصل نہیں کرسکے۔

    امریکی عوام نے فیصلہ دے دیا جسے ہم تسلیم کرتے ہیں، حامیوں کی مشکور ہوں، اب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہوں گے ان سے کھلے ذہن کی توقع ہے، امید کرتی ہوں کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کیلیے کامیاب صدر ثابت ہوں گے اور وہ امریکہ کی بھلائی کیلئے کام کریں گے۔

    ہیلری کلنٹن دوران خطاب آب دیدہ ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم بہتر اور مضبوط امریکا کے لیے کام کریں ، امریکا کی جمہوریت ہم سے ہمارے کردار کا تقاضا کرتی ہے۔

    اقتدار کی پرامن منتقلی کی حمایت کرتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کیلئے بے انتہا خدمات پر اوباما اور مشیل اوباما کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں ۔ ہیلری کے خطاب کے دوران ان کے بہت سے حامی بھی آنسو بہاتے رہے۔