Tag: Washington

  • ریلی میں بھگدڑ، ڈونلڈ ٹرمپ پستول کا نام سن کر خوفزدہ ہوگئے

    ریلی میں بھگدڑ، ڈونلڈ ٹرمپ پستول کا نام سن کر خوفزدہ ہوگئے

    واشنگٹن : امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ ریلی کے مجمعے سے لفظ ’’گن‘‘ کاشور سن کر خوفزدہ ہوگئے، سیکیورٹی گارڈز نے فوری طور پر ان کو اپنے گھیرے میں لے کر باہر نکال کرایک مشکوک شخص کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست نواڈا میں ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ ایک ریلی سے خطاب کررہے تھے کہ اچانک مجمعے سے لفظ ’’گن‘‘ کاشور اُٹھا، جسے سنتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کے ہوش اڑ گئے۔

    trump-post-01

    اس دوران ٹرمپ کے ایک مخالف شخص نے اسٹیج کی طرف بڑھنے کی کوشش کی۔ تقریب میں موجود لوگوں میں بھی بھگدڑ مچ گئی۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سیکرٹ سروس کے اہلکاروں نے فوراً ٹرمپ کو اپنے حصار میں لے لیا اور اسٹیج سے لے گئے اورگڑبڑ کرنے والے شخص کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

    آسٹن نامی مشکوک شخص کی تلاشی لینے پر اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد نہیں ہوا، اس کا کہنا تھا کہ میرے پاس پستول نہیں تھی، صرف احتجاج کر رہاتھا۔

    trump-post-02

    مجمعے میں لوگوں نے شور مچایا اور مجھے تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا، آسٹن نے کہا کہ میں یہ پیغام لے کر آیا تھا کہ ریپبلکن پارٹی کے لوگ ٹرمپ کے سپورٹر نہیں۔

    اس نے کہا کہ میں ریپبلکن کا سپورٹر ہوں ڈونلڈ ٹرمپ کا نہیں، مخالف شخص کی گرفتاری کے بعد جب حالات قابو میں آئے تو ڈونلڈ ٹرمپ تقریر کرنے واپس آئے۔

    انہوں نے بر وقت کارروائی کرنے پر سیکرٹ سروس کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ میری جدوجہد آسان ہے۔

  • مسجد میں پولنگ اسٹیشن بنانے کا فیصلہ واپس، مسلمانوں کا احتجاج

    مسجد میں پولنگ اسٹیشن بنانے کا فیصلہ واپس، مسلمانوں کا احتجاج

    واشنگٹن: امریکی صدارتی انتخابات میں ایک مسجد میں پولنگ اسٹیشن بنانے کا فیصلہ واپس لئے جانے پر مسلم کمیونٹی نے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں صدارتی انتخابات کیلئے ایک مسجد کو پولنگ اسٹیشن بنانے کا فیصلہ واپس لئے جانے پر مختلف حلقوں کی جانب سے شدید مذمت کی جارہی ہے جبکہ مسلم کمیونٹی نے بھی اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    پام بیچ کاؤنٹی میں سن 2000 میں تعمیر کئے جانے والے اسلامک سینٹر کو کچھ ماہ قابل ایک نوٹی فیکیشن کے ذریعے سینٹر کو پولنگ اسٹیشن کے طور پر استعمال کرنے کی درخواست کی گئی تھی جس پر مسلم کمیونٹی نے خوشی کا اظہار کیا۔

    انتظامیہ کے مطابق کچھ غیر مسلم ووٹرز نے اس فیصلے کی مخالفت کی اورانتظامیہ کو کہا کہ وہ مسجد میں جانے سے خوفزدہ ہیں جبکہ بعض نے تو ووٹنگ روکنے کی دھمکیاں بھی دیں جس کے بعد مسجد کو پولنگ اسٹیشن بنانے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔

    مسلمانوں کا موقف ہے کہ انتظامیہ کا فیصلہ امریکا میں بڑھتی ہوئی نفرت اور تعصب کو فروغ دے گا جبکہ اس حوالے سے مسلمان اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

    پام بیچ کاؤنٹی میں چرچ سمیت دیگر مذاہب کی پچانوے عبادت گاہوں کو پولنگ سٹیشن قرار دیا گیا ہے اور اسلامک سینٹر کو اس فہرست سے نکالے جانے پر مسلم کمیونٹی نے انتظامیہ سے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔

     

  • امریکی صدارتی انتخابات، مسلمان ووٹرزیادہ متحرک ہوگئے

    امریکی صدارتی انتخابات، مسلمان ووٹرزیادہ متحرک ہوگئے

    واشنگٹن : امریکی صدارتی الیکشن میں مسلمان ووٹروں نے بڑھ چڑھ کرحصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوجوان ووٹروں نے بڑی تعداد میں ووٹنگ لسٹوں میں ناموں کا اندارج کرا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدارتی انتخابی مہم میں مسلمانوں کے خلاف کھلےعام تعصب کا مظاہرہ کیا گیا، جس کا جواب دینے کیلئے مسلم ووٹروں نے مقابلہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    امریکا میں اٹھارہ برس سے کم عمر مسلمانوں کے اندراج میں پہلی باراضافہ ہوا ہے۔ 18 برس سے کم عمرہزاروں امریکی مسلمان پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔

    ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں اب تک 16 ہزار کے قریب نئے ووٹر رجسٹر ہوئے ہیں۔ بی بی سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذہبی تعصب کی وجہ سے مسلمان اپنی امریکی شناخت کو خطرے میں محسوس کر رہے ہیں اس لیے وہ انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : امریکی صدارتی انتخابات، ڈونلڈ ٹرمپ کو ریاست آئیوا میں شکست کا سامنا

     واضح رہے کہ امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ صدر بننے کے بعد مسلمانوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی لگا دیں گے، ٹرمپ کے مسلمانوں سے تعصب کی وجہ سے ریپبلکنز کے حامی مسلمان بھی اس بار ڈیموکریٹس کو ووٹ دینے کا ارادہ کررہے ہیں۔

     

  • نازیبا گفتگو: ڈونلڈ ٹرمپ سے ان کے اپنوں نے بھی منہ موڑ لیا

    نازیبا گفتگو: ڈونلڈ ٹرمپ سے ان کے اپنوں نے بھی منہ موڑ لیا

    واشنگٹن : امریکی صدارت کے لیے دوسرے مباحثے سے پہلے ہی ڈونلڈ ٹرمپ مشکل میں پھنس گئے۔ خواتین سے متعلق نازیبا گفتگو کی ویڈیو سامنے آنے پر اپنی ہی پارٹی کے رہنما ان کا ساتھ چھوڑ گئے۔ کونڈو لیزا رائس سمیت درجن بھر ریپبلکن رہنماؤں نے ٹرمپ کی حمایت سےانکار کرتے ہوئے ٹرمپ سے دستبردار ہونے کا مطالبہ کر ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق نازیبا گفتگو کی ویڈیو نےامریکی صدارتی امیدوارڈونلڈ ٹرمپ کو مشکل میں ڈال دیا۔ رپبلکن پارٹی کے ایک درجن سے زائد سینیئر رہنماؤں نے کہا ہے کہ وہ ٹرمپ کو ووٹ نہیں دیں گے۔

    دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے دستبرداری کے تمام مطالبات مسترد کردیئے ہیں، ری پبلکن امیدوارکا کہنا ہے کہ منظرعام پر آنے والی آڈیو بہت پرانی ہے اور وہ اس پر معذرت بھی کرچکے ہیں۔

    اس کے علاوہ کونڈو لیزا رائس نے بھی ٹرمپ سے صدارتی دوڑ سے علیحدگی کا مطالبہ کیا جو ڈونلڈ ٹرمپ نے مسترد کردیا، ڈونلڈ ٹرمپ نے کچھ ایسےالفاظ استعمال کیے تھے کہ ان کی اہلیہ نے بھی اس کو قابل افسوس قرار دیا ۔

    یہ بھی پڑھیں : خواتین کیخلاف نازیبا ریمارکس، ڈونلڈ ٹرمپ نے معافی مانگ لی

     ہیلری کلنٹن نے بھی اپنےحریف کے خیالات کو خوفناک قرار دیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ ویڈیو میں جو کچھ کہا گیا وہ ایسے ہی خیالات رکھتے ہیں۔

    اس ویڈیو کے بعد اس بات کا امکان ہے کہ آج ہونے والا دوسرا صدارتی مباحثہ بھی ہیلری کے حق میں ہی جائے گا۔

     

  • سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی: پاکستان نے معاملہ ورلڈ بینک میں اٹھا دیا

    سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی: پاکستان نے معاملہ ورلڈ بینک میں اٹھا دیا

    واشنگٹن : پاکستان نے سندھ طاس معاہدے پر بھارت کی جانب سے ممکنہ خلاف ورزیوں کا معاملہ ورلڈ بینک میں اٹھا دیا۔ ورلڈ بینک نے ایک ہفتے میں معاملہ نمٹانے کی یقین دہانی کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق آبی دہشت گردی پر آمادہ بھارت کا پاکستان کے بیس کروڑ عوام کو پیاسا مارنے کا گھناونا منصوبہ ناکام ہوگیا۔

    کشمیرمیں جاری تحریک آزادی سے پریشان مودی سرکار پاکستان کے عوام پر غصہ اتارنے کیلئے بے قرار ہے، پاکستان نے بھی آبی دہشت گردی کا راستہ روکنے کی پوری تیاری کرلی۔

    اس حوالے سے اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کی زیر قیادت وفد نے ورلڈ بینک کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔ پاکستانی وفد میں کمشنر انڈس واٹر کمیشن اور وزارت قانون کے عہدیدار شامل تھے۔

    واشنگٹن میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں پاکستان نے بھارتی آبی دہشت گردی کا معاملہ اٹھادیا۔ ملاقات میں پاک بھارت پانی کا تنازعہ نمٹانے کے لیے ثالثی عدالت کے قیام پر گفتگو کی گئی۔

    پاکستان کی جانب سے خاص طور پر ہائیڈرو پاور کے بھارتی منصوبوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا، اٹارنی جنرل آفس کے اعلامیے کے مطابق ورلڈ بینک نے آئندہ چند دنوں میں مذکورہ معاملہ نمٹانے کا عندیہ دے دیا ہے۔

     

  • امریکہ : کانگریس میں پاکستان کو دہشت گرد قرار دینے کا بل پیش

    امریکہ : کانگریس میں پاکستان کو دہشت گرد قرار دینے کا بل پیش

    واشنگٹن : پاکستان کو دہشت گرد ریاست قرار دینے کیلئے امریکی قانون سازوں نے کانگریس میں بل پیش کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ کے دو قانون سازوں نے کانگریس میں بل پیش کیا ہے جس میں پاکستان کو ’دہشت گردی کی کفیل ریاست‘ قرار دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ مذکورہ بل ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے ممبر کانگریس ٹیڈ پو اور کیلیفورنیا سے منتخب ہونے والے ممبر ڈینا روہرابیچر نے پیش کیا ہے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ٹیڈ پو کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ’ناقابل اعتماد اتحادی‘ ہے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان کئی سالوں سے امریکہ کے دشمنوں کی امداد کرتا آیا ہے۔

    انہوں نے حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسامہ بن لادن کی پرورش سے لے کر حقانی نیٹ ورک سے اس کے تعلقات جیسے ثبوت اس بات کے لیے کافی ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کس کے ساتھ ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اس بل کی وجہ سے اوباما انتظامیہ کو اس سوال کا باضابطہ طور پر جواب دینا ہو گا۔ وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کی امداد بند کردی جائے اور اسے دہشت گردی کی امداد کرنے والی ریاست قرار دے دیا جائے۔

    واضح رہے کہ کانگریس کے ممبر ٹیڈ پو ہاؤس کمیٹی برائے دہشت گردی کے چیئرمین بھی ہیں۔ یہ بل ایسے وقت میں پیش کیا گیا ہے جب وزیراعظم پاکستان نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے سلسلے میں امریکہ میں موجود ہیں۔

    ذرائع کے مطابق مبصرین کا کہنا ہے کہ ان دو ارکان کی جانب سے پاکستان کیخلاف پیش کیے گئے اس بل کے منظور ہونے کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔

     

  • اے آر وائی نیوزپرحملہ : امریکی محکمہ خارجہ کا بھی اظہارمذمت

    اے آر وائی نیوزپرحملہ : امریکی محکمہ خارجہ کا بھی اظہارمذمت

    واشنگٹن : امریکا نے بھی پاکستان میں میڈیا ہاؤسز حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے، امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ حکومت آزادی اظہار رائے کی آزادی یقینی بنائے۔

    اےآر وائی نیوز کے نمائند ہ واشنگٹن کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان مارک سی ٹونر نے یومیہ بریفنگ میں کہا ہے کہ آزاد میڈیا کسی بھی ملک کی جمہوریت کے لیے ضروری ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے میڈیا ہاﺅسز پر حملے قابل مذمت ہیں، آزادی اظہار رائے کی حمایت جاری رکھیں گے۔ آزاد میڈیا کسی بھی جمہوریت کیلئے اہمیت کا حامل ہے، اس کی حمایت جاری رکھیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اے آر وائی نیوزکے دفتر پرمتحدہ کارکنان کے حلمے سے آگاہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ اس حملے کے حوالے سے ایم کیو ایم کے کچھ کارکنان کو گرفتار بھی  کیا گیا ہے اورمتحدہ کے مرکز نائن زیرو کو سیل بھی کر دیاگیا ہے۔ اور واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات اکھٹی کررہے ہیں۔

     

  • ایران کو چار سو ملین ڈالر بھجوانے پر صدر اوباما پر شدید تنقید

    ایران کو چار سو ملین ڈالر بھجوانے پر صدر اوباما پر شدید تنقید

    واشنگٹن : امریکی صدر باراک اوباما کی منظوری سے ایران کو چار سو ملین ڈالرز تقد بھجوانے پر ری پبلکن رہنماؤں کی جانب سے شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران نے جس دن چار امریکی قیدیوں کو رہا کیا اسی دن امریکا کی جانب سے چار سو ملین ڈالرز کی تقدی سے بھرا کارگو جہاز ایران بھجوایا گیا تھا۔

    امریکی امور خارجہ کمیٹی کے چیئرمین ایڈ رائس نے ایک بیان میں صدر اوباما کے اس اقدام کو امریکی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قیدیوں کے بدلے تاوان کی ادائیگی سے امریکی شہریوں کی سیکورٹی کو مزید خطرات لاحق ہوں گے۔

    ایران کو خوش کرنے کیلئے صدر اوباما نے کانگریس اور امریکی عوام سے حقائق چھپائے جبکہ ایران سے ڈیل بھی صدر اوباما کی ایک تاریخی غلطی ہے۔

    دوسری جانب نے وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ایرنسٹ نے تصدیق کی ہے کہ یہ رقم ایران کو بھجوائی گئی تھی تاہم یہ امریکی قیدیوں کے بدلے تاوان نہیں بلکہ 1.7 ارب ڈالرز جو کہ امریکا نے ایران کو ادا کرنے ہیں اس کی پہلی قسط تھی۔

    امور خارجہ کمیٹی کے چیئرمین نے سیکریٹری کیری کو ایک خط میں مطالبہ کیا ہے کہ ایران کو 1.7 ارب ڈالرز کی ادائیگی کی تفصیلات سے امور خارجہ کی کمیٹی کو فوری طور ہر آگاہ کیا جائے۔

     

  • واشنگٹن : سرتاج عزیزاورامریکی وزیرخارجہ جان کیری کے درمیان ملاقات

    واشنگٹن : سرتاج عزیزاورامریکی وزیرخارجہ جان کیری کے درمیان ملاقات

    واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ جان کیری پاکستان سے اچھے تعلقات کے حامی ہیں۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات میں جلد پاکستان کا دورہ کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک امریکہ تعلقات پر جمی برف پگھلنے لگی۔ امریکہ پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی شراکت داری کو فروغ دینے کیلئے تیار ہوگیا۔

    وزیر اعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیزاور امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں باہمی تعلقات ،دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    لاؤس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات میں امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کے بارے میں مثبت خیالات کا اظہار کیا، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی، افغانستان کی صورتحال اور افغان مصالحتی عمل کی اہمیت پر بھی بات چیت کی گئی۔

    جان کیری نے قبائلی علاقوں سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے اقدامات اور حاصل کامیابیوں کو سراہا۔ جان کیری نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ کثیر الجہتی شراکت داری چاہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ باہمی تعلقات کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان آنا چاہتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ جان کیری کے مستقبل قریب میں دورہ پاکستان کے دوران پاک امریکہ دوطرفہ تعاون اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

     

  • متحدہ قومی موومنٹ کا وہائٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

    متحدہ قومی موومنٹ کا وہائٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

    واشنگٹن : متحدہ قومی موومنٹ امریکہ کے زیرا ہتمام واشنگٹن ڈی سی میں پنسلوانیا اسٹریٹ، وہائٹ ہاؤس کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔

    مظاہرے کے شرکاء نے کراچی میں جاری آپریشن کے دوران غیر قانونی چھاپوں، گرفتاریوں، سرکاری عقوبت خانوں میں وحشیانہ تشدد، سیاسی وفاداریوں کی تبدیلی کے لئے دباؤ اورایم کیو ایم کے خلاف جاری مجرمانہ متعصبانہ آپریشن کے خلاف اپناپرامن اور شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ۔

    MQM1

    مظاہرے میں ایم کیو ایم کے کنوینر ندیم نصرت، ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر متین یوسف، اراکین سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی شمیم صدیقی، عارف صدیقی، کامران حیدر محفوط حیدری، جنید فہمی، گل محمد، عدنان نقوی اور فرحین رضوی، کمیونیکیشن اینڈ میڈیا سیل سمیت امریکہ کی بیس سے زائدریاستوں کے مختلف شہروں سے کارکنان وذمہ داران سمیت واشنگٹن کے قرب وجوار کی ریاستوں سے ہمدردوں بشمول بزرگ، خواتین اور بچوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ٓ

    MQM4

    مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز تھامے ہوئے تھے جس پر ماورائے عدالت ہلاکتوں، مہاجر کارکنان کی جبری گمشدگیوں، ایم کیو ایم کے قائد کی تقریر و بیانات پر پابندی کے خلاف نعرے درج تھے۔

    MQM3

    مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ندیم نصرت نے کہا کہ جب جب ایم کیو ایم پر برا وقت آیا کارکنان نے ہی تحریکی جدوجہد کو جاری رکھا ہے اور اپنی جانیں بھی قربان کردیں ہیں۔

    انہوں نے کہاکہ وائٹ ہاؤس کے سامنے عظیم الشان مظاہرے نے ثابت کردیا ہے کہ قوم نے اپنا واضح فیصلہ کرلیا ہے اور وہ حق پرستانہ جدوجہد کی راہ میں آنے والی ہر مشکل سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔

    MQM5

    مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینٹرل آرگنائزر متین یوسف نے کہا کہ پاکستان اور اسکے وسائل پر قابض قوتوں نے اپنی ذاتی منفعت کیلئے پاکستان کے مفاد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی مخصوص پالیسیوں سے پاکستان کو تباہ و برباد کردیا ہے۔

    MQM6

    انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی واحد حقیقی سیکولر، لبرل اور ترقی پسند جماعت ہے جو پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح کا حقیقی پاکستان بنانا چاہتی ہے۔