Tag: Washington

  • امریکہ میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کامسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا

    امریکہ میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کامسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا

    واشنگٹن: امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کومشین ریڈ ایبل پاسپورٹ حاصل کرنے میں شدید مشکلات کا سامناہے۔

    پاکستانی نژاد امریکیوں کیلئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ حاصل کرنے کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے، محکمہ خارجہ اور محکمہ پاسپورٹ کے مابین اختیارات کی جنگ امریکہ میں رہنے والے پاکستانیوں کو مہنگی پڑنا شروع ہوگئی۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق واشنگٹن، ہیوسٹن اور شکاگو میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی مشینیں موجود ہونے کے باوجود پاسپورٹ نہیں بنائے جارہے جبکہ کینیڈا کے شہر وینکو ور میں بھی پاکستانی قونصلیٹ میں پڑی پاسپورٹ کی مشینوں کو زنگ لگ گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق گزشتہ تین سال سے واشنگٹن، ہیوسٹن ، شکاگو اور وین کوور میں دفترِ خارجہ اپنا افسر جبکہ محکمہ پاسپورٹ اپنا افسر لگانا چاہتے ہیں۔

    واشنگٹن اور ہیوسٹن میں گزشتہ تین سال سے مشینیں موجود ہونے کے باوجود افسران کی تعیناتی نہیں ہوسکی، شکاگو میں چند دن پہلے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی تنصیب کی گئی تاہم پاسپورٹ افسر موجود نہیں۔

    اس صورتحال میں واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانہ بدستور مینیول پاسپورٹ جاری کر رہا ہے جبکہ انٹرنیشنل قوانین کے مطابق 26 نومبر سے مینویل پاسپورٹ کسی بھی ائیر پورٹ پر قابل قبول نہیں ہوں گے۔

    انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن مینویل پاسپورٹس کے حوالے سے 26 نومبر 2015 کی ڈیڈ لائن جاری کرچکی ہے۔

  • امریکہ پاکستان کوجدید ہیلی کاپٹر اور میزائل فروخت کرے گا

    امریکہ پاکستان کوجدید ہیلی کاپٹر اور میزائل فروخت کرے گا

    اسلام آباد / واشنگٹن : امریکہ نے پاکستان کوجدید دفاعی سامان کی فروخت کی منظوری دیدی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی دفاعی ادارے یو ایس ڈیفنس سیکیورٹی کو آپریشن ایجینسی  نے پاکستان کو جدید ہیلی کاپٹرز اور میزائل فروخت کی منظوری دے دی ہے۔

    اس حوالے سے معاہدہ طے پاگیا ہے، معاہدے کے مطابق مذکورہ دفاعی سامان کی مالیت نو سو پچاس میلین ڈالر ہے، امریکی دفاعی ادارے یو ایس ڈیفنس سیکیورٹی کو آپریشن ایجینسی کا کہنا ہے کہ امریکہ کی جانب سے کئے گئے معاہدےاس کی اپنی سیکیورٹی اور جنوبی ایشیا میں امریکی خارجہ پالیسی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

    علاوہ ازیں پاکستان کو ملنے والے جدید ہیلی کاپٹرز اور میزائل ملک میں جاری دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ آپریشن ضر ب عضب میں اہم کردار ادا کریں گے۔

     دفاعی سامان میںاے ایچ ۔ون زیڈ وائپر اٹیک ہیلی کاپٹرز اور اے جی ایم فور آر ہیل فائرٹو میزائل شامل ہیں۔

  • واشنگٹن، ورجینیا کے مسلمانوں کا عید کی چھٹیوں کا مطالبہ

    واشنگٹن، ورجینیا کے مسلمانوں کا عید کی چھٹیوں کا مطالبہ

    نیویارک:  امریکا کے شہر نیو یارک میں عید کی چھٹیوں کے اعلان کے بعد واشنگٹن، ورجینیا اور میری لینڈ کی ریاستوں میں مسلمانوں نے عید کے موقع پر سرکاری چھٹیاں دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    نیو یارک سٹی کے مئیر بل دی بلاسیو نے عید الفطر اور عید الاضحیٰ کے موقع پر پبلک اسکولوں میں سرکاری چھٹیاں کیلنڈر میں شامل کرنے کا اعلان کر دیا تھا، اس فیصلے کو نہ صرف مسلم کمیونٹی بلکہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے بھی پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔

    امریکی دارالخلافہ واشنگٹن اور اس سے ملحقہ ریاستوں میری لینڈ اور ورجینیا کے مسلمان بھی چاہتے ہیں کہ عید کے موقع پر یہاں پر بھی سرکاری چھٹیوں کا اعلان کیا جائے۔

    ورجینیا اور میری لینڈ میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ہزاروں مسلمان رہائش پذیر ہیں، جنہیں عید کے تہوار کے موقع پر بھی اپنے بچوں کو اسکول اور خود نوکریوں پر جانا پڑتا ہے۔

    عید کے تہوار پر سرکاری چھٹیوں کے اعلان سے ان کی عید کا مزا دوبالا ہوسکتا ہے۔

  • لکھوی کی رہائی کے حکم کا جائزہ لے رہے ہیں ،امریکا

    لکھوی کی رہائی کے حکم کا جائزہ لے رہے ہیں ،امریکا

    واشنگٹن : امریکا نے کہا ہے کہ ممبئی حملے کے مرکزی ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت پررہائی کے حکم کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    واشنگٹن میں ہفتہ وارمیڈیا بریفنگ میں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ممبئی حملے کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی کے حکم کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    انکا کہنا تھا کہ پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ ممبئی حملے کے ملزمان، ان کومالی مدد فراہم کرنے والوں اورضمانت دینے والوں کوانصاف کے کٹہرے میں لانے میں تعاون کرے۔

    جین ساکی نے کہا کہ ذکی الرحمن کیخلاف جاری قانونی کارروائی کے نتائج کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

  • اوبامہ نے پاکستان میں امریکی سفیر کے نام کا اعلان کردیا

    اوبامہ نے پاکستان میں امریکی سفیر کے نام کا اعلان کردیا

    واشنگٹن: امریکی صدر باراک اوبامہ نے سینئر ڈپلومیٹ ڈیوڈ ہیل کو پاکستان میں امریکہ کا سفیرمقررکردیا ہے۔

    ڈیوڈ ہیل اس وقت لبنان میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور اس سے قبل وہ اردن کے سفیر بھی رہ چکے ہیں۔

    ڈیوڈ امریکی صدر کے لئے مشرق وسطیٰ میں خصوصی ایلچی برائے امن کے فرائض بھی انجام دے چکےہیں۔

    امریکہ نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا ہے کہ اسلامی شدت پسندوں کے خاتمے تک پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی اور انٹیلی جنس تعاون جاری رہے گا۔

    دوسرئ جانب یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ کبھی پاکستان میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت تو کبھی ہندوستان سے جوہری توانائی معاہدے جیسے معاملات پرواشنگٹن اوراسلام آباد کے تعلقات تناؤ کا شکار ہوتے رہتے ہیں۔

  • افغان طالبان سے کوئی رابطہ نہیں، امریکہ

    افغان طالبان سے کوئی رابطہ نہیں، امریکہ

    واشنگٹن : امریکا نے ایک بار پھر افغان طالبان کے ساتھ جاری مذاکرات کی خبروں کی تردید کر دی ہے، واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان کہنا ہے کہ  طالبان سے براہ راست یا کسی ذریعے سے مذاکرات نہیں ہورہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے ایک نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کے حل کیلئے امریکہ افغان قوتوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

    انہوں نے کہا کہ افغان صدر طالبان کو سیاسی بات چیت کی دعوت دے چکے ہیں، جس کا امریکہ خیر مقدم کرتا ہے، مسئلے کا حل افغانوں کا افغانوں سے ہی بات چیت میں ہے۔

    ایک سوال پر جین ساکی کا کہنا تھا کہ افغانستان کا معاملہ سلجھانے کیلئے ریجنل پارٹنرز کا کردار انتہائی اہم ہوگا،افغان صدر کی کوششوں کی حمایت پر ہم پاکستان اور چین کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

  • امن واستحکام کے لئے پاکستان اور امریکا ملکر کام کررہے ہیں، جان کیری

    امن واستحکام کے لئے پاکستان اور امریکا ملکر کام کررہے ہیں، جان کیری

    واشنگٹن : امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری اور وفاقی وزیرِ داخلہ چودھری نثارعلی خان  نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ہے۔

    وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ پاک امریکا تعلقات میں مثبت تبدیلی آئی ہے، جو خوش آئند ہے ۔ امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ خطےمیں امن واستحکام کے لئے پاکستان اور امریکا ملکر کام کر رہے ہیں۔

    وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار نے امریکی وزیرِ خارجہ سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے   جان کیری کا کہنا تھا کہ خطے میں امن واستحکام کےلئے پاکستان اور امریکا ملکر کام کر رہے ہیں، دہشت گردی کےخلاف پاکستان کےاقدامات لائق تحسین ہیں لیکن کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ دنیا کو پُرامن قوم کی طاقت دکھائی جائے۔

    امریکی وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ وزیرِاعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل  شریف نے دہشت گردی  کے خلاف بہت سے اقدامات کئے ہیں۔ دہشت گردی  کے خلاف امن  پسندوں کو ساتھ ملانا ہوگا، پاکستان کی معیشت اور جمہوریت  کیلئے ملکر کام کرتے  رہیں گے۔

    چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کو مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے، انسدادِ دہشت گردی کے لئے مؤثر اقدامات کررہے ہیں۔

    وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا انسداد دہشتگردی کے علاوہ معیشت کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے ۔ پچھلے کچھ مہینوں میں پاک امریکہ تعلقات میں بہتری آئی ہے اور ساتھ ہی ساتھ پاک افغان تعلقات بھی بہتر ہوئے ہیں ۔

    وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے دہشت گردی کے خلاف 5 نکاتی حکمت عملی پیش کی۔ انتہا پسندی کے خلاف ’’وائٹ ہاؤس سمٹ‘‘ سے خطاب کرتے  چودھری نثار نے کہا کہ دہشت گردی کسی ایک ملک نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔ لوگوں کو شدت پسندی کی طرف دھکیلنے والوں کو بے نقاب کیا جائے، دہشت گردی کے خلاف مقامی کمیونٹی کو مضبوط کیا جائے۔ انسداد دہشت گردی کے خلاف عالمی کانفرنس کا انعقاد لائق تحسین ہے۔ امن سے محبت کرنے والوں کا اعتماد حاصل کیا جائے

    انھوں نے کہا کہ سانحہ پشاور ملکی تاریخ میں دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے 50 ہزار جانوں کا نذرانہ دیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار بن گئی ہے۔

    چودھری نثار کا انتہا پسندی کے خلاف ’’وائٹ ہاؤس کانفرنس‘‘ کے حوالے سے کہنا تھا کہ انتہا پسندی کے خلاف کانفرنس شدت پسندی سے بچنے میں مددگار ہوگی۔ کانفرنس دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات کی بنیاد فراہم کرتی ہے، انسداد دہشت گردی کیلئے 5 نکاتی حکمت عملی انتہائی اہمیت کی حامل ہے،عالمی سطح پر تعلیم‘ صبر اور برداشت کو فروغ دیا جائے۔

  • پاک بھارت تناؤ پر امریکا کا اظہارِ تشویش

    پاک بھارت تناؤ پر امریکا کا اظہارِ تشویش

    واشنگٹن :امریکا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کے بعد پیدا ہونے والے تناؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات پر زور دیا ہے۔

    محکمۂ خارجہ کی ترجمان جین ساکی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ بارڈر پر کشیدگی کے دوران جاں بحق ہونے والوں سے ہمدردی ہے، دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان دہشت گردی کی روک تھام کے لیے تعاون موجود ہے۔

    امریکی وزیرِ خارجہ کے دورۂ پاکستان کے حوالے سے جین ساکی کا کہنا تھا کہ اسٹریٹجک مذاکرات کے لیے وزیرِ خارجہ جان کیری جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، تاہم تاریخوں کا اعلان ابھی نہیں کر سکتے۔

    کیری لوگر بل کے حوالے سے جین ساکی نے بتایا کہ بل کے تحت دو ہزار تیرہ سے کوئی امداد جاری نہیں کی گئی تاہم کیری لوگر بل کے علاوہ بھی پاکستان کو امداد دینے کا طریقہ کار موجود ہے۔

  • پانڈے نے سوشل ویب سائٹ فیس بک پر قبضہ جمالیا

    پانڈے نے سوشل ویب سائٹ فیس بک پر قبضہ جمالیا

    واشنگٹن: ایک بھاری بھرکم پانڈے نے سوشل ویب سائٹ فیس بک پر قبضہ جمالیا ہے، جہاں ہرکوئی سوال کررہا ہے کہ یہ پانڈا درخت سے کیوں اترنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔

    جانور چاہے چھوٹا ہو یا بڑا زندگی کی فکر ہر ایک کو خوفزدہ کردیتی ہے، اب اس بھاری بھرکم جثے والے پانڈے کو لے لیں۔۔ جو ڈر کرپوری رات درخت پر چڑھا رہا، واشنگٹن کے چڑیا گھر کے حکام کے مطابق انھوں حفاظتی نظام کیلئے ایک گرم تار لگائی تھی جس کو اس پانڈے نے چھو لیا جس کے بعد وہ ایسا خوفزدہ ہوا کہ پوری رات درخت پر گزر دی۔

    باؤ باؤ نامی اس پانڈے کو درخت سے اتارنے کے لیے اس کی ماں کو بھی لایا لیکن وہ نیچے نہ اترا، چڑیا گھر کے حکام کا کہنا ہےکہ وہ پانڈے کو جلد ہی تحفظ کا احساس دلا کر واپس اس کے گھر میں لے آئیں گے۔

  • دنیا بھر میں مسیحی برادری کرسمس تقریبات روایتی جوش و جذبےسے منا رہے ہیں

    دنیا بھر میں مسیحی برادری کرسمس تقریبات روایتی جوش و جذبےسے منا رہے ہیں

    نیویارک: دنیا بھر میں دو ارب سے زائد مسیحی کرسمس تقریبات روایتی جوش و جذبےسے منا رہے ہیں۔

    کرسمس کی تقریبات کا آغاز عیسائیت کے مرکز ویٹکن سٹی سے ہوا ۔جہاں پوپ فرانسیس نے سينٹ پيٹرز گرجا گھر ميں ہزاروں افراد کی موجودگی ميں شمع جلا کر کرسمس تقريبات کا باقاعده آغاز کيا۔ اپنے خطاب ميں ان کا کہنا تھا کہ کرسمس کا تہوار محبت٬ امن اور اتحاد کا پيغام ہے۔

     انہوں نے دنيا بھر کے لوگوں کے درميان حقيقی بھائی چارے کے قيام اور ظالموں کے ليے سزا کی دعا کی۔ تقریب میں عالمی عیسائی پیشوا نے لوگوں کو خود غرضی اور غرور سے بچنے اور کھلے دل کے ساتھ دل جیتنے کی تلقین بھی کی۔

    دنيابھر ميں مسیحی برادری کرسمس مذہبی جوش و جذبے سے منارہی ہے ۔ امریکا میں کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں میں دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔جہاں لوگوں نے امن اور سلامتی کِیلئے دعائیں کیں۔

     امریکی صدر اوباما اور خاتون اول مشل اوباما نے لوگوں کو کرسمس کی مبارکباد دی ۔یورپ بھر میں شدید سردی کے باوجود لوگ کرسمس جوش و خروش سے منارہے ہیں۔

    برطانیہ ،جرمنی سمیت اکثریورپی ممالک میں سانتا کلازلوگوں میں تحائف تقسیم کررہے ہیں جبکہ گرجا گھروں میں دعائیہ تقریبات جاری ہیں، اس موقع پر شہر رنگا رنگ روشنیوں سے جگمگا رہے ہیں اور بازاروں میں خصوصی ڈسکاؤنٹ بھی دئیے جارہے ہیں۔ برقی قمقموں سے سجے دیوہیکل کرسمس ٹری سب کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

     شام اور مصر میں بھی کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں میں خصوصی دعائیں کی گئیں جس میں امن سے رہنے کا پیغام دیاگیا۔

     عراق میں رہنے والے مسیحی بھی کرسمس کا تہوار جوش و خروش سےمنارہے ہیں،اس موقع پر لوگ ایک دوسرے کیساتھ خوشیاں اور تحائف بانٹنے میں مصروف ہیں۔

    خوشبووں کے شہر پیرس میں کرسمس کے موقع پر ایفل ٹاور بھی جگمگا اٹھا، کرسمس کی خوشیاں کرسمس ٹری کے بغیر ادھوری ہیں۔

    امریکی ریا ست ورجینیا میں سانتا کلاز نے واٹر اسکیٹنگ کرکے کرسمس کی خوشیاں دوبالا کر دیں۔