Tag: Washington

  • افغان صدر اشرف غنی اہم دورے پر امریکا پہنچ گئے

    افغان صدر اشرف غنی اہم دورے پر امریکا پہنچ گئے

    واشنگٹن: افغان صدر اشرف غنی دو روزہ دورے پر واشنگٹن پہنچ گئے، افغان صدر کل وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کریں گے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا کے اہم ترین دورے پر صدر غنی کے ساتھ پہلے نائب صدر امراللہ صالح ، قومی مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ اور دیگر سرکاری عہدیدار بھی موجود ہیں۔

    دو روزہ دورے میں افغان صدر اشرف غنی صدر بائیڈن ، دیگر امریکی عہدیداروں سے ملاقات کریں گے، ملاقاتوں میں امریکا اور افغانستان کے درمیان تعلقات اور افغانستان میں امن کا ایجنڈہ سر فہرست ہوگا۔

    گذشتہ ہفتے وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ صدر بائیڈن 25 جون 2021 کو وائٹ ہاؤس میں افغان صدر اشرف غنی اور قومی مفاہمت کی اعلی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کا استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔

    وائٹ ​ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ اس دورے سے امریکہ اور افغانستان کے درمیان پائیدار شراکت کو مزید تقویت ملے گی۔

    واضح رہے کہ یہ دورہ اس وقت کیا جارہا ہے جب جب امریکی اور اتحادی افواج افغانستان سے انخلا کررہی ہیں جبکہ دوسری جانب شدت پسندوں کی کارروائیوں میں تیزی آچکی ہے، پچھلے دو ماہ کے دوران طالبان نے متعدد اضلاع پر قبضہ کرلیا ہے۔

  • امریکی صدر کی رہائش گاہ میں خفیہ دکان کا انکشاف

    امریکی صدر کی رہائش گاہ میں خفیہ دکان کا انکشاف

    واشنگٹن : امریکی صدر کی سرکاری رہائش گاہ وائٹ ہاؤس میں خفیہ نائی کی دکان کا انکشاف ہوا ہے، جہاں پر لوگ بڑی رقم کے عوض اپنے بال کٹوانے اور شیو بنوانے آتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کورونا وائرس کی پھیلاؤ کے آغاز پر مکمل لاک ڈاؤن کے دوران وائٹ ہاؤس میں خفیہ نائی کی دکان شروع کی گئی ہے جہاں دو خواتین یہ کام سرانجام دیتی ہی اور بال کاٹنے کے70 ڈالر وصول کیے جاتے ہیں۔

    یہ خفیہ نائی کی دکان وائٹ ہاؤس کے ایک باتھ روم میں قائم کی گئی جہاں پر لوگ اپنے بال کٹوانے آتے ہیں۔

    ملک بھر میں کورونا وائرس کے شدید پھیلاؤ کے باعث کاروبار اور مارکیٹیں بند ہوگئی تھیں تو حجامت کے لئے ایک دکان قائم کی گئی جو بال کٹوانے کی واحد جگہ تھی، بال کاٹنے کے لئے دو ایشیائی خواتین کو رکھا گیا تھا۔

    بال کٹوانے کے لیے پہلے ای میل کی جاتی ہے جس کے بعد نمبر آنے پر ای میل کرنے والے شخص کے بال کاٹے جاتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ملازمین کو بال کٹوانے کے لیے 45 ڈالر، شیو کے لیے 25ڈالر اور خط بنوانے کے 15 ڈالر ادا کرنے ہوتے تھے۔

  • امریکا نے ایک اور مسلم ملک کو خطرناک نتائج کی دھمکی دے دی

    امریکا نے ایک اور مسلم ملک کو خطرناک نتائج کی دھمکی دے دی

    واشنگٹن : امریکا نے مصر کو دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے روس کے جنگی طیارے خریدے تو اسے سخت پابندیوں کی صورت میں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس سے جنگی طیارے خریدنے کے بارے میں امریکا نے مصر کو سختی سے متنبہ کیا ہے۔ اس سے قبل امریکہ ترکی کو بھی اس قسم کی دھمکی دے چکا ہے۔

    امریکا کے وزیرخارجہ اینٹنی بلینکن نے گزشتہ روز مصر کے وزیر خارجہ سامح الشکری کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں مصر کی جانب سے روس کے جنگی طیارے خریدے جانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

    امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس سلسلے میں مصر کو بہت سوچ سمجھ کر قدم اٹھانا چاہئے۔ بلنکن نے سامح الشکری سے گفتگو میں امریکا اور مصر کے درمیان مضبوط تزویراتی شراکت کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی،

    یاد رہے کہ اس سے پہلے امریکا کے سابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو بھی مصر کو دھمکی دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر مصر نے روس سے سوخوئی-35 جنگی طیارے خریدے تو اسے امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    امریکا کے سابق وزیر خارجہ مصر سمیت اپنے تمام اتحادی ممالک سے مطالبہ کر چکے ہیں کہ امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو محفوظ رکھنے کے لئے وہ روس سے ہتھیار نہ خریدیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر انہوں نے ایسا کیا تو انہیں امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا مصر کے علاوہ ترکی پر بھی دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ روس سے لڑاکا طیارے نہ خریدے۔ اگر یہ دونوں ممالک یا امریکا کا کوئی اور اتحادی روس سے لڑاکا طیارے خریدتا ہے توان کے خلاف پابندیوں کا امریکی نظام فعال ہو جائے گا اور ان پر پابندیاں عائد کردی جائیں گی۔

  • واشنگٹن ڈی سی فوجی چھاؤنی بن گیا، سخت حفاظتی انتظامات

    واشنگٹن ڈی سی فوجی چھاؤنی بن گیا، سخت حفاظتی انتظامات

    نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن کی 20جنوری کو ہونے والی تقریب حلف برداری سے قبل دارالحکومت کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا ہے، واشنگٹن ڈی سی اور اطراف کے علاقوں میں بڑی تعداد میں فوجی اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔

    تقریب حلف برداری کے موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلیے سیکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے چھ جنوری جیسی کسی بھی قسم کی کارروائی نہ کی جاسکے۔

    سیکیورٹی کے پیش نظر دارالحکومت اور اس کے دفاتر کی عمارتوں اور سپریم کورٹ کے ارد گرد سات سات فٹ تک رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق نیشنل گارڈ کے تقریباً پچاس ہزار فوجی تعینات کیے جائیں گے اور ان میں سے بہت سے اسلحے سے لیس ہوں گے، فوجیوں نے دارالحکومت کے تقریبا ہر گوشے میں پڑاؤ ڈال رکھا ہے۔

    یاد رہے کہ 6جنوری کو صدر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس کی کارروائی کے دوران پرتشدد ہنگامہ آرائی کی گئی تھی، ان جھڑپوں کے دوران ایک پولیس اہلکار سمیت چار افراد ہلاک ہوئے۔

  • کملا دیوی کے بارے میں آپ کیا جانتے ہیں؟

    کملا دیوی کے بارے میں آپ کیا جانتے ہیں؟

    واشنگٹن : امریکی کانگریس میں کیلی فورنیا کی نمائندگی کرنے والی کملا دیوی ہیرس جب 20 جنوری کو امریکی نائب صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گی تو وہ نئی رکاوٹیں عبور کرِیں گی۔

    وہ اس منصب پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہونے کے ساتھ ساتھ افریقی، جمیکن اور جنوبی ایشیائی خاندانی پس منظر رکھنے والی پہلی خاتون بھی ہوں گی۔

    ہیرس نے7 نومبر2020 کو کہا تھا کہ گو کہ اس منصب پر فائز ہونے والی میں پہلی خاتون ہوں گی مگر آخری نہیں ہوں گی کیونکہ آج رات ہروہ لڑکی جو دیکھ رہی ہے یہ جانتی ہے کہ یہ ممکنات کا ملک ہے۔”

    اوک لینڈ، کیلی فورنیا میں1964ء میں پیدا ہونے والی ہیرس تارکین وطن کی بیٹی ہیں۔ اُن کے والد ڈونلڈ ہیرس ریٹائر ماہر اقتصادیات ہیں، بنیادی طور پر اُن کا تعلق جمیکا سے ہے، (جب اُن کی دو بیٹیاں چھوٹی تھیں اُن کی اُن کی بیوی کی طلاق ہوگئی تھی۔)

    ہیرس کہتی ہیں کہ اُن کی پرورش امریکہ پر امید رکھنے کے یقین کے ساتھ کی گئی، بنیادی طور پر اُن کی والدہ ، شیامالا گوپالن ہیرس کا تعلق بھارت سے تھا وہ شہری حقوق کی ایک فعال رکن تھیں اور عورتوں کے چھاتی کے کینسر کی محقق تھیں۔

    ہیرس کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ نے اپنے بچوں کو سکھایا تھا کہ ہاتھ پر ہاتھ دھر کے نہ بیٹھنا اور شکایتیں نہ کرنا اور کچھ نہ کچھ کرنے رہنا۔ ہیرس کی والدہ سال2009ء میں انتقال کرگئی تھیں۔

    ہیرس نے واشنگٹن میں واقع تاریخی طور پر سیاہ فاموں کی ہوورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کی اور کیلی فورنیا یونیورسٹی کے ہیسٹنگز کالج آف لاء سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔

    Vice President-elect Kamala Harris arrives to speaks Saturday, Nov. 7, 2020, in Wilmington, Del. (AP Photo/Carolyn Kaster)

    انہوں نے کئی سال تک اوک لینڈ میں ضلع کی نائب سرکاری وکیل کے طور پر کام کیا اور 2003ء میں وہ اسی شہر اور سان فرانسسکو کاؤنٹی کی سرکاری ضلعی وکیل بن گئیں۔

    سال 2010ء میں ہیرس ریاست کیلی فورنیا کی پہلی سیاہ فام اٹارنی جنرل منتخب ہوئیں اور امریکہ کے محکمہ انصاف کے بعد ملک کے دوسرے سب سے بڑے محکمہ انصاف کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

    2014ء میں ہیرس نے وکیل ڈگلس ایمہوف سے شادی کی اور اُن کے بچوں کی سوتیلی ماں بنیں۔ یہ بچے اب جوان ہیں۔ (ایمہوف صاحب دوئم کا کردار نبھانے کے علاوہ اس ماہ واشنگٹن کے جارج ٹاؤن یونیورسٹی لاء سنٹر میں بطور استاد کام شروع کریں گے۔)

    سینیٹر کی حیثیت سے ہیرس نے سینیٹ کی اندرونِ ملک سلامتی اور حکومتی امور کی کمیٹی، انٹیلی جنس کی سلیکٹ کمیٹی، عدالتی کمیٹی اور بجٹ کی کمیٹی میں خدمات انجام دیں۔

    وہ کہہ چکی ہیں کہ نائب صدر کی حیثیت سے اُن کی ترجیحات کوویڈ-19 وبا ختم کرنے، اقتصادی مواقع اور صحت کی سہولتوں کو وسعت دینے، موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے ہنگامی حالات سے نمٹنے، دہشت گردی، نظاماتی نسل پرستی کا مقابلہ کرنے اور مشترکہ خدشات پر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی طور پر مل کر کام کرنے میں ںو منتخب صدر بائیڈن کی مدد کرنا ہوں گی۔

    واضح رہے کہ امریکہ کے نو منتخب صدر جوبائیڈن نے 2020ء میں ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن میں ہیرس کو متعارف کراتے ہوئے کہا تھا کہ میرے ہمراہ ایک عظیم نائب صدر ہوں گی۔

  • کیپیٹل ہل حملے میں ملوث افراد کو کتنی سزا ہوسکتی ہے؟ امریکی حکام نے بتا دیا

    کیپیٹل ہل حملے میں ملوث افراد کو کتنی سزا ہوسکتی ہے؟ امریکی حکام نے بتا دیا

    واشنگٹن : امریکی محکمہ انصاف نے کیپیٹل ہل حملے میں ملوث افراد کے خلاف ہر صورت کارروائی کا اعلان کیا ہے،  ترجمان کا کہنا ہے کہ حملہ کرنے والے ملزمان 20 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں امریکی محکمہ انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ کانگریس کی عمارت پر حملے اور ہنگامہ آرائی میں جو شخص بھی ملوث ہوا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    ترجمان محکمہ انصاف کا مزید کہنا تھا کہ بغاوت اور سازش پر اکسانے کے مقدمات کی پیروی کررہے ہیں جس کی سزا 20 سال قید ہے جب کہ ایف بی آئی نے حملے کے160 کیسز کھول دیے ہیں جس کے بعد مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

    خیال رہے کہ امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں صدر ٹرمپ کے حامیوں کے دھاوے اور ہنگامہ آرائی کے بعد پرتشدد واقعات میں چار افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے 52 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

    مزید پڑھیں : ٹرمپ کے حامیوں کی کانگریس پر چڑھائی، واشنگٹن میں کرفیو نافذ

    علاوہ ازیں کپیٹل ہل کے باہر ٹرمپ کے حامیوں کے احتجاج کے دوران بھارتی جھنڈے بھی نظر آئے، امریکی عوام و سیاست دانوں نے کیپٹل ہل کے باہر ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں بھارتی جھنڈوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

  • کورونا کے ممکنہ  پھیلاؤ کا خطرہ، امریکا میں  پاکستانی سفارتخانہ بند

    کورونا کے ممکنہ پھیلاؤ کا خطرہ، امریکا میں پاکستانی سفارتخانہ بند

    واشنگٹن : امریکا میں کورونا کیسز کے ممکنہ پھیلاؤ کے خطرات کے پیش نظر واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانہ بند کر دیا تاہم ویزہ یا پاسپورٹ کیلئے آن لائن سروس کھلی رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا کیسز کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانہ بند کر دیا گیا ، ترجمان پاکستانی سفارتخانہ نے کہا پاکستانی سفارتخانہ آئندہ 3روز 4 سے 6 جنوری تک بند رہے گا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سفارتخانہ کوجراثیم کش اسپرے کرنے کے بعد کھول دیا جائے گا، 3 روز تک قونصلر سروسز بھی بند رہیں گی۔

    پاکستانی سفارتخانہ نے مزید کہا کہ سفارتخانے کے تمام عملے کا کورونا ٹیسٹ کرایا جائے گا تاہم ویزہ یا پاسپورٹ کیلئے آن لائن سروس کھلی رہے گی۔

    خیال رہے دنیا بھر میں امریکا کورونا سے متاثرہ ممالک میں سرفہرست ہے، امریکا میں کورونا سے ریکارڈ 3900 اموات سامنے آئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ساڑھے 3 لاکھ سے زائد جبکہ کیسز کی تعداد 2 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے۔

    امریکا کے ماہر وبائی امراض ڈاکٹر فاؤچی کا کہنا تھا کہ امریکا میں کلینیکل ٹرائلز کی ہدایات کے مطابق کورونا ویکسین دی جانی چاہیے ورنہ کورونا کی نئی قسم امریکا میں پھیل جائے گی۔

  • ٹرمپ کو ایک اور جھٹکا : قریبی ساتھی نے بھی ساتھ دینے سے انکار کردیا

    ٹرمپ کو ایک اور جھٹکا : قریبی ساتھی نے بھی ساتھ دینے سے انکار کردیا

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی نائب مائیک پینس جو نائب صدر بھی ہیں، نے ٹرمپ کی توقعات پر پانی پھیر دیا، وہ جوبائیڈن کیخلاف ہونے والے قانونی اقدام سے لاتعلق ہوگئے۔

    مائیک پینس نے صدارتی انتخاب میں جو بائیڈن کی جیت کے پارلیمنٹ کے سرٹیفکیٹ کو کالعدم قرار دینے کے لئے قانونی کارکن لوئس گوہارٹ کی زیر قیادت شروع کئے گئے اقدام کی حمایت کرنے سے انکار کردیا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخابات میں شکست کے بعد بڑا دوسرا بڑا جھٹکا اس وقت لگا جب سبکدوش ہونے والے امریکی نائب صدر مائیک پینس نے صدارتی انتخاب میں جو بائیڈن کی جیت کے پارلیمنٹ کے سرٹیفکیٹ کو کالعدم قرار دینے کے لئے قانونی کارکن لوئس گوہارٹ کی زیر قیادت شروع کئے گئے اقدام کی حمایت کرنے سے انکار کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مسٹر گوہارٹ اور ریاست ایریزونا سے تعلق رکھنے والے 11 ووٹروں نے عدالت میں ایک مقدمہ دائر کیا جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ صرف مسٹر پینس کو ہی ان ووٹروں کا تعین کرنے کا حق ہونا چاہئے جن کے ووٹ کانگریس کو جائیں گے۔

    مسٹر پینس کے خلاف منگل کو دائر ایک نئے مقدمے میں استغاثہ نے کہا کہ انہوں نے قانونی چارہ جوئی کے بغیر اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی لیکن ان کی حمایت حاصل نہیں ہوسکی جس کے بعد عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا گیا۔

    استغاثہ کے وکیل نے معاہدے کے ذریعہ قانونی مسائل کو حل کرنے کی ایک مثبت کوشش قرار دیا جس میں نائب صدر کے وکیل کو مشورہ دینا بھی شامل تھا یہ کوشش حالانکہ ناکام رہی جس کے بعد مقدمہ دائر کیا گیا۔

    واضح رہے کہ صدر ٹرمپ انتخابات سے قبل اور نتائج آنے کے بعد بھی اس بات کو ماننے کے لئے آج بھی تیار نہیں ہیں کہ وہ ہار بھی سکتے ہیں اور ابھی بھی ان کی ہر ممکن کوشش ہے کہ ان انتخابی نتائج کو کسی طرح غلط اور غیرقانونی قرار دلادیں۔

  • ننھی سی کھلونا کار کی قیمت،  جسے سن کر یقین نہ آئے

    ننھی سی کھلونا کار کی قیمت، جسے سن کر یقین نہ آئے

    واشنگٹن : امریکا میں ایک ننھی کھلونا کار کی قیمت نے سننے والوں کے ہوش اڑا دیئے، جسے اب تک کا سب سے مہنگا ترین قرار دیا جارہا ہے کیونکہ اس کی قیمت عام گاڑیوں سے کہیں زیادہ ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق "بیچ بم” نامی ووکس ویگن بس کے1969 ورژن کی قیمت جس کی قیمت لگ بھگ ڈیڑھ لاکھ ڈالر ہے جو پاکستانی کرنسی میں دو کروڑ چالیس لاکھ روپے بنتی ہے، اسے دنیا کی سب سے قیمتی ہاٹ وہیل کار کہا جاتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ووکس ویگن ‘بیچ بم’ پروٹو ٹائپ کا سائز 1/64ہے۔ اس گاڑی کی تیاری 1969 میں ہوئی تھی جب ووکس ویگن اور ہاٹ وہیلس کو پہلی بار متعارف کیا گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق واشنگٹن ڈی سی سے تعلق رکھنے والے معروف تاجر اس طرح کی 3 ہزار 500 گاڑیوں کے مالک ہے جبکہ اُن کے پاس 179 ایسی نایاب اور قیمتی کھلونا گاڑیاں ہیں جو اب تک عوام کی نظروں میں نہیں آسکیں۔

    کمرشل ریئل اسٹیٹ ایجنٹ کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ ہاٹ وہیل کار 7 سال کی عمر میں خریدی تھی۔ لینڈری کا کہنا ہے کہ اس گاڑی کو اگر فروخت کیا جائے تو اس کی قیمت باآسانی ایک لاکھ پچاس ہزار امریکی ڈالرز یا اُس سے زائد مل سکتی ہے۔

    انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس گاڑی کی اہمیت گزشتہ چند ماہ میں بہت بڑھ گئی ہے جس کی بنیاد پر میں کہہ سکتا ہوں کہ اس کی فروخت توقع سے زیادہ رقم دے گی۔

  • صدارتی انتخابات : ڈونلڈ ٹرمپ نے نتائج روکنے کو فراڈ قرار دے دیا

    صدارتی انتخابات : ڈونلڈ ٹرمپ نے نتائج روکنے کو فراڈ قرار دے دیا

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مختلف گروہوں نے انتخابات متاثر کرنے کی کوشش کی، اچانک سب چیزیں رک گئیں یہ فراڈ ہے۔

    ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اچانک نتائج کے رکنے کو فراڈ قراردے دیا،ڈونلڈ ٹرمپ نے اچانک ووٹوں کی گنتی روکنے پر سپریم کورٹ جانے کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ اچانک سب چیزیں رک گئیں یہ فراڈ ہے، انتخابات میں قوم کے ساتھ بڑا فراڈ کیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مختلف گروہوں نے انتخابات متاثر کرنے کی کوشش کی لیکن ہم بڑی کامیابی کے جشن کیلئے تیار ہیں، انتخابات کے بہترین نتائج آرہے ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس کے باہر اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بار امریکی عوام بڑی تعداد میں ووٹ کیلئے باہر آئی ہے، ہم نے اوہائیو اور ٹیکساس سے کامیابی حاصل کرلی ہے، ٹیکساس سے ہم نے70ہزار ووٹ زیادہ حاصل کئے۔

    انہوں نے کہا کہ شمالی کیرولینا میں بھی ہم کامیاب ہوگئے ہیں، پنسلوانیا سے جیت رہے ہیں، وہاں سے 60فیصد ووٹ حاصل کرچکے ہیں، مشی گن میں بھی ہم جیت رہے ہیں جبکہ مختلف ریاستوں میں ابھی گنتی جاری ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم ایسی ریاست سے بھی جیت رہے ہیں جہاں سے توقع نہیں تھی، مجھے ٹیکساس کے گورنر نے جیت پر مبارکباد دی ہے لیکن اچانک یہ سب چیزیں رک گئیں یہ فراڈ ہورہا ہے، ہم جیت رہے ہیں اور ضرور جیتیں گے۔ اچانک نتائج آنا بند ہوگئے یہ قوم سے ایک بڑا فراڈ ہے، جہاں تک مجھے اندازا ہے ہم جیت چکے ہیں۔