Tag: Washington

  • وزیراعظم کے دورہ امریکا پر لوگ پاکستان طرز کا جلسہ واشنگٹن میں دیکھیں گے، علی زیدی

    وزیراعظم کے دورہ امریکا پر لوگ پاکستان طرز کا جلسہ واشنگٹن میں دیکھیں گے، علی زیدی

    واشنگٹن: وفاقی وزیربحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے امریکا میں استقبال کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورہ امریکا پر لوگ پاکستان طرز کا جلسہ واشنگٹن میں دیکھیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان جلوس کی شکل میں عمران خان کا استقبال کریں گے، کیپٹل ارینا لوگوں سے بھر جائے گا۔

    دریں اثنا وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ کیپٹل ارینا میں وزیراعظم عمران خان کا جلسہ تاریخی ہوگا، کسی پاکستانی لیڈر میں امریکا میں اس طرز کا جلسہ کرنے کی ہمت نہیں ہے۔

    خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر نجی پرواز سے امریکا روانہ ہوگئے، عمران خان اور صدر ٹرمپ کی ملاقات 22 جولائی کو ہوگی۔

    وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر امریکا روانہ ہوگئے

    وزیراعظم عمران خان کا سرکاری دورہ کل سےشروع ہوگا، وہ امریکا میں پاکستان ہاؤس میں قیام کریں گے، وزیراعظم 21جولائی کو ورلڈبینک کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔

  • واشنگٹن : میرے جسم میں نسل پرست ہڈی نہیں ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن : میرے جسم میں نسل پرست ہڈی نہیں ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اوپر لگنے والے ’نسل پرست‘ پر مشتمل الزام کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے جسم میں نسل پرست ہڈی نہیں ہے۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے دو روز قبل کانگریس کی رکن خواتین پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ خواتین دراصل ان ممالک سے تعلق رکھتی ہیں جہاں کی حکومتیں مکمل طور پر نااہل اور تباہی کا شکار ہیں اور دنیا بھر میں سب سے زیادہ کرپٹ ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا تھا کہ یہ خواتین بہت چالاکی سے امریکا کے عوام جو کرہ ارض پر سب سے عظیم اور طاقتور قوم ہیں انہیں بتارہی ہیں کہ ہماری حکومت کو کیسے چلانا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے تازہ ترین ٹوئٹ میں کہا کہ جو ٹوئٹس کی گئی تھیں وہ نسل پرستانہ نہیں تھیں کیونکہ میرے جسم میں نسل پرست ہڈی نہیں ہے۔

    امریکی صدر کے مذکورہ بیان کو ڈیموکریٹک صدارتی امیدواروں اور سینئر قانون سازوں کی جانب سے نسل پرست اور غیر ملکیوں سے نفرت پر مبنی قرار دیا گیا ہے۔

  • تارکینِ وطن تیار رہیں ،ان کے خلاف جلد چھاپے مارے جائیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

    تارکینِ وطن تیار رہیں ،ان کے خلاف جلد چھاپے مارے جائیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ملک میں موجود غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف چھاپوں اور ان کی ملک بدریوں کا سلسلہ جلد ہی شروع ہو جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن تیار رہیں، کیوں کہ امیگریشن حکام جلد ہی ان کے پاس آنے والے ہیں۔ یہ چھاپے نہیں بلکہ ملک بدری کی ابتداء ہوگی جو فیصلہ کن ہو سکتی ہے، یہ وہ لوگ ہیں جو ہمارے ملک پر بوجھ بن گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن مؤخر کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم گزشتہ ہفتے ان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن اب چار جولائی کے بعد شروع ہو جائے گا۔

    اس حوالے سے امریکی امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ ابتدا میں یہ کریک ڈاؤن ان تارکین وطن کے خلاف ہو گا جو حال ہی میں امریکا پہنچے ہیں۔

    خیال رہے کہ ماضی میں بھی امریکی عدالتیں صدر ٹرمپ کی جانب سے بعض ملکوں کے تارکینِ وطن کی امریکہ آمد پر پابندی عائد کرنے کے خلاف فیصلے دے چکی ہیں۔

    رواں سال چار اپریل کو ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات کا عزم کیا تھا کہ ملک کے جنوب میں واقع میکسکو کی سرحد کی حفاظت کے لیے وہ امریکی فوج تعینات کریں گے۔

    مزید پڑھیں: تارکینِ وطن پر پابندی، امریکی عدالت نے ٹرمپ کا حکم نامہ معطل کردیا

    امریکی صدر نے اس سے قبل غیر قانونی تارکین وطن کے معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے شمالی امریکہ کے آزاد تجارت کے معاہدے ’نافٹا‘ کو بھی ختم کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کی بد حواسی : سری لنکا میں ہلاکتوں کی غلط تعداد لکھنے پر تنقید کی زد میں

    ڈونلڈ ٹرمپ کی بد حواسی : سری لنکا میں ہلاکتوں کی غلط تعداد لکھنے پر تنقید کی زد میں

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی بدحواسیوں کی روایت تاحال برقرار رکھی ہوئی ہے سری لنکا میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں ہلاک افراد کی تعداد ایک سو اڑتیس ملین لکھ دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سری لنکا میں پے در پے ہونے والے آٹھ دھماکوں پر ٹوئٹر پر اپنے تعزیتی پیغام میں سنگین غلطی کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹوئٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے غیرسفارتی رویے پرشدید تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ صدر ٹرمپ نے مدہوشی کی حالت میں ٹویٹ کی ہے، شاید صدر ابھی تک نیند سے پوری طرح بیدار نہیں ہوئے‘ اور ’صدر ٹرمپ کو انسانی جانوں کو بھی کاروباری اعداد و شمار سے جانچتے ہیں۔

    بعد ازاں حالات کی نزاکت کا احساس ہوتے ہی ٹرمپ نے پہلی ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کی اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ بدحواسیوں کی خبریں عالمی میڈیا کی زینت بن چکی ہیں۔

  • شکاگو میں بچوں کی تقریب کے دوران فائرنگ، دو بچوں سمیت چار افراد زخمی

    شکاگو میں بچوں کی تقریب کے دوران فائرنگ، دو بچوں سمیت چار افراد زخمی

    واشنگٹن : امریکی شہر شکاگو کے جنوبی علاقے میں جاری بچوں کی تقریب کے دوران نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو بچوں اور خاتون سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے گنجان آبا شہر شکاگو کے جنوب میں واقع ویسٹ اینگل ووڈ کے قریبی علاقے میں منعقدہ بچوں کی تقریب میں دو نامعلوم مسلح افراد نے گزشتہ شب حملہ کرکے چھ افراد کو زخمی کردیا تھا۔

    شکاگو پولیس کا کہنا تھا کہ 8 سالہ بچے کو سینے اور کمر پر گولی لگی ہے اور زخمی ہونے والی دوسری بچی 10 سالہ ہے جس کی ٹانگ پر گولی لگی ہے تاہم دونوں کی حالت بہتر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے تین افراد کی عمریں 23 برس سے 48 برس کے درمیان ہیں اور 29 سالہ خاتون بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ زخمی خاتون کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 48 سالہ شخص کے حوالے سے کچھ معلوم نہ ہوسکا تاہم دو نوجوانوں کی حالت قابو میں ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد باآسانی فرار ہوگئے جو پیدل تھے جبکہ واقعہ اس سے قبل ہونے والے فائرنگ کا شاخسانہ ہوسکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل گینگ کے تنازع کے باعث فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا اور ہوسکتا ہے کہ اسی کے جواب میں یہ فائرنگ کی گئی ہو۔

    پولیس کے مطابق جب ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو پولیس پر بھی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے جبکہ جوابی فائرنگ سے ملزم بھی ہلاک ہوگیا تھا۔

    مزید پڑھیں : امریکا میں پولیس کی فائرنگ سے سیاہ فام گلوکار ہلاک

    خیال رہے کہ 14 فروری کو  امریکی شہر ولیجو میں پولیس نے سیاہ فام گلوکار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، واقعے میں ملوث 6 پولیس اہلکاروں سے تاحال تفتیش جاری ہے۔

    علاوہ ازیں گذشتہ سال جنوری میں امریکی ریاست لوزیانا میں ایک نوجوان نے دو مختلف واقعات اندھا دھند فائرنگ کرکے والدین سمیت پانچ افراد کو قتل کردیا تھا۔

  • نیٹو قیام کی 70ویں سالگرہ، واشنگٹن میں دو روزہ تقریبات جاری

    نیٹو قیام کی 70ویں سالگرہ، واشنگٹن میں دو روزہ تقریبات جاری

    واشنگٹن : مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے قیام کو 70برس بیت گئے، 70 سال قیام کی دو روزہ سالگرہ منانے کے لیے تقریبات امریکی دارلحکومت واشنگٹن میں شروع ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق مغربی فوجی اتحاد کی سترویں سالگرہ کے سلسلے میں واشنگٹن میں خصوصی تقریبات جاری ہیں، نیٹو اتحاد چار اپریل 1949ء کو واشنگٹن میں قائم کیا گیا تھا۔

    مغربی دفاعی اتحاد کے ستّر برس پورے ہونے کے موقع پر منعقد ہونے والی ان تقریبات کے ساتھ ساتھ اس عسکری اتحاد میں شامل ممالک کے وزرائے خارجہ روس کے ساتھ کشیدگی اور افغانستان کی صورتحال پر بھی صلاح و مشورے کریں گے۔

    امریکی حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات (آج) کو ایک عشائیے کے موقع پر رکن ممالک کے دفاعی بجٹ بھی زیر بحث آئیں گے۔

    نیٹو کے قیام کو 70 برس پورے ہونے کے موقع پر ٹرمپ نے مغربی دفاعی اتحاد کے سکریٹری جنرل ڑینس اشٹولٹن برگ سے ملاقات کی اس دوران ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جرمنی نیٹو کے اندر منصفانہ طریقے سے اپنے حصے کی ادائیگی نہیں کر رہا۔

    دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے دفاعی اخراجات میں تیزی سے اضافہ کرنے والے اس عسکری اتحاد کے رکن ممالک کو کوششوں کو بھی سراہا۔

    واشنگٹن میں نیٹو کی سترہویں سالگرہ کی تقریبات میں جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس اپنے ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں، 1949ء میں اپنے قیام کے موقع پر نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن یا نیٹو کے بارہ ارکان تھے بعدازاں ان کی تعداد 26 ہوگئی تھی اور اب اس کے رکن ممالک کی تعداد 29 ہو چکی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ 2004 ء میں سابق سوویت یونین کا حصہ رہنے والے ممالک ایسٹونیا، لیٹویا اور لیتھوینیا کو بھی نیٹو کی رکنیت دے دی گئی جبکہ ان کے ساتھ ہی سلووینیا، سلوواکیا، بلغاریہ اور رومانیہ بھی نیٹو کے رکن بن چکے ہیں۔

  • افغان مفاہمتی عمل :  زلمے خلیل زاد آج سے سات ممالک کے دورے کا آغاز کریں گے

    افغان مفاہمتی عمل : زلمے خلیل زاد آج سے سات ممالک کے دورے کا آغاز کریں گے

    واشنگٹن : امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد آج  سے سات ممالک کا دورہ شروع کریں گے، افغان حکومت سے مذاکراتی ٹیم کی تشکیل پر بھی مشاورت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد آج سے10اپریل تک یورپ اور ایشیا کے مختلف ممالک کا دورہ کریں گے، جن میں پاکستان اور افغانستان کا دورہ مرکزی اہمیت کا حامل ہے۔

    اس کے علاوہ زلمے خلیل زاد برطانیہ، بیلجیم، ازبکستان، اردن اور قطر بھی جائیں گے، امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی کا دورہ افغان مفاہمتی عمل میں پیشرفت میں معاونت کیلئے ہے۔

    اس موقع پر افغان فریقین کو مذاکرات پر آمادہ کرنے کی کوشش کی جائے گی، زلمے خلیل زاد افغان حکومت کے ساتھ امریکا اور افغان طالبان گفتگو پر روشنی ڈالیں گے۔

    مزید پڑھیں: قطر مذاکرات، فریقین انسدادِ دہشت گردی اور فوجی انخلا پر متفق ہوئے، زلمے خلیل زاد

    اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ افغان حکومت سے مذاکراتی ٹیم کی تشکیل پر بھی مشاورت ہوگی، زلمے خلیل زاد افغانستان میں امن اور ترقی کیلئے اتحادیوں سے گفتگو بھی کریں گے۔

  • امریکا نے شمالی کوریا پر اضافی پابندیاں ختم کردیں

    امریکا نے شمالی کوریا پر اضافی پابندیاں ختم کردیں

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا پر رواں ہفتے عائد کی جانے والی اضافی پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے امریکی حکام کی جانب سے شمالی کوریا پر مزید پابندیاں عائد کی گئ تھیں جسے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا سے نئی پابندیاں ہٹائی گئی ہیں تاہم پرانی اقتصادی پابندیاں ویسے ہی ہیں جیسے پہلے تھیں۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں شمالی کوریائی سربراہ کم جونگ ان سے ایک بار پھر ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی، پابندیوں میں کمی سے متعلق اقدامات ملاقات کی راہیں ہموار کرسکتی ہیں۔

    خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں امریکا اور شمالی کوریائی سربراہان کے درمیان دوسری ملاقات ہوئی تھی، مذاکرات بغیر کسی معاہدے کے بے نتیجہ ختم ہوگئے تھے۔

    امریکی حکام کے مطابق شمالی کوریا کی میزائل سے متعلق متنازعہ سرگرمیوں کے باوجود امریکا دوبارہ مذاکرات کے لیے تیار ہے، صدر ٹرمپ بھی راضی ہیں۔

    علاوہ ازیں شمالی کوریا کے بارے میں حال ہی میں ایسی رپورٹیں بھی سامنے آئی تھیں کہ اس نے اپنے میزائل پروگرام سے متعلق سرگرمیاں مبینہ طور پر دوبارہ شروع کر دی ہیں۔

    شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ امریکی صدر سے ملاقات کے لیے ویتنام پہنچ گئے

    یاد رہے کہ امریکا اور جنوبی کوریا نے اپنی سالانہ بنیادوں پر ہونے والی جنگی مشقوں کو دوبارہ بحال کردیا ہے، جس پر شمالی کوریا کو تحفظات ہیں۔ امریکا سے مشقوں کو روکوانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

  • امریکا میں ہزاروں بھوکوں کو کھانا کھلانے والا پاکستانی

    امریکا میں ہزاروں بھوکوں کو کھانا کھلانے والا پاکستانی

    پاکستان سے تین ڈالر جیب میں رکھ کر امریکا جانے والے قاضی منان آج ہزاروں بے گھر لوگوں کو پیٹ بھر کر کھانا کھلا رہے ہیں، ان کا ماننا ہے کہ جیسے وہ کسی زمانے میں بھوکے رہے کسی اور کو ایسے بھوکا نہ رہنا پڑے۔

    تفصیلات کے مطابق قاضی منان ، واشنگٹن ڈی سی میں قائم سکینہ ہلال گرل نامی ریسٹورینٹ کے مالک ہیں اور ان کی پالیسی ہے کہ اگر کوئی شخص بغیر پیسوں کے ان کے کاؤنٹر پر آکر کھانے کا مطالبہ کردے تو اسے منع نہیں کیا جاتا۔

    قاضی منان سنہ 1996 میں پاکستان سے امریکا آئے تھے ، اپنے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کا تعلق ایک ایسے پسماندہ گاؤں سے ہے جس میں نہ بجلی تھی اور نہ ہی سیوریج کی سہولیات تھیں۔ ان کا اسکول بھی ایک کھلے احاطے میں قائم روایتی اسکول تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ جب وہ امریکا آئے تو ان کی جیب میں محض تین امریکی ڈالر تھے ، یہاں آنے کے بعد سب سے پہلی نوکری انہوں نے گیس اسٹیشن پر کری اور اس کے بعد مسلسل آگے بڑھتے گئے۔

    سنہ 2013 میں انہوں نے ایک پاکستانی شہری سے یہ ریسٹورینٹ خریدا جس کا نام پہلے ’میور کباب ہاؤس‘ تھا، بعد میں اس کا نام انہوں نے اپنی والدہ کے نام پر’سکینہ ہلال گرل‘ رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ فری کھانا فراہم کرنے کی ابتدا کچھ اس طرح ہوئی کہ ایک مرتبہ ایک بے گھر شخص ان کے کاؤنٹر پر آیا اور کھانے کی قیمت پوچھ کر اس نے کہا کہ ’’میرے پاس صرف تین ڈالرہیں‘۔ منان کے مطابق وہ ایک فیصلے کا لمحہ تھا، انہوں نے اس شخص کو کہا کہ تمہیں پیسے دینے کی ضرورت نہیں تمہارے لیے یہاں کھانا مفت ہے۔

    قاضی منان کا کہنا ہےکہ اس وقت سے انہوں نے پالیسی بنادی کہ جو بھی یہاں آکر کہے کہ اس کے پاس پیسے نہیں ہیں ، اس سے مزید کوئی سوال پوچھے بغیر اسے روایتی گاہکوں کی طرح با عزت طریقے سے کھانا فراہم کیا جائے۔

    منان کے مطابق سنہ 2016 میں یہاں سے مفت کھانا کھانے والوں کی تعداد 6 ہزار تھی جو کہ گزشتہ سال بڑھ کر 16 ہزار ہوچکی ہے۔ کبھی کبھی اس سبب انہیں مالی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن وہ اسے خوشدلی اور خندہ پیشانی سے برداشت کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ مفت کھانا فراہم کرنے کے پیچھے دو اہم وجوہات ہیں، ایک یہ کہ جب وہ امریکا آئے تو کئی بار انہیں ایسے وقتوں سے گزرنا پڑا جب ان کے پاس کھانے کو پیسے نہیں تھے اور وہ بھوکے رہے، سو وہ چاہتے ہیں کہ ایسا وقت کسی اور کو نہ دیکھنا پڑے۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ وہ دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ وہ ایک امریکی مسلمان ہیں اور ان کا مذہب انہیں فلاح انسانیت کا درس دیتا ہے دہشت گردی کا نہیں۔

  • امریکا: برفانی طوفان نے تباہی مچادی، خاتون سمیت 3 افراد ہلاک، نظام زندگی درہم برہم

    امریکا: برفانی طوفان نے تباہی مچادی، خاتون سمیت 3 افراد ہلاک، نظام زندگی درہم برہم

    واشنگٹن: امریکا میں برفانی طوفان نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں خاتون سمیت تین افراد ہلاک جبکہ نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی کئی ریاستوں میں برفانی طوفان نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی، جس کے باعث متعدد پروازیں بھی منسوخ ہوچکی ہیں۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیو میکسیکو سمیت کئی ریاستیں شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہیں، چھ سے دس انچ ہونے والی برفباری کے باعث زمینی اور ہوائی ٹرانسپورٹ کا نظام معطل ہو کر رہ گیا۔

    تین سو سے زائد پر وازیں منسوخ، سات ہزار سے زائد تاخیر کا شکار ہیں، اور ہزاروں افراد مختلف ائیرپو رٹ پر پھنسے ہوئے ہیں، جن کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    امریکا میں طوفانی بارشیں، برطانیہ میں بھی سیلابی صورت حال، ایک شخص ہلاک

    کینساس، نیبراسکا، شمالی ڈکوٹا، جنوبی ڈکوٹا، منی سوٹا کے مشرقی و مغربی حصوں میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق بارشوں اور برفباری کے باعث شدید سردی کی لہر ہر طرف پھیلی ہوئی ہے، مقامی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو کار اور موٹر سائیکل چلانے سے گریز اور بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ 2017 بھی امریکا کے لیے قدرتی آفات کے حوالے سے بدترین ثابت ہوا تھا، یکے بعد دیگرے 4 طوفانوں نے امریکی ریاستوں کو تباہی سے دو چار کیا جبکہ درجنوں ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں۔