Tag: Washroom

  • چوہدری پرویز الہٰی واش روم میں گر کر زخمی ہو گئے

    چوہدری پرویز الہٰی واش روم میں گر کر زخمی ہو گئے

    لاہور: ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی واش روم میں گر کر زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پرویز الہٰی و دیگر کے خلاف پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیوں کے کیس میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت میں میڈیکل رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الہٰی جیل کے واش روم میں گر کر زخمی ہو گئے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پرویز الہٰی کو چلنے پھرنے میں مشکل کا سامنا ہے، خدشہ ہے کہ ان کو فریکچر ہوا ہے، تاہم یہ رپورٹ آنے پر کنفرم ہوگا، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ پرویز الہٰی کو ڈاکٹرز نے دو ہفتوں کے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

    اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے پراسکیوشن سے حتمی دلائل طلب کر لیے ہیں۔

  • طبی عملے کی بدترین غفلت، خاتون نے واش روم میں بچے کو جنم دے دیا

    طبی عملے کی بدترین غفلت، خاتون نے واش روم میں بچے کو جنم دے دیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے نواحی علاقے ٹبہ سلطان پور میں طبی عملے کی بے حسی اور غفلت کے باعث حاملہ خاتون نے واش روم میں بچے کو جنم دے دیا، بروقت آکسیجن نہ ملنے کے باعث نومولود بچہ جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ٹاؤن ٹبہ سلطان پور کے رورل ہیلتھ سینٹر گڑھا موڑ میں عملے کی بدترین غفلت سامنے آگئی۔

    ہیلتھ سینٹر میں بچے کی ڈیلیوری کے لیے آنے والی خاتون کی حالت غیر ہوگئی تاہم عملے نے طبی امداد دینے سے انکار کردیا، ایمرجنسی روم بند ہونے کے باعث خاتون نے واش روم میں بچے کو جنم دے دیا۔

    بروقت آکسیجن نہ ملنے کے باعث بچہ جاں بحق ہوگیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال عملے نے خاتون کو طبی امداد دینے کے بجائے اپنے کمرے کا دروازہ بند کر لیا۔

    خاتون کے ورثا کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت عملہ اسپتال میں ڈیوٹی کے بجائے سو رہا تھا۔

    متاثرہ خاتون کے ورثا نے رورل ہیلتھ سینٹر گڑھا موڑ عملہ کے خلاف احتجاج شروع کردیا، ورثا نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • جدہ میں عوامی باتھ روم کے استعمال پر فیس مقرر

    جدہ میں عوامی باتھ روم کے استعمال پر فیس مقرر

    ریاض: جدہ کے ساحل جدہ کورنیش پر بنے باتھ رومز کے استعمال پر فیس عائد کردی گئی، مقامی افراد نے فیس عائد ہونے پر ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی شہر جدہ کے ساحل جسے کورنیش کہا جاتا ہے، پر بنے باتھ روم استعمال کرنے کے لیے فیس مقرر کر دی گئی ہے۔ ترجمان بلدیہ کے مطابق اسمارٹ باتھ روم کے لیے 7 ریال جبکہ روایتی بیت الخلا کے لیے 3 ریال فی کس مقرر کیے گئے ہیں۔

    محکمہ بلدیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جدہ کے ساحل پر بنائے گئے باتھ روم کا کنٹریکٹ دینے کے لیے ٹینڈرز بھی طلب کیے جائیں گے۔

    ترجمان بلدیہ کے مطابق ساحل جدہ کی بہترین تفریح گاہ ہے اور یہاں روزانہ ہزاروں افراد آتے ہیں، ان کی ضروریات کے لیے بلدیہ کی جانب سے بیت الخلا تعمیر کیے گئے ہیں۔ ساحل کے مختلف مقامات پر 10 روایتی جبکہ 8 اسمارٹ بیت الخلا موجود ہیں۔

    اسمارٹ بیت الخلا میں داخلے کے لیے پری پیڈ کارڈ حاصل کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔ پری پیڈ کارڈ مختلف قیمتوں کا ہوتا ہے تاہم اس کے کریڈٹ میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

    اسمارٹ بیت الخلا میں گرم اور ٹھنڈے پانی کی سہولت کے علاوہ ہاتھ خشک کرنے کے لیے ایئر بلوورز کا بھی خصوصی انتظام موجود ہے۔

    ساحل پر تفریح کے لیے آنے والوں کا کہنا ہے کہ بلدیہ کی جانب سے روایتی باتھ رومز کو بھی نجی اداروں کی تحویل میں دے دیا گیا ہے جس سے انہیں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    البتہ کچھ افراد کا خیال ہے کہ یہ بہترین اقدام ہے اور اس سے لوگوں کو صاف ستھرے باتھ رومز ملیں گے۔

  • پاکستان کے دیہی علاقوں میں بیت الخلا استعمال کرنے کے رجحان میں اضافہ

    پاکستان کے دیہی علاقوں میں بیت الخلا استعمال کرنے کے رجحان میں اضافہ

    دنیا بھر میں آج بیت الخلا کا عالمی دن یعنی ورلڈ ٹوائلٹ ڈے منایا جا رہا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد ہماری زندگیوں میں بیت الخلا کی موجودگی کی اہمیت اور پسماندہ علاقوں میں اس کی عدم فراہمی کے مسئلے کی طرف توجہ مبذول کروانا ہے۔

    عالمی ترقیاتی ادارے واٹر ایڈ کے مطابق پاکستان کی لگ بھگ پونے 7 کروڑ آبادی صاف ستھرے بیت الخلا یا سرے سے ٹوائلٹ کی سہولت سے ہی محروم ہے جبکہ دنیا بھر میں ہر 8 میں سے 1 شخص کو محفوظ بیت الخلا تک رسائی دستیاب نہیں۔

    سنہ 2013 سے اس دن کے انعقاد کا آغاز کیے جانے کا مقصد اس بات کو باور کروانا ہے کہ صحت و صفائی کو برقرار رکھنے کے لیے ایک محفوظ اور باقاعدہ بیت الخلا اہم ضرورت ہے۔ اس کی عدم دستیابی یا غیر محفوظ موجودگی بچوں اور بڑوں میں مختلف بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔

    یونیسف کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے جہاں لوگ کھلے عام رفع حاجت کرتے ہیں۔ یعنی کل آبادی کے 13 فیصد حصے یا 2 کروڑ 5 لاکھ افراد کو ٹوائلٹ کی سہولت میسر نہیں۔ یہ تعداد زیادہ تر دیہاتوں یا شہروں کی کچی آبادیوں میں رہائش پذیر ہے۔

    یونیسف ہی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں صفائی کی ناقص صورت حال کی وجہ سے روزانہ پانچ سال کی عمر کے 110 بچے اسہال، دست اور اس جیسی دیگر بیماریوں کے باعث ہلاک ہو جاتے ہیں۔

    دوسری جانب دنیا بھر میں صفائی کی ناقص صورتحال کے باعث ہونے والی اموات کی شرح 2 لاکھ 80 ہزار سالانہ ہے۔


    ٹوائلٹ ۔ ایک سماجی مسئلہ

    گزشتہ برس بھارت میں بیت الخلا کی عدم موجودگی ایک سماجی مسئلہ بن کر سامنے آئی جب دیہاتوں میں کھلے عام رفع حاجت کے لیے جانے والی خواتین پر جنسی حملے ہوئے اور کئی خواتین زیادتی کا نشانہ بنیں۔

    اس کے بعد بھارت میں بیت الخلا تعمیر کرنے کی ملک گیر مہم شروع ہوگئی جس میں بالی ووڈ اداکاروں نے بھی حصہ لیا۔ اس بارے میں آگاہی مہمات بھی شروع ہوئیں جس کے خاطر خواہ تنائج برآمد ہوئے۔

    کچھ عرصے قبل بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کی فلم ’ٹوائلٹ ۔ ایک پریم کتھا‘ بھی بھارت کے اہم ترین مسئلے بیت الخلا کی عدم موجودگی کی طرف توجہ دلانے کے لیے بنائی گئی۔

    بھارت میں اس وقت 63 کروڑ سے زائد افراد بیت الخلا کی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔

    فلم کی ریلیز کے موقع پر اکشے کمار کا کہنا تھا، ’بھارتیوں کا ایک مائنڈ سیٹ ہے کہ جہاں کھانا پکایا جاتا ہے، کھایا جاتا ہے، وہاں رفع حاجت نہیں کی جاسکتی، اور اس کے لیے گھروں سے باہر جا کر اس بنیادی ضرورت کو پورا کیا جاتا ہے۔ ہم اس فلم کے ذریعے اس نظریے کے خلاف لڑ رہے ہیں‘۔


    پاکستان میں بیت الخلا استعمال کرنے کے رجحان میں اضافہ

    نئی صدی کے آغاز میں طے کیے جانے والے ملینیئم ڈویلپمنٹ گولز میں (جن کا اختتام سنہ 2015 میں ہوگیا) صاف بیت الخلا کی فراہمی بھی ایک اہم ہدف تھا۔ پاکستان اس ہدف کی نصف تکمیل کرنے میں کامیاب رہا۔

    رپورٹس کے مطابق سنہ 1990 تک صرف 24 فیصد پاکستانیوں کو مناسب اور صاف ستھرے بیت الخلا کی سہولت میسر تھی اور 2015 تک یہ شرح بڑھ کر 64 فیصد ہوگئی۔

    سنہ 2016 سے آغاز کیے جانے والے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف میں طے کیا گیا ہے کہ سنہ 2030 تک دنیا کے ہر شخص کو صاف ستھرے بیت الخلا کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

    پاکستان اس ہدف کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان میں یونیسف کی ترجمان انجیلا کیارنے کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دیہی علاقوں میں باتھ روم کا استعمال بڑھ رہا ہے اور یہ ایک حیرت انگیز اور خوش آئند کامیابی ہے۔

    کئی دیہی علاقوں میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت یا کسی سماجی تنظیم کے تعاون سے باتھ روم کی تعمیر کروا رہے ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بھارت کے مقابلے میں پاکستانیوں کو باتھ روم کی اہمیت کا احساس ہے۔


    ایک بہترین مثال

    دیہی آبادیوں کو بیت الخلا استعمال کرنے پر مجبور کرنا بھی ایک مسئلہ ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ وہ سالوں سے کھلے میں رفع حاجت کرنے کے عادی ہیں۔ اس کی ایک بہترین مثال نیپال میں پیش کی گئی۔

    نیپال میں حکومت عوامی تعاون کے ساتھ ملک بھر میں کھلے میں رفع حاجت کرنے کے عمل کو رواں برس کے آخر تک ختم کرنا چاہتی ہے۔

    اس مقصد کے لیے گزشتہ برس دیہاتوں میں بچوں کو ایک رضا کارانہ عمل کے لیے تیار کیا گیا۔ یہ بچے ہر روز صبح کھیتوں میں نکلتے ہیں اور جہاں کہیں کسی شخص کو رفع حاجت کرتے پاتے ہیں تو اسے سیٹیاں بجا کر تنگ کرتے ہیں۔

    بعد ازاں بچے اس مقام پر جہاں کسی شخص نے رفع حاجت کی ہو، ایک پیلا جھنڈا گاڑ کر اس شخص کا نام لکھ دیتے ہیں تاکہ وہ شرمندہ ہو کر دوبارہ گھر سے باہر یہ عمل نہ دہرائے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ صاف ستھرے بیت الخلا کے استعمال اور صحت و صفائی کو فروغ دینے کے لیے مؤثر اقدامات اور آگاہی مہمات چلائی جانی ضروری ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔