Tag: water connection

  • پانی کنکشن کیلئے کھدائی: دو سگے بھائی جان کی بازی ہار گئے

    پانی کنکشن کیلئے کھدائی: دو سگے بھائی جان کی بازی ہار گئے

    کراچی : نارتھ ناظم آباد میں کھدائی کے دوران مٹی کا تودا گرنے سے دو افراد ہلاک ہوگئے، متوفیان آپس میں سگے بھائی تھے۔

    کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں پانی کے کنکشن کیلئے کھدائی کرنے والے دو افراد مٹی کا تودا گرنے سے موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ موقع پرموجود افراد نے فوری طور پر ملبے کو ہٹا کر ان کو نکالنے کی کوشش کی، تاہم ان کو بچانے میں ناکام رہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملبے سے ایک شخص کی نعش نکال لی گئی جبکہ دوسرے نے بے ہوشی کے عالم میں اسپتال جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بد قسمت بھائی اور ناظم آباد کے رہائشی تھے، جن کی شناخت مزمل اور سفیان کے نام سے ہوئی ہے، قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔

    پولیس حکام نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بلاک ایس بلال مسجد کے قریب پانی کی پائپ لائن کا کام جاری تھا، دونوں بھائیوں کو محلے میں نئے کنکشن کی غرض سے کسی نے بلوایا تھا۔

    22سالہ صفیان اور27سالہ مزمل سگے بھائی اور پلمبر کا کام کرتے تھے جو مرمت کی غرض سے7سے8فٹ گہری پائپ لائن میں اترے۔

    دونوں بھائیوں کی ہلاکت پائپ لائن میں پانی کے کنکشن کے دوران اچانک ملبہ گرنے کے بعد دم گھٹنے سے ہوئی، مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

  • سعودی عرب نے شہریوں کو خبردار کردیا، سخت وارننگ جاری

    سعودی عرب نے شہریوں کو خبردار کردیا، سخت وارننگ جاری

    ریاض : سعودی حکومت نے پانی کا بل بروقت ادا نہ کرنے والے شہریوں کو تنبیہ کی ہے کہ نادہندگان کے کنکشن منقطع اور واٹر ٹینکر سروس کی آن لائن ادائیگی لازمی کردی جائے گی۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی نیشنل واٹر کمپنی نے پانی کا بل ادا نہ کرنے والوں کی سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نیشنل واٹر کمپنی نے منگل کو جاری بیان میں کہا ہے کہ جن صارفین نے پانی کے بل ابھی تک جمع نہیں کروائے وہ پہلی فرصت میں بل جمع کرادیں ورنہ 7 جون سے ان کے کنکشن کاٹ دیے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ نیشنل واٹر کمپنی نے کورونا بحران اور اس سے بچاؤ کے لیے مقرر حفاظتی اقدامات کے پیش نظر پانی کے بل ادا نہ کرنے والے صارفین کو عارضی طور پر کنکشن کاٹنے کی کارروائی سے استثنیٰ دیا ہوا ہے۔ اب یہ استثنیٰ 7 جون کو ختم ہوجائے گا۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ نیشنل واٹر کمپنی نے صارفین کو اطمینان دلایا ہے کہ اس دوران واٹر ٹینکرز کی سہولت صارفین کو مہیا ہوگی۔ واٹر ٹینکر طلب کرنے والوں کو پیسے آن لائن ادا کرنا ہوں گے۔

    نیشنل واٹر کمپنی کے مطابق کنکشن نہ کاٹنے کی سہولت بحرانی حالات کے پیش نظر دی گئی تھی، اب جبکہ حالات معمول پر آرہے

    ہیں ایسی صورت میں یہ سہولت برقرار نہیں رکھی جاسکتی۔ شہریوں کو زیادہ بل ہونے کی وجہ سے بھاری رقم ادا کرنا مشکل ہوجائے گا۔

    نیشنل واٹر کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یکم جولائی سے واٹر ٹینکرز صرف ان صارفین کو فراہم کیے جائیں گے جو پانی کے سابقہ بل ادا کرچکے ہوں۔صارفین پانی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کمپنی کی ویب سائٹe.nwc.com.saپر جاکر اپنے کوائف اپ ڈیٹ کرلیں۔