گزشتہ دنوں بھارتی ڈیموں سے چھوڑے جانے والے لاکھوں کیوسک پانی کے ریلے سے قبل ہی مون سون کی وجہ سے پنجاب کے بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا تھا۔
لیکن جب بھارت نے دریائے راوی میں 2 لاکھ کیوسک پانی چھوڑا تو تینوں دریا بپھر گئے اور ہر طرف تباہی مچ گئی۔ یہ کیوسک کیا ہوتا ہے اور اس کو ناپنے کا کیا پیمانہ ہے؟
کیا آپ جانتے ہیں کہ بھارت کی جانب سے چھوڑے جانے والے 2 لاکھ کیوسک پانی کی لیٹر کے حساب سے کتنی مقدار ہوگی؟ لیکن اس کے لیے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ آخر کیوسک کا مطلب کیا ہے؟
کیوسک کا مطلب
جس طرح وزن کے لیے کلو گرام، فاصلے کے لیے کلومیٹر اور رقبے کے لیے مرلہ وغیرہ کے پیمانے استعمال کیے جاتے ہیں، اسی طرح مائع یا سیال چیزوں کے بہاؤ اور خاص طور پر دریاؤں اور نہروں کے بہاؤ کی پیمائش کے لیے جو پیمانہ استعمال کیا جاتا ہے اسے ‘کیوسک’ کہا جاتا ہے۔
کیوسک دراصل کیوبک (مکعب) فٹ فی سیکنڈ لفظ کا مخفف ہے۔ یہ بات بھی ذہن نشین رہے کہ کیوسک سے مراد کسی وقت میں فی یونٹ پانی کا بہاؤ ہے، یہ پانی کی مجموعی مقدار نہیں۔ ایک مکعب یا کیوبک فٹ میں لگ بھگ 28.32 لیٹر پانی ہوتا ہے۔
تو اگر کسی جگہ سے ایک سیکنڈ میں ایک کیوبک فٹ یا 28 لیٹر سے زائد پانی گزرے تو پانی کی وہ مقدار ایک کیوسک ہوگی۔
لہٰذا جب یہ کہا جاتا ہے کہ فلاں جگہ سے ایک لاکھ کیوسک کا ریلہ گزرے گا تو اس کا مطلب ہے کہ وہاں سے ایک سیکنڈ میں 2لاکھ 83ہزار 170 لیٹر پانی گزرے گا۔
اس حساب سے بھارت کی جانب سے دریائے راوی میں 566340 لیٹر پانی چھوڑا گیا جو پنجاب میں بڑے پیمانے پر تباہی کا سبب بن رہا ہے۔