Tag: water supply

  • گھارو پمپنگ اسٹیشن مکمل بند، شہرکو پانی کی فراہمی نہ ہوسکی

    گھارو پمپنگ اسٹیشن مکمل بند، شہرکو پانی کی فراہمی نہ ہوسکی

    کراچی : کےالیکٹرک کی جانب سے گھارو پمپنگ اسٹیشن اور فلٹر پلانٹ پر کیبل اور سی ٹی فالٹ کی وجہ سے شہر میں پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ کیبل اور سی ٹی فالٹ آج صبح 10 بج کر 35 منٹ پر ہوا، 12گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود تاحال فالٹ صحیح نہیں ہوسکا۔

    ترجمان نے بتایا کہ کےالیکٹرک فالٹ کے باعث گھارو پمپنگ اسٹیشن مکمل طور پر بند ہے، گھارو پمپنگ اسٹیشن سے شہرکو یومیہ30ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جاتا ہے۔

    واٹرکارپوریشن ترجمان کے مطابق گھارو پمپنگ اسٹیشن کی بندش سے پورٹ قاسم، بن قاسم ٹاؤن، شاہ فیصل ٹاؤن اور پی این ایس مہران کے علاقے متاثر ہونگے۔

    اس کے علاوہ پی اے ایف بیس فیصل اور کارساز کے علاقوں میں بھی پانی کی فراہمی متاثر ہوگی۔

  • ویڈیو : امریکا کے جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ بے قابو، 2 ہلاک

    ویڈیو : امریکا کے جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ بے قابو، 2 ہلاک

    لاس اینجلس : امریکی شہر لاس اینجلس کے قریب جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ بے قابو ہوگئی، اب تک دو افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس میں چار مختلف مقامات پر لگنے آگ سے 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    ایک ہزار سے زائد مکانات اور عمارتیں آگ کی لپیٹ میں آگئے، امریکی حکام نے مزید ہزاروں افراد کو متاثرہ علاقے خالی کرکے محفوظ مقام کی جانب جانے کا کہہ دیا ہے۔

    آگ سے ہزاروں ایکڑ کا رقبہ شدید متاثر ہوا ہے، جان بچانے کیلیے اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد اپنے گھروں کو چھوڑ کر جاچکے ہیں،

    منگل کی شام سے شروع ہونے والی آگ نے 10ہزار ایکڑ سے زیادہ علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور جہاں سے یہ شروع ہوئی تھی وہاں سے میلوں کا فاصلہ طے کر کے پاسادینا تک پہنچ گئی ہے۔

    ۔امریکی میڈیا کے مطابق آگ سے متاثرہ علاقے خالی کرنے والے امدادی کارکنان میں کئی ہالی ووڈ اداکار بھی شامل ہیں۔

    تیز ہواؤں اور پانی کی کمی کے باعث آگ بجھانے کی کوششوں میں امدادی کارکنان کو رکاوٹوں اور مشکلات درپیش ہیں۔

    USA

    امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ اب تک کم از کم دو افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور 1ہزار سے زیادہ عمارتیں راکھ میں بدل چکی ہیں۔

    درخت آگ کی لپیٹ میں بری طرح جل رہے ہیں آگ کے بلند اور آسمانوں کو چھونے والے شعلوں نے منظر کو اور بھی بھیانک کردیا۔ جبکہ بعض مقامات پر آسمان نارنجی رنگ میں چمک رہا ہے۔

    بدھ کے دوپہر تک اس خوفناک آگ کے شعلے تقریباً 12ہزار ایکڑ تک پھیل چکے تھے اور سامنے آنے والی ہر چیز کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا۔

  • کراچی کو پانی کی فراہمی ایک بار پھر معطل

    کراچی کو پانی کی فراہمی ایک بار پھر معطل

    کراچی : شہر قائد میں پانی کے بحران نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا حب پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے فوری سپلائی ممکن نہیں۔

    اس حوالے سے اےر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث66انچ ایم ایس کی رائزنگ مین لائن شدید متاثر ہوئی ہے۔

    اطلاع ملتے ہی واٹرکارپوریشن حکام نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ لائن کا معائنہ کیا، سی او او واٹرکارپوریشن نے احکامات جاری کیے کہ متاثرہ لائن کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پرمکمل کیا جائے۔

    اس موقع پر چیف انجینئر واٹر کارپوریشن نے آگاہ کیا کہ لائن کی مرمت کا کام اگلے72گھنٹے میں مکمل کرلیا جائے گا۔

    چیف انجینئر کا کہنا تھا کہ حب ڈیم سے شہر کو پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے، لائن متاثرہونے سےضلع غربی اور وسطی کے کچھ علاقے متاثرہوں گے۔

    کراچی واٹر بورڈ حکام نے متعلقہ شہریوں سے درخواست کی ہے پانی کا استعمال انتہائی احتیاط سے کریں۔

  • پائپ لائن پھٹنے سے کراچی کو 530 ملین گیلن کی پانی فراہم معطل

    پائپ لائن پھٹنے سے کراچی کو 530 ملین گیلن کی پانی فراہم معطل

    ٹھٹھہ: پائپ لائن پھٹنے سے کراچی کو 530 ملین گیلن کی پانی فراہم معطل ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن ہونے سے 72 انچ قطر کی لائن نمبر 5 پھٹ گئی، جس سے 4 پمپ بند ہو گئے، اور کراچی کو 530 ملین گیلن کی پانی فراہم معطل ہو گیا۔

    چیف انجینئر واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ پائپ لائن کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے اور متاثرہ لائن کا مرمتی کام 24 گھنٹے میں مکمل کر دیا جائے گا۔

    چیف انجینئر نے کہا کہ کراچی شہر کو پانی کی فراہمی متبادل لائنوں سے جاری ہے۔

    دوسری طرف کراچی والوں کے لیے رمضان امتحان بن گیا ہے، گیس بحران کے بعد پانی کا بحران بھی سر اٹھانے لگا ہے، سخی حسن ہائیڈرنٹ میں پانی کی عدم فراہمی پر نارتھ کراچی اور بفرزون کے مکینوں نے مظاہرہ کیا۔

    مظاہرین کا کہنا ہے کہ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں، حکومت رمضان میں کچھ تو خیال کرے۔

  • کراچی کے متعدد علاقوں کو پانی کی فراہمی معطل

    کراچی کے متعدد علاقوں کو پانی کی فراہمی معطل

    کراچی: دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث پانی کی پائپ لائن پھٹ گئی جس سے شہر کے متعدد علاقوں کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث پانی کی پائپ لائن پھٹ گئی۔

    کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 72 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹنے سے شہر کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ پائپ لائن متاثر ہونے سے کراچی کو 10 ملین گیلن پانی کی فراہمی بند ہوگئی۔

    پائپ لائن پھٹنے والی جگہ سے پانی مسلسل ضائع ہو رہا ہے، کراچی کے علاقوں کورنگی، لانڈھی، شاہ لطیف، پپری اور ملیر سمیت دیگر علاقوں کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پائپ لائن کا مرمتی کام مکمل ہونے میں 24 گھنٹے لگیں گے۔

  • تمام صوبوں میں پانی کی یکساں فراہمی کی جارہی ہے، ترجمان ارسا

    تمام صوبوں میں پانی کی یکساں فراہمی کی جارہی ہے، ترجمان ارسا

    اسلام آباد : ترجمان ارسا کا کہنا ہے کہ ملک کے کسی بھی صوبے کے ساتھ پانی کی فراہمی میں امتیاز نہیں برتا جا رہا، سندھ اور پنجاب کو پانی کی یکساں قلت کا سامنا ہے۔

    اپنے جاری بیان میں ترجمان ارسا کا کہنا ہے کہ کسی صوبے کے ساتھ پانی کی فراہمی میں امتیاز نہیں برتا جارہا، صوبہ سندھ اور پنجاب کو  پانی کی 18 فیصد قلت کا سامنا ہے۔

    ترجمان ارسا کے مطابق27اپریل سے5 مئی تک تربیلا ڈیم اور چشمہ بیراج ڈیڈ لیول پر تھے،6مئی کے بعد سے آبی صورتحال میں بہتری آنا شروع ہوئی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ سندھ کی درخواست پر چشمہ سے اخراج 5000 کیوسک بڑھا دیا گیا، چشمہ سے سندھ کو66000کے بجائے 71000کیوسک پانی مل رہا ہے۔

    علاوہ ازیں وزیر آبپاشی پنجاب محسن لغاری نے کہا کہ اس وقت سندھ کو صرف چار فیصد جبکہ پنجاب کو16فیصد پانی کی کمی کا سامنا ہے ، میرے اپنے علاقے میں بھی پانی کی کمی ہے۔

    وزیر آبپاشی پنجاب کا کہنا ہے کہ سندھ والے اپنے پانی کی رپورٹنگ درست نہیں کرتے ،سندھ والے بھائی بارشوں کے پانی کو بھی رپورٹ نہیں کرتے، اسی پانی کو مینج کرنا ہے اس کی فیکٹری نہیں لگائی جاسکتی۔

    محسن لغاری نے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں پانی کی برابر تقسیم ہونی چاہئے، جہلم اور چناب میں پانی کی کمی رپورٹ ہوئی ہے، آج پانی کی کمی ہے کسی کا حصہ نہیں ما ر رہے ، ہمارا ارسا سے مطالبہ ہے کہ ہمیں ہمارے حصہ کا مکمل پانی دیا جائے۔

    دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنماء سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ ارسا حکام کسی صوبے کو پانی سےمحروم نہیں رکھ سکتے، ارسا کا دعویٰ غلط ہے سندھ کو 71ہزار کیوسک پانی مل رہاہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کو تقریباً 28 فیصد پانی کی کمی کا سامنا ہے، ارسا کا دعویٰ غلط ہےپانی تقسیم معاہدے1991 کےتحت ہورہی ہے، سندھ اپنے اعداد و شمار سب سے شیئرکرتا ہے۔ پیپلزپارٹی ملک میں پانی کی منصفانہ تقسیم کی خواہاں ہے۔

  • مکہ مکرمہ میں پانی کی فراہمی کا جدید نظام

    مکہ مکرمہ میں پانی کی فراہمی کا جدید نظام

    ریاض : سعودی عرب میں مکہ مکرمہ گورنریٹ نے عرفات، طائف واٹر انڈر پاس منصوبہ مکمل کرلیا ہے، یہ دنیا بھر میں آب رسانی کا طویل ترین نیٹ ورک ہے۔ جبل الکر کے زیریں حصے سے طائف میں سرکلر روڈ تک 12.5 کلو میٹر لمبا ہے، اس کا قطر 8.4 میٹر ہے۔

    اس منصوبے کو کورونا بحران کے باوجود مقررہ مدت سے قبل 24 گھنٹے کام کرکے مکمل کیا گیا ہے، سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق کھارے پانی کو استعمال کے قابل بنانے والے سرکاری ادارے کے گورنر عبداللہ العبد الکریم نے بتایا کہ واٹر نیٹ ورک کی تیاری کا کام بڑا چیلنج تھا۔ السروات پہاڑی علاقے میں واٹر انڈر پاس بنانے کے لیے دیوہیکل مشین سے استفادہ کیا گیا، اس کی یومیہ انتہائی رفتار60.3 میٹر ہے۔

    العبد الکریم نے بتایا کہ پہاڑی علاقے میں واٹر انڈر پاس تیار کرنے کے لیے جو دیوہیکل مشینری استعمال کی گئی وہ پوری دنیا میں اپنی نوعیت کی سریع رفتار ہے۔ پمپنگ سٹیشن اور عرفات طائف واٹر پروجیکٹ بھی تیار کیا گیا ہے۔

    سرکاری ادارے کے گورنر نے طائف میں اسٹراٹیجک واٹر پروجیکٹ کا دورہ کیا۔ یہ نو ٹینکوں پر مشتمل ہے۔ ہر ٹینک میں پانی کی کھپت ایک لاکھ 70 ہزار مکعب میٹر ہے۔

    علاوہ ازیں طائف – تربہ، رنیہ – الخرمہ واٹر ٹرانسفر پروجیکٹ کے ماتحت پمپنگ سٹیشن بھی تیار کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینیئر محمد الغامدی نے بتایا کہ یہ طائف باحہ میٹھا پانی پہنچانے والے پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ تھا جو مکمل ہوگیا۔

    پورا پروجیکٹ سو فیصد سعودی ہے۔ اس کی نگرانی اور اس کا تمام کام انجام دینے والے سعودی تھے۔ پہلا مرحلہ 559 دن میں مکمل کیا گیا ہے۔ دوسرا مرحلہ 2021 کی تیسری سہ ماہی میں مکمل ہوگا۔

  • کرونا وائرس: سعودی شہریوں کو پانی کی فراہمی بڑھا دی گئی

    کرونا وائرس: سعودی شہریوں کو پانی کی فراہمی بڑھا دی گئی

    ریاض: کرونا وائرس کے پیش نظر پانی کے زیادہ استعمال کے سبب سعودی نیشنل واٹر کمپنی نے مملکت میں پانی کی فراہمی میں اضافہ کردیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں نیشنل واٹر کمپنی نے مملکت کے مختلف علاقوں میں پانی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کرلی ہے۔

    کرونا کے حوالے سے موجودہ صورتحال کے پیش نظر پانی کی بڑھتی ہوئی طلب کو دیکھتے ہوئے واٹر کمپنی کی جانب سے 9.3 ملین مکعب میٹر پانی فراہم کیا جارہا ہے۔

    واٹر کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے مملکت کے تمام شہروں میں پانی کی طلب کو پورا کرنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے تاکہ کسی کو پانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    کمپنی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل واٹر کمپنی کی جانب سے پانی کی ترسیل کے بہتر انتظامات کیے گئے ہیں۔

    واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ اضافی طلب کو پورا کرنے اور صارفین کی شکایات کو دور کرنے کے حوالے سے بھی 24 گھنٹے آپریشن سسٹم کا آغاز کیا گیا ہے۔

    نیشنل واٹر کمپنی کے مطابق موجودہ ہنگامی حالات کے پیش نظر کمپنی نے ہر طرح کی پیش بندی کی ہے تاکہ کسی قسم کے بریک ڈاؤن کی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • کراچی میں پانی بحران کا خطرہ، 16 اکتوبر کو پانی  نہیں ملے گا

    کراچی میں پانی بحران کا خطرہ، 16 اکتوبر کو پانی نہیں ملے گا

    کراچی : شہرقائد والے ہوشیار ہوجائیں، سولہ اکتوبر کو پانی کی ایک بوند نہیں ملے گی۔ ملک کا سب سے بڑا شہر بارہ گھنٹے تک پانی سے محروم رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی پر پر پانی بحران کا خطرہ پھر منڈلانے لگا، واٹر بورڈ کراچی نے بھی ہاتھ کھڑے کردیے ہیں، ترجمان کا کہنا ہے کہ 16اکتوبرکوصبح 6 سےشام6بجےتک پانی کی فراہمی بندرہےگی۔

    کراچی والوں کو خبردار کیا ہے کہ پیر کے دن دھابیجی اور گھارو سے سپلائی بند رہے گی، بجلی تعطل کے باعث دھابیجی،گھارواسٹیشنز سے پانی سپلائی نہیں ہوگا اور بارہ گھنٹے تک شہر کو پینتیس کروڑ گیلن پانی نہیں ملے گا، این ٹی ڈی سی کے ترقیاتی کام کے سبب پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی بند رہے گی، 350سے400ملین گیلن پانی کی عدم فراہمی سےتمام علاقے متاثر ہونگے۔

    واٹر بورڈ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شہری پانی کی قلت سے محفوظ رہنے کیلئے پانی کا ذخیرہ کرلیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • بھارت کی آبی دہشتگردی ، دریائے چناب کا پانی روک دیا

    بھارت کی آبی دہشتگردی ، دریائے چناب کا پانی روک دیا

    لاہور :بھارت نے ایل او سی پر اشتعال انگیزی کے بعد آبی دہشت گردی بھی شروع کردی، آبی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دریائے چناب کا پانی روک لیا، ہیڈمرالہ پرپانی کی آمد اٹھارہ ہزارآٹھ سو رہ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سی پیک منصوبے پر خوفزدہ بھارت پاکستان مخالف سازشوں سے باز نہ آیا زمینی جارحیت کے بعد بھارت آبی دہشت گردی پر اتر آیا ہے اور بھارت نے سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دریائے چناب کا پانی روک لیا۔

    ہیڈمرالہ سے نکلنے والی راوی لنک کینال کی کئی روز سے بندش کے باعث سینکڑوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلوں کوپانی کی قلت کا سامنا ہے، ہیڈمرالہ سے نکلنے والی اپرچناب کینال کو چودہ ہزار آٹھ سو ساٹھ کیوسک پانی دیا جارہا ہے۔

    کمی جاری رہی تو اپرچناب کینال کوپانی کی فراہمی بند ہونے کا خدشہ ہے۔

    کسانوں کا کہنا ہے کہ دریائے چناب کا پانی روکے جانے پر بھارت کے خلاف حکومت کو عالمی سطح پر اس مسئلہ کو اجاگر کرنا چاہیئے۔

    خیال رہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کے تحت روزانہ پچاس ہزار کیوسک پانی چھوڑنے کا پابند ہے۔

    یاد رہے کہ  گذشتہ ماہ سندھ طاس معاہدے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے تھے، مذاکرات میں بھی بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار رہی ، پاکستان نے کشن گنگاڈیم اور ہائیڈروپلانٹ پر اعتراضات کئے، جسے بھارت نے مسترد کردیا، جس کے بعد کشن گنگا اور رتلے ہائیڈروالیکٹرک پلانٹ کی تعمیر پر پاکستان کے تحفظات برقرار ہیں۔


    مزید پڑھیں : پاکستان کا پانی روکنے کے لیے، بھارت کی دریائے سندھ پر نئی نہریں بنانے کی منصوبہ بندی


    واضح رہے بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کے لئے دریائے سندھ پرنئی نہریں بنانے کی منصوبہ بندی کا اعلان کیا تھا ، بھارتی حکام کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ کا پانی بڑی مقدار میں ذخیرہ کرنے کے لئے مغربی دریاؤں پر نہریں بنائی جائیں گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔