Tag: water tank

  • پانی کے ٹینک میں گر کر دو معصوم بچوں کی جان چلی گئی

    پانی کے ٹینک میں گر کر دو معصوم بچوں کی جان چلی گئی

    بھارتی ریاست تلنگانہ کے ورنگل شہر کے بالاجی نگر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جب پانی کے ٹینک کے گر کر دو معصوم بچے زندگی کی بازی ہار گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پانی کے ٹینک میں گرنے سے دو بچے زندگی کی بازی ہار گئے، گزشتہ رات پیش آنے والے اس واقعہ کے بعد علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بچوں کے والدین نے بچوں کو اپنے والدین کے گھر چھوڑ دیا تھا اور خود کہیں چلے گئے تھے۔

    بچے کھیلتے کھیلتے پانی کے ٹینک کے پاس پہنچ گئے، جس کا ڈھکن موجود نہ تھا اور ٹینک کا ڈھکن کھلا رہنے کی وجہ سے اتفاقی طور پر اس میں گر کر جان کی بازی ہا رگئے۔

    دوسری جانب بھارت میں سفاک شوہر بیوی کو قتل کرنے کے بعد اس کا کٹا ہوا سر لے کر تھانے پہنچ گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پر شوہر نے بیوی کا سر قلم کردیا اور اس کے کٹے ہوئے سر کو لے کر تھانے پہنچ گیا۔

    ملزم کی شناخت انیل کنوجیا کے نام سے ہوئی ہے جسے پولیس نے گرفتار کرکے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آئی جس میں ملزم کو بیوی کا خون میں لت پت سر لے کر تھانے جاتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ قریب موجود لوگ حیرانی سے اسے دیکھ رہے ہیں۔

  • کراچی: پانی کے ٹینک میں ڈوب کر خاتون سمیت دو افراد جاں بحق

    کراچی: پانی کے ٹینک میں ڈوب کر خاتون سمیت دو افراد جاں بحق

    کراچی: کراچی کے علاقے کورنگی میں پانی کے ٹینک میں ڈوب کر دو افراد کی موت واقع ہوگئی ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ کورنگی مہران ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں خاتون ٹینک کی صفائی کے دوران بے ہوش ہوکر پانی میں جاگری، اسی دوران پڑوسی خاتون کو نکالنے کے لئے ٹینک میں گیا تو وہ بھی ڈوب گیا۔

    واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر دونوں لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا۔

    جاں بحق خاتون کی شناخت عظمیٰ کے نام سے ہوئی ہے، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے، ایک ہی محلے سے دو افراد کی میتوں پر علاقے میں سوگ کا سماں ہے۔

    واقعے سے متعلق پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خاتون سمیت مرد کی موت ٹینک میں زہریلی گیس کے باعث ہوئی، ٹینک بہت عرصے سے خالی تھا،جس کے باعث اس میں گیس بھر گئی تھی، خاتون کے ٹینک میں گرنے کے بعد یونس خان نامی شہری بھی اسکی مدد کو گیا تاہم وہ بھی زہریلی گیس کا شکار ہوگیا۔

  • سعودی عرب: گھر میں پانی کی ٹنکی سے لاش برآمد

    سعودی عرب: گھر میں پانی کی ٹنکی سے لاش برآمد

    ریاض: مکہ مکرمہ میں ایک گھر میں پانی کی ٹنکی سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی، پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں ایک مکان کی ٹنکی میں نامعلوم شخص کی لاش پائی گئی، واقعہ مسفلہ محلے کے ایک مکان میں ہوا۔

    ابتدائی جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ لاش کسی افریقی تارک وطن کی ہے،  مقامی پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ کی اطلاع مکان کے رہائشیوں نے دی ہے کہ انہیں گھر کی زیر زمین ٹنکی میں کسی نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور شہری دفاع کی مدد سے لاش کو نکال لیا گیا۔

    پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا کہ تفتیشی کارروائی ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ واقعہ میں کون ملوث ہے جبکہ لاش کی شناخت کرنا بھی باقی ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی مکہ مکرمہ میں ہی ایک کمپنی کی مسجد میں پاکستانی تارک وطن کی لاش پائی گئی تھی۔

    پولیس کے مطابق واقعہ الشرائع محلے کے مخطط 5 میں پیش آیا تھا جہاں ایک کمپنی نے اپنے ملازمین کے لیے مسجد بنا رکھی تھی۔

  • ٹینک میں ڈوبنے والے 18 سالہ لڑکوں کی لاشیں 24 گھنٹے بعد نکال لی گئیں

    ٹینک میں ڈوبنے والے 18 سالہ لڑکوں کی لاشیں 24 گھنٹے بعد نکال لی گئیں

    نئی دہلی: بھارتی ریاست مہاراشٹر میں دو 18 سالہ لڑکے ٹینک میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے، ریسکیو اہلکاروں نے اگلی صبح ٹینک کی تہہ میں کیچڑ میں دھنسی لاشیں باہر نکالیں۔

    افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کی تحصیل جلنا کے ایک گاؤں میں پیش آیا، نارائن راٹھور اور ناونتھ یادیو اپنے 3 اور دوستوں کے ساتھ ٹینک میں تیراکی کے لیے اترے جہاں موت ان کی منتظر تھی۔

    دونوں لڑکے جن کی عمریں 18 سال تھی، تیراکی نہیں جانتے تھے اس کے باوجود ٹینک میں کود پڑے۔

    دیگر دوستوں کے شور مچانے کے بعد مقامی افراد نے فوری طور پر ریسکیو اہلکاروں کو مدد کے لیے طلب کرلیا تاہم اندھیرا ہونے کی وجہ سے لاشیں ٹینک سے باہر نہ نکالی جاسکیں اور ریسکیو ٹیم نے آپریشن اگلی صبح تک ملتوی کردیا۔

    اگلی صبح تک لاشیں ٹینک کی تہہ میں کیچڑ میں دھنس گئیں جنہیں کچھ دقت کے بعد نکال لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حادثاتی اموات ہیں اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

  • شادی ہال کے واٹرٹینک سے چھ سالہ بچی کی لاش برآمد

    شادی ہال کے واٹرٹینک سے چھ سالہ بچی کی لاش برآمد

    کراچی : اورنگی ٹاوٴن میں پانچ روز قبل لاپتہ ہونے والی بچی کی لاش شادی ہال کے پانی ٹینک سے مل گئی، مشتعل لواحقین نے احتجاج ہال میں توڑ پھوڑ کی، پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری کو طلب کرلیا گیا۔

    پولیس کے مطابق پچیس تاریخ کو اورنگی ٹاؤن آٹھ نمبر کے علاقے سے شادی ہال سے چھ سالہ پاکیزہ لاپتہ ہوئی تھی جس کی اطلاع اورنگی ٹاون تھانے میں دی گئی ۔

     اہل خانہ کا کہنا ہے کہ آج اس بچی کی لاش اسی شادی ہال کے پانی کے ٹینک سے ملی ہے جس کو پوسٹ مارٹم کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    واقعہ کیخلاف بچی کے اہل خانہ نے شادی ہال کے باپر شدید احتجاج کیا اور ہال میں توڑ پھوڑ کرکے آگ لگانے کی کوشش کی جس کے بعد پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری کو ہال کے اطراف میں تعینات کردیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور ہال انتظامیہ کے آٹھ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔