Tag: wazir e taleem

  • وزیرتعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان مستعفی ہوگئے

    وزیرتعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان مستعفی ہوگئے

    لاہور: وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان اسپورٹس، کلچر، امورنوجوانان اور سیاحت کی وزارتوں سے مستعفی ہوگئے۔

    پنجاب حکومت کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے اسپورٹس، کلچر، امور نوجوانان، سیاحت اور آرکیالوجی کی وزارتوں سے اپنا استعفٰی وزیر اعلٰی شہباز شریف کو بھجوا دیا ہے۔

    رانا مشہود نے وزیر اعلٰی پنجاب کو لکھے گئے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ اضافی وزارتوں کی بجائے اپنی تمام ترتوجہ محکمہ تعلیم پر مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔

    ادھر حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا مشہود احمد خان کیخلاف نیب کی جانب سے پنجاب اسپورٹس بورڈ، فیوچر کنسرن کے معاملے پر وزیراعلٰی کا نام لے کر لی جانے والی رشوت کی تحقیقات اپنے آخری مراحل میں پہنچ چکی ہیں۔

    ان تحقیقات کی بنا پر رانا مشہود نے اپنا استعفٰی وزیر اعلٰی کو ارسال کیا ہے۔

     

  • سندھ بھرمیں کالجز و یونیورسٹیز بنانے کی ضرورت ہے، نثار کھوڑو

    سندھ بھرمیں کالجز و یونیورسٹیز بنانے کی ضرورت ہے، نثار کھوڑو

    کراچی : سینئر وزیر تعلیم سندھ نثار کھوڑونے کہا ہے کہ سندھ کے ہر ضلع میں ایک یونیورسٹی اور ایک مزید دو نئے کالجز بنانے کی ضرورت ہے۔

    اعلیٰ تعلیم کیلئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا کردار بھی انتہائی اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار نثار کھوڑو نے این ای ڈی یونیورسٹی کے کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    نثار کھوڑو کاکہنا تھا کہ سندھ کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں گے اور ہماری یہ کوشش ہوگی کہ ہر ضلع میں یونیورسٹی کا پروجیکٹ مکمل ہونے کے بعد آئندہ چند سالوں میں مزید دو ، دو یونیورسٹیز کا پروجیکٹ بھی پیش کریں گے ۔

    کانووکیشن میں مجموعی طور پر1213گریجویٹ میں اسناد دی دی گئیں۔ماسٹر آف انجینئرنگ میں80طلبہ و طالبات اورپی ایچ ڈی کرنے والے 2طالب علموں کو بھی اسناد دی گئیں جبکہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مختلف شعبوں کے طلبہ و طالبات کو گولڈ میڈل دیئے گئے۔

    سینئر صوبائی وزیر تعلیم سندھ اور این ای ڈی کے وائس چانسلر نے طلبہ و طالبات میں اسناد،گولڈ میڈل تقسیم کئے۔ اس موقع پر شدید گرمی کے باعث طلبہ و طالبات کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

  • تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کیلئے ڈیڈ لائن دیدی ہے، رانا مشہود

    تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کیلئے ڈیڈ لائن دیدی ہے، رانا مشہود

    لاہور : صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود کا کہنا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں کو 9جنوری تک سیکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ 12 جنوری سے پہلے کھلنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    لاہور میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے تعلیم رانا مشہود کا کہنا تھا کہ کالجز کی سیکیورٹی کے لیے 30.7ملین کا بجٹ دے دیا گیاہے۔

    تمام اسکولوں اور کالجز کو 9جنوری تک سیکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کیے ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے ۔ پانچ جنوری تک 70فیصد سیکیورٹی مکمل کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ 12جنوری کو سکیورٹی انتظامات مکمل ہونے کے بعد تمام تعلیمی ادارے کھول دئیے جائیں گے۔

    رانا مشہود نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے دہشت گردوں کو پکڑنے کیلئے نوجوانوں کی رضاکار ٹیمیں بنانے کا فیصلہ کر لیاہے۔ پنجاب بھر میں محلہ کمیٹیاں بنائی جائیں گی اور نوجوان رضاکاروں کو کارڈ دیئے جائیں گے۔

    نوجوان حالات پر نظر رکھیں گے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کے بارے میں رپورٹ دینگے۔