Tag: we will be blacklisted

  • ایف اے ٹی ایف بلز کو پاس نہیں کیا گیا تو ہم بلیک لسٹ میں چلے جائیں گے، شہزاد اکبر

    ایف اے ٹی ایف بلز کو پاس نہیں کیا گیا تو ہم بلیک لسٹ میں چلے جائیں گے، شہزاد اکبر

    اسلام آباد : وزیر اعظم کے مشیر احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے ایف اے ٹی ایف قوانین ضروری ہیں، ایف اے ٹی ایف سے متعلق قوانین قومی مفاد کیلئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور قلت سے متعلق کمیٹی قائم ہے، کمیٹی کو چھ ہفتے میں تحقیقات مکمل کرکے رپوڑٹ دینے کی ہدایت ہے۔

    شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں مختلف اداروں کے نمائندے اور ماہرین شامل ہیں جبکہ ڈی جی فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کمیٹی کی صدارت کریں گے۔

    ایف اے ٹی ایف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مشیر احتساب کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق قوانین قومی مفاد کےلیے ہیں، گرے لسٹ سے نکلنے کےلیے ایف اے ٹی ایف قوانین ضروری ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بل جمع ہوچکے ہیں کل قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس بلائے گئے ہیں، رابطے کررہے ہیں انشااللہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق بل پاس ہوں گے۔

    شہزاد اکبر نے کہا کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں مسلم لیگ نواز کے دور میں گیا ہے، ایف اے ٹی ایف سے متعلق پاکستان کو کچھ سیکٹرز میں کام کرنا تھا اور ایف اے ٹی ایف سے متعلق کچھ اصلاحات کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کچھ تجاویز ایسی ہیں جن کا پاس کرانا ضروری ہے۔

    شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ نیب قوانین پر مزید گفت و شنید ہوگی 10 منٹ میں ترمیم نہیں ہوسکتیں۔

    انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کو معلوم ہی نہیں کہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق کیا بات کررہے ہیں، ہم نے اپوزیشن کو نیب قوانین میں ترمیم سے متعلق اپنا ڈرافٹ دیا اور اپوزیشن کی جانب سے بھی 35 نکات پر مشتمل ڈرافٹ ہمیں دیا گیا۔

    مشیر احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو کہا کچھ نکات پر بات ہوسکتی ہے، کچھ پر بات سے انکار کیا، جس پر اپوزیشن نے کہا ہمارے نکات مانیں ورنہ ایف اے ٹی ایف پربات نہیں ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ انسداد منی لانڈرنگ پر ایف اے ٹی ایف قانون کی منظوری ناگزیر ہے، ایف اے ٹی ایف بلز کو پاس نہیں کیا گیا تو ہم بلیک لسٹ میں چلے جائیں گے۔

    شہزاد اکبر کا مزید کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف بل ضروری ہے جس پر اپوزیشن بلیک میل کررہی ہے، اپوزیشن کی نیب پر تجویز کے کچھ نکات ایسے ہیں جن پر بات نہیں ہوسکتی، اپوزیشن موقع کا فائدہ اٹھاکر ایف اے ٹی ایف پر بلیک میل کررہی ہے۔