Tag: weapons

  • کراچی: الیکٹرک پول سے اسلحہ برآمد

    کراچی: الیکٹرک پول سے اسلحہ برآمد

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں الیکٹرک کا پول کاٹنے کے دوران وہاں سے اسلحہ برآمد ہوا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسلحے کو تحویل میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں الیکٹرک پول سے اسلحہ برآمد ہوا، تیز گام گراؤنڈ میں نصب کے الیکٹرک کا مذکورہ پول نکالا جارہا تھا۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پول کاٹنے کے دوران کلاشنکوف نظر آئی جس کے بعد کے الیکٹرک حکام نے پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسلحے کو تحویل میں لے لیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ کلاشنکوف سرکاری معلوم ہوتی ہے، کلاشنکوف کو فارنزک کے لیے بھیجا جائے گا۔

  • 2 افراد کے قتل کے بعد بھی انتظامیہ سوتی رہی، لاہور ایئرپورٹ پر پھر اسلحہ برآمد

    2 افراد کے قتل کے بعد بھی انتظامیہ سوتی رہی، لاہور ایئرپورٹ پر پھر اسلحہ برآمد

    لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر گاڑی سے اسلحہ برآمد ہوا ہے، گاڑی کے ڈرائیور کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ پر گاڑی سے اسلحہ برآمد ہوا ہے جس کے بعد وین ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا۔

    اے ایس ایف ذرائع کے مطابق گاڑی کی تلاشی پر 30 بور پستول اور 5 راؤنڈ برآمد ہوئے۔ وین ڈرائیور کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    خیال رہے کہ 3 ماہ قبل لاہور ایئرپورٹ کے اندر فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا تھا جس میں 2 افراد قتل ہوگئے تھے، واقعے نے سیکیورٹی حکام میں کھلبلی مچادی تھی۔

    بعد ازاں ابتدائی انکوائری رپورٹ میں ایئر پورٹ کے واحد اسکینر کے 2 سال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق ایئر پورٹ پر واحد اسکینر صرف ڈیپارچر لاؤنج تک جانے والی گاڑیوں کو اسکین کرتا ہے، پارکنگ ایریا میں جانے والی گاڑیوں کو چیک کرنے کے لیے کوئی اسکینر نہیں۔

    اے ایس ایف ذرائع کے مطابق اسکینر خراب ہونے کے باعث گاڑیوں کی اسکیننگ نہیں ہو رہی تھی، سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو ہر ماہ اسکینر کی خرابی سے متعلق آگاہ کیا جاتا رہا، آگاہ کرنے کے باوجود اسکینر کو ٹھیک نہ کروایا گیا۔

    فائرنگ کے واقعے کے بعد جب ملک بھر کے ایئرپورٹس کی سیکیورٹی کا دوبارہ جائزہ لیا گیا تو کراچی ایئرپورٹ کا اسکینر بھی سال بھر سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا۔

    کراچی ایئرپورٹ پر اسکینر کی مدد سے گاڑیوں کی جامع تلاشی لی جاتی تھی تاہم اسکینر خراب ہونے کے باعث گاڑیوں کی اسکیننگ کا عمل رک گیا، اے ایس ایف نے مینوئل طریقے سے گاڑیوں کو سرچ کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا۔

  • جنگ مخالفین کا برطانیہ سے ہتھیاروں کی فروخت بند کرنے کا مطالبہ

    جنگ مخالفین کا برطانیہ سے ہتھیاروں کی فروخت بند کرنے کا مطالبہ

    لندن :برطانیہ میں جنگ مخالفین نے اعلان کیا ہے کہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ لندن کی حکومت، دنیا کی جارح حکومتوں کو مسلح اور ان کی حمایت کر تی رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی بین الاقوامی تجارت کی وزارت کے سرکاری اعداد و شمارمیں بتایاگیاکہ برطانیہ نے 2018میں 14 ارب پونڈ کے ریکارڈ توڑ ہتھیار فروخت کئے ہیں جن میں سے اسّی فیصد ہتھیار سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور مغربی ایشیا کے بعض دیگر ملکوں کو فروخت کئے گئے ہیں۔

    برطانیہ میں جنگ مخالفین نے اعلان کیا کہ یہ اعداد و شمار حکومت برطانیہ کی خارجہ پالیسی میں متضاد عمل کو واضح کرتے ہیں اس لئے کہ ایک جانب برطانیہ، جمہوریت و انسانی حقوق کا دم بھرتا ہے جبکہ دوسری جانب عملی طور پر وہ دنیا کی ڈکٹیٹر حکومتوں کو مسلح اور ان کی حمایت کرتا ہے۔

    برطانیہ کی اپیل کورٹ نے جون کے مہینے میں سعودی عرب کو جنگ یمن میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کی فروخت کے خلاف دائر کی جانی والی شکایت پر مثبت فیصلہ سنایا تھا تاہم برطانیہ کی حکومت نے اپنے ملک کی عدالت عالیہ سے اس فیصلے کو منسوخ کئے جانے کی اپیل کی تھی۔

  • سانحہ کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ میں ہتھیاروں سے متعلق قوانین مزید سخت

    سانحہ کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ میں ہتھیاروں سے متعلق قوانین مزید سخت

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ میں مساجد پر دہشت گرد حملوں میں درجنوں مسلمانوں کی شہادت کے بعد حکام نے ہتھیاروں سے متعلق قوانین مزید سخت کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ سانحے کے بعد ہتھیاروں سے متعلق قوانین کی اصلاحات کے دوسرے مرحلے میں نیشنل فائر آرمز رجسٹریشن منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ ہتھیاروں کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے ہتھیاروں کے لائسنس رکھنے سے متعلق قوانین بھی سخت کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 15 مارچ کو جب ایک مسلح شخص نے کرائسٹ چرچ کی مساجد میں جمعہ کی نماز کے لیے جمع ہونے والے افراد پر فائرنگ کی، اس واقعے نے نیوزی لینڈ میں ہتھیاروں کی ملکیت سے متعلق رویہ تبدیل کردیا ہے۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا کہ ’خطرناک ترین ہتھیاروں کو فروخت کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ قانون کے تحت ہم صحیح تعداد نہیں جانتے کہ کتنی گنز استعمال ہیں، کس کی ملکیت ہیں، کون فروخت کررہا ہے، کون انہیں خرید رہا ہے اور کتنی حفاظت سے انہیں رکھا جاتا ہے، یہ رجسٹر 5 سال میں مکمل ہوگا جس کے تحت نیوزی لینڈ میں موجود تقریبا 12 لاکھ ہتھیاروں کی تفصیلات درج ہوں گی۔

    خیال رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سانحہ کرائسٹ چرچ میں مرنے والوں کے 200 رشتے داروں اور زخمیوں کو اپنے خرچ پر حج کرانے کا اعلان کیا ہے۔

  • امریکی کانگریس میں سعودیہ کو اسلحہ فروخت کرنے کے خلاف قرار داد منظور

    امریکی کانگریس میں سعودیہ کو اسلحہ فروخت کرنے کے خلاف قرار داد منظور

    واشنگٹن: امریکی کانگریس نے سعودی عرب کو اسلحہ فروخت کرنے کے خلاف قرارداد منظور کرلی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کو آٹھ اعشاریہ 1 ارب ڈالر کا اسلحہ دینے کا اعلان کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان میں امریکا کے بہترین اتحادی سعودی عرب کو اسلحہ فروخت کرنے کے خلاف پیش کردہ قرارداد منظور کرلی گئی ہے جب کہ ایوان نمائندگان سے قبل امریکی سینیٹ بھی قرارداد منظور کرچکی۔

    دوسری جانب وائٹ ہاؤس ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کانگریس کی سعودی عرب کو اسلحہ فروخت کے خلاف قرارداد کو ویٹو کردیں گے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کا کہنا تھا کہ کانگریس کی جانب سے ٹرمپ کی سعودیہ کے ساتھ ڈیل کےخلاف ووٹ آنے وجہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کاکہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سنہ 2015 میں طے کیے گئے معاہدے سے نکلنے کے بعد تہران نے یورینیم کی افزودگی میں اضافہ کردیا ہے۔

    مقامی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی سیکریٹری مائیک پومپیو نے کانگریس کو بتایا کہ انہوں نے یہ فیصلہ مشرق وسطیٰ میں ایرانی حکومت کے بڑھتے اثر و رسوخ کو روکنے کےلیے کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’یہ پنگامی صورتحال ہے اس میں سعودی عرب کوفوری اسلحہ فروخت کرنا ضروری ہے‘۔

    واضح رہے کہ ٹرمپ حکومت نے سعودی عرب کو 8.1 ارب ڈالر کا اسلحہ دینے کا اعلان کیا تھا۔

  • ترکی جرمنی سے ہتھیار خریدنے والا بڑا ملک بن گیا

    ترکی جرمنی سے ہتھیار خریدنے والا بڑا ملک بن گیا

    انقرہ: ترکی جرمن اسلحہ خریدنے والا بڑا ملک بن گیا، ترکی نے رواں برس اب تک جرمنی سے 184.1 ملین یورو کے اسلحے کا سودا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی نے رواں برس کے پہلے چار ماہ کے دوران جرمنی سے 184.1 ملین یورو کا اسلحہ درآمد کیا ہے، خیال رہے کہ سعودی عرب پر جرمن اسلحے کی خریداری پر پابندی ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات جرمنی کی وفاقی وزارت اقتصادیات نے ایک رکن پارلیمان کے سوال کے جواب میں بتائی۔

    ان اعداد وشمار کے مطابق ترکی جرمنی سے ہتھیار خریدنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اس میں وہ ساز وسامان بھی شامل ہے جو ترکی میں تیار کی جانے والی چھ آبدوزوں کے لیے فراہم کیا گیا۔ یہ آبدوزیں جرمن کمپنی تھسن کرپ کے ساتھ مل کر تیار کی جا رہی ہیں۔

    ادھر سعودی عرب کو جرمن ساخت کے اسلحے کی فروخت پر پابندی کے باوجود دنیا بھر میں جرمن اسلحے کی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    جرمن حکومت نے 2019ء کی پہلی ششماہی میں اربوں یورو کے اسلحے کی برآمدات کی منظوری دی ہے، حزب اختلاف کی گرین پارٹی نے کہا ہے کہ ان معاہدوں کی مالیت 5.3 ارب بنتی ہے۔

    سعودی عرب کو جرمن اسلحہ خریدنے کی اجازت مل گئی

    گزشتہ تین برسوں کے دوران اس رجحان میں مسلسل کمی آ رہی تھی اور 2018ء میں یہ شرح 4.8 ارب یورو رہی تھی۔

    جرمن عسکری سازو سامان کے اہم ترین خریداروں میں پہلے نمبر پر ہنگری پھر مصر اور جنوبی کوریا کا نمبر آتا ہے، جرمنی ہنگری کو اس برس 1.76 ارب یورو کا اسلحہ بیچے گا۔

  • تائیوان امریکا معاہدہ، چین کی اسلحہ فراہم کرنے والی کمپنیوں پر پابندی کی دھمکی

    تائیوان امریکا معاہدہ، چین کی اسلحہ فراہم کرنے والی کمپنیوں پر پابندی کی دھمکی

    بیجنگ: چینی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ ان تمام امریکی کمپنیوں کے ساتھ اپنے کاروباری تعلقات ختم کر دے گا جو تائیوان کو اسلحہ فروخت کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق بیجنگ نے اس فیصلے کے حوالے سے تاہم ممکنہ پابندی کا شکار ہونے والی امریکی اسلحہ ساز کمپنیوں کے ناموں کی تفصیل جاری نہیں کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اعلان گزشتہ ہفتے امریکی محکمہ دفاع کی طرف سے تائیوان کو اسلحہ اور ہتھیار فروخت کرنے کی منظوری دیے جانے کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔

    تائیوان کو اس ڈیل کے تحت میزائل اور ٹینک بھی فراہم کیے جائیں گے۔ چینی فیصلے سے بیجنگ اور واشنگٹن کے تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

    قبل ازیں چين کے اعلٰی ترين سفارت کار وانگ يی نے بھی گذشتہ ہفتے امریکا کو تنبیہ کی تھی کہ چین امریکی کمپنیوں پر پابندی عاید کرسکتا ہے۔

    تائیوان اور امریکا کے درمیان طے پائے معاہدے کے تحت امریکا 2.2 بلین ڈالر مالیت کا اسلحہ تائیوان کو فروخت کرے گا۔

    واضح رہے کہ چين تائيوان کو اپنا حصہ مانتا ہے حالاں کہ تائيوان ميں اپنی جمہوری حکومت قائم ہے، جبکہ چین کا موقف ہے کہ وہ ایک دن تائیوان کو اپنے خطے میں ضم کرلے گا۔

    دوسری جانب چین اور امریکا کے درمیان تجارتی جنگ بھی جاری ہے، جس میں مرحلہ وار مذاکرات بھی اب تک کامیاب نہ ہوسکے۔

  • تائیوان کا امریکا سے اسلحے کی خریداری کا معاہدہ، چین کی پابندی عاید کرنے کی دھمکی

    تائیوان کا امریکا سے اسلحے کی خریداری کا معاہدہ، چین کی پابندی عاید کرنے کی دھمکی

    بیجنگ: امریکا اور تائیوان کے درمیان طے پائے گئے اسلحے کی خریداری کے معاہدے سے متعلق چین نے امریکی حکام کو خبردار کرتے ہوئے پابندی عاید کرنے کی دھمکی دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان طے پائے معاہدے کے تحت امریکا 2.2 بلین ڈالر مالیت کا اسلحہ تائیوان کو فروخت کرے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے پر اگر عمل ہوا تو چین اس معاہدے میں شامل اسلحے سے متعلق اداروں پر پابندی عاید کردے گا۔

    تائيوان کے معاملے پر چين کے اعلٰی ترين سفارت کار وانگ يی نے امريکا کو تنبیہ کی ہے کہ وہ آگ سے نہ کھيلے، کوئی بھی بيرونی قوت چين کے اتحاد کو نہيں روک سکتی۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا یہ معاہدے کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے، اپنے خطے کی حفاظت اور قومی سالمیت کے لیے ہر اقدامات کریں گے۔

    وانگ یی کا مزید کہنا تھا کہ تائیوان چین کا حصہ ہے، مذکورہ معاہدہ ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے۔

    خیال رہے کہ چین نے یہ دھمکی امريکی محکمہ خارجہ کے اس اقدام کے رد عمل ميں دی جس کے تحت محکمے نے تائيوان کو دو اعشاريہ دو بلين ڈالر کے اسلحے کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔

    واضح رہے کہ چين تائيوان کو اپنا حصہ مانتا ہے حالاں کہ تائيوان ميں اپنی جمہوری حکومت قائم ہے، جبکہ چین کا موقف ہے کہ وہ ایک دن تائیوان کو اپنے خطے میں ضم کرلے گا۔

  • سعودی عرب کو اسلحہ فروخت نہ کرنے کے باوجود جرمن اسلحے کی برآمدات میں اضافہ

    سعودی عرب کو اسلحہ فروخت نہ کرنے کے باوجود جرمن اسلحے کی برآمدات میں اضافہ

    بدلن: سعودی عرب کو جرمن ساخت کے اسلحے کی فروخت پر پابندی کے باوجود دنیا بھر میں جرمن اسلحے کی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے الزامات ریاض حکومت پر عاید کیے جارہے تھے، جس کے پیش نظر برلن حکام نے سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت روک دی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے نے یہ انکشاف کیا ہے کہ جزوی طور پر سعودی عرب کو جرمنی کی جانب سے اسلحے کی فروخت جاری ہے، جرمن اسلحے کی خریداروں میں ہنگری پہلے نمبر پر آگیا۔

    جرمن حکومت نے 2019ء کی پہلی ششماہی میں اربوں یورو کے اسلحے کی برآمدات کی منظوری دی ہے، حزب اختلاف کی گرین پارٹی نے کہا ہے کہ ان معاہدوں کی مالیت 5.3 ارب بنتی ہے۔

    گزشتہ تین برسوں کے دوران اس رجحان میں مسلسل کمی آ رہی تھی اور 2018ء میں یہ شرح 4.8 ارب یورو رہی تھی۔

    جرمن عسکری سازو سامان کے اہم ترین خریداروں میں پہلے نمبر پر ہنگری پھر مصر اور جنوبی کوریا کا نمبر آتا ہے، جرمنی ہنگری کو اس برس 1.76 ارب یورو کا اسلحہ بیچے گا۔

    سعودی عرب کو جرمن اسلحہ خریدنے کی اجازت مل گئی

    واضح رہے کہ گزشتہ برس دو اکتوبر کو ترکی کے شہر استنبول کے سعودی قونصل خانے میں ریاض حکومت کے ناقد سعودی صحافی اور امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے کالم نگار جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سعودی عرب پر اسلحے کی فروخت پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ شروع میں جرمنی نے سعودی عرب کو جرمن ساختہ اسلحہ جات کی ترسیل پر یہ پابندی دو ماہ کے لیے لگائی تھی، جس کے بعد وفاقی جرمن حکومت نے مزید توسیع کر دی تھی۔

  • امریکا کا ایرانی ہتھیاروں کے نظام پر سائبر حملہ، امریکی اخبار کا دعویٰ

    امریکا کا ایرانی ہتھیاروں کے نظام پر سائبر حملہ، امریکی اخبار کا دعویٰ

    واشنگٹن : امریکی فورسز نے ایران پرصدر ٹرمپ کے فضائی حملے کا حکم واپس لینے کے بعد ایرانی ہتھیاروں کے نظام پر سائبر حملہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی سپاہ پاسداران کی جانب سے ایرانی ڈرون طیارہ مار گرانے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی افواج کو فضائی حملہ کرنے کا حکم دیا تھا تاہم کچھ ہی دیر بعد ٹرمپ نے حملے کا فیصلہ واپس لے لیا تھا جس کے بعد ایرانی ہتھیاروں کے نظام پر سائبر حملہ کیا تھا۔

    امریکی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ فورسز نے مذکورہ سائبر حملے کے ذریعے ایران کے ان کمپیوٹرز کو متاثر کیا ہے جن کے ذریعے راکٹ فائر کیے جاتے ہیں تاہم آزاد خبر رساں اداروں سے ایرانی کمپیوٹرز کے متاثر ہونے کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے مبینہ طور پر ایرانی ہتھیاروں کے نظام پر سائبر حملے کرنے کی منصوبہ بندی کئی ہفتوں سے جاری تھی۔

    مقامی خبر رساں ادارک مطابق امریکی حکام کا مذکورہ سائبر حملوں کا مقصد ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے ہتھیاروں کو ناقص کرنا تھا جس کے ذریعے انہوں نے امریکی ڈرون طیارے اور تیل کے جہازوں کو نشانہ بنایا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکی سائبر حملے کے باعث ایرانی ہتھیاروں کا نظام کچھ دیر کے لیے بند ہوگیا تھا، امریکا کی وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا تھا کہ امریکی کمپیوٹر سسٹم بھی ایرانی ہیکرز کے حملوں کی زد میں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ امریکی حکام نے خلیج عمان میں آئل ٹینکرز پر حملوں کا جواب سائبر حملوں کے ذریعے دینے کا مشورہ دیا تھا۔

    مزید پڑھیں: ٹرمپ اور بن سلمان کا ٹیلی فونک رابطہ، ایرانی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال

    واضح رہے کہ ایران کی جانب سے امریکی ڈرون گرائے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا، ایک روز قبل ٹرمپ نے ایران پر حملے کا حکم دے کر واپس لیا جس کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔

    امریکا نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے مشرق وسطیٰ میں بحری بیڑے اور 1500 فوجی تعینات کر رکھے ہیں جبکہ مزید ایک ہزار اہلکاروں کو بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔