Tag: weather

پاکستان کا موسم
پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں موسم کی مختلف اقسام پائی جاتی ہیں۔ ملک کے مختلف علاقوں میں کافی فرق ہوتا ہے۔ ملک کے شمالی علاقے سردیوں میں برف سے ڈھکے رہتے ہیں جبکہ جنوبی علاقے گرم اور مرطوب ہوتے ہیں۔ پاکستان میں چار اہم موسم پائے جاتے ہیں: بہار، گرما، خزاں اور سردی۔

 

  • بلوچستان میں موسم سرد، زیارت میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ

    بلوچستان میں موسم سرد، زیارت میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ

    صوبہ بلوچستان میں موسم سرد ہوگیا، زیارت میں درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بالائی علاقوں میں موسم سرد ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زیارت میں درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، قلات میں 2 اور کوئٹہ میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور بالائی علاقوں میں سرد رہے گا۔

  • لاہور والے ہوشیار ہوجائیں! طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری

    لاہور والے ہوشیار ہوجائیں! طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری

    لاہور: صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں آج سے 16 اگست تک موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے، نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مزید مون سون بارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون ہوائیں جنوبی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، آج سے 16 اگست تک پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ 18 اگست تک ڈیرہ غازی خان کے برساتی اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 15 اور 16 اگست کے دوران راولپنڈی، سیالکوٹ اور نارووال کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، راولپنڈی، فیصل آباد، لاہور اور گوجرانوالہ میں بھی نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں، روزانہ کی بنیاد پر ندی نالوں میں پانی کی سطح کا جائزہ لیا جائے۔

  • کراچی میں آج پھر بارش کا امکان

    کراچی میں آج پھر بارش کا امکان

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بھی مطلع ابر آلود رہے گا، شہر میں آج ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق دن میں درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے اور 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

  • بلوچستان میں مزید بارشیں متوقع

    بلوچستان میں مزید بارشیں متوقع

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں موسلا دھار بارشوں کے بعد مزید بارشیں متوقع ہیں، صوبے میں تاحال امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ژوب، زیارت، بارکھان، لورالائی، بولان، کوہلو، قلات، خضدار، لسبیلہ، کوئٹہ، نصیر آباد، سبی، تربت، پنجگور، لسبیلہ اور چمن میں بھی بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیارت میں درجہ حرارت 12، قلات میں 16، نوکنڈی میں 27، دالبندین میں 26 اور تربت میں کم سے کم 25 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

    خیال رہے کہ حالیہ بارشوں نے بلوچستان میں خوفناک تباہی مچائی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ڈی واٹرنگ اور متاثرین کو خوراک اور طبی امداد کی فراہمی جاری ہے اور اب تک بلوچستان میں 700 خاندان محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔

  • بارش کے بعد بلوچستان میں موسم گرم ہوگیا

    بارش کے بعد بلوچستان میں موسم گرم ہوگیا

    کوئٹہ: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم کچھ حصوں میں بارش متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم خضدار، قلات، لسبیلہ، خاران، مکران، تربت، پنجگور، آواران، جیونی اور گوادر میں بارش متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجگور میں 15، تربت اور لسبیلہ میں 10 ملی میٹر، گوادر میں 9، پسنی میں 6، جیونی اور بارکھان میں 2 اور خضدار میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بلوچستان میں طوفانی بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔

    سیلاب کے بعد کوئٹہ، قلات، خضدار، آواران، تربت، قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ، لسبیلہ، چمن، کوہلو اور دیگر اضلاع میں ریلیف اور ریسکیو سرگرمیاں تاحال جاری ہیں۔

  • کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

    کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

    کراچی: شہر قائد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، آج شام میں یا رات میں تیز بارش متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی شہر میں مطلع مکمل اور جزوی ابر آلود رہے گا، موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ دن میں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا، شہر میں 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جب کہ دن میں ہوائیں 20 سے 25 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔

    موسمیات کے مطابق ملک بھر میں آج بھی کہیں ہلکی تو کہیں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے، موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی، کوئٹہ، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے بیش تر علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے، جب کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز بارش متوقع ہے۔

    آج صبح سے لاہور اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے پنجاب بھر میں آئندہ 3 روز تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

    دوسری طرف کوہلو سمیت مشرقی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں رات گئے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، ضلعی انتظامیہ نے کوہلو کے پکنک پوائنٹس اور ڈیمز کے اطراف دفعہ 144 نافد کر دی ہے۔

  • کراچی میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارشیں متوقع

    کراچی میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارشیں متوقع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سمیت دیگر شہروں میں ایک سے 2 روز میں تیز آندھی، موسلا دھار بارش اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موسم آج بھی جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، آج سے 18 جولائی تک کراچی میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہر میں 15 یا 16 جولائی کو تیز آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے، موسلا دھار بارش سے کراچی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

    کراچی کے علاوہ حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، میر پور خاص، عمر کوٹ، تھر پارکر، ٹنڈو الہٰ یار، سانگھڑ، نواب شاہ، سکھر، لاڑکانہ اور جام شورو میں بھی موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، میر پور خاص، عمر کوٹ، جامشورو، نواب شاہ، سکھر اور جیکب آباد میں شدید بارش کے سبب اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کم دباؤ کے باعث سمندر کی موجیں ماہی گیروں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

  • بارش کے دوران 16 افراد موت کے منہ میں چلے گئے، متعدد زخمی

    بارش کے دوران 16 افراد موت کے منہ میں چلے گئے، متعدد زخمی

    کراچی : شہر قائد میں کل سے اب تک بارش کے دوران کرنٹ لگنے سمیت مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ بلوچستان میں7 افراد خالق حقیقی سے جاملے۔

    تفصیلات کے مطابق گارڈن شو مارکیٹ میں کرنٹ لگنے سے 20 سالہ نوجوان جاں بحق جبکہ منگھوپیر میں کرنٹ لگنے 23 سالہ رقیب جان کی بازی ہار گیا۔

    لانڈھی مانسہرہ کالونی میں گھر میں کرنٹ لگنے سے 38 سالہ خاتون کی موت واقع ہوئی اور نارتھ کراچی ارسلان ہومز میں گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک بچے نے نوقع پر ہی دم توڑ دیا۔

    اس کے علاوہ کورنگی 100 کواٹرز کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے عمر رسیدہ شخص جاں بحق ہوا اور محمد علی سوسائٹی میں پیٹرول پمپ کے قریب کرنٹ لگنے سے لڑکے کی موت واقع ہوئی۔

    ذرائع کے مطابق گڈاپ کے نشیبی علاقے میں بارش کے بعد سیلابی ریلے میں باپ بیٹا بہہ گئے تھے، بیٹے کی لاش نکال لی گئی جبکہ باپ کی تلاش جاری ہے۔

    دوسری جانب بلوچستان میں گزشتہ24گھنٹےکے دوران مزید 7 افراد بارش کی وجہ سے جاں بحق ہوئے، ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق یکم جون سےاب تک بلوچستان میں بارشوں سے56افرادجاں بحق ہوئے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 10مرد، 22خواتین اور24بچے شامل ہیں، بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 48 افراد زخمی ہوئے۔

    بارشوں سے 670 مکانات کو نقصان پہنچا ہے، کوئٹہ، لورالائی، سبی، ہرنائی، دکی، کوہلو، بارکھان ، ژوب کے علاقے بارش سے زیادہ متاثر ہوئے۔

  • طوفانی بگولے نے تباہی مچادی، دیکھنے والے خوفزدہ، ویڈیو وائرل

    طوفانی بگولے نے تباہی مچادی، دیکھنے والے خوفزدہ، ویڈیو وائرل

    ہوا کے طوفان کو بگولا یا ٹورینڈو بھنور کی صورت میں چکر کھاتا ہوا طوفان ہے جو کسی بادل کی طرح زمين سے آسمان کی طرف جاتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔

    اس ميں ہوا کی رفتار 300 ميل فی گھنٹہ تک پہنچ جاتی ہے،اس طوفان کا موسم عموماً مارچ سے اگست کے مہينوں کے درمیان رہتا ہے ليکن ایسے طوفان کسی بھی وقت آسکتے ہيں۔

    طوفان گردوباد یعنی (بگولے) جسے انگریزی میں یا ٹورنیڈوز بھی کہا جاتا ہے یہ مختلف صورتوں اور قامت کے ہوتے ہیں اس کے ساتھ نیچے کی جانب گرد و غبار کے ساتھ گھومتا ہوا بادل جڑا ہوتا ہے۔

    ایک ایسا ہی طوفانی بگولہ کینیڈا کے علاقے واٹروس علاقے میں دیکھنے میں آیا، ٹویٹر صارف ڈگلس تھامسن نے شہر میں ایک غیرمعمولی طوفان کی ویڈیو شیئر کی۔ اس طوفان نے ساحل سمندر پر موجود تماشائیوں کو خوفزدہ کردیا جب انہوں نے اسے دور سے اپنی طرف آتے دیکھا۔

    طوفانی بگولے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلاتے ہوئے اپنے راستے میں آنیوالی ہر شے کو نیست و نابود کر دیتے ہیں جن کا نام سن کر ہی اوسان خطا ہو جاتے ہیں۔یہ صورتحال اس وقت انوکھی دکھائی دی جب اچانک بننے والا طوفانی بگولا توجہ کا مرکز بن گیا ۔

    اس بگولے کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جسے اب تک 615ہزار سے زیادہ ویوز اور 4,700 لائکس مل چکے ہیں۔

    تیز ہواؤں کے باعث بہت ساری اشیاء سڑکوں پر بکھری پڑی تھیں، اطلاع ملتے ہی واٹروس کے متعلقہ حکام نے ہائی وے اور ٹرینوں کو آمد روفت کیلئے بند کردیا تھا۔

  • کراچی میں بارش کا امکان

    کراچی میں بارش کا امکان

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں تیز بارش برسانے والا سسٹم جولائی کے پہلے ہفتے میں داخل ہوگا، کل بھی منگل کے روز ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا، شہر میں کل منگل کے روز ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز بارش برسانے والا سسٹم جولائی کے پہلے ہفتے میں کراچی میں داخل ہوگا۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جبکہ 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

    دن میں درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا اور 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس ہوگا۔

    محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ دن میں ہوائیں 20 سے 25 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔