Tag: weather

پاکستان کا موسم
پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں موسم کی مختلف اقسام پائی جاتی ہیں۔ ملک کے مختلف علاقوں میں کافی فرق ہوتا ہے۔ ملک کے شمالی علاقے سردیوں میں برف سے ڈھکے رہتے ہیں جبکہ جنوبی علاقے گرم اور مرطوب ہوتے ہیں۔ پاکستان میں چار اہم موسم پائے جاتے ہیں: بہار، گرما، خزاں اور سردی۔

 

  • کیا آج کراچی میں بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات کا بیان جاری

    کیا آج کراچی میں بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات کا بیان جاری

    کراچی (21 اگست 2025): محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شہر قائد میں آج بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آج جمعرات کو بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے، گزشتہ روز کہیں درمیانی تو کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

    ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ میں بارش کا سبب بننے والا سسٹم آج بھی فعال رہے گا، ہوا کے کم دباؤ کے باعث سندھ میں مزید بارشوں کا امکان ہے، اور آج دوپہر کے وقت گرج چمک والے بادل بننے کی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں دوپہر سے شام، اور رات کے دوران تیز بارش اور ہوائیں چل سکتی ہیں، بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے، جب کہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔

    کراچی : بارش کے بعد سے شہر بھر میں بجلی کا بریک ڈاؤن جاری

    تاہم محکمے کا کہنا ہے کہ آج رات سے سسٹم کی شدت میں کمی کا امکان ہے، اور بارشوں کا یہ سلسلہ جمعہ تک جاری رہ سکتا ہے۔ دوسری طرف کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

  • کراچی میں اگلی بارش کب ہوگی؟

    کراچی میں اگلی بارش کب ہوگی؟

    کراچی (20 اگست 2025): گزشتہ روز شہر قائد میں موسلادھار بارش کے بعد پیدا ہونے والی تکلیف دہ صورت حال کے پیش نظر شہری اگلی درست پیشگوئی کے لیے اداروں کی جانب سے دیکھ رہے ہیں، تاہم ایک بار پھر مختلف اداروں کی جانب سے مختلف اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کے شمال مشرق میں بارش کا سسٹم بن رہا ہے، ریڈار کے مطابق ہوا کا کم دباؤ موسلادھار بارش کی شکل اختیار کر سکتا ہے، ہوا کا کم دباؤ شمال مشرقی کی جانب گامزن ہے جو شدید بارش کا باعث بنے گا۔

    اگرچہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے بھی کہا ہے کہ اگلے 12 سے 24 گھنٹوں میں کراچی میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، تاہم محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں یہ کہا گیا ہے کہ آج دوپہر 2 بجے کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے شمال و شمال مشرق میں بارش برسانے والے بادل موجود ہے، بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے رات تک جاری رہ سکتا ہے، کچھ علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں آج اور کل اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے، اور کراچی سمیت سندھ بھر میں 23 اگست تک بارشوں کا موجودہ سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔

    کراچی میں ایک دن بارش کے تین اسپیل، مزید دو روز تیز بارش کی پیشگوئی

    دوسری طرف این ای او سی کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسلادھار بارش اگلے 12 سے 24 گھنٹوں میں متوقع ہے، اور حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص، سکھر میں بھی مختصر وقت میں 50 سے 100 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے، جب کہ اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

    یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ اگلی بارش آج دو بجے کے بعد قریبی وقت میں ہو سکتی ہے یا بارہ گھنٹوں کے بعد آغاز ہوگا، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ٹھٹہ، بدین، جامشورو اور دادو کے حوالے سے سیلاب کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔

    دریائے سندھ اور قریبی ندیوں میں پانی کی سطح بڑھنے سے نچلے علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، اور مرکزی شاہراہوں اور مقامی سڑکوں کے زیر آب آنے سے آمد و رفت متاثر رہنے کا امکان ہے، بجلی اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز میں تعطل کا دورانیہ بھی بڑھ سکتا ہے، ہدایت کی گئی ہے کہ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں کے رہائشی قیمتی اشیا اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔

  • کراچی میں ایک دن بارش کے تین اسپیل، مزید دو روز تیز بارش کی پیشگوئی

    کراچی میں ایک دن بارش کے تین اسپیل، مزید دو روز تیز بارش کی پیشگوئی

    کراچی (20 اگست 2025): شہر قائد میں ایک دن بارش کے تین اسپیل نے نکاسی آب کا نظام فیل کر دیا، محکمہ موسمیات نے مزید دو روز تیز بارشوں کی پیشگوئی بھی کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں بارش کے تین اسپیل برسے، جس نے شہر میں نکاسی کا نظام ٹھپ کر کے رکھ دیا، اور طوفانی بارش کے بعد شہر میں اربن فلڈنگ کی صورت حال پیدا ہو گئی۔

    بارش شروع ہونے کے بعد چند گھنٹوں بعد کراچی کے کئی علاقے ڈوب گئے، سڑکوں پر پانی کے ریلے بہتے رہے، سب سے بڑی شاہراہ شارع فیصل بھی اس بار پانی میں ڈوب گئی اور گاڑیاں پھنس گئیں، لوگوں کا فیول ختم ہو گیا تو انھیں گاڑیاں سڑک پر چھوڑنی پڑیں۔

    میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شارع فیصل کا دورہ کیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 6 گھنٹے کی بارش کے بعد جمع ہونے والا پانی اب نکل رہا ہے، برساتی نالے صاف ہیں اور پانی کی نکاسی ہو رہی ہے۔

    شہر میں سیلابی صورت حال کے باعث گھر سے نکلنے والے شہری دفتر نہیں پہنچ سکے تھے، جب کہ دفتر سے گھر کے لیے نکلنے والے افراد کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا، لیاری ایکسپریس وے پر دباؤ بڑھنے سے ٹریفک کی بدترین صورت حال بھی پیدا ہوئی، یہاں تک کہ مختلف علاقوں میں اسکول کے بچے بھی رُل گئے، اسکول وینیں سڑک پر بند ہو گئیں، ڈرائیوروں کے فون بند تھے اور والدین پریشان ہوتے رہے، دوپہر کو نکلے بچے شام اور رات کو پہنچ پائے۔

    سڑکوں پر جگہ جگہ موٹر سائیکلیں پانی میں بند ہو گئیں اور لوگ مکینک ڈھونڈتے رہے، مکینکوں نے بھی بائیکیں اسٹارٹ کرنے کے معمول سے بہت زیادہ معاوضہ وصول کیا، رکشوں اور آن لائن رائڈز نے بھی کرائے بڑھائے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مزید 2 روز تک بارش کا امکان ہے، آج اور کل زیادہ بارش ہو سکتی ہے، گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران گلشن حدید میں سب سے زیادہ 170 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اولڈ ائیرپورٹ ایریا میں 158، جناح ٹرمینل پر 152.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  • کراچی میں آج عام تعطیل کا اعلان

    کراچی میں آج عام تعطیل کا اعلان

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر شدید بارشوں کی پیشگوئی پر کراچی میں آج عام تعطیل ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے آج بدھ کو شہر میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی پر وزیراعلیٰ نے چھٹی کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

    وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ شہر میں مزید بارش کا امکان ہے اس لیے عام تعطیل کی ہے تاکہ عوام کوتکلیف نہ ہو۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز منگل کے روز ہونے والی بارش سے کہیں زیادہ آج بدھ کو متوقع ہے جس سے شہر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال ہو سکتی ہے۔

    کراچی میں بارش کے صبح 8 سے رات 8 بجے تک کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں جس کے مطابق سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 170ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ او لڈ ایئرپورٹ 158.5 ، جناح ٹرمینل پر 152.8ملی میٹر اور ناظم آباد 149.6، سرجانی 145.2، نارتھ کراچی میں 143.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  • نجی ایئرلائن کی پرواز خراب موسم کی زد میں آ گئی

    نجی ایئرلائن کی پرواز خراب موسم کی زد میں آ گئی

    اسلام آباد سے کراچی آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز خراب موسم سے کی زد میں آگئی۔

    ذرائع کے مطابق پرواز ای آر 501 کو کپتان نے کراچی ایئرپورٹ پر 2 مرتبہ لینڈ کروانے کی کوشش کی لیکن خراب موسم کے باعث لینڈنگ نہ ہو سکی۔

    کپتان نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا اور پرواز کو خطرے میں ڈالے بغیر سلامتی سے واپس اسلام آباد کا رُخ کیا۔ کپتان نے پرواز کے مسافروں کو خراب موسم سے آگاہ کر کے واپس اسلام آباد جانے کی وجہ بتائی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ اب سے کچھ دیر قبل واپس اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کر چکا ہے۔

    دوسری جانب طوفانی بارش اور موسم کے باعث پی آئی اے کا کراچی آپریشن متاثر ہوا ہے۔ پی آئی اے کی کراچی کوئٹہ اور کراچی اسلام آباد کی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

    لاہور سے کراچی آنے والی پرواز تاخیر کا شکار ہوئی اور موسم بہتر ہوتے ہی روانہ ہو گی۔ کراچی نجف کی پرواز مسافر نہ پہنچ پانے کے باعث تاخیر کا شکار ہے۔

    کراچی سے اسلام آباد کی پرواز بھی مسافر نا پہنچنے کے باعث تاخیر کا شکار ہے۔ کراچی سے جدہ اور کراچی سے مدینہ منورہ کی پرواز میں بھی تاخیر ہوئی ہے۔

    پی آئی اے کی کل صبح روانہ ہونے والی 2 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ ترجمان نے ہدایت کی ہے کہ مسافر بروقت معلومات کےلیے کال سینٹر سے رابطے میں رہیں۔

  • کراچی میں بارش کے دوران حادثات میں 8 افراد جاں بحق

    کراچی میں بارش کے دوران حادثات میں 8 افراد جاں بحق

    کراچی میں صبح سے ہونے والی بارش کے دوران مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہو گئی۔

    منگل کی صبح سے وقفے وقفے سے جاری موسلادھار بارش سے شہر کا نظام درہم برہم ہو گیا جب کہ معمولات زندگی مفلوج ہو گئے۔

    بارش کے دوران مختلف حادثات میں اب تک 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جب کہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

    گلستان جوہر بلاک 12 میں 4 افراد دیوار گرنے سے جاں بحق ہوئے۔ نارتھ کراچی اورڈیفنس میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

    https://urdu.arynews.tv/schools-closed-for-one-week-amid-heavy-rains-flash-floods/

    اورنگی ٹاؤن میں بھی کرنٹ لگنے سے نوجوان جان کی بازی ہار گیا جب کہ ملیر میں پیٹرول پمپ میں آگ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

    کراچی میں بارش کے باعث اربن فلڈنگ کی صورت حال کے باعث سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ کل نجی و سرکاری اسکول بند رہیں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل خیبرپختونخوا حکومت نے منگل کے روز صوبے کے سرد پہاڑی علاقوں میں تمام اسکول ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا اعلان کیا تھا، یہ فیصلہ حالیہ کلاوڈ برسٹ، طوفانی بارشوں اور فلیش فلڈز کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

  • کراچی میں کہاں کتنی بارش ہوئی؟ اعداد و شمار جاری

    کراچی میں کہاں کتنی بارش ہوئی؟ اعداد و شمار جاری

    کراچی (19 اگست 2025): محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج علی الصبح ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں اب تک سب سے زیادہ بارش سعدی ٹاؤن میں 35.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گلشن معمار میں 33.3 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ ناظم آباد میں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    اعداد و شمار کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں 12.4، پی ای ایف بیس مسرور میں 11، کورنگی میں 4.6، یونیورسٹی روڈ 4.4، گلشن حدید اور ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    اورنگی ٹاؤن 1.5، شارع فیصل پر 1 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ نارتھ کراچی میں 0.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سب سے کم بارش اولڈ ائیرپورٹ ایریا میں 0.2 ملی میٹر بارش ہوئی۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسل جاری ہے جہاں مختلف شاہراہوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

    سوک سینٹر سے اسٹیڈیم جانے والی سڑک پر شدید ٹریفک جام ہے جبکہ سوک سینٹر سے سینٹرل جیل جانے والے روڈ پر بھی ٹریفک کا دباؤ ہے۔

    ناظم آباد سے لسبیلہ جانے والے روڈ پر پانی جمع سے ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے، گلشن اقبال، بنارس اور نگی ٹاؤن میں بھی پانی جمع ہے۔

    موسلادھار بارش کی پیشگوئی

    گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں دوپہر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بارشوں کا سلسلہ 22 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ بھارتی راجستھان پر موجود سائیکلونک سرکولیشن کے اثرات 18 اگست کی شام یا رات تک کراچی میں داخل ہوں گے جس کے نتیجے میں شہر میں بارشوں کا آغاز ہوگا۔

    موسم کا حال بتانے والوں نے کہا تھا کہ آج شہر میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے جبکہ 20 اور 21 اگست کو گرج چمک کے ساتھ تیز اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

  • کراچی میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

    کراچی میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

    کراچی (19 اگست 2025): شہر قائد میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش برسی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات سے کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جو آج صبح تیز برسات میں بدل گیا، تاہم تھوڑی دیر کی بارش سے کراچی میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، بارش کے باعث شہر کے کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، ٹاور، گرو مندر، صدر موبائل مارکیٹ اور اطراف میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے۔

    جن علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی ان میں طارق روڈ، عزیز آباد، شارعِ قائدین، بوٹ بیسن، لیاقت آباد، حسن اسکوائر، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، کلفٹن، ڈیفنس، قیوم آباد، شارع فیصل، ائیرپورٹ، قائد آباد، ملیر، لانڈھی، کورنگی شامل ہیں۔

    صوابی : طوفانی بارشیں، 8 مکانات منہدم، درجنوں افراد جاں بحق

    کراچی کے دیگر علاقوں گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، اسکیم 33، صفورا چورنگی، ملیر کینٹ اور اطراف، نارتھ کراچی، منگھو پیر، سرجانی ٹاؤن، تیسر ٹاؤن میں بھی موسلادھار بارش برسی، نارتھ ناظم آباد اور اطراف میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں آج بھی شدید بارشوں کا امکان ہے، موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے، کوئٹہ، ژوب، قلات، لاہور، اٹک، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، نوشہرہ، تھرپارکر، عمر کوٹ، مٹھی اور ٹھٹھہ میں شدید بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے۔

  • تیز بارشوں کی پیشگوئی، تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان

    تیز بارشوں کی پیشگوئی، تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان

    پاکستان کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی پیشگوئی کے بعد کئی شہروں میں کل تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    مری میں بارشوں کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں 2 روز کی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ مری میں 19 اور 20 اگست کو تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

    این ڈی ایم اےنے کلاؤبرسٹ الرٹ کے باعث ضلع میں دفعہ 144 نافذ ہے۔

    Weather Updates Pakistan- موسم کی خبریں

    ادھر ایبٹ آباد میں بارش کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر نے کل اسکولوں میں ایک روز کی چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور ضلع بھر میں ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

    آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کیے گئے شدید سیلابی الرٹ کے پیشِ نظر تمام تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

    سرکاری اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کو 19 سے 23 اگست تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس اقدام کا مقصد طلبا اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے کیونکہ خطے میں مسلسل اور متوقع شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مظفرآباد، راولا کوٹ، باغ، حویلی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں موسلادھار بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

    محکمے نے خبردار کیا کہ ان حالات کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کے امکانات زیادہ ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید سے انتہائی شدید بارشیں اور گرج چمک متوقع ہیں۔

  • صوابی  میں کلاؤڈ برسٹ سے 12 گھر ڈوب گئے، 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات

    صوابی میں کلاؤڈ برسٹ سے 12 گھر ڈوب گئے، 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات

    صوابی : داروڑئی گاؤں میں کلاؤڈ برسٹ سےبارہ گھر ڈوب گئے ، جس میں پندرہ افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ صوابی کے گاؤں داروڑئی میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث تباہ کن صورتحال پیدا ہوگئی، جہاں 12 مکانات پانی میں ڈوب گئے۔

    ڈپٹی کمشنر نصر اللہ نے بتایا کہ واقعے میں 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم حتمی تعداد کی تصدیق جاری ہے۔

    کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سےسیلابی ریلے کا بہاؤ بہت تیز ہے  جبکہ مختلف مقامات پرلینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی۔

    دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی ریلے آنے سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

    صوابی اور قریبی علاقوں میں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ مارکیٹیں اور سڑکیں بھی پانی میں ڈوب گئیں جبکہ گاڑیاں بہہ جانے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔

    گدون کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مکان کی چھت گرنے کی اطلاعات ہیں تاہم متاثرہ علاقوں میں خواتین اور بچے جان بچانے کے لیے گھروں کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔

    ضلعی انتظامیہ، پولیس، سول ڈیفنس اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں ، ہری پور اور مردان سے بھی ریسکیو ٹیموں کو طلب کرلیا گیا ہے جبکہ مقامی رضاکار بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور چیف سیکرٹری نے صورتحال کی نگرانی شروع کردی ہے، جبکہ عوام سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کی اپیل کی گئی ہے۔

    Weather Updates Pakistan- موسم کی خبریں