Tag: weather

پاکستان کا موسم
پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں موسم کی مختلف اقسام پائی جاتی ہیں۔ ملک کے مختلف علاقوں میں کافی فرق ہوتا ہے۔ ملک کے شمالی علاقے سردیوں میں برف سے ڈھکے رہتے ہیں جبکہ جنوبی علاقے گرم اور مرطوب ہوتے ہیں۔ پاکستان میں چار اہم موسم پائے جاتے ہیں: بہار، گرما، خزاں اور سردی۔

 

  • کراچی میں موسم گرم اور مرطوب، اگلے ہفتے بارشوں کی پیش گوئی

    کراچی میں موسم گرم اور مرطوب، اگلے ہفتے بارشوں کی پیش گوئی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا، محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

    شہر میں آج جنوب مغربی سمت سے ہواؤں کی رفتار 26 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد ہے۔

    محکمہ موسمیات نے شہر میں بارشوں کی بھی پیش گوئی کردی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اگلے ہفتے سے مون سون بارشوں کے سلسلے کا آغاز ہوگا۔

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 6 سے 8 جولائی کو درمیانے درجے کی بارشیں ہو سکتی ہیں، رواں سال معمول سے 10 فیصد زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں سے شہر میں گرمی کی شدت میں کمی ہونے کا امکان ہے۔

  • پنجاب میں بارشیں : موسم خوشگوار ہوگیا، اندرون سندھ گرمی کا زور

    پنجاب میں بارشیں : موسم خوشگوار ہوگیا، اندرون سندھ گرمی کا زور

    لاہور/ فیصل آباد / ڈیرہ اسماعیل خان / پشاور : ملک کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، جنوبی پنجاب میں بارش اورژالہ باری سے گندم کی تیارفصل کو نقصان کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شدید گرمی کے بعد پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش نے موسم کو سہانا بنادیا، شہری لاک ڈاؤن کے باوجود موسم کے مزے لینے گھروں سے باہر آگئے، ملک کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

    لاہور میں صبح سویرے ٹھنڈی ہوائوں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، فیصل آباد، میاں چنوں،پتوکی، پیرمحل،شاہ کوٹ، حویلی لکھا، فیروز والا میں رم جھم نے موسم سہانا بنادیا۔

    جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، کرک،مالاکنڈ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی قدرت مہربان رہی۔

    جنوبی پنجاب میں بارش اورژالہ باری سے گندم کی تیارفصل کو نقصان کا خدشہ ہے۔ اندرون سندھ گرمی زور دکھانے لگی۔ مٹھی 43،حیدرآباد، چھور اور شہید بینظیر آباد میں 42ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مخلتف علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔ سندھ میں سورج کا مزاج بدستور گرم ہے،  جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ، سکھر میں درجہ حرارت چالیس ڈگری تک پہنچ گیا۔

  • بلوچستان : پارہ نقطہ انجماد سے گرگیا, مزید برفباری و بارش کی پیش گوئی

    بلوچستان : پارہ نقطہ انجماد سے گرگیا, مزید برفباری و بارش کی پیش گوئی

    کوئٹہ : بلوچستان میں موسم مزید ٹھنڈا ہوگیا، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا، مزید برفباری و بارش کی پیش گوئی کے بعد پی ڈی ایم اے، متعلقہ اداروں، ضلعی انتظامیہ نے حکمت عملی تیار کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں موسم کی صورتحال مزید سرد ہوتا جارہا ہے، صوبے کے بیشتر اضلاع میں پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا، قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11 تک ہوگیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مزید برفباری اور بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث پی ڈی ایم اے، متعلقہ اداروں، ضلعی انتظامیہ نے حکمت عملی تیار کرلی۔

    اس حوالے سے متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے، محکمہ مواصلات کی مشینری اور عملہ شاہراہوں پر تعینات کردیا گیا ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران زرغون خود صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے کل بلوچستان کا دورہ کریں گے، حساس اضلاع میں محکمہ مواصلات اور این ایچ اے کی بھاری مشینری پہلے سے موجود ہے۔

    علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11اور زیارت میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8ڈگری، ژوب میں کم سے کم منفی 2 دالبندین میں منفی 4 ڈگری، پنجگور میں درجہ حرارت ایک، نوکنڈی میں صفر، بارکھان میں 2سینٹی گریڈ، اوماڑہ میں درجہ حرارت 9،جیونی میں7،گو ادر میں 10ڈگری جبکہ تربت میں درجہ حرارت ایک ،سبی میں5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق خضدار میں کم سے کم درجہ حرارت 2،پسنی میں 9ڈگری سینٹی گریڈ ہے اس کے علاوہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتراضلاع میں بارش اور برفباری کا قوی امکان ہے۔

  • خاتون نے دھوپ سے انڈا فرائی کرکے سب کو حیران کردیا، ویڈیو وائرل

    خاتون نے دھوپ سے انڈا فرائی کرکے سب کو حیران کردیا، ویڈیو وائرل

    سڈنی: دسمبر آسٹریلوی تاریخ کا گرم ترین مہینہ ثابت ہوا، دھوپ کی تپش اور گرمی کی لہر ایسی پڑی کہ خاتون نے سڑک پر انڈا فرائی کرکے سب کو حیران کردیا۔

    آپ نے گرم پانی کے چشموں سے لوگوں کو انڈے ابالتا ہوا دیکھا ہوگا لیکن آسٹریلیا میں ایک خاتون شہری نے فرائی پین کی مدد اور دھوپ کی تپش کے ذریعے سڑک پر انڈا تل دیا، دیکھنے والے دنگ رہ گئے اور ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی شہر میلبورن میں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز ریکارڈ کیا گیا ہے، آسٹریلوی تاریخ میں اس سے قبل اتنی شدید گرمی نہیں پڑی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا۔

    اس سے قبل 2013 میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 40.3 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین نے ملک بھر میں گرمی کی شدت بڑھنے اور ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    ماہرین کے مطابق گرمی کا تسلسل آئندہ چند روز میں صورتحال کو مزید خراب کرسکتا ہے، آسٹریلیا میں ہیٹ ویو کو بڑے خطرے کی علامت قرار دیا جارہا ہے اور ماحولیاتی تبدیلی کے ماہرین نے حکومت پر دباؤ ڈالا کہ وہ ماحولیاتی تبدیلی کے نقصانات سے نمٹنے کے لیے مزید اقدامات کرے۔

  • پنجاب میں دھند کا راج : موٹر وے کے مختلف سیکشن ٹریفک کے لیے بند

    پنجاب میں دھند کا راج : موٹر وے کے مختلف سیکشن ٹریفک کے لیے بند

    لاہور : پنجاب کے مختلف میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں، کئی مقامات پرحدنگاہ صفر ہوگئی، دھند کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشن ٹریفک کے لیے بند کر دیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان اور گوجرہ سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج ہے، حادثات کے خوف سے شہریوں نے سڑکوں پر نکلنا چھوڑ دیا۔

    گوجرہ میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے بعد موٹر وے ایم فور ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی، رحیم یارخان تا ملتان ایم فائیو موٹر وے دھند کی وجہ سے بند کردی گئی۔

    اوچ شریف اور گردونواح میں کئی مقامات پر حدنگاہ صفر ہو گئی ہے، سکھرملتان موٹر وے ایم فائیو پرحد نگاہ دس سے بیس میٹر رہ گی جبکہ ٹبہ سلطان پور اور جلال پور پیروالہ میں دھند کے باعث حدنگاہ صفر رہ گئی اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

    اس کے علاوہ مخدوم پور اور چشتیاں میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہو گئی، پاکپتن میں حد نگاہ بیس میٹر رہ گئی جس سے شہریوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

    اس حوالے سے ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پرحد نگاہ انتہائی کم ہے، ترجمان نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ شہری گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موٹر وے پر سفر سے قبل موٹر وے ایپلی کیشن ایف ایم 95 ریڈیو اور ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔

  • بالائی علاقوں میں پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، بارش سے سردی میں اضافہ

    بالائی علاقوں میں پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، بارش سے سردی میں اضافہ

    اسلام آباد / لاہور / کراچی / کوئٹہ : ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش نے سردی میں مزید اضافہ کردیا، کراچی میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چل پڑیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بادلوں کا راج ہے، بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش نے سردی مزید بڑھا دی ہے۔ کراچی میں بھی ٹھنڈی ہواؤں کا گشت جاری ہے۔

    ملک بھر کے بالائی علاقوں میں برفباری نے موسم کو اور خوشگوار کردیا ہے۔ بٹگرام، کالام، سوات، مالم جبہ، مانسہرہ میں فلک بوس پہاڑوں نے برف کی چادراوڑھ لی۔ کوئٹہ میں ابر کرم جاری ہے۔

    موسم کا حال بتانے والوں نے کوئٹہ سمیت شمال مشرقی بلوچستان میں مزید اڑتالیس گھنٹوں تک بارش جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، زیارت میں درجہ حرارت صفر، دالبدین میں تین اور قلات میں پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر اقتدار اسلام آباد میں بھی موسم سہانا ہے۔ بارش اورٹھنڈی ہوائوں نے راولپنڈی میں سردی بڑھادی۔

    لاہور میں گزشتہ رات سے بارش نے موسم کو دلکش بنا دیا۔ اوکاڑہ، نوشہرہ، میاں چنوں ، گجرات سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں کہیں موسلادھار تو کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    اس کے علاوہ شہر قائد کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں سرسرا رہی ہیں۔ بادل بھی چھائے ہوئے ہیں مگربارش کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے۔

  • مانسہرہ، گلگت اور کشمیر میں پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی

    مانسہرہ، گلگت اور کشمیر میں پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی

    مانسہرہ / مظفرآباد : مانسہرہ کے سیاحتی مقام ناران جھیل سیف الملوک اور بابو سرٹاپ پر برفباری جاری ہے، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔

    تفصیلات کے مطابق مانسہرہ کے سیاحتی مقام ناران جھیل سیف الملوک اور بابو سرٹاپ پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، بابوسر ٹاپ پر پارہ منفی پانچ تک گرگیا۔

    موسم کا حال بتانے والوں نے گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر مزید برفباری کی نوید سنائی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کوئٹہ میں کم سے کم پارہ آٹھ، اسلام آباد میں دس، لاہور اور ملتان میں اٹھارہ ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

    کراچی میں کم سے کم پارہ تئیس ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ تین روز سے وقفے وقفے سے جاری رہنے والی بارش کے ساتھ پہاڑوں پر بھی برف جمی ہے، بارش اور برف باری کے باعث موسم سرد اور خوشگوار ہوگیا، سیاحوں کی بڑی تعداد بھی حسین وادیوں کی جانب چل پڑی۔

    انتظامیہ کے مطابق پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کاخدشہ ہے، بارش اور برف باری کے دوران شہری غیرضروری سفرسے گریزکریں۔

    خیال رہے کہ اس وقت ملک بھر میں سردی کی آمد آمد ہے، ملک کے بڑے حصوں میں بارشیں اور برف باری بھی جاری ہے۔

    سردی کی لہر سے بالائی علاقے شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے، گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں‌ میں برف باری سے نظام زندگی متاثر ہو رہا ہے۔

  • کراچی میں آج بھی موسم گرم رہنے کا امکان

    کراچی میں آج بھی موسم گرم رہنے کا امکان

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج بھی موسم گرم رہے گا، دوپہر تک درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں موسم آج بھی گرم اور مرطوب رہے گا، کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر تک درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہونے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کی رفتار 12 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل اکتوبر کے آغاز پر کراچی میں کہیں پر تیز اور کہیں ہلکی بارشیں ہوئی تھیں جن کے بعد موسم میں ہلکی سی خنکی آگئی تھی۔

    دو روز تک موسم خوشگوار رہنے کے بعد گزشتہ روز سے شہر قائد میں پھر سے درجہ حرارت گرم دیکھا جارہا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقہ جات میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق بالائی خیبر پختونخواہ اور کشمیر کے اضلاع میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم خشک رہے گا۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار

    کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار

    کراچی: شہرقائد کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، شہر میں ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

    لانڈھی، کورنگی، اورنگی ٹاؤن، گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    بارش سے موسم پھر سہانا ہوگیا، تاہم کراچی میں نکاس آب کے بہتر انتظامات نہ ہونے کے باعث شہریوں کو خدشہ ہے کہ سڑکیں تالاب نہ بن جائیں۔

    کراچی بارش، نشیبی علاقوں کی بجلی 36 گھنٹوں سے غائب

    دوسری جانب حیدرآباد میں جمعرات کو شام میں بارش ہوئی جس کے بعد زیادہ تر علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم رہے، واسا کا فراہمی و نکاسی آب کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔

    حیدرآباد میں جمعرات کو شام سوا چار بجے کے قریب کالی گھٹاں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ درمیانی بارش ہوئی، بارش کے آغاز کے ساتھ ہی شہر بھر میں بجلی بند ہوگئی اور رات تک بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوبے ہوئے تھے۔

    بارش کی وجہ سے حیدرآباد شہر لطیف آباد اور قاسم آباد میں کچی آبادیاں اور نشیبی علاقے زیرآب آ گئے جس سے کچرے کے ڈھیروں اور گٹر ابلنے کے نتیجے میں بنے ہوئے جوہڑوں کی وجہ سے تعفن میں اضافہ ہوگیا۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش

    کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، ٹھنڈی ہواؤں سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے اور شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح سے ہی بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے باعث موسم سہانا ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ایف بی ایریا، نیوکراچی، کلفٹن، ڈیفنس، میٹھادر، کھارادر، ٹاور، صدر، گلشن اقبال، شاہراہ فیصل، یونیورسٹی روڈ، ڈاک خانہ، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا سمیت اطراف میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح سویرے 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 77فیصد اور 26 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

    دوسری جانب کراچی میں ابوالحسن اصفحانی روڈ کے قریب بھکرگوٹھ کے قریب چھت گرگئی جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسیکو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ادھر حیدرآباد شہر میں بارش کے باعث حیسکو ریجن کے 89 فیڈر مکمل طور پر بند ہوگئے، بجلی نہ ہونے کے باعث ایچ ڈی اے کو نکاسی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    کراچی، بارش کے دوران مختلف واقعات میں 8 افراد جاں بحق، 6 افسران معطل

    یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد میں بارش کے دوران مختلف واقعات میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے اور رین ایمرجنسی میں غفلت برتنے پر 6 افسران کو معطل کردیا گیا۔