Tag: weather

پاکستان کا موسم
پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں موسم کی مختلف اقسام پائی جاتی ہیں۔ ملک کے مختلف علاقوں میں کافی فرق ہوتا ہے۔ ملک کے شمالی علاقے سردیوں میں برف سے ڈھکے رہتے ہیں جبکہ جنوبی علاقے گرم اور مرطوب ہوتے ہیں۔ پاکستان میں چار اہم موسم پائے جاتے ہیں: بہار، گرما، خزاں اور سردی۔

 

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی، موسم خوشگوار ہوگیا

    کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی، موسم خوشگوار ہوگیا

    کراچی: شہرقائد کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا اور ہرطرف ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، شہر میں ٹھنڈی ہواؤں کے ڈیرے ہیں۔

    کراچی کے علاقے صدر، بہادرآباد، کارساز، طارق روڈ، گلشن اقبال، نمائش چورنگی، اورنگی ٹاؤن، سائٹ ایریا، ناظم آباد اور لیاقت آباد میں بوندا باندی ہوئی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج موسم ابر آلود رہے گا، جبکہ کراچی میں 24 گھنٹے کے دوران مزید ہلکی بارش کا مکان ہے۔ شہر کا درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    ادھر شہر میں بوندا باندی کے ساتھ ہی بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، نارتھ کراچی، نیوکراچی، گودھرا، فیڈرل بی ایریا اور بلدیہ ٹاؤن میں بجلی بند ہوگئی۔

    شاہ فیصل کالونی، لانڈھی، کورنگی، کورنگی نمبر5ایریا36سی، جےایریا، آئی ایریا، کھڈی اسٹاپ سمیت لانڈھی 36 بی، زمان آباد اور اطراف میں بجلی غائب ہے۔

    ملیر، ماڈل کالونی اور اطراف کے علاقوں میں بجلی نہ ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامناہے، سائٹ ایریا، میڑوول، بنارس میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

  • کراچی میں مطلع ابر آلود، پختونخواہ میں طوفانی بارشوں کا امکان

    کراچی میں مطلع ابر آلود، پختونخواہ میں طوفانی بارشوں کا امکان

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ خیبر پختونخواہ کے بیشتر اضلاع میں طوفانی بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم مطلع جزوی طور پر ابر آلود بھی رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، اس وقت (صبح 10 بجے) شہر کا درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے جبکہ ہوا کی رفتار 7 ناٹیکل میل ہے۔

    دوسری جانب خیبر پختونخواہ کے بیشتر اضلاع میں 24 گھنٹے میں طوفانی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پشاور، مردان، مالا کنڈ، ہزارہ اور کوہاٹ میں بارش متوقع ہے جبکہ بنوں اور ہزارہ ڈویژن میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    گزشتہ روز کوہاٹ میں 15، اور ڈی آئی خان میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں آج درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ڈی آئی خان میں زیادہ سے زیادہ پارہ 38 ڈگری، چترال میں 36 اور دیر میں 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

  • کراچی میں موسم مزید گرم ہونے کا امکان

    کراچی میں موسم مزید گرم ہونے کا امکان

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں قیامت خیز گرمی مزید چند روز رہے گی، 20 جون کے بعد موسم میں تبدیلی آنی شروع ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ 2 روز تک درجہ حرارت مزید بڑھے گا، کراچی میں پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 15 سے 20 جون کے بعد موسم میں تبدیلی آئے گی، اس کے بعد جولائی کا مہینہ مون سون کا ہوگا۔

    خیال رہے کہ کراچی میں یکم جون سے شدید گرمی کا آغاز ہوا تھا جس کی شدت تاحال برقرار ہے۔ اس دوران درجہ حرارت 32 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

    اس دوران طبی ماہرین نے شہریوں کو دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر باہر جانا بھی پڑے تو چھتری استعمال کریں اور سر پر گیلا کپڑا رکھیں۔

  • زمین کے علاوہ دوسرے سیاروں کا موسم جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    زمین کے علاوہ دوسرے سیاروں کا موسم جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    کیا آپ اپنے شہر کی گرمی سے سخت پریشان ہیں؟ موسم گرما آپ کے لیے سخت تکلیف لے کر آتا ہے؟ اسی طرح موسم سرما میں بھی آپ مختلف دشواریوں کا شکار ہوجاتے ہیں اور آپ کو یہ موسم سخت لگتا ہے؟

    اگر آپ نظام شمسی میں موجود دوسرے سیاروں کے موسم کے بارے میں جانیں تو زمین آپ کو جنت کا ٹکڑا دکھائی دے گی اور اس کا موسم خدا کی رحمت۔ آئیں دیکھتے ہیں ہمارے پڑوسی سیاروں پر موسم کیسا ہوتا ہے۔

    سیارہ عطارد ۔ مرکری

    سورج سے قریب ترین سیارہ مرکری سورج سے قریب ہونے کی وجہ سے گرم جھلسا دینے والی ہواؤں کا مرکز ہے۔ مرکری کی فضا میں آکسیجن بھی بے حد کم ہے۔

    علاوہ ازیں سورج کی تابکار شعاعیں بھی مرکری پر براہ راست آرہی ہوتی ہیں جو زمین پر آنے والی تابکار شعاعوں سے کئی گنا زیادہ خطرناک ہوسکتی ہیں۔

    سیارہ مرکری پر اگر آپ گرم ہوا سے جھلس کر یا آکسیجن کی کمی سے ہلاک نہ ہوں، تو تابکار شعاعیں ضرور آپ کو ہلاک کرسکتی ہیں۔

    سیارہ زہرہ ۔ وینس

    سیارہ زہرہ بادلوں سے ڈھکا ہوا سیارہ ہے، تاہم یہ بادل زہریلے ہیں اور ان سے سلفیورک ایسڈ کی بارش ہوتی ہے۔ یہ بارش چند لمحوں میں کسی بھی جاندار کے جسم کو گلا سکتی ہے۔

    سیارہ مریخ ۔ مارس

    مریخ لق و دق صحرا جیسا سیارہ ہے جہاں ہر وقت ہوائیں چلتی رہتی ہیں۔ تیز ہوا مٹی کو اڑا کر بڑے بڑے بگولے تشکیل دے دیتی ہے اور یہ بگولے زمین کی بلند ترین برفانی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سے بھی بلند ہوسکتے ہیں۔

    علاوہ ازیں مریخ پر اکثر و بیشتر مٹی کے طوفان آتے رہتے ہیں جو کئی مہینوں تک جاری رہتے ہیں اور پورے سیارےکو ڈھک لیتے ہیں۔

    سیارہ مشتری ۔ جوپیٹر

    سیارہ مشتری پر ایک غیر معمولی حد تک بڑا سرخ دھبہ موجود ہے (جو خلائی دوربینوں سے نظر آتا ہے) جو دراصل مشتری کا وہ عظیم اور ہنگامہ خیز طوفان ہے جسے سائنسدان میگا اسٹورم کا نام دیتے ہیں۔

    اس طوفان کا مشاہدہ اس وقت سے کیا جارہا ہے جب سے دوربین ایجاد ہوئی ہے یعنی سترہویں صدی سے۔ گویا 300 سال سے یہ طوفان اس سیارے پر موجود ہے۔ اس طوفان کا حجم زمین سے بھی بڑا ہے۔

    اس میگا سٹورم کے علاوہ مشتری پر ایک اور چھوٹا طوفان موجود ہے۔ یہ زمین پر آنے والے درجہ 5 طوفان کے برابر ہے جسے اوول بی اے کا نام دیا گیا ہے۔

    یہ بڑے طوفان سے کچھ چھوٹا ہے اور اس کا حجم زمین کے برابر ہے۔ اس کا مشاہدہ پہلی بار سنہ 2000 میں کیا گیا ہے اور تب سے اب تک اس کے حجم میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

    سیارہ زحل ۔ سیچورن

    سیارہ زحل کے قطب شمالی میں ہوا کا ایک عظیم طوفان پنپ رہا ہے۔ اس طوفان کے چھ کونے ہیں جس کی وجہ سے اسے ہیگزاگون کا نام دیا گیا ہے، اس کا ہر کونا ہماری زمین سے بڑا ہے۔

    اس طوفان کے مرکز میں بادلوں کا ایک سسٹم موجود ہے جس کا دائرہ زمین پر آنے والے طوفانوں کے دائرے سے کہیں زیادہ بڑا ہے۔

    سیارہ یورینس

    سیارہ یورینس دیگر سیاروں کی طرح اپنے مدار میں گول گھومنے کے بجائے ایک طرف کو جھک کر گردش کرتا ہے جس کی وجہ سے اس سیارے کے موسم طویل اور زیادہ شدت کے ہوتے ہیں۔

    یہاں موسم سرما میں بالکل اندھیرا ہوجاتا ہے۔ یہ سیارہ سورج سے خاصا دور ہے لہٰذا اس کے موسم سرما کا دورانیہ زمین کے 21 سالوں جتنا ہوتا ہے۔ اس دوران درجہ حرارت منفی 216 ڈگری سیلسیئس پر پہنچ جاتا ہے۔

    سیارہ نیپچون

    سیارہ نیپچون کو ہواؤں کا سیارہ بھی کہا جاتا ہے۔ یہاں 1 ہزار 930 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی ہیں۔

    یہ رفتار زمین پر آواز کی رفتار سے ڈیڑھ گنا زیادہ ہے جبکہ اس رفتار پر سفر کیا جائے تو امریکی شہر نیویارک سے لاس اینجلس پہنچنے میں صرف سوا 2 گھنٹے کا وقت لگے گا۔ یہ سفر عام طور پر 6 گھنٹے میں طے ہوتا ہے۔

    ان تمام سیاروں کے موسم کے مقابلے میں زمین کا موسم نہایت معتدل ہے۔ نہ زیادہ گرمی، نہ زیادہ سردی اور نہ ہی طوفانی ہوائیں، اور ہاں یہاں تیزابی بارشیں، تابکاری اور مٹی کے عظیم بگولے بھی نہیں آتے۔ تو پھر زمین کے موسم کی شکایت کرنا چھوڑیں اور ہر موسم کا لطف اٹھائیں۔

  • کراچی میں سورج اب آگ برسائے گا

    کراچی میں سورج اب آگ برسائے گا

    کراچی: شہرقائد کے باسی شدید گرمی کی لپیٹ سے بچنے کے لیے تیارہوجائیں، کراچی میں سورج اب آگ برسائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں پارہ چالیس ڈگری تک جاسکتا ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوگی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی یہ لہر دو مئی تک جاری رہے گی، اٹھائیس اپریل سے دو مئی تک لوگوں کے پسینے چھوٹیں گے۔

    محکمہ موسمیات نے گذشتہ ماہ بھی شہر قائد میں گرمی کی لہر کئی دنوں تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی تھی، جبکہ اندرون سندھ کے مختلف شہروں موسم خشک اور گرم رہا۔

    ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات عبدالرشید نے بتایا تھا کہ مئی میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے، کراچی میں ہیٹ ویو آنے کا بھی خدشہ ہے۔

    ان کے مطابق ہیٹ ویو آنے سے قبل سارے ادارے تیار رہیں گے تو ہیٹ ویو سے نمٹنے میں مشکلات نہیں ہوں گی۔

    یاد رہے کہ شہر میں 2015 کی ہیٹ اسٹروک سے تقریباً 1400 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، جاں بحق ہونے والوں میں بچے، بوڑھے اور عورتیں بھی شامل تھیں۔

  • امریکا میں‌ طوفان نے تباہی مچادی، 5 افراد ہلاک، ہزاروں بے گھر

    امریکا میں‌ طوفان نے تباہی مچادی، 5 افراد ہلاک، ہزاروں بے گھر

    واشنگٹن : امریکا کی مختلف ریاستوں میں ہوا کے بگولے نے تباہی مچادی، جس کے باعث اب تک 5 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ہزاروں بے گھر ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی ریاست جارجیا اور اور فلوریڈا میں ہوا کے بگولے نے ڈیڑھ لاکھ سے زائد مکانات اور کاروباری مراکز کی بجلی معطل ہوگئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ہوا کے بگولے کی زد میں آکر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد تاحال نامعلوم ہے، امریکی حکام نے متاثرہ علاقے کو سیل کردیا ہے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا تھا کہ ٹیکساس اور مغربی لوزیانا مسلسل دوسرے ہفتے بھی آندھی، بگولوں اور انڈے کے برابر پڑنے والے اولوں سے متاثر ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں آندھی اور طوفانی بارشوں کا سلسلہ مشرقی ساحلی ریاستوں تک پہنچ گیا، مختلف حادثات کے باعث مسی سپی اور الباما میں تین افراد ہلاک ہوئے جبکہ جارجیا اور فلوریڈا میں طوفان نے دو افراد کی جان لے لی۔

    مزید پڑھیں: امریکا: سمندری طوفان ’مائیکل‘ کو بموں کی ’ماں‘ قرار

    واضح رہے کہ مائیکل نامی ہولناک سمندری طوفان گزشتہ برس 2 اکتوبر کے روز ریاست کی شمال مغربی پٹی سے 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ ٹکرایا تھا۔

    خطرناک سمندری طوفان مائیکل کے ساحلی علاقے سے ٹکرانے کے بعد متاثرہ علاقے کا نقشہ بدل گیا ہے، مائیکل نامی طوفان کے بارے میں کہا گیا تھا کہ ’یہ تمام بم دھماکوں کی ماں ہے‘ جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    خیال رہے کہ 2017 بھی امریکا کے لیے قدرتی آفات کے حوالے سے بدترین ثابت ہوا تھا، یکے بعد دیگرے 4 طوفانوں نے امریکی ریاستوں کو تباہی سے دو چار کیا جبکہ درجنوں ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں

  • کراچی میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا

    کراچی میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹے کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز ہوائیں چلنے کے باعث گرمی کی شدت کم محسوس ہوگی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں صبح کے اوقات میں ہوا میں نمی کا تناسب 50 سے 60 فیصد تک رہے گا، کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے 2 روز قبل پیشگوئی کی تھی کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ میدانی علاقوں میں موسم گرم رہے گا تاہم گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ بالائی پنجاب، خیبر پختونخواہ، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، بارش اور ژالہ باری کے پیش نظر کاشت کار اپنی فصلوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

  • روس کا امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے میں وینزویلا اور کیوبا کی مددکا اعلان

    روس کا امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے میں وینزویلا اور کیوبا کی مددکا اعلان

    ماسکو : روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ ماسکو امریکا کی جانب سے وینزویلا اور کیوبا پر عائد پابندیوں کو غیر قانونی شمار کرتا ہے‘اور اس واسطے وہ کراکس اور ہوانا میں اپنے حلیفوں کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے جمعرات کے روز میامی میں اپنے خطاب کے دوران کیوبا اور وینزویلا کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ادھر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ وینزویلا کے صدر نکولس میڈورو اور ان کو سپورٹ کرنے والے ممالک پر دباو بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔

    امریکا کا کہنا ہے کہ وہ وینزویلا کے ساتھ امریکا کے ہر قسم کے لین دین کو روک دے گا اور اپنے پاس وینزویلا کے مرکزی بینک اور وینزویلا کے صدر کے کسی بھی اثاثے کو منجمد کر دے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق علاوہ ازیں امریکیوں کے کیوبا سفر پر بھی قیود لگائی جائیں گی اور اس جزیرے کو منتقل کی جانے والی رقم پر حد لگائی جائے گی۔

    مزید پڑھیں : وینزویلا بحران، امریکا نے پابندیوں کا فیصلہ کرلیا

    دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ اسٹیفن منوچن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وینزویلا میں مرکزی بینک کے خلاف اقدامات کا مقصد مرکزی بینک کو میڈورو کی غیر قانونی حکومت کے آلہ کار کے طور پر استعمال ہونے سے روکا جائے جو مسلسل وینزویلا کی دولت لوٹنے اور سرکاری اداروں کے استحصال میں مصروف ہے۔

    بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ وزارت خزانہ نے اس امر کو یقینی بنایا ہے کہ مرکزی بینک کو بلیک لسٹ کرنے کے باوجود وینزویلا کے شہری اپنا کریڈٹ کارڈ استعمال کرنے کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔

  • کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں، محکمہ موسمیات

    کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں، محکمہ موسمیات

    کراچی : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے بارش برسانے والاسسٹم پاکستان میں موجود ہے تاہم کراچی میں بارش کاکوئی امکان نہیں، کراچی میں ہواؤں کی رفتارمیں تیزی کاامکان ہے اور اپریل کے آخر تک گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات کا کہنا ہے ایران میں بننےوالابارش کانظام فی الحال بلوچستان ،پنچاب اور کے پی میں موجود ہے، بارش کانظام کراچی سمیت سندھ سے نکل چکاہے۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا راچی میں بارش کاکوئی امکان نہیں ، موسم جزوی طورپرابرآلودرہےگا جبکہ ہواؤں کی رفتارمیں تیزی کاامکان ہے، چنددنوں میں موسم پھرسےگرمی کی جانب لوٹ جائے گا اور اپریل کےآخرتک گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

    اپریل کےآخرتک گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے

    ڈائریکٹر موسمیات کا کہنا تھا کراچی میں 18 سے 20 ناٹیکل مائل کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی، شام تک ہواکی رفتار کم ہونا شروع ہوجائے گی۔

    کراچی کاموجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کاتناسب 56 فیصد ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب بلوچستان میں موسلادھار بارشوں اورسیلاب سےنظام زندگی درہم برہم ہوگئی ، مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد نو ہوگئی ۔ پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں بارش سےگرمی کی شدت میں کمی آگئی ہے۔

    سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کاسلسلہ جاری ہے ، لاڑکانہ , سکھر ، نوشہرو فیروز سمیت دیگر شہروں میں بارش سےگرمی کازورٹوٹ گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختون خوا، کوئٹہ، ژوب، سکھر، لاڑکانہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج بھی بارش کا امکان ہے۔

  • شہر قائد میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا

    شہر قائد میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ شہر کا درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں آج گرمی کی شدت برقرار رہے گی اور دن کے وقت درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

    کراچی میں صبح کے اوقات میں ریکارڈ کیا گیا درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں دن کے اوقات میں 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں چلیں گی جبکہ صبح ہوا 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی۔

    دوسری جانب طبی ماہرین نے شہریوں کو دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر باہر جانا بھی پڑے تو چھتری استعمال کریں اور سر پر گیلا کپڑا رکھیں۔

    کراچی میں آج بھی گرمی قہر ڈھائے گی

    خیال رہے کہ کراچی ان دنوں گرمی کے لپیٹ میں ہے، یہ سلسلہ ہفتوں تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ شہری اپنی حفاظت اپنی مدد آپ کے تحت یقینی بنارہے ہیں۔