Tag: Wedding dress

  • عروسی لباس کا انتخاب کیسے کیا جائے؟ معروف ڈیزائنر نے بتا دیا

    عروسی لباس کا انتخاب کیسے کیا جائے؟ معروف ڈیزائنر نے بتا دیا

    اپنی شادی کے دن سب سے زیادہ خوبصورت اور منفرد نظر آنا ہر دلہن کی خواہش ہوتی ہے جس کیلئے وہ بہت سارے جتن بھی کرتی ہے۔

    عام طور تو ہمارے معاشرے میں شادی کی تقریبات کی تعداد کی کوئی حد مقرر نہیں لیکن روایتی طور پر ایک شادی کم از کم تین تقریبات پر مشتمل ہوتی ہیں جن میں مایوں، بارات اور ولیمہ شامل ہے۔

    ان تقریبات کیلئے لباس کا انتخاب کرنا بھی کوئی آسان کام نہیں، خواتین خصوصاً لڑکیاں اس حوالے سے بہت زیادہ حساس ہوتی ہیں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں فیشن ڈیزائنر عدنان پردیسی نے دلہن کے عروسی لباس سے متعلق اہم مشورے دیئے۔

    انہوں نے بتایا کہ ایسی دلہنیں جن کا قد چھوٹا ہے ان کو چاہیے کہ اپنی قمیض کی لمبائی زیادہ رکھیں، ضروری نہیں کہ جو وہ پہننا چاہ رہی ہے اس پر اچھا بھی لگے بہت سی لڑکیاں ہمارے پاس اپنے آئیڈیاز لے کر آتی ہیں جو ان کی شخصیت کے مطابق نہیں ہوتے تو ہم انہیں سمجھاتے اور صحیح مشورہ دیتے ہیں۔

    عدنان پردیسی نے کہا کہ لال رنگ کی پہچان بھی سب کو نہیں ہوتی کچھ لوگ میرون کے شیڈز کو بھی لال کہہ دیتے ہیں اور لال ایسا رنگ ہے جو تقریباً سبھی پر جچتا ہے۔ تاہم، آج کل میں گرین اور پرپل کلر پر زیادہ کام کررہا ہوں۔

  • سوارا بھاسکر نے ولیمے کا جوڑا پاکستان سے کیسے منگوایا؟

    سوارا بھاسکر نے ولیمے کا جوڑا پاکستان سے کیسے منگوایا؟

    معروف بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر مسلمان سیاسی کارکن کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں، اپنے ولیمے کے موقع پر انہوں نے پاکستانی ڈیزائنر کے لباس کا انتخاب کیا جو براستہ دبئی ان تک پہنچایا گیا۔

    سوارا بھاسکر نے گزشتہ ماہ 18 فروری کو مسلمان سیاست دان اور سماجی رہنما فہد احمد سے عدالت میں شادی کی تھی۔

    اب جوڑے نے اپنی شادی کی باقاعدہ تقریبات منعقد کیں اور 2 ریسپشن دیے، ایک ریسپشن سوارا کی طرف سے دیا گیا جبکہ فہد احمد کی طرف سے ولیمے کا اہتمام کیا گیا۔

    تقریبات میں معروف شوبز شخصیات سمیت سیاسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی جن میں راہول گاندھی، اروند کیجریوال، ششی تھرور اور جیا بچن شامل تھے۔

    ولیمے کے موقع پر سوارا بھاسکر نے پاکستانی ڈیزائنر علی ذیشان کا ڈیزائن کردہ لباس زیب تن کیا۔

    سنہرے رنگ پر مختلف رنگوں کے موتیوں اور پھولوں سے آراستہ یہ لہنگا سوارا نے خاص طور پر پاکستان سے تیار کروایا جس کے بعد اسے لاہور سے دبئی، ممبئی، دہلی اور پھر بریلی ان کے گھر تک پہنچایا گیا۔

    سوشل میڈیا پر اداکارہ نے لکھا کہ جب انہوں نے ڈیزائنر سے بات کی اور اپنی شادی کا جوڑا بنوانے کی خواہش کا اظہار کیا تو علی ذیشان بہت خوش اور پرجوش ہوئے۔

    سوارا کے لہنگے کو پاکستان اور بھارت دونوں میں بہت پسند کیا جارہا ہے اور لوگ ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • مصر میں سونے کا عروسی لباس تیار، لوگوں میں غم و غصہ

    مصر میں سونے کا عروسی لباس تیار، لوگوں میں غم و غصہ

    قاہرہ: مصر میں ایک عروسی لباس تیار کرنے والی کمپنی نے خالص سونے کا عروسی لباس تیار کیا ہے، اس کی تشہیر نے معاشی مشکلات کا شکار لوگوں میں غم و غصہ بھر دیا۔

    اردو نیوز کے مطابق سونے اور ہیروں سے آراستہ عروسی لباس تیار کرنے والی اسپیشلسٹ کمپنی نے اپنے فیس بک صفحے پر منفرد قیمتی عروسی جوڑے کا اشتہار دے کر پورے ملک میں ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔

    اشتہار میں صارفین کو بتایا گیا ہے کہ کمپنی نے خالص سونے کا عروسی لباس تیار کیا ہے، اس کا وزن 9 کلو گرام ہے اور اس کی قیمت 15.7 ملین پاؤنڈز ہے، ہوم ڈیلیوری سروس فری ہے، سب سے پہلے آرڈر پر 10 فیصد کی رعایت دی جائے گی۔

    کمپنی نے صارفین کی توجہ عروسی جوڑے کی جانب مبذول کرواتے ہوئے کہا ہے کہ خالص سونے سے تیار کردہ اس لباس کی نمائش ایک میلے میں کی جائے گی۔

    مصری صارفین نے اس اشتہار پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

    ان کا مطالبہ ہے کہ متعلقہ حکام کمپنی کی اس حرکت کا نوٹس لیں، کمپنی نے عوام کے جذبات مشتعل کیے ہیں، ایسے عالم میں جبکہ کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور ڈالر کے مقابلے میں مصری پاؤنڈ کی قدر زمین کو چھو رہی ہے، ایسے میں خالص سونے کے عروسی لباس کی تشہیر کسی طور زیب نہیں دیتی۔

    بعض صارفین نے اس واقعے کو ہلکے انداز میں لیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس پر برا ماننے والی کوئی بات نہیں کمپنی عروسی لباس کی شکل میں سونا فروخت کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کئی لوگ اپنی بچت محفوظ کرنا چاہتے ہیں، وہ خالص سونے کا عروسی لباس خرید کر اپنی رقم محفوظ کر سکتے ہیں، اس میں برا ماننے والی کوئی بات نہیں۔

  • شادی کا لہنگانا تاخیر سے  دینے پر ڈیزائنر کیخلاف لاکھوں روپے ہرجانے کا دعویٰ

    شادی کا لہنگانا تاخیر سے دینے پر ڈیزائنر کیخلاف لاکھوں روپے ہرجانے کا دعویٰ

    لاہور : خاتون نے بیٹی کی شادی کا لہنگانا تاخیر سے دینے پر ڈیزائنر کیخلاف 55لاکھ 80ہزار روپے ہرجانہ کا دعویٰ دائر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں خاتون نے بیٹی کی شادی کیلئے لہنگانا تاخیر سے دینے پر ڈیزائنر کے خلاف دعویٰ دائرکردیا ، خاتون سلمیٰ نے ڈیزائنر کے خلاف 55لاکھ 80ہزار روپے کا ہرجانہ کا دعویٰ دائر کیا۔

    درخواست گزار نے کہا بیٹی کی شادی کے لیے لہنگا ، میکسی اور تین پارٹی ڈریس کاآرڈردیا، لیبرٹی مارکیٹ میں واقع ڈیزائنرسےشادی سے ایک دن پہلے کا وقت مقرر ہوا۔

    درخواست میں کہا گیا کہ وقت پرلہنگانادینےسےذہنی اذیت کاسامنا ہوا کیونکہ بیٹی کو شادی کے فوراً بعد ملک سے باہر جانا تھا، ڈیزائنر کا وقت پر لہنگانا نہ دینے کی وجہ سے 3 لاکھ میں کہیں اور سے لینا پڑا۔

    درخواست گزار نے استدعا کی عدالت مجموعی طورپرڈیزائنرکو 55 لاکھ 80 ہزارروپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دے۔

    جس پر صارف عدالت نے ڈیزائنر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24مارچ کو طلب کرلیا۔

    یاد رہے چند گذشتہ ہفتے بھی ایسا ہی ایک واقعہ سامنے آیا تھا ، جہاں ناقص سلائی اور سوٹ دیر سے دینے پر درزی کو 51,500 روپے کا جرمانہ ہوا تھا۔

    محمد شہباز چشتی نامی شخص نے یکم اپریل 2021 کو درزی محمد حفیظ کے خلاف ناقص سلائی اور سوٹ تاخیر سے دینے پر صارف عدالت سے رجوع کیا تھا۔

  • بختاور بھٹو کی شادی کا لباس کس طرح تیار کیا گیا؟

    بختاور بھٹو کی شادی کا لباس کس طرح تیار کیا گیا؟

    سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو کی شادی کا لباس تیار کرنے والی ڈیزائنر وردہ سلیم کا کہنا ہے کہ لباس کی تیاری میں مقامی مارکیٹ میں موجود سب سے عمدہ اور نفیس معیار کا سامان استعمال کیا گیا۔

    بختاور بھٹو 29 جنوری کو صنعت کار محمود چوہدری سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں، ان کی شادی کا سنہری لباس پاکستانی ڈیزائنر وردہ سلیم نے تیار کیا تھا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے وردہ سلیم نے اس لباس کے بارے میں بتایا۔

    انہوں نے بتایا کہ بختاور بھٹو کے لباس کی تیاری میں بھی مقامی مارکیٹ میں موجود سب سے عمدہ اور نفیس معیار کا سامان استعمال کیا گیا۔

    وردہ کا کہنا تھا کہ نکاح کے لباس کی تیاری میں پرلز، ریشم کی تار، سلور اور گولڈ زری کی تار، فرنچ ناٹس، زردوزی کا کام اور سلور اور گولڈ لیدر کا کام کیا گیا، جوڑے کا کپڑا بھی ہاتھ سے تیار کردہ شیفون ہے جو کہ مقامی سطح پر تیار کیا جاتا ہے۔

    بختاور کے نکاح کی تقریب کی تصاویر جاری ہونے کے بعد سے سوشل میڈیا پر کہا جارہا تھا کہ بختاور بھٹو کے لباس پر سونے کی تاروں سے کام ہوا تھا اور اس میں ہیرے جڑے ہوئے تھے۔

    علاوہ ازیں یہ بھی کہا جارہا تھا کہ بختاور بھٹو کے نکاح کا لباس مہنگا ترین تھا اور اس کی قیمت کروڑوں میں تھی۔

    تاہم اب وردہ سلیم کا کہنا تھا کہ بختاور بھٹو کے لباس میں نہ سونے کی تار استعمال ہوئی اور نہ ہیرے جڑے ہیں، تاہم یہ جان کر خوشی ہوئی کہ کام ہی اتنا نفیس تھا کہ لوگوں کو یہ گمان ہوا اور یہ ایک طرح سے ہماری تعریف ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اس لباس کی تیاری میں 45 کاریگروں نے حصہ لیا اور 7 ہزار گھنٹوں سے زائد وقت یعنی لگ بھگ 6 سے 7 ماہ لگے اور اس دوران 2 سے 3 ماہ ڈبل شفٹس میں 24 گھنٹے بھی کام کیا گیا۔

  • وہیل چیئر پر سجے عروسی لباس نے سب کی توجہ کھینچ لی

    وہیل چیئر پر سجے عروسی لباس نے سب کی توجہ کھینچ لی

    انگلینڈ میں عروسی ملبوسات کی ایک دکان میں وہیل چیئر پر سجے عروسی لباس نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔

    انگلینڈ کے قصبے پرٹی شیڈ میں ’دا وائٹ کلیکشن‘ نامی عروسی ملبوسات کے بوتیک نے اپنے ڈسپلے پر وہیل چیئر سجائی جس میں ڈمی نے عروسی لباس پہن رکھا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اس اقدام کی نہایت حوصلہ افزائی کی گئی۔

    ایک صارف نے لکھا کہ یہ منظر دیکھنا بہت زیادہ خوشگوار تو نہیں تاہم یہ پہلی بار ہے جب کسی معذوری کو ڈسپلے پر پیش کیا گیا ہے۔

    ٹویٹر پر ایک معذور خاتون نے لکھا کہ وہ خود بھی وہیل چیئر کی محتاج ہیں اور ڈسپلے کو دیکھ کر انہیں یوں لگ رہا ہے کہ پہلی بار ان کی نمائندگی کی جارہی ہے۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی میں جب بھی کبھی شادی کا موقع آیا تو وہ خریداری کے لیے ایسی ہی جگہ پر جانا چاہیں گی جہاں ان کی معذوری اور وہیل چیئر کو قبول کیا جائے۔

    بوتیک کی مالک کارا ایلن کا کہنا ہے کہ اس ڈسپلے پر انہیں مثبت اور منفی دونوں طرح کے تاثرات موصول ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شادی کرنا ہر شخص کا حق ہے، چاہے آپ جیسے بھی دکھائی دیں لیکن یہ آپ کے لیے بہت اہم دن ہوتا ہے۔

    ایلن کا کہنا ہے کہ اس ڈسپلے کو پیش کرتے ہوئے انہیں موصول ہونے والی حوصلہ افزائی کی توقع نہیں تھی اور وہ اس پر بے حد خوش ہیں۔

  • برطانیہ میں شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کے عروسی جوڑے کی نمائش

    برطانیہ میں شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کے عروسی جوڑے کی نمائش

    لندن : برطانیہ کے ونڈ سر کیسل میں شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل کی شادی کے بیش قیمتی ملبوسات نمائش کے لیے پیش کر دئیے گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی ملکہ الزبتھ 2 کے چھوٹے پوتے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ امریکی اداکارہ میگھن مرکل کی ملبوسات جو انہوں نے شادی کے روز زیب تن کیے نمائش کے لیے پیش کردئیے گئے ہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پرنس ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مرکل کی شادی کے ملبوسات کی نمائش برطانیہ کے ونڈسر کیسل میں لگائی گئی ہے جو 6 جنوری تک جاری رہے گی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اے رائل ویڈنگ نمائش میں برطانوی شاہی خاندان کی چھوٹی بہو میگھن مرکل کی شادی کا دلکش و نظیر سفید گاؤن اور ستارے کی مانند چمکتا تاج شہریوں کے سامنے پیش کردیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ونڈسر محل میں کانچ سے بنے خوبصورت باکس میں شاہی جوڑے کے قیمتی ملبوسات رکھے گئے جو دیکھنے والوں کے دلوں کو خوب لبہا رہے ہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اے رائل نمائش کے دوران میگھن مرکل اور شہزادی ہیری کی شادی میں پہنے گئے شہزادہ ولیم کے بیٹے پرنس جارج اور ننھی شہزادی شارلیٹ کے ملبوسات بھی خاص توجہ مرکز بنے ہوئے ہیں۔