Tag: wedding

  • دلہا دلہن نے شادی میں شرکت نہ کرنے والے مہمانوں سے اخراجات طلب کرلیے

    دلہا دلہن نے شادی میں شرکت نہ کرنے والے مہمانوں سے اخراجات طلب کرلیے

    شادی کرنے والے افراد اپنے قریبی دوستوں اور عزیز و اقارب کو مدعو کر کے انہیں بھی اپنی خوشیوں میں شریک کرتے ہیں اور ان کے لیے بہترین انتظامات کرتے ہیں، لیکن اگر وہ عزیز اقارب اس موقع پر شریک نہ ہوں تو یہ امر افسوس ناک بھی ہوسکتا ہے۔

    امریکا میں ایسے ہی ایک جوڑے نے سخت کبیدہ خاطر ہو کر شادی میں شرکت نہ کرنے والے مہمانوں کے ساتھ انوکھی حرکت کر ڈالی۔

    امریکی شہر شکاگو سے تعلق رکھنے والے نوبیاہتا جوڑے نے شادی کی تقریب میں شرکت کا وعدہ کرنے کے باوجود نہ آنے والوں مہمانوں سے اخراجات مانگ لیے ہیں۔

    دلہا نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر تقریب کے اخراجات کا 240 ڈالرز کا بل پوسٹ کیا اور شرکت نہ کرنے والے مہمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اخراجات کے اس بل کو دیکھ کر ناراض مت ہوں، میں یہ آپ کو بذریعہ ای میل بھی ارسال کروں گا تاکہ آپ یہ عذر پیش نہ کر سکیں کہ ہمیں تو یہ موصول ہی نہیں ہوا۔

    بل میں لکھا ہے کہ یہ بل آپ کو اس لیے بھیجا جا رہا ہے کیونکہ آپ نے تقریب میں شرکت کا وعدہ کیا تھا۔ بل میں درج رقم آپ کے لیے خالی رکھی جانے والی نشستوں کی ہے کیونکہ آپ نے تقریب میں شریک نہ ہونے کے لیے اطلاع نہیں دی تھی۔

    مہمانوں کو کہا گیا ہے کہ یہ رقم آپ پر واجب الادا ہے، آپ اسے پے پال کے ذریعے ادا کرسکتے ہیں۔

    اس حوالے سے ایک امریکی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے جوڑے کا کہنا تھا کہ مہمانوں کے لیے بہترین انتظامات کرنے کے لیے ان کی یہ رقم ضائع ہوئی لہٰذا اب یہ رقم مہمانوں کو ہی ادا کرنی ہوگی۔

  • شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کی شادی کے کیک کا ٹکڑا لاکھوں روپے میں نیلام

    شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کی شادی کے کیک کا ٹکڑا لاکھوں روپے میں نیلام

    لندن: برطانیہ کی آنجہانی شہزادی لیڈی ڈیانا اور ولی عہد شہزادہ چارلس کی شادی کے کیک کے ایک ٹکڑے کی 4 لاکھ روپے میں نیلامی ہوئی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق برطانیہ میں آنجہانی لیڈی ڈیانا اور ولی عہد شہزادہ چارلس کی شادی کے کیک کے ایک ٹکڑے کی تقریباً 4 لاکھ روپے میں نیلامی ہوئی ہے تاہم خبردار کیا گیا ہے کہ اسے کھانا منع ہے۔

    بدھ کو ہونے والی اس نیلامی میں توقع کی جا رہی تھی کہ یہ 40 برس پرانا کیک 3 سے 5 سو ڈالر میں فروخت ہوگا، لیکن اس کے برعکس یہ 25 سو 58 ڈالرز میں نیلام ہوا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہم حیران ہیں اس کیک کی نیلامی میں لوگوں کی بڑی تعداد حصہ لینا چاہتی تھی۔ برطانیہ، امریکا اور مشرقی وسطیٰ کے ممالک سے بہت سے لوگوں نے اس نیلامی کے بارے میں پوچھا۔

    انتظامیہ کے مطابق نیلامی جیتنے والے شخص کا تعلق برطانیہ کے شہر لیڈز سے ہے۔

    یہ کیک سب سے پہلے ملکہ ایلزبتھ دوئم کی والدہ کے لیے کام کرنے والی مویرا سمتھ کو دیا گیا تھا، لیکن ان کی وفات کے بعد 2008 میں ان کے خاندان نے اسے ایک ہزار پاؤنڈز میں فروخت کر دیا تھا۔

    اس کیک کو خریدنے والے نے اب اسے منافعے میں بیچا ہے۔

    یاد رہے کہ سنہ 1996 میں شہزادہ چارلس اور شہزادی ڈیانا کی علیحدگی کے بعد کیک کے ٹکڑے کئی بار فروخت ہوئے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ اب بھی لیڈی ڈیانا میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

    شہزادی ڈیانا سنہ 1997 میں پیرس میں 36 برس کی عمر میں ایک کار حادثے میں اپنے مداحوں کو سوگوار چھوڑ گئی تھیں۔

  • شادی کب کریں گی؟ سونیا حسین نے بتا دیا

    شادی کب کریں گی؟ سونیا حسین نے بتا دیا

    کراچی: معروف اداکارہ سونیا حسین نے بتا دیا کہ وہ کب تک شادی کریں گی، مداحوں کی جانب سے اس سوال پر کہ کیا وہ کسی اداکار سے شادی کریں گی؟ انہوں نے دلچسپ جواب دیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ سونیا حسین نے انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے نہ صرف مستقبل میں اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق کھل کر باتیں کیں بلکہ یہ بھی بتایا کہ ان کا کرکٹر شعیب اختر کے ساتھ کیا تعلق ہے اور وہ کن ہولی وڈ اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔

    ایک مداح کے سوال پر اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے انتہائی کم عمری یعنی 17 سال کی عمر میں اداکاری کا آغاز کیا جبکہ دوسرے سوال پر انہوں نے بتایا کہ انہوں نے سائیکالوجی میں بیچلر کر رکھا ہے۔

    سونیا حسین نے ایک مداح کو بتایا کہ وہ جلد ہی عدنان صدیقی کے ساتھ کام کرتی دکھائی دیں گی جب کہ ان کے تقریباً تمام ڈرامے سماجی مسائل پر بنے ہوئے ہیں۔

    اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ وہ ہولی وڈ سپر اسٹار جونی ڈیپ، ٹام کروز اور ول اسمتھ کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں۔ شعیب اختر سے رشتے داری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر اداکارہ نے بتایا کہ وہ صرف بہترین دوست ہیں۔

    شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سونیا حسین نے بتایا کہ وہ جنوری 2023 تک شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں جب کہ اپنے ہونے والے شوہر سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ خدا نہ کرے کہ ان کا ہونے والا ساتھی اداکار ہو.

  • شہروز اور صدف کی شادی کی یادیں

    شہروز اور صدف کی شادی کی یادیں

    کراچی: معروف ماڈل صدف کنول کا کہنا ہے کہ انہیں ہمیشہ سے خواہش تھی کہ ان کی شادی سرخ جوڑے میں نہایت سادگی سے ہو، اور ان کی یہ خواہش پوری ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکاروں شہروز سبزواری اور صدف کنول نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں شرکت کی اور اپنی شادی کے بارے میں بتایا۔

    شہروز نے کہا کہ اس وقت کرونا وائرس عروج پر چل رہا تھا اگر ہم دھوم دھام سے شادی کرتے تو لوگوں میں بہت غلط پیغام جاتا، اسی لیے ہم نے گھر میں ہی نہایت سادگی سے شادی کی جس پر ہمارے رشتے دار بہت ناراض بھی ہوئے۔

    صدف کا کہنا تھا کہ انہیں ہمیشہ سے سادگی سے شادی کرنے کی خواہش تھی اور وہ چاہتی تھیں کہ ان کی شادی سرخ جوڑے میں گھر میں ہی ہو۔ اتفاق سے ان کی ساس نے انہیں اپنی شادی کا سرخ جوڑا دیا اور انہوں نے اسی کو اپنے نکاح میں زیب تن کیا۔

    دونوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی شادی کے لمحات کو محسوس کیا اور خوب لطف اندوز ہوئے، اگر وہ دھوم دھام سے شادی کرتے تو وہ ایک عوامی تقریب ہوتی جس میں وہ خود ہی لطف اندوز نہیں ہو پاتے۔

  • بھارت: دلہا اخبار نہ پڑھ سکا، دلہن نے شادی سے انکار کردیا

    بھارت: دلہا اخبار نہ پڑھ سکا، دلہن نے شادی سے انکار کردیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک دلہن نے شادی کی تقریب میں دلہا کو ہندی اخبار پڑھنے کے لیے کہا جس کے نہ پڑھ پانے پر دلہن نے شادی سے انکار کردیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش میں حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں دلہا کے ہندی اخبار نہ پڑھ سکنے پر شادی منسوخ ہوگئی۔

    دراصل دلہا ناخواندہ نہیں تھا، بلکہ اس کی بصارت کمزور تھی جس کی وجہ سے وہ اخبار نہیں پڑھ پایا۔

    شادی کی تقریب میں جب دلہا چشمہ پہن کر آیا تو دلہن اور اس کے گھر والوں کو یہ بات عجیب لگی، انہوں نے کسی سے سنا کہ چشمے کے بغیر دلہا کو کچھ دکھائی نہیں دیتا جس پر دلہن نے اسے آزمانے کا سوچا۔

    اس نے دلہا کو ایک ہندی اخبار دے کر کہا کہ اسے بغیر چشمے کے پڑھو، جس میں دلہا بری طرح ناکام ہوگیا، جس کے بعد لڑکی والوں نے شادی کینسل کردی۔

    دلہن کے والد کا کہنا تھا کہ رشتہ طے ہونے سے قبل انہوں نے لڑکے کو چشمہ لگائے دیکھا تھا اور انہیں خیال گزرا کہ شاید وہ اسٹائل کے لیے چشمہ پہنے ہوئے ہو، لیکن جب وہ شادی کی تقریب میں بھی عینک پہن آیا تو ہمیں شک ہوا۔

    ان کی جانب سے دلہے کو موٹر سائیکل اور نقد رقم بھی دی گئی تھی جو واپس لے لی گئی۔

    یہی نہیں دلہن کے گھر والوں کی جانب سے دلہا اور اس کے گھر والوں کے خلاف دھوکا دہی کا مقدمہ بھی درج کروا دیا۔

  • منال خان کی شادی کب ہوگی؟

    منال خان کی شادی کب ہوگی؟

    معروف پاکستانی اداکارہ منال خان حال ہی میں احسن محسن اکرام کے ساتھ منگنی کے بندھن میں بندھی ہیں اور اب ان کے مداح ان کی شادی کا بے تابی سے انتظار کرر ہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق منال خان کے منگیتر احسن محسن اکرام کی جانب سے گزشتہ شام سوالات پوچھنے کا سیشن رکھا گیا، احسن محسن اکرام کی جانب سے سیشن کے شروع ہوتے ہی انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے ہزاروں سوالات کا انبار لگ گیا۔

    مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے احسن نے بتایا کہ وہ کراچی میں رہتے ہیں، ان کا گھر کراچی میں ہے اور انہیں لاہور شہر بھی پسند ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ پہلی بار منال خان سے شوٹنگ کے دوران ایک سیٹ پر ملے تھے اور وہ جلد ہی اپنی محبت کی مکمل کہانی بھی سب کو سنائیں گے۔

    شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں احسن کا کہنا تھا کہ وہ ابھی سوچیں گے کہ انہوں نے شادی 2021 میں کرنی ہے یا 2022 میں۔

    خیال رہے کہ منال خان کی بہن ایمن خان کی شادی سنہ 2018 میں ہوئی تھی جس کی بے شمار تقریبات کئی روز تک چلتی رہیں جس پر لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔

  • نادیہ خان اور فیصل ممتاز پہلی بار کب اور کہاں ملے، خصوصی انٹرویو

    نادیہ خان اور فیصل ممتاز پہلی بار کب اور کہاں ملے، خصوصی انٹرویو

    کراچی : گزشتہ چند ماہ قبل رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی پاکستان ٹی وی کی نامور میزبان و اداکارہ نادیہ خان اور سابق ونگ کمانڈر فیصل ممتاز راؤ نے اپنی شادی اور رشتے سے متعلق اہم باتیں کھل کر ناظرین کو بتادیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں نادیہ خان اور فیصل ممتاز نے پروگرام کے میزبان وسیم بادامی کے سوالات کے تفصیل سے جوابات دیئے اور سننے والوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔

     

    نادیہ خان اور ان کے شوہر نے اپنی شادی کی وجہ اور رشتے کے آغاز سے لے کر اب تک کی تمام باتیں من و عن بیان کردیں اور بتایا کہ ان کی پہلی ملاقات کب کیسے کہاں اور کن لوگوں نے کروائی۔

    نادیہ خان نے کہا کہ ہماری پہلی ملاقات شادی سے دو ماہ پہلے ہوئی، ہمارے مشترکہ دوستوں نے ہمیں پوری پلاننگ سے ملایا ورنہ ہم نے کبھی ایک دوسرے کو دیکھا بھی نہیں تھا، ممتاز میرے گھر کسی کا پارسل دینے آئے تھے۔

    فیصل ممتاز نے بتایا کہ میں بتائے ہوئے پتے پر پارسل لے کر پہنچا تو مجھے گھر میں بٹھا کر انتظار کرنے کا کہا گیا، کچھ وقت گزرنے کے بعد دیکھا تو سامنے نادیہ خان کھڑی تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں بس یہی سوچ کر آیا تھا کہ پارسل دے کر پانچ منٹ بعد واپس روانہ ہو جاؤں گا لیکن ایسا نہیں ہوا، ہم دونوں باتوں میں اتنا مشغول ہو گئے کہ چار گھنٹے گزرنے کا اندازہ ہی نہیں ہوا۔

    فیصل راؤ نے بتایا کہ یہ ہماری پہلی ملاقات تھی جو کہ شادی سے چاہ ماہ قبل ہوئی تھی۔ اس ملاقات میں بہت سی باتیں مشترکہ تھیں جنہیں سن کر اچھا سا محسوس ہو رہا تھا جس کے بعد مجھے نادیہ سے محبت سی ہو گئی تھی لیکن اس ملاقات کے بعد ہماری کافی عرصے ملاقات نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی قسم کا رابطہ تھا۔

    ایک سوال کے جواب میں نادیہ خان نے بتایا کہ میں اپنی بھانجی کی شادی کے سلسلے میں راولپنڈی گئی ہوئی تھی کہ اس دوران ایک رات فیصل ممتاز سے کافی دیر تک ویڈیو کال پر بات کی تھی۔

    فیصل راؤ نے نادیہ سے اظہار محبت سے متعلق کہا کہ تمام تر باتوں کو مد نظر رکھنے کے مجھے یہ احساس ہوا کہ شائد یہ محبت ہے پھر میں نے بنا کسی ملاقات اور دوستی کے نادیہ کو شادی کی پیش کش کردی۔ جس پر انہوں نے شرط رکھی کہ ہم دونوں کے والدین اور بچوں کی رضامندی کی صورت ہی میں شادی ہوگی ۔ میں نے ان کی یہ دونوں شرطیں قبول کرلیں۔

     

    یاد رہے کہ فیصل ممتاز اور نادیہ خان نے 2 جنوری 2021 کو شادی کی تصدیق کی تھی جب کہ اگلے ہی دن شادی کی تصاویر کو شیئر کیا تھا اور بعد ازاں 10 جنوری کو انہوں نے ولیمے کی تقریب کی تصاویر و ویڈیوز بھی شیئر کی تھیں۔

  • بھارت : دلہا کو ہار پہناتے ہوئے دلہن چل بسی، گھر والوں کا عجیب و غریب فیصلہ

    بھارت : دلہا کو ہار پہناتے ہوئے دلہن چل بسی، گھر والوں کا عجیب و غریب فیصلہ

    نئی دہلی : بھارت میں شادی کی تقریب کے دوران دلہن اچانک دل کا دورہ پڑنے سے موت کے منہ میں چلی گئی، اہل خانہ نے فوری طور پر سخت فیصلہ کرتے ہوئے تقریب کو جاری رکھا۔

    بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر ایٹواہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں عین شادی کے موقع پر دلہن کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا اور وہ اسپتال پہنچنے سے قبل چل بسی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کے ایٹواہ شہر میں ہندو شادی روایت کے تحت اپنے ہونے والے شوہر منجیش کمار کے ساتھ پھولوں کی مالا کا تبادلہ کرنے کے بعد دلہن جس کا نام سروبھی بتایا گیا ہے کو دل کا دورہ پڑا۔

    Groom Manjesh Kumar is pictured with his bride, Surbhi, before she dropped dead. Both families then agreed Manjesh should marry Surbhi's sister

    ایسے خوشی کے موقع پر اس طرح کے ناگہانی واقعے کی کسی کو بھی توقع نہیں تھی اس صورتحال میں تقریب کے شرکاء بھی حیران و پریشان کھڑے تھے۔

    دلہن کی حالت دیکھتے ہوئے فوری طور پر قریبی ڈاکٹر کو بلایا گیا تاہم ڈاکٹر نے ابتدائی چیک اپ کے بعد لڑکی کی موت کی تصدیق کردی اور اسے اسپتال لے جانے کی بھی نوبت نہ آسکی۔

    اس غم کی صورتحال میں لڑکا اور لڑکی کے اہل خانہ نے ایک تکلیف دہ فیصلہ کیا، شادی کی تقریب روکنے کے بجائے تھوڑے بحث و مباحثے کے بعد طے پایا کہ دلہن سروبھی کی موت کے بعد اس کی چھوٹی بہن نشا سے دولہا منجیش کمار کی شادی کردی جائے۔

    اس حوالے سے لڑکی کے ماموں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ لمحہ ہمارے لیے بہت تکلیف دہ تھا جب ایک کمرے میں دلہن کی لاش رکھی تھی جبکہ دوسرے کمرے میں اسی کی بہن کو دلہن بنایا جارہا تھا۔

    مرنے والی لڑکی کے بھائی سروبھ نے کہا کہ ہم نے اس طرح کے ملے جلے جذبات کبھی نہیں دیکھے کہ ایک بہن کی موت کا غم اور دوسری بہن کی شادی جس پر ہمارے خاندان میں ابھی بھی عجیب سی کیفیت طاری ہے۔

  • اظہرعلی نے بابراعظم کو شادی کرنے کا مشورہ دے دیا

    اظہرعلی نے بابراعظم کو شادی کرنے کا مشورہ دے دیا

    لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی نے موجودہ کپتان بابر اعظم کو شادی کرنے کا مشورہ دے دیا۔ ٹوئٹر پر اظہر علی نے سوال و جواب کے سیشن کا انعقاد کیا جس میں کرکٹر بابر اعظم کی ایک مداح نے بھی حصہ لیا۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بابراعظم کے فین پیج پر سوال پوچھا گیا کہ آپ بابراعظم کو کیا مشورہ دیں گے جس پر سابق کپتان و موجودہ ٹیسٹ ٹیم کے اہم بلے باز اظہر علی جواب میں کہا کہ بابراعظم شادی کر لیں۔

    مناہل عقیل نامی صارف نے لکھا کہ اظہر علی آپ بابر اعظم کے لیے کچھ الفاظ کہیں جواب میں اظہر علی نے لکھا "شادی کر لے” اور لال دل والی ایموجی کے ساتھ لکھتے ہوئے بابر اعظم کو اس ٹوئٹ میں ٹیگ کردیا۔

    اظہر علی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کا حصہ ہونے پر فخر ہے، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ٹیم کا حصہ ہونے ہی میرے لیے قابلِ فخر ہے۔

    ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کی پسندیدہ اننگز آسٹریلیا کیخلاف 205 رنز کی ہے۔ سیشن کے اختتام پر انہوں نے اس میں حصہ لینے والے تمام سوشل میڈیا صارفین کا شکریہ ادا کیا۔

    خیال رہے کہ بابراعظم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز کے لیے ابوظبی میں موجود ہیں، کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے بلے باز بابراعظم زندگی کی 26 بہاریں دیکھ چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے باضابطہ شیڈول جاری نہیں کیا گیا ہے۔

  • ونیزہ احمد کی شادی کس طرح ہوئی؟

    ونیزہ احمد کی شادی کس طرح ہوئی؟

    ماضی کی معروف ماڈل  اور اداکارہ ونیزہ احمد کی شادی کی خبر انکے مداحوں اور دوستوں کو اچانک ملی تھی، کئی سالوں بعد ونیزہ احمد نے اس  معاملے پرخاموشی توڑدی ہے۔ 

    تفصیلات کے مطابق ونیزہ احمد نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان سحور میں میزبان ندا یاسر سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی شادی کے بارے میں بتایا۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر کو 25 سال سے جانتی تھیں، اس وقت انہوں نے شادی کرنے کا سوچا لیکن حالات سازگار نہیں تھے۔

    اس کے بعد وہ امریکا چلے گئے جبکہ ونیزہ اپنے کیریئر میں مصروف ہوگئیں۔

    ونیزہ کے مطابق بہت سالوں بعد وہ واپس آئے تو انہوں نے پھر سے شادی کی پیشکش کی اور اس بار ونیزہ نے ہاں کردی۔

    ونیزہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے صرف 3 دن بعد ہی شادی کی تاریخ رکھ لی تھی کہ کہیں وہ پھر سے اپنا فیصلہ نہ بدل لیں، کیونکہ وہ شادی سے بہت خوفزدہ تھیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سادگی سے شادی کرنا ان کی ترجیحات میں شامل تھا لہٰذا یہ شرط تھی جو انھوں نے رکھی۔