Tag: weekly

  • سعودی کابینہ کا اجلاس کیوں نہ ہوسکا؟ بڑی وجہ سامنے آگئی

    سعودی کابینہ کا اجلاس کیوں نہ ہوسکا؟ بڑی وجہ سامنے آگئی

    ریاض : سعودی حکومت کی کابینہ کا ہفتہ وار اجلاس گزشتہ روز نہ ہوسکا، جس کی صدارت خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں ہر منگل کو کابینہ کا ہفتہ وار اجلاس منعقد ہوتا ہے جس میں ہفتے بھر کے دوران ملکی اور بین الاقوامی امور کا جائزہ لیا جاتا ہے نیز اہم فیصلے بھی کیے جاتے ہیں۔

    اس حوالے سے گزشتہ روز منگل کو کابینہ اجلاس نہیں ہوا اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے سعودی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت کی روایت رہی ہے کہ مملکت میں تین مختلف حالات میں کابینہ کا اجلاس منعقد نہیں ہوتا۔

    اس کی پہلی اور دوسری وجہ یہ ہے کہ سعودی قواعد کے مطابق عید الفطر یا عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد آنے والے ہفتے میں کابینہ اجلاس نہیں ہوتا۔

    اس کے علاوہ تیسری وجہ یہ بیان کی گئی ہے کہ سعودی بجٹ اجلاس کے بعد آنے والے پہلے ہفتے میں بھی کابینہ کا اجلاس منعقد نہیں ہوتا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں سعودی کابینہ نے مملکت کا بجٹ منظور کیا تھا، لہٰذا اس روایت پر عمل کرتے ہوئے رواں ہفتے اجلاس کا انعقاد نہیں کیا گیا۔

  • پاکستان اسٹاک ایکسچینج: گزشتہ ہفتے 100 انڈیکس میں کمی ریکارڈ

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج: گزشتہ ہفتے 100 انڈیکس میں کمی ریکارڈ

    کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے 100 انڈیکس میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ انٹر بینک میں روپے کی قدر میں 29 پیسے اضافہ دیکھا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے 100 انڈیکس 470 پوائنٹس کم ہو کر 40 ہزار 16 پوائنٹس پر بند ہوا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 40 ہزار 6 سو 58 پوائنٹس رہی۔

    ہفتے میں 100 انڈیکس کی کم ترین سطح 39 ہزار 6 سو 88 پوائنٹس رہی۔

    اسی طرح گزشتہ ہفتے انٹر بینک میں روپے کی قدر میں 29 پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انٹر بینک میں ڈالر 138.83 سے کم ہو کر 138.54 روپے کا ہوگیا۔

    ایک ہفتے میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 20 پیسے سستا ہوا جس کے بعد گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت 139.10 سے کم ہو کر 138.90 روپے ہوگئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں جاری خسارے میں 20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق خسارہ 1 ارب 70 کروڑ ڈالرز کمی کے بعد 8 ارب 42 کروڑ ڈالرز تک پہنچ گیا، پہلے 7 ماہ میں ترسیلات زر میں 12 فیصد جبکہ برآمدات میں 2 فیصد اضافہ ہوا۔

    اسٹیٹ بینک نے زرمبادلہ کے موجودہ ذخائر کے حوالے سے ایک اور اعلامیہ جاری کیا جس کے مطابق ایک ہفتے میں بیرونی قرض و دیگر ادائیگی پر مرکزی بینک کے ذخائرمیں کمی ہوئی۔

    رپورٹ کے مطابق زرمبادلہ کےذخائر میں 16.3 کروڑ ڈالر کمی ہوئی جس کے بعد کمرشل بینکوں کے ذخائر 6.2 کروڑ ڈالر اضافے سے 6.75 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، مجموعی ذخائر 10.1 کروڑ ڈالر کمی کے بعد 14 ارب 79 کروڑ ڈالر پر موجود ہیں۔