Tag: Weekly Briefing

  • امریکا کی جانب سے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا: دفتر خارجہ

    امریکا کی جانب سے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق امریکا سے بات ہوئی ہے، امریکا کی جانب سے ان کی رہائی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دی۔ بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے چینی ہم منصب کی دعوت پر چین کا دورہ کیا۔ دورے سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے چینی وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر بات ہوئی، ایرانی وزیر خارجہ سے امریکی پابندیوں سے متعلق بھی بات ہوئی۔

    انہوں نے بتایا کہ چین میں سیکریٹری فنانس، اسٹیٹ بینک حکام اور سیکریٹری خارجہ موجود ہیں۔ چین کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ کے پارلیمانی گروپ نے مقبوضہ کشمیر پر رپورٹ جاری کی۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کے بعد دوسری عالمی رپورٹ جاری ہوئی، رپورٹ نے مقبوضہ کشمیر میں لاگو کالے قوانین کی نشاندہی کی ہے۔

     انہوںے کہا کہ رپورٹ میں تحقیقاتی کمیشن کو مقبوضہ کشمیر کے دورے کی تجویز دی گئی، رپورٹ میں بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کو بے نقاب کیا گیا۔

    کھلے سمندر میں بھارتی ایٹمی آبدوز کے گشت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کسی کو پاکستان کی صلاحیتوں پر شک نہیں ہونا چاہیئے۔ بھارت کی ایٹمی آبدوز کا گشت کرنا عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔

    ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق امریکا سے بات ہوئی ہے، امریکا کی جانب سے ان کی رہائی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ ’جب فیصلہ نہیں ہوا تو نہیں کہہ سکتے کہ رہائی کب تک ہوگی‘۔

    مزید پڑھیں: ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا وزیر اعظم کو خط

    انہوں نے کہا کہ ایلس ویلز سے وفود کی سطح پر گفتگو میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر بات ہوئی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے دورے پر آئی ہوئی امریکی نائب وزیر خاجہ ایلس ویلز کے سامنے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھایا تھا۔

    حکومت پاکستان نے مطالبہ کیا تھا کہ عافیہ صدیقی کے معاملے میں انسانی حقوق کو مدنظر رکھا جائے۔

    ترجمان نے مزید بتایا کہ گوانتا ناموبے کی جیل میں 5 پاکستانی قید ہیں جن میں سیف اللہ پراچہ، ماجد خان، عبد الربانی، عمار البلوشی اور غلام ربانی شامل ہیں۔ ’دیگر پاکستانی قیدیوں سے متعلق بھی امریکی حکومت سے رابطے میں ہیں‘۔

    مسیحی خاتون آسیہ بی بی کے معاملے پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ آسیہ بی بی محفوظ جگہ پر پاکستان میں ہی موجود ہیں۔ وہ آزاد شہری ہیں جہاں جانا چاہیں جا سکتی ہیں۔ ’پاکستان میں آزاد شہری کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہے‘۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان یمن کے معاملے پر مصالحت کے لیے کام کر رہا ہے۔ معاملے پر تفصیلات ابھی شیئر نہیں کی جاسکتیں۔

  • وزیر اعظم چینی قیادت کی دعوت پر چین کا دورہ کریں گے: دفتر خارجہ

    وزیر اعظم چینی قیادت کی دعوت پر چین کا دورہ کریں گے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان 2 سے 5 نومبر تک چین کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم چینی قیادت کی دعوت پر چین کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان 2 سے 5 نومبر تک چین کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم چینی قیادت کی دعوت پر چین کا دورہ کریں گے۔

    ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم کے پہلے دورہ چین میں اعلیٰ سطح وفد بھی ساتھ ہوگا۔ وزیر اعظم عمران خان شنگھائی میں ایکسپو سے خطاب کریں گے۔

    ڈاکٹر فیصل کے مطابق وزیر اعظم نے سعودی فرمانروا کی دعوت پر دورہ سعودی عرب کیا۔ وزیر اعظم کی درخواست پر سعودی عرب نے ویزا فیس میں کمی کی۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی قابض فوج نے 20 نہتے کشمیریوں کو شہید کیا۔ پاکستان کشمیر میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان نے قندھار واقعے کی شدید مذمت کی۔ افغانستان کے قندھار واقعے پر الزامات مسترد کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان نے تاحال کوئی ٹھوس شواہد نہیں دیے۔ پاکستان اور امریکا افغانستان میں دیرپا امن کے لیے کوشاں ہیں۔ پاکستان پر کسی ملک کی جانب سے کسی دباؤ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے ملکی مفادات کی خاطر اقدامات کرتا رہے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی شہریوں کے پاکستانی حدود میں کشتی یرغمال بنانے کا علم نہیں۔ چین اور بھارت کے درمیان سیکیورٹی معاہدے پر تبصرہ نہیں کریں گے۔ ’پاکستان بھارت سے بات چیت سے گھبراتا نہیں، بات چیت کے ذریعے ہی معاملات حل کیے جا سکتے ہیں‘۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری نوٹس لے: دفتر خارجہ

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری نوٹس لے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، اسکالر ڈاکٹر منان وانی سمیت 7 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم انسانی حقوق کے علمبر داروں کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں وزیر خارجہ نے پاکستان کی نمائندگی کی، وزیر خارجہ نے کانفرنس میں علاقائی روابط اور سی پیک پر روشنی ڈالی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے ایس سی اجلاس میں وزیر اعظم کا خیر سگالی کا پیغام پہنچایا، وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کے بارے میں بات کی۔ رکن ممالک کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خدمات کی پیشکش کی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ اور ایرانی ہم منصب میں ایرانی بارڈر گارڈز کے اغوا پر بھی بات ہوئی، دونوں اطراف کے ڈی جی ایم اوز معاملے پر رابطے میں ہیں۔ ایران کے وزیر خارجہ نے پاکستان کی خدمات کا شکریہ ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ چہلم امام حسین پر ویزوں سے متعلق ایران اور عراق سے رابطے میں ہیں، امید ہے ویزوں کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ ’یہ بھی بتایا گیا کہ ویزوں کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو گیا ہے‘۔

    ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، اسکالر ڈاکٹر منان وانی سمیت 7 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں احتجاج پر پابندی لگائی۔ بھارتی مظالم انسانی حقوق کے علمبر داروں کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے منان وانی کی شہادت پر مذمتی قرارداد منظور کی ہے۔ ’پاکستان بھارتی مظالم کی مذمت کرتا ہے، عالمی برادری نوٹس لے‘۔

    ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف دیرینہ ہے افغان مسئلے کا فوجی حل نہیں۔ امریکا اور افغانستان اس مؤقف کو سمجھ رہے ہیں۔ افغانستان میں مفاہمت کی تمام کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ دوحہ میں ہونے والی کسی ملاقات اور پیش رفت کا علم نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے افغانستان کے حالات بہتر ہونے تک اتحادی فوج رہے، اتحادی فوج کے افغانستان سے انخلا سے سیکیورٹی کے مسائل پیدا ہوں گے۔ افغان وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان انتخابات کے باعث ملتوی کیا گیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سعودی صحافی سے متعلق بیان پہلے جاری کر چکے ہیں۔ سعودی عرب کے ساتھ بہت سے امور پر بات ہو رہی ہے۔

    ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ قومی ایئر لائن کو دہلی میں بینک اکاؤنٹس کے معاملات میں مسائل کا سامنا ہے۔ اکاؤنٹس کی ریگولرائزیشن کا معاملہ اب دہلی ہائی کورٹ میں ہے۔ قومی ایئر لائن افسران کے اہل خانہ کو بھارت نے ویزے کا اجرا بھی نہیں کیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں معصوم زینب کے قاتل کو پھانسی دے دی گئی، مقبوضہ کشمیر میں 8 سال کی آصفہ کے قاتلوں کو اب تک سزا نہ ملی۔ آصفہ کے والدین انتہا پسندوں کے باعث اپنے گاؤں میں بچی کی تدفین بھی نہ کر سکے۔ ’بچی آصفہ کے قاتل آج بھی آزاد ہیں‘۔

  • دو ممالک کے درمیان تیسرے ملک کو بیان میں شامل کرنا سفارتی آداب کے خلاف ہے: دفتر خارجہ

    دو ممالک کے درمیان تیسرے ملک کو بیان میں شامل کرنا سفارتی آداب کے خلاف ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹریک ٹو روابط جاری ہیں، پاکستان امریکا اور بھارت کے درمیان بات چیت کو مسترد کرتا ہے۔ سفارتی آداب کے خلاف ہے 2 ممالک تیسرے ملک کو بیان میں شامل کریں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بھارتی اشتعال انگیزی پر قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رواں سال بھارت نے 2050 بار سے زائد سیز فائر کی خلاف ورزی کی۔

    ترجمان نے کہا کہ صرف ایک ہفتے میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے 14 کشمیریوں کو شہید کیا، کشمیریوں کو پلوامہ، بانڈی پور، کپواڑہ اور اسلام آباد میں شہید کیا گیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حریت رہنماؤں اور کارکن بدنام تہاڑ جیل میں حراست میں رکھے گئے۔

    خیال رہے کہ آج صبح مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے سو پور میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 2 کشمیری شہید ہوگئے۔

    کشمیری میڈیا کے مطابق کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران نشانہ بنایا گیا، علاقے کی ناکہ بندی، انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی گئی ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے 10 ستمبر کو خنجر سیکٹر میں بھارت کی جانب سے خلاف ورزی کی گئی، خلاف ورزی پر جھومر گاؤں کا نوجوان گفتار حسین شہید ہوا۔

    دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ چین ایران اور جاپان کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا۔ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر کی میزبانی کا وزیر خارجہ نے نوٹس لیا ہے، پاکستانی ہائی کمیشن کو طلب کیا گیا ہے اور تحریری وضاحت مانگی گئی ہے۔

    ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹریک ٹو روابط جاری ہیں، پاکستان امریکا اور بھارت کے درمیان بات چیت کو مسترد کرتا ہے۔ سفارتی آداب کے خلاف ہے 2 ممالک تیسرے ملک کو بیان میں شامل کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم بھارت سے بات چیت کے خلاف نہیں اور عالمی فورمز پر بھی بتایا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی وفات افسوسناک ہے، وزیر خارجہ نے پاکستانی ہائی کمیشن کو میت کی واپسی سے متعلق ہدایات کیں۔

    انہں نے بتایا کہ ترک وزیر خارجہ کل اسلام آباد آئیں گے اور مذاکرات ہوں گے، وزیر اعظم کچھ دن میں سعودی عرب جائیں گے تاریخ کا اعلان بعد میں ہوگا۔ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

  • عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے: دفتر خارجہ

    عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ جون میں بھارتی فوج نے 33 کشمیریوں کو شہید اور 36 کو زخمی کیا، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی جاری ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ جون میں بھارتی فوج نے 33 کشمیریوں کو شہید اور 36 کو زخمی کیا، گزشتہ ہفتے 14 سال کے فیضان سمیت 3 افراد کو شہید کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کشمیر میں ان واقعات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ 27 جون کو سفیروں کو مقبوضہ کشمیر سے متعلق بریفنگ دی گئی، غیر ملکی سفیروں سے نگراں وزیر خارجہ نے بھی خطاب کیا۔

    ترجمان نے کہا کہ بھارتی قابض افواج نے جون میں 43 کشمیریوں کو شہید کیا۔

    ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بھارت میں 7 سال کی زینب کے دوران علاج انتقال پر افسوس ہے، ہائی کمیشن نے زینب کی نعش کی واپسی کے عمل کو فوری مکمل کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت نے قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا ہے۔

    ترجمان نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے حوالے سے کہا کہ ان کی برطانیہ میں سیاسی پناہ سے متعلق معلومات نہیں۔

    افغانستان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کا خواہاں ہے اور امن اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔ افغانستان میں تمام شراکت دار مذاکرات کی میز پر آئیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نہیں چاہتے کہ آبی تنازعات کسی خطرناک نہج تک پہنچ جائیں: دفتر خارجہ

    نہیں چاہتے کہ آبی تنازعات کسی خطرناک نہج تک پہنچ جائیں: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ عالمی بینک کی چیف ایگزیکٹو نے پاکستان کو یقین دلایا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔ ہم نہیں چاہتے کہ آبی تنازعات کسی خطرناک نہج تک پہنچ جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا بریفنگ میں کہنا تھا کہ او آئی سی کا ساتواں اجلاس فلسطین سے متعلق منعقد کیا گیا۔ وزیر اعظم نے ترکی میں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ 19 مئی کو فلسطینیوں کے ساتھ یوم اظہار یکجہتی منایا گیا۔ مقبوضہ کشمیر کپواڑہ میں 4 کشمیریوں کو بھارتی افواج نے شہید کیا۔ شوپیاں میں بھارتی فوج نے افطار کے بعد کشمیریوں پر فائر کھول دیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ایل او سی پر 3 شہریوں کی شہادت پر بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کتاب کی تقریب رونمائی کے لیے مصنفین کو ویزا نہ دینا افسوس ناک ہے۔ ہم نہیں چاہتے آبی تنازعات کسی خطرناک نہج تک پہنچ جائیں۔ پاکستان ایک زرعی ملک ہے جس کا انحصار پانی پر ہے۔

    بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن ہمسائیگی چاہتا ہے۔ پاکستان اپنی سالمیت اور دفاعی ضروریات پر سمجھوتہ نہیں کرسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی چیف ایگزیکٹو نے پاکستان کو یقین دلایا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر  کریں۔