Tag: Welcome

  • قومی ہیرو ارشد ندیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال

    قومی ہیرو ارشد ندیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال

    لاہور : پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کرنے والے قومی ہیرو جیولین تھرور ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے، ایئر پورٹ پر عوام کی بہت بڑی تعداد نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کاطیارہ پیرس سے براستہ استنبول رات ایک بج کر 25 منٹ پر پنجاب کے دارالحکومت لاہور پہنچا، علامہ اقبال ایئرپورٹ پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

    قومی ہیرو کے فقید المثال استقبال کے لیے تیاریاں کل سے کی جارہی تھیں، وفاقی وزراء ،دیگر اعلیٰ شخصیات اور پاکستانی عوام کی بڑی تعداد بھی ارشد ندیم کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ پر موجود تھی، ارشد ندیم کو ان کی لاہور ایئرپورٹ آمد پر آفیشلز کی جانب سے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔

    ارشد ندیم کے جہاز کو لاہور ایئر پورٹ پہنچنے پر خوبصورت انداز میں ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے روایتی واٹرکینن سلیوٹ پیش کرکے خوش آمدید کہا گیا۔ خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال، شزا فاطمہ، عظمیٰ بخاری اور دیگر شخصیات قومی ہیرو ارشد ندیم کے استقبال کیلئے موجود تھیں۔

    ارشد ندیم کی اپنے والد سے ملاقات پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، ان کے والد انہیں گلے سے لگا کر اپنے آنسوؤں کو روک نہ سکے۔

    سلامی

    گولڈ بوائے کے استقبال کیلئے پنجاب پولیس کا بینڈ بھی ایئرپورٹ پر موجود تھا۔ ارشد ندیم کے4بھائیوں، والد اور ایک دوست کو اسٹیٹ لاؤنج تک جانے کی خصوصی اجازت دی گئی تھی۔ لاہور ایئرپورٹ پر عوام کی بڑی تعداد ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتی رہی۔

    لاہور ایئر پورٹ سے باہر نکلتے ہی ان کے انتظار میں کھڑے ہزاروں افراد نے ارشد ندیم کا والہانہ استقبال کیا اور پرجوش انداز میں نعرے بازی کرتے ہوئے ارشد ندیم کو کندھوں پر اٹھالیا۔

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، اس موقع پر ارشد ندیم پر پھولوں کی برسات کی گئی۔

    بعد ازاں ارشد ندیم کا قافلہ لاہور ایئرپورٹ سے باہر آگیا، قومی ہیرو ایئرپورٹ کے باہر کھڑی ڈبل ڈیکر پر سوار ہوئے، انہوں نے ہاتھ ہلا کر لوگوں کے نعروں کا جواب دیا۔

    جگہ جگہ استقبال کرنے والے اپنے قومی ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بےتاب تھے، گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے قافلے کی صورت میں لاہور کا ایک چکر لگایا۔

    کارواں کے ساتھ شہریوں کا جم غفیر رواں دواں تھا، پاکستان اور ارشد ندیم زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔

    شہر لاہور میں کچھ دیر گشت کے بعد ارشد ندیم ڈبل ڈیکر بس سے اترکر کار میں سوار ہوگئے اور اپنے آبائی شہرمیاں چنوں روانہ ہوگئے، ارشد ندیم کو پنجاب پولیس کے سیکیورٹی پروٹوکول میں روانہ کیا گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز جیولن تھرو مقابلے میں اولمپک ریکارڈ بنانے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو طلائی تمغہ دے دیا گیا تھا، جب کہ بھارت کے نیرج چوپڑا کو چاندی اور گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز کو کانسی کا تمغہ دیا گیا تھا۔

    8اگست کو ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40 سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا تھا۔

  • وزیر اعظم کا اسلامو فوبیا کے خلاف کینیڈین ہم منصب کے اقدام کا خیر مقدم

    وزیر اعظم کا اسلامو فوبیا کے خلاف کینیڈین ہم منصب کے اقدام کا خیر مقدم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے، کینیڈین ہم منصب کی جانب سے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے خصوصی نمائندہ مقرر کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ جسٹن ٹروڈو کے اسلامو فوبیا کی مذمت پر مبنی بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جسٹن ٹروڈو کا اسلامو فوبیا کے خلاف خصوصی نمائندہ مقرر کرنا خوش آئند ہے، جسٹن ٹروڈو کا اقدام میرے مطالبے کی حمایت ہے جو میں مسلسل دہراتا ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنا ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کینیڈا کے وزیر اعظم کی جانب سے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے خصوصی نمائندہ مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    اپنے ٹویٹ میں ٹروڈو کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا ناقابل قبول ہے، ہمیں اس نفرت کو روکنا ہوگا اور کینیڈین مسلمانوں کو ایک محفوظ ماحول فراہم کرنا ہوگا۔

  • دنیا بھر میں رمضان المبارک کی خوبصورت روایات

    دنیا بھر میں رمضان المبارک کی خوبصورت روایات

    رمضان اور عید گو کہ مذہبی تہوار ہیں لیکن مختلف ممالک اور مختلف خطوں میں اسے مختلف رسوم و رواج اور روایات کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اسی طرح ماہ رمضان کا استقبال بھی مختلف ممالک میں مختلف روایتوں کے تحت کیا جاتا ہے۔

    آئیں دنیا بھر میں رمضان کی خوبصورت روایات پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

    توپ داغنا

    سحر و افطار کے وقت توپ داغنے کی روایت کئی ممالک میں ہے۔

    مصر میں روایت ہے کہ ایک جرمن ملاقاتی نے مملوک سلطان الظہیر سیف الدین کو ایک توپ تحفتاً پیش کی۔ سلطان کے سپاہیوں نے یہ توپ شام کے وقت چلائی، رمضان المبارک کا مہینہ تھا اور اتفاق سے افطاری کا وقت تھا۔ شہریوں نے یہ تصور کیا کہ یہ ان کو افطار کے وقت سے آگاہ کرنے کے لیے ہے جس پر انہوں نے روزہ کھول لیا۔

    جب سلطان کے حواریوں کو یہ ادراک ہوا کہ رمضان المبارک کے دوران سحری و افطار کے وقت توپ چلانے سے ان کی شہرت میں اضافہ ہوا ہے تو ان کو یہ روایت جاری رکھنے کا مشورہ دیا گیا۔

    آنے والے برسوں کے دوران اس نے خاصی مقبولیت حاصل کرلی اور دنیا کے مختلف مسلمان ممالک نے بھی اسے اختیار کرلیا۔

    ترکی میں مختلف شہروں کی بلند ترین پہاڑی سے مقررہ وقت پر رمضان توپ چلائی جاتی ہے جو روزہ کھلنے کا اعلان ہوتا ہے۔

    سعودی عرب میں بھی سحری کے وقت توپ چلائی جاتی ہے جبکہ روس میں بھی کچھ جگہوں پر رمضان توپ چلائی جاتی ہے۔

    ڈرم بجانا، بگل بجانا

    سحری کے وقت ڈرم بجا کر لوگوں کو جگانے کی روایت کئی ممالک میں موجود ہے۔

    ترکی میں ڈرمر عثمانی عہد کا لباس پہن کر ڈرم بجا کرلوگوں کو جگاتے ہیں۔ مراکش میں ایک شخص ’نیفار‘ بگل بجا کر رمضان کے آغاز اور اختتام کا اعلان کرتا ہے۔

    منادی کرنا

    اسلامی روایات کے مطابق مسلمانوں کے اولین مساہراتی (منادی کرنے والے) حضرت بلال حبشی تھے جو اسلام کے پہلے مؤذن بھی تھے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت بلال کی ذمہ داری لگائی تھی کہ وہ اہل ایمان کو سحری کے لیے بیدار کریں۔

    مکہ المکرمہ میں مساہراتی کو زمزمی کہتے ہیں۔ وہ فانوس اٹھا کر شہر کے مختلف علاقوں کے چکر لگاتا ہے تاکہ اگر کوئی شخص آواز سے بیدار نہیں ہوتا تو وہ روشنی سے جاگ جائے۔

    سوڈان میں مساہراتی گلیوں کے چکر لگاتا ہے اور اس کے ساتھ ایک بچہ ہوتا ہے جس کے ہاتھ میں ان تمام افراد کی فہرست ہوتی ہے جن کو سحری کے لیے آواز دے کر اٹھانا مقصود ہوتا ہے۔

    مصر میں سحری کے وقت دیہاتوں اور شہروں میں ایک شخص لالٹین تھامے ہر گھر کے سامنے کھڑا ہوکر اس کے رہائشی کا نام پکارتا ہے یا پھر گلی کے ایک کونے میں کھڑا ہوکر ڈرم کی تھاپ پر حمد پڑھتا ہے۔

    ان افراد کو اگرچہ کوئی باقاعدہ تنخواہ نہیں ملتی لیکن ماہ رمضان کے اختتام پر لوگ انہیں مختلف تحائف دیتے ہیں۔

    رمضان خمیے

    سعودی عرب میں رمضان خیموں کی تنصیب عمل میں آتی ہے جہاں پر مختلف قومیتوں کے لوگ روزہ افطار کرتے ہیں۔

    یہ روایت روس میں بھی قائم ہے۔ ملک کی مفتی کونسل کی جانب سے ماسکو میں اجتماعی افطار کے لیے رمضان خیمہ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

    دیگر دلچسپ روایات

    ان روایات کے علاوہ بھی رمضان میں مختلف ممالک میں کئی دیگر منفرد و دلچسپ روایات دیکھنے کو ملتی ہیں۔

    مصر

    مصر میں رمضان المبارک کے دوران بچے چمکتے ہوئے فانوس یا لالٹین اٹھا کر گلیوں کے چکر لگاتے ہیں۔ یہ روایت ایک ہزار برس قدیم ہے۔

    روایت کے مطابق 969 عیسوی میں اہل مصر نے قاہرہ میں خلیفہ معز الدین اللہ کا فانوس جلا کر استقبال کیا تھا جس کے بعد سے رمضان المبارک کے دوران فانوس جلانے کی روایت کا آغاز ہوا اور ماہ رمضان کے دوران مصر میں فانوس یا لالٹین روشن کرنا روایت کا حصہ بن گیا۔

    سعودی عرب

    سعودی عرب میں ایسی بہت سی روایات ہیں جو نسل در نسل منتقل ہوئی ہیں یا ان پر دوسری ثقافتوں کا گہرا اثر ہے۔ لوگ گھروں پر فانوس یا بلب لگاتے ہیں، دکانوں پر بھی خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں تاکہ رمضان المبارک کا جوش و ولولہ نظر آئے۔

    ترکی

    ترکی میں افطار کے وقت مساجد کی بتیاں روشن کر دی جاتی ہیں جو صبح سحری تک روشن رہتی ہیں۔

    جدید اثرات اور یورپ اور ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث ترکی میں دوسرے ممالک کی طرح رمضان کے دوران ریستورانوں یا ہوٹلوں کی بندش کا کوئی قانون نہیں ہے اور نہ ہی رمضان کے دوران عوامی مقامات پر کھانے پینے کی ممانعت ہے۔

    ایران

    ایران میں افطاری کچھ مخصوص اشیا سے کی جاتی ہے جن میں چائے، ایک خاص طرح کی روٹی جسے ’نون‘ کہا جاتا ہے، پنیر، مختلف قسم کی مٹھائیاں، کھجور اور حلوہ شامل ہے۔

    ملائشیا

    ملائشیا میں زیادہ تر روزہ دار نماز تراویح کے بعد رات کے کھانے ’مورے‘ سے لطف اندوز ہوتے ہیں جن میں روایتی پکوان اور گرم چائے شامل ہوتی ہے۔

    متحدہ عرب امارات

    متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے دوران کام کے اوقات کار کم کر دیے جاتے ہیں۔ یہاں رات بھر رمضان مارکیٹ کھلی رہتی ہے۔

  • پی آئی اے کی سیالکوٹ سے پہلی براہ راست پرواز لندن پہنچ گئی، شاندار استقبال

    پی آئی اے کی سیالکوٹ سے پہلی براہ راست پرواز لندن پہنچ گئی، شاندار استقبال

    سیالکوٹ : پی آئی اے کی سیالکوٹ سے لندن کیلئے پہلی پرواز پی کے777لندن پہنچ گئی، لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر پاکستانی ڈپٹی ہائی کمشنر محمد ایوب اور کنٹری منیجر نے مسافروں کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ اور لندن کے درمیان قومی ائرلائنز پی آئی اے کی براہ راست ہفتہ وار پہلی پرواز لندن پہنچ گئی، پہلی پرواز کے مسافروں کا شاندار استقبال کیا گیا۔

    لندن پہنچنے والے مسافروں کو گلدستے پیش کیے گئے۔ اس موقع پر پی آئی اے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہیتھرو ائیرپورٹ انتظامیہ کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ہائی کمشنر محمد ایوب نے کہا کہ سیالکوٹ سے لندن کیلئے پی آئی اے کی پروازوں کیلئے پاکستانی مسافروں کو سفری سہولت میسر آئی ہے۔

    وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پی آئی اے ترقی کی جانب گامزن ہے اور بہت جلد یہ اپنا مقام دوبارہ سے حاصل کرے گی۔

    ڈپٹی ہائی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ سیالکوٹ سے لندن کیلئے پروازیں شروع ہونے سے آزاد کشمیر اور اس کے اطراف کے علاقوں کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا، پاکستانی ہم وطنوں کو ایک بہتری سفری سہولت میسر آئے گی۔

    قبل ازیں سیالکوٹ اور لندن کے درمیان قومی ائرلائنز پی آئی اے کی براہ راست ہفتہ وار پہلی پرواز پی کے777 کے مسافروں کو سیالکوٹ ایئر پورٹ سے وزیر اعظم کے مشیر عثمان ڈار، پی آئی اے کے ہیڈ آف سیکورٹی اینڈ ویجلینس ایئر کموڈور شاہد قادر، چیئرمین سیال ندیم انور قریشی ،چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ر) محمد عابد نذیر، اسٹیشن مینیجر پی آئی اے طارق گلزار اور دیگر حکام نے مسافروں کو الوداع کیا تھا۔ گزشتہ ایک سال کے دوران یہپی آئی اے کا یہ دسواں نیا روٹ ہے۔

    اس حوالے سے وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ سیالکوٹ سے لندن کیلئے ہفتہ وار پروازیں آپریٹ کی جارہی ہیں جس سے سیالکوٹ اور ملحقہ علاقوں میں رہنے والے اوور سیز پاکستانیوں کو بہت آسانی میسر آئے گی۔

    غلام سرور خان کا مزید کہنا ہے کہ سیالکوٹ تا لندن پروازوں سے پی آئی اے کے ریونیو میں مزید اضافہ ہوگا اور پروازویں شروع ہونے سے بالخصوص کارگو بزنس کو فروغ ملے گا۔

    پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ ہمیں دلی مسرت ہے کہ ہماری یہ کوشش کامیاب رہی۔ اس سلسلے میں

    تعاون پر ہم وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان کے بے حد مشکور ہیں۔ دریں اثناء پرواز صبح لندن سے سیالکوٹ کی پہلی پرواز پی کے778 بھی پہنچ گئی جس کی آمد پر واٹر سلیوٹ پیش کیا گیا۔

  • پوپ فرانسس کل دبئی پہنچیں گے، شاندار استقبال کے لیے تیاریاں مکمل

    پوپ فرانسس کل دبئی پہنچیں گے، شاندار استقبال کے لیے تیاریاں مکمل

    دبئی: کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کل خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات پہنچیں گے، استقبال کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکام نے پوپ فرانسس کی آمد کے پیش نظر تیاریاں مکمل کرلیں، ریڈ کارپیٹ پر ان کا پرتپاک استقبال ہوگا، پوپ ابوظہبی میں ایک کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پوپ فرانسس کے لیے متحدہ عرب امارات کا یہ پہلا دورہ ہوگا، وہ مذاہب کے مابین مکالمت کی ایک تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    دورے کے دوران پوپ فرانسس مصروف دن گزاریں گے اور اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، وہ ابوظہبی میں ایک دعائیہ تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل اماراتی عوام کے لیے پوپ فرانسس نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ہم اگر چہ مختلف ہیں لیکن ہم بھائی بھائی ہیں، مجھے خوشی ہے کہ میں آپ کی سرزمین پر مذاکرات کے دوران تعلقات کا ایک نیا باب رقم کرنا چاہتا ہوں۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی سرزمین مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کے ملاپ کا ایک نمونہ ہے جہاں غیر ملکیوں کو کام کے لیے ایک محفوظ جگہ مل جاتی ہے اور وہ آزادانہ رہ سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی 80 فیصد آبادی مسلم ہے جبکہ عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والے 9 فیصد ہیں، مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مسیحی تارکین وطن یو اے ای میں بطور ورکر کام کررہے ہیں۔

  • سرکاری دورے کا تیسرا مرحلہ: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی چین پہنچ گئے

    سرکاری دورے کا تیسرا مرحلہ: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی چین پہنچ گئے

    بیجنگ: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سرکاری دورے کے تیسرے مرحلے میں چین پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی چینی دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر چینی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے بھرپور استقبال کیا۔

    شاہ محمودقریشی چار ملکی دورے کے تیسرے مرحلے میں بیجنگ پہنچے ہیں، وزیرخارجہ چینی ہم منصب سے خصوصی ملاقات کریں گے۔

    دو طرفہ تعلقات، خطے میں روابط کے فروغ اور اہم معاملات پر تبادلہ خیال ہوگا، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو ہوگی۔

    قبل ازیں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے سمیت دیگر اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

    سرکاری دورے کا تیسرا مرحلہ: شاہ محمود قریشی تہران سے بیجنگ روانہ

    شاہ محمود قریشی نے افغان پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ افغان صدر اشرف غنی نے افغان امن عمل کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

  • امریکا کا پاکستان کی جانب سےکرتارپور سرحد کھولنے کا خیرمقدم

    امریکا کا پاکستان کی جانب سےکرتارپور سرحد کھولنے کا خیرمقدم

    واشنگٹن : امریکہ نے پاکستان کی جانب سے کرتارپور سرحد کھولنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا پاکستان بھارت کے بہتر تعلقات خطے کے لئے ضروری ہیں۔

    امریکا میں متعین اے آروائی نیوز کے نمائندے جہانزیب علی کے مطابق پاکستان کی جانب سے کرتار پور سرحد کھولنے پر امریکی محکمہ خارجہ نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاک بھارت عوام کے رابطے بڑھانے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

    امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت مذاکرات اعتمادسازی کے فروغ کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، پاکستان بھارت کےبہترتعلقات خطے کے لئے ضروری ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے شکرگڑھ میں کرتارپورراہداری کا سنگ بنیاد رکھا تھا دیا اور دنیا کو پیغام دیاکہ پاکستان نفرت کا جواب بھی محبت سے دیتا ہے۔

    تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی،بھارتی وزیروں کا وفد، کئی ملکوں کے سفارتکار، عالمی مبصرین اور سکھ برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی، خصوصی مہمان نوجوت سنگھ سدھو نے بھی تقریب میں موجود تھے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان نے کرتارپورکوریڈور کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    وزیراعظم نے اپنے خطاب میں بھارت کو پھر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہندوستان ایک قدم بڑھائےہم دوبڑھائیں گے، بارڈرکھل جائیں توتیزی سےغربت کم ہوگی، ماضی صرف سیکھنے کے لیے ہے، ہم آگےبڑھنا چاہتےہیں، نیا چاند پرپہنچ گئی کیاہم کشمیرکامسئلہ حل نہیں کرسکتے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کرتارپوربارڈرکھلناخطے میں امن کی جانب بڑا قدم ہے، کوریڈور اورگیٹس پُرامن لوگوں کی قانونی گزرگاہیں ہیں۔

    کرتار پور راہداری ایک سال میں مکمل ہوگی، ساڑھے چار کلو میٹر طویل سڑک دریائے راوی پر آٹھ سومیٹرطویل پل اورپارکنگ ایریابھی بنایا جائے گا، اگلے سال نومبر میں بابا گرو نانک کے پانچ سو پچاسویں جنم دن سے پہلے کام مکمل کرلیا جائے گا، جس کے بعدسکھ یاتری بغیر ویزادربار پر حاضری دینے آسکیں گے۔

  • ڈاکٹر طاہرالقادری کینیڈا سے وطن واپس پہنچ گئے

    ڈاکٹر طاہرالقادری کینیڈا سے وطن واپس پہنچ گئے

    لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری کینیڈا سے وطن پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کینیڈا سے براستہ استنبول لاہور پہنچے ہیں، لاہور ایئرپورٹ پر کارکنان کی جانب سے ان کا پرتپال استقبال کیا گیا۔

    ڈاکٹر طاہرالقادری غیرملکی ایئرلائن کی پروازٹی کے 714 سے لاہور پہنچے، ان کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر کارکنان کی بڑی تعداد موجود رہی، ڈاکٹر طاہرالقادری پی اے ٹی کی کورکمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔


    کرپٹ شہبازشریف کا چورسوئچ احدچیمہ کے پاس ہے: طاہرالقادری


    کورکمیٹی اجلاس میں آئندہ انتخابات کا لائحہ عمل طے ہوگا علاوہ ازیں سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق تحقیقات اور مستقبل کے اہم فیصلے بھی زیر غور آئیں گے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ شریف برادران کا سیاسی جنازہ اٹھنے کے قریب ہے مارچ میں تدفین ہوجائے گی۔


    شریف برادران کا سیاسی جنازہ اٹھنے والا ہے، ڈاکٹرطاہرالقادری


    سربراہ پاکستان عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنے میں کسی کے محتاج نہیں جب کرنا ہوا باآسانی کریں گے اور محض 48 گھنٹے کے نوٹس پرخود مال روڈ بھرسکتے ہیں، ہمارےپاس عوام کا سمندر ہے، کسی کے محتاج نہیں ہیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ شریف خاندان کی سیاست اب ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم ہوچکی ہے، انہوں نے ملک کا پیسہ لوٹ کر اپنی جائیدادیں بنائی ہیں، ان کو قوم کی کوئی فکر نہیں صرف ذاتی مفاد سوچتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریںْ۔

  • قراردادکی منظوری سے ڈونلڈٹرمپ کے فیصلے کو بڑا دھچکا لگا،خورشیدشاہ

    قراردادکی منظوری سے ڈونلڈٹرمپ کے فیصلے کو بڑا دھچکا لگا،خورشیدشاہ

    اسلام آباد : قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ قراردادکی منظوری دنیامیں امن کیلئےنیک شگون ہے، فلسطین کےحق میں ووٹ سےثابت ہوااقوام عالم کاضمیر زندہ ہے، قراردادکی منظوری سےڈونلڈٹرمپ کےفیصلے کو بڑا دھچکا لگا۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشیدشاہ نے اقوام متحدہ میں فلسطین کے حق میں قرارداد منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے انتشار کے خلاف ووٹ دے کرامن کا راستہ چنا، قراردادکی منظوری دنیامیں امن کیلئےنیک شگون ہے۔

    خورشیدشاہ کا کہنا تھا کہ فلسطین کےحق میں ووٹ سےثابت ہوا اقوام عالم کاضمیر زندہ ہے، اقوام عالم کا ضمیر نہ خریدا جاسکتا ہے نہ طاقت سے ڈرایا جاسکتا ہے۔


    مزید پڑھیں :  یروشلم سے متعلق امریکی فیصلے کو اقوام متحدہ نے مسترد کردیا


    قائد حزب اختلاف نے کہا کہ قرارداد کی منظوری سے ڈونلڈٹرمپ کے فیصلے کو بڑا دھچکا لگا۔

    یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اہم اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے تل ابیب سے امریکی سفارت خانہ یروشلم منتقل کرنے کے فیصلے کے خلاف قرار داد کو کثرت رائے منظور کرلیا گیا تھا۔

    امریکی متنازع فیصلے کے خلاف قرارداد کے حق میں 128 اور مخالفت میں 9 ووٹ ڈالے گئے جب کہ 35 ممالک نے جنرل اسمبلی اجلاس میں رائے دہی سے اجتناب کیا۔


    مزید پڑھیں : امریکا نے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرلیا


    واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متنازعہ علاقے یروشلم کو اسرائیل کا دارالخلافہ تسلیم کرتے ہوئے امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا جب کہ امریکا یروشلم کے خلاف آنے والی قرارداد کو اقوام متحدہ میں پہلے ہی ویٹو کرچکا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سری لنکن ٹیم کی آمد، لاہورمیں بینرزسج گئے، کھلاڑیوں کی تصاویر آویزاں

    سری لنکن ٹیم کی آمد، لاہورمیں بینرزسج گئے، کھلاڑیوں کی تصاویر آویزاں

    لاہور : سری لنکن ٹیم کو لاہور میں خوش آمدید کہنے کے لئے جا بجا بینرز سجا دئیے گئے، سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی سری لنکن ٹیم کو خوش آمدید کہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹی ٹونٹی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کھیلنے کے لیے سری لنکن ٹیم پاکستان پہنچنے والی ہے، سری لنکن ٹیم کی آمد کو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اہم سمجھا جارہا ہے۔

    سری لنکن کرکٹ ٹیم کو خوش آمدید کہنے کے لئے شہر میں جابجا کھلاڑیوں کی تصاویر لگا دی گئی جبکہ شہر میں خیر مقدمی بینرز کی بھی بہار دکھائی دے رہی ہے، ٹریفک روٹس اور پارکنک سے متعلق شہریوں کی آگاہی کے لئے بھی مخلتف مقامات پر پینا فلیکس لگائی گئی ہیں۔

    اس حوالے سے سابق کپتان محمد حفیظ بھی لاہور میں تیسرے ٹی ٹوئنٹی کیلئے پرجوش ہیں، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ’’ سری لنکن ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید،  شائقین زیادہ سے زیادہ میچ دیکھنے کیلئے گراؤنڈ آئیں، پاکستان سری لنکا کی میزبانی کیلئے تیار ہے، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی عوام کرکٹ سے پیار کرتی ہے‘‘۔

    علاوہ ازیں چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ قوم کی دعاؤں کی بدولت ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آئی ہے، خوف کے سائے چھٹنے لگے ہیں، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے آہستہ آہستہ کھلنا شروع ہوگئے۔

    سری لنکن ٹیم بھی کچھ گھنٹوں بعد پاک سرزمین پر قدم رکھے گی، چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ سال دوہزار پندرہ میں شائقین کرکٹ کو پہلی خوشی ملی۔ زمبابوے کی ٹیم نے پاکستان کا کامیاب دورہ کیا۔

    دوہزار سترہ میں پاکستان سپر لیگ کا سپر فائنل لاہور میں ہوا جس میں غیرملکی اسٹارز جگمگائے، ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی نےشائقین کے دل جیت لئے۔

    ستمبر میں ورلڈ الیون نے پاکستان میں انٹری دی تو شائقین نے بھی خوب ویلکم کیا، اب سری لنکن اسٹارز لاہور میں خوشیاں بکھیرنے آرہے ہیں، سب کچھ تیار ہے شائقین بھی بے قرار ہیں۔