Tag: West Bengal

  • بیٹی کو چھیڑنے سے منع کرنے پر باپ اوباش نوجوانوں کے ہاتھوں قتل

    بیٹی کو چھیڑنے سے منع کرنے پر باپ اوباش نوجوانوں کے ہاتھوں قتل

    کولکتہ : مغربی بنگال میں بیٹی کو چھیڑنے سے منع کرنے پر سفاک ملزمان نے باپ کو بہیمانہ تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے دو ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق مغربی بنگال کے ہاوڑہ ضلع میں ایک 35 سالہ شخص کو دو مقامی نوجوانوں نے اس وقت تشدد کرکے مار ڈالا جب اس نے انہیں اپنی نابالغ بیٹی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ سے روکنے کی کوشش کی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے دونوں ملزمان میں سے ایک کو گرفتارکر لیا ہے جبکہ دوسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا دونوں ملزمان سگے بھائی بتائے جارہے ہیں۔

    پولیس کے مطابق گزشتہ شام میٹرک کی طالبہ ٹیوشن کلاس سے گھر واپس آ رہی تھی کہ راستے میں کھڑے دو ملزمان نے اسے روکا اور اس کے ساتھ ذیادتی کرنے کی کوشش کی۔

    اطلاع ملتے ہی بچی کا باپ موقع پر پہنچ گیا اور ملزمان کو برا بھلا کہتے ہوئے اس کی سرزنش کی اس دوران تلخ کلامی کے بعد مزاحمت کرنے پر دونوں ملزمان نے اس پر بےپناہ تشدد کیا اور زمین پر گرا کر مسلسل مارتے رہے۔

    زخمی کے سر سے زیادہ خون بہہ رہا تھا جس کے بعد ملزمان اسے وہیں چھوڑ کر موقع واردات سے فرار ہو گئے۔ زخمی کو طبی امداد کیلیے اسپتال لے جایا گیا جہاں دوران علاج اس نے دم توڑ دیا۔

    مقامی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں قتل کے الزامات کے ساتھ بچوں کے تحفظ سے متعلق جنسی جرائم ایکٹ کی مختلف دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

  • بھارت: بارش سے لطف اندوز ہونے والے خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی

    بھارت: بارش سے لطف اندوز ہونے والے خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی

    نئی دہلی: بھارتی صوبے مغربی بنگال میں غیر متوقع بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت واقع ہوگئی ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق کولکتہ سمیت مغربی بنگال کے مختلف علاقوں اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آئندہ چند دنوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

    بارشوں کے دوران جنگی پور میں آسمانی بجلی گری، جس کے نتیجے میں ایک شخص کی موت واقع ہوئی جبکہ تیس سے زائد افراد زخمی ہوئے، مقامی پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب گھر کے باہر کچھ افراد میدان میں بیٹھے بارش سے لطف اندوز ہورہے تھے کہ اسی دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی۔

    پولیس کے مطابق مرنے والے شخص کی شناخت منٹو شیخ نام کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ان کے خاندان کے تقریباً 30 افراد زخمی ہوگئے ہیں. زخمیوں کو جنگی پور محکمہ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

    جنگی پور میونسپلٹی کے ایڈمنسٹریٹو بورڈ کے سربراہ ظہرالاسلام کا کہنا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے کی زد میں آکر ہلاک ہونے والے منٹو شیخ کے اہل خانہ کو مالی مدد کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ شدید طور پر زخمی ہونے والوں کو وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کا منصوبہ گھر گھر راشن کے تحت کھانے پینے کا سامان دیا جائے گا۔

  • مغربی بنگال میں انتخابات پر تشدد شکل اختیار کرگئے، 5 ہلاکتیں رپورٹ

    مغربی بنگال میں انتخابات پر تشدد شکل اختیار کرگئے، 5 ہلاکتیں رپورٹ

    نئی دہلی: بھارتی ریاست مغربی بنگال میں انتخابات کے چوتھے مرحلے کے دوران پرتشدد واقعات میں پانچ افراد ہلاک جبکہ چار زخمی ہوگئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی بنگال میں چوتھے مرحلے کے لئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے، ووٹنگ کے موقع پر کئی مقامات پر پرتشدد واقعات رونما ہوئے، جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ چار زخمی ہوگئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق شمالی بنگال کے ضلع کوچ وہار میں یہ واقعات رونما ہوئے، جس میں چار افراد کی ہلاکت ہوئی۔

    دوسری جانب مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنر جی نے الزام عائد کیا ہے کہ پولنگ کے دوران سکیورٹی فورسز کی فائرنگ کے باعث چار افراد ہلاک ہوئے، وزیر داخلہ امیت شاہ کی ایما پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔

    مارے گئے افراد میں حمید الحق، منیر الحق، سمیع الحق اور امجد حسین شامل ہے، یہ تمام لوگ ترنمول کانگریس کے کارکن تھے۔واضح رہے کہ مغربی بنگال کے پانچ اضلاع کی 44 نسشتوں پر چوتھے مرحلے کے لئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے، بڑی تعداد میں عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں، پولنگ مراکز کے باہر لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

    اب تک بنگال میں تین مراحل میں اکانوے نشستوں کے لئے ووٹنگ ہوچکی ہے۔ مغربی بنگال میں کل 294 اسمبلی نشستیں ہیں جن پر 8 مراحل میں ووٹنگ مکمل ہوگی اور دو مئی کو ووٹوں کی حتمی گنتی ہوگی۔

  • بھارت میں جنونیت بے قابو، موبائل چوری کے شبے میں بے گناہ نوجوان قتل

    بھارت میں جنونیت بے قابو، موبائل چوری کے شبے میں بے گناہ نوجوان قتل

    مالدہ : بھارتی ریاست مغربی بنگال میں ایک 22 سالہ نوجوان کو موبائل چوری کرنے کے شبے میں مار مار کر موت کی نیند سلادیا گیا، پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    اس حوالے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گزشتہ شب انگلش بازار تھانے کے علاقے کمالبری گاؤں میں پیش آیا، ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ مقتول اسماعیل شیخ پر حضرت علی نامی شخص کا موبائل فون چوری کرنے کا الزام تھا اور بدھ کی رات پہلی بار اسے مارا پیٹا گیا۔

    انسپکٹر انچارج مدن موہن رائے کا کہنا تھا کہ جمعرات کی رات نوجوان پر چاقو سے وار کیا تھا جس سے وہ معمولی زخمی ہوگیا، جمعہ کی رات گاؤں کے لوگوں نے رسی سے باندھ کر پیٹا، پولیس کی ایک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر اسے تشویشناک حالت میں مالدہ میڈیکل اسپتال میں داخل کرایا جہاں دوران علاج وہ چل بسا۔

    پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ نعش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق نوجوان کے قتل میں ملوث دوملزمان کو گرفتار کرکے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    انسپکٹر رائے نے مزید کہنا تھا کہ پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے لگائے گئے لاک ڈاؤن کے دوران گاؤں والے کس طرح جمع ہوئے اس کیخلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

  • پلر کھسکنے سے زیر تعمیر پل گر گیا

    پلر کھسکنے سے زیر تعمیر پل گر گیا

    نئی دہلی: بھارتی ریاست مغربی بنگال میں زیر تعمیر پل گرنے سے 2 مزدور ہلاک جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔

    اندوہناک واقعہ گزشتہ شام بشنب نگر کے ضلع مالڈا میں پیش آیا، حادثہ اس وقت پیش آیا جب زیر تعمیر پل کا ایک شہتیر اپنی جگہ سے کھسک گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ گرنے والے پل کے ملبے کے نیچے مزید مزدور دبے ہوئے ہیں۔

    حادثے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر مالڈا میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں 2 مزدوروں کی موت کی تصدیق ہوگئی، زخمی ہونے والے بقیہ ساتوں افراد کی حالت نازک ہے۔

    ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ نے حادثے کی وجوہات کے بارے میں چھان بین شروع کردی ہے۔

  • بھارت کے شہردارجلنگ میں آزادی کے نعرے، فوج اورعوام میں جھڑپ

    بھارت کے شہردارجلنگ میں آزادی کے نعرے، فوج اورعوام میں جھڑپ

    نئی دہلی : مقبوضہ کشمیر کے بعد بھارتی ظلم وجبرسے پریشان بھا رتی شہردارجلنگ کے عوام نے بھی آزادی کا نعرہ بلند کر دیا۔ مظاہرین کی پولیس کے ساتھ جھرپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، مظاہرین نے کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے بعد بھارت کے دیگر شہروں میں بھی آزادی کے نعرے گونج رہے ہیں۔ بھارت کی ظالمانہ پالیسیوں تلے دبے دارجلنگ کے عوام الگ وطن کے حصول کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے۔

    بھارت سے آزادی کے لئے دارجلنگ میں مکمل ہڑتال کی گئی، مغربی بنگال کے شہردارجلنگ میں بھارت سے علیحدہ وطن گورکھا لینڈ کے قیام کی تحریک میں شدت آگئی۔

    آزادی کی تحریک چلانے والی گورکھاجن مکتی مورچہ کی اپیل پر دارجلنگ اورنواحی علاقوں میں ہڑتال ہے۔ خواتین بھی بھارتی مظالم کیخلاف احتجاج میں پیش پیش ہیں۔

    مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے شدید شیلنگ کی۔ حالات قابو سے باہر ہوئے تو فوج بھی پہنچ گئی۔ مشتعل مظاہرین نے پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔

    جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ مظاہرین پر بھارتی پولیس نے لاٹھی چارج بھی کیا، ہڑتال کے باعث دارجلنگ آنے والے متعدد سیاح پھنس کررہ گئے۔