Tag: WhatsApp Web

  • واٹس ایپ ویب فون نمبر کے بغیر کس طرح استعمال کرسکتے ہیں؟

    واٹس ایپ ویب فون نمبر کے بغیر کس طرح استعمال کرسکتے ہیں؟

    واٹس ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لئے ایک اچھی خبر سامنے آگئی، ایک بڑی سہولت بہت جلد صارفین کو حاصل ہو جائے گی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے کی جانے والی اس تبدیلی کے بعد آپ واٹس ایپ کو فون نمبر شیئر کیے بغیر بھی استعمال کر سکیں گے۔

    واٹس ایپ استعمال کرنے والے بہت سے صارفین جو اجنبیوں کے ساتھ فون نمبر کو شیئر کرنے میں ہچکچاتے ہیں کیونکہ اس نمبر کو اشتہارات سمیت مختلف مقاصد کے لیے ان کی اجازت کے بغیر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    واٹس ایپ اپنے صارفین کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ایسا فیچر متعارف کرانے جارہا ہے جو فون نمبر کے بغیر لوگوں سے رابطہ کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

    wabetainfo کی رپورٹ کے مطابق اس فیچر میں فون نمبر کی بجائے یوزر نیم کو استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

    جب کوئی صارف اپنا یوزر نیم تیار کرلے گا تو اس کا فون نمبر دیگر افراد کی نظروں سے اوجھل ہو جائے گا جس سے صارفین کی سکیورٹی زیادہ بہتر ہوجائے گی۔

    انسٹا گرام صارفین کیلئے بڑی خبر، دلچسپ فیچر متعارف

    واٹس ایپ ویب کے بیٹا (beta) ورژن میں ابھی اس فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے،جب اسے مکمل طور پر متعارف کرایا جائے گا تو یہ فیچر واٹس چیٹ کو تبدیل کرکے رکھ دے گا۔

  • واٹس ایپ کا ڈیسک ٹاپ ورژن کے لیے نیا فیچر

    واٹس ایپ کا ڈیسک ٹاپ ورژن کے لیے نیا فیچر

    میسجنگ کی مقبول سروس واٹس ایپ روزانہ نت نئے فیچرز متعارف کرواتی رہتی ہے، حال ہی میں واٹس ایپ نے ڈیسک ٹاپ ورژن کے لیے نیا فیچر متعارف کروایا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے ڈیسک ٹاپ بزنس صارفین کے لیے ایک اور بہترین فیچر متعارف کروا دیا ہے۔

    میٹا کی زیر ملکیت میسیجنگ ایپ نے 2 ماہ قبل واٹس ایپ بزنس اکاؤنٹ رکھنے والے ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے اس منفرد فیچر کو متعارف کروانے کا اعلان کیا تھا۔

    تاہم، اب واٹس ایپ نے بزنس پروفائلز میں کور فوٹو شامل کرنے کا فیچر پیش کردیا ہے، واٹس ایپ نے آئی او ایس بزنس اکاؤنٹس کے لیے اس فیچر کو انسٹال کرنے کی سہولت پہلے ہی فراہم کردی تھی۔

    واٹس ایپ میں ہونے والی تبدیلیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ وے بیٹا انفو کے مطابق اس فیچر کی مدد سے بزنس اکاؤنٹ رکھنے والے افراد اپنی بزنس پروفائل میں ہیڈر امیج شامل کر سکتے ہیں جو کہ آپ کی پروفائل کا وزٹ کرنے والے کلائنٹ اور دیگر افراد پر ایک اچھا تاثر چھوڑے گا۔

    رپورٹ کے مطابق اس فیچر کو فی الحال واٹس ایپ کے ڈیسک ٹاپ بزنس بیٹا صارفین کے لیے جاری کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ اسے جلد ہی بزنس اکاؤنٹ رکھنے والے دیگر صارفین کے لیے جاری کردیا جائے گا۔

  • واٹس ایپ کا نیا فیچر

    واٹس ایپ کا نیا فیچر

    امریکی میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے ونڈوز پلیٹ فارم کے لیے ایک اور حیرت انگیز فیچر متعارف کروا دیا ہے۔

    واٹس ایپ نے آفیشل بیٹا چینل پر موجود مائیکرو سافٹ اسٹور کے ذریعے یونیورسل ونڈوز پلیٹ فارم (یو ڈبلیو پی) ایپ کے لیے نئی اپ ڈیٹ جاری کردی ہے۔

    واٹس ایپ کے اس اپ ڈیٹڈ ورژن میں یو ڈبلیو پی ایپ کے ذریعے ایموجیز کے لیے شارٹ کٹ متعارف کرایا گیا ہے۔

    واٹس ایپ کی خبریں دینے والی ویب سائٹ وے بیٹا انفو کے مطابق یونیورسل ونڈوز پلیٹ فارم کے لیے واٹس ایپ نے ڈارک تھیم کا فیچر متعارف کروایا تھا جسے صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا گیا تھا۔

    رپورٹ میں دیے گئے اسکرین شاٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایموجی شارٹ کٹ کے نام سے پیش کیے گئے اس فیچر میں استعمال کنندہ جیسے ہی کولن کے ساتھ کوئی مخصوص کی ورڈ ٹائپ کرے گا تو واٹس ایپ اس کی ورڈ سے متعلقہ ایموجیز ظاہر کرے گا۔

    یہ فیچر واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ کے لیے کافی پہلے سے ہی دستیاب ہے، تاہم یو ڈبلیو پی صارفین اس سے تاحال محروم تھے۔

  • واٹس ایپ کے ویب ورژن میں نئے فیچرز متعارف

    واٹس ایپ کے ویب ورژن میں نئے فیچرز متعارف

    میسجنگ ایپ واٹس ایپ کے ویب ورژن میں متعدد نئے فیچرز متعارف کروائے گئے ہیں جن کا مقصد ویب ورژن کو صارفین کے لیے بہتر بنانا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اب صارفین واٹس ایپ کے ویب ورژن میں بھی تصاویر کو ایڈٹ اور پریویو لنکس کی سہولت استعمال کر سکیں گے۔

    اس کے علاوہ ایک نیا اسٹیکر سجیشن فیچر بھی ویب ورژن کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    اس فیچر میں جب صارف ایک میسج ٹائپ کریں گے تو ان کے سامنے اسٹیکر سجیشن آئیں گے اور وہ اپنی بات چیت کے دوران درست اسٹیکر کو دریافت کر سکیں گے۔

    اس سے قبل اسٹیکر استعمال کرنے والے صارفین کو مختلف ٹیبز میں جا کر اپنی پسند کا اسٹیکر ڈھونڈنا پڑتا ہے اور اکثر یہ آسان بھی نہیں ہوتا۔ مگر اس نئی اپ ڈیٹ سے یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔

    کمپنی کے مطابق اس فیچر کو پرائیویسی کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ واٹس ایپ آپ کی سرچز کو نہ دیکھ سکے۔

    واٹس ایپ ویب ورژن میں میڈیا ایڈیٹر فیچر کا اضافہ بھی کیا گیا ہے، اب تک صرف ایپ کے موبائل ورژن میں ہی کسی تصویر کو ایڈٹ کیا جاسکتا تھا مگر اب کمپنی نے ویب ورژن کے لیے بھی یہ سہولت پیش کردی ہے۔

    یعنی صارف کمپیوٹر سے بھی تصاویر ایڈٹ کر کے میسجز بھیج سکیں گے۔

    کمپنی کے مطابق لنکس پریویو کو بھی بہتر کیا جارہا ہے اور اب ویب ورژن میں کسی لنک کا مکمل پریویو نظر آئے گا، جس سے انہیں لنک کے ٹھیک ہونے کا زیادہ بہتر طور پر علم ہوسکے گا۔

  • واٹس ایپ صارفین کے لیے زبردست فیچر

    واٹس ایپ صارفین کے لیے زبردست فیچر

    واٹس ایپ کا ڈیسک ٹاپ ورژن استعمال کرنے کے لیے اسمارٹ فون سے کیو آر کوڈ اسکین کرنے کی ضرورت ہوتی ہے تاہم اب واٹس ایپ نے جلد ہی اس خاتمے کا اعلان کردیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق بہت جلد لیپ ٹاپ یا ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے اسمارٹ فون سے کیو آر کوڈ کو اسکین کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

    واٹس ایپ کے بیٹا انٹر فیس کے نئے بیٹا ٹیسٹ میں ایکٹو موبائل ڈیوائس کی ضرورت کو ختم کردیا گیا ہے۔ واٹس ایپ ویب کے نئے بیٹا ورژن میں لاگ ان ہونے پر صارفین کا خیر مقدم ایک پیغام کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

    اس پیغام میں انہیں آگاہ کیا جاتا ہے کہ اب انہیں واٹس ایپ کی ڈیسک ٹاپ ایپ، ویب ایپ یا پورٹل کو استعمال کرنے کے لیے فون سے منسلک کرنے کی ضرورت نہیں۔

    تاہم صارفین کو یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ وہ یہ فیچر ایک وقت میں صرف 4 ڈیوائسز میں ہی استعمال کرسکتے ہیں۔

    یہ وہ فیچر ہے جس کا مطالبہ واٹس ایپ صارفین کی جانب سے عرصے سے کیا جارہا ہے جو دیگر مقبول میسجنگ ایپس جیسے ٹیلی گرام، اسکائپ، سگنل اور فیس بک میسنجر میں دستیاب ہے۔

    ابھی یہ تو واضح نہیں کہ واٹس ایپ کے ویب ورژن کے لیے یہ نیا فیچر تمام صارفین کو کب تک دستیاب ہوگا مگر امکان ہے کہ جلد اسے متعارف کروایا جاسکتا ہے۔

    اسی طرح بیٹری ختم ہونے یا فون خراب ہونے پر بھی صارفین کمپیوٹر یا ڈیسک ٹاپ کے ذریعے اپنے دوستوں سے واٹس ایپ میں رابطے میں رہ سکیں گے۔