Tag: Whatsapp

  • واٹس ایپ کال پر انٹرنیٹ ڈیٹا بچانے کا طریقہ

    واٹس ایپ کال پر انٹرنیٹ ڈیٹا بچانے کا طریقہ

    جب سے کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ’ورک فرام ہوم‘ کا سلسلہ شروع ہوا، دنیا بھر میں مقبول ترین میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کے صارفین کے لیے یہ سوال بڑی اہمیت اختیار کر گیا ہے کہ واٹس ایپ کال پر اپنا انٹرنیٹ ڈیٹا کیسے بچائیں؟

    لاک ڈاؤن کے دوران گھر سے کام کرنے کے نتیجے میں لوگوں کو سب سے زیادہ مسئلہ انٹرنیٹ کی وجہ سے پیش آیا، ایک طرف لوگوں کو انٹرنیٹ کی سست رفتار سے شکایت تھی، تو دوسری طرف ڈیٹا بنڈل کے جلد ختم ہوجانے کا مسئلہ درپیش رہا۔

    ورک فرام ہوم کے علاوہ لاک ڈاؤن میں دوستوں اور عزیز و اقارب سے رابطوں کے لیے سوشل میڈیا خصوصاً واٹس ایپ پر ٹیکسٹ میسیجنگ، ویڈیو اور وائس کالز کے استعمال میں بہت زیادہ اضافہ ہوا، جس سے واٹس ایپ پر انٹرنیٹ ڈیٹا زیادہ صرف ہونے لگا۔

    لیکن بہت کم لوگ جانتے ہوں گے کہ واٹس ایپ نے وائس اور ویڈیو کال پر ڈیٹا بچانے کے لیے ایک مفید اور مؤثر فیچر بھی دے رکھا ہے۔

    ویڈیو اور وائس کالز کے دوران ڈیٹا کو کیسے بچایا جائے؟

    واٹس ایپ کے اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کا واٹس ایپ اینڈرائیڈ ورژن 2.21.12.21 اور آئی او ایس ورژن iOS-2.21.130.15 پر اپ ڈیٹ ہو۔

    اب سب سے پہلے اپنے اسمارٹ فون پر واٹس ایپ کھولیں:

    1۔ ایپ کے اوپر سیدھے ہاتھ پر موجود تین عمودی نقطوں (ورٹیکل ڈاٹس) پر کلک کر کے سیٹنگز میں جائیں۔

    2۔ اسٹوریج اور ڈیٹا آپشن پر کلک کریں۔

    3۔ “Use less data for calls” کے آپشن پر جا کر اسے فعال کریں۔

    بالکل یہی طریقہ کار iOS کے لیے بھی استعمال کریں، لیکن آئی فون میں آپ براہ راست واٹس ایپ کی ہوم اسکرین سے سیٹنگز میں جا سکتے ہیں۔

  • انٹرنیٹ‌ بچا کر واٹس ایپ پر ویڈیو بھیجنے کا طریقہ

    انٹرنیٹ‌ بچا کر واٹس ایپ پر ویڈیو بھیجنے کا طریقہ

    سان فرانسسکو: واٹس ایپ نے صارفین کو درپیش ایک اور مسئلے کا حل نکالنے کی کوشش شروع کردی۔

    واٹس ایپ کی جانب سے دنیا بھر میں موجود دو ارب سے زائد صارفین کو جدید سہولیات تو فراہم کی جاتی ہی ہیں مگر استعمال کنندگان کو ایک مسئلہ درپیش تھا جس پر اب تک تو کوئی کام نہیں کیا گیا تھا۔

    عام طور پر صارفین کی خواہش یہ ہوتی ہے کہ وہ جو منظر خود اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں بالکل ویسا ہی اپنے دوست کو بھی دکھائیں، جس کے لیے وہ ویڈیو ریکارڈ کر کے اُسے سینڈ کرتے تھے۔

    صارفین کو  یہ مشکل درپیش تھی کہ جب وہ کوئی بھی ویڈیو کسی دوست کو بھیجتے تھے تو اُس کا رزلٹ تبدیل ہوجاتا تھا، یعنی گرافکس کم یا اُس کی کوالٹی متاثر ہوتی تھی۔

    اس وقت واٹس ایپ صارفین کو ویڈیو بھیجتے وقت یفرینس بدلنے کی اجازت نہیں جس کے باعث اُس کی کوالٹی بہت زیادہ خراب ہوتی ہے۔ مستقبل میں صارفین کو ایسی کوئی پریشانی درپیش نہیں ہوگی۔

    مزید پڑھیں: اینڈرائیڈ سے آئی فون پر چیٹ‌ منتقل کرنے کا آفیشل طریقہ

    واٹس ایپ پر نظر رکھنے والے ادارے ڈبلیو اے بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے صارفین کی اس پریشانی کو حل کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔

    ڈبلیو اے بیٹا کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے ایک نئے فیچر کی آزمائش شروع کی ہے، جس کے تحت اب صارف کو ویڈیو بھیجتے وقت تین آپشن نظر آئیں گے۔

    اس فیچر کے بعد صارف کو اختیار ہوگا کہ وہ کس طرح کی ویڈیو دوست کو بھیجے گا۔ جب کوئی بھی ویڈیو بھیج رہا ہوگا تو اُس کے سامنے آٹو، بیسٹ کوالٹی اور ڈیٹا سیور کے آپشنز نظر آئیں گے۔

    آٹو  

    ڈبلیو اے بیٹا کے مطابق آٹو آپشن کو مرکزی کی حیثیت حاصل ہوگی جو ویڈیو کے فارمیٹ پر ہی کام کرے گا۔

    ڈیٹا سیور (انٹرنیٹ کا کم خرچ)

    ڈیٹا سیور آپشن ان افراد کے لیے بہترین ہوگا جو انٹرنیٹ بچا کر اپنے دوستوں کو ویڈیوز بھیجنا چاہتے ہیں۔

    بیسٹ کوالٹی 

    تیسرا بیسٹ کوالٹی کا آپشن وہ ہوگا جس کی مدد سے ہائی ریزولیشن ویڈیوز سینڈ کی جاسکیں گے، جنہیں موبائل کی گیلری سے ڈاکومینٹ فارمیٹ کے ذریعے بھیجا جاسکے گا۔

    واٹس ایپ نے اس فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے، فی الوقت یہ سہولت بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ روایت کے مطابق کامیاب آزمائش کے بعد اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔

  • واٹس ایپ نے زبردست فیچر لانچ کر دیا

    واٹس ایپ نے زبردست فیچر لانچ کر دیا

    دنیا بھر میں مقبول ترین میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے ایک نیا اور زبردست فیچر لانچ کر دیا۔

    ویب بیٹا انفو کی ویب سائٹ نے اس حوالے سے خبر دی ہے کہ واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.21.14.3 استعمال کرنے والوں کے لیے ’ویو وَنس‘ کا فیچر متعارف کرا دیا۔

    اس فیچر کے تحت جس شخص کو تصاویر اور ویڈیوز موصول ہوں گی، وہ انھیں چیٹ میں ایک بار ہی دیکھ سکے گا، اگر چیٹ بند کر کے دوبارہ کھولی تو وہ ویڈیوز اور تصویریں غائب ہو چکی ہوں گی۔

    ویو وَنس یعنی ایک بار دیکھنے سے متعلق اس فیچر کے حوالے سے بھی کئی روز سے خبریں سرگرم تھیں، کہ جلد ہی یہ صارفین کے استعمال میں ہوگا، اور اب یہ اسے صارفین کے لیے لانچ کیا جا چکا ہے۔

    ویب بیٹا انفو کے مطابق اس فیچر کی آزمائش کا آغاز آج سے بیٹا ورژن 2.21.14.3 کے صارفین کے لیے ہو چکا ہے۔

    فیچر کے بارے میں معلوم کرنے کا طریقہ

    آپ کے واٹس ایپ اکاؤنٹ میں یہ فیچر موجود ہے یا نہیں؟ اس کے پتا لگانے کا طریقہ یہ ہے کہ جب آپ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کریں گے تو آپ کو یہ ویو وَنس (view once) کا آپشن دکھائی دے گا۔

    اگر آپ اس آپشن کو منتخب کرتے ہوئے ویڈیوز اور تصاویر بھیجیں گے تو وہ شخص انھیں ایک بار ہی دیکھ سکے گا، جس کے بعد آپ کو نوٹیفکیشن بھی موصول ہوگا کہ اس شخص نے انھیں دیکھ لیا ہے۔

  • واٹس ایپ میں اچانک بڑی تبدیلی سے صارفین پریشان

    واٹس ایپ میں اچانک بڑی تبدیلی سے صارفین پریشان

    دنیا بھر میں مقبول ترین میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اچانک بڑی تبدیلی کر دی ہے، جس سے کچھ صارفین پریشانی محسوس کرنے لگے ہیں۔

    ویب بیٹا انفو کی ویب سائٹ نے اس حوالے سے خبر دی ہے کہ واٹس ایپ بیٹا کا اینڈرائیڈ ورژن 2.21.13.17 استعمال کرنے والے صارفین اب بزنس کلاس اکاؤنٹس پر آن لائن یا لاسٹ سین کا اسٹیٹس نہیں دیکھ سکیں گے۔

    اس تبدیلی کے حوالے سے صارفین کے ذہنوں میں کچھ شبہات پائے جا رہے ہیں، ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ ایپلیکیشن میں یہ تبدیلی دو دن قبل کی گئی ہے، لوگوں نے اسے پہلے ایپ کی غلطی سمجھا تھا تاہم اب تصدیق ہو گئی ہے کہ ایپ میں واقعی تبدیلی کی گئی ہے۔

    جو تبدیلی کی گئی ہے اس کے مطابق اگر آپ کسی بزنس اکاؤنٹ سے چیٹنگ کر رہے ہیں تو اس وقت آپ کو آن لائن کی بجائے بزنس اکاؤنٹ لکھا نظر آئے گا۔

    واضح رہے کہ نئی پرائیویسی پالیسی سامنے آنے کے بعد یہ افواہیں زیرگردش تھیں کہ واٹس ایپ نے اپنے صارفین سے تمام قسم کے ڈیٹا کی منتقلی کی اجازت مانگ لی ہے جس کے بعد کمپنی اپنی مرضی سے یہ تفصیلات فیس بک سمیت کسی بھی تھرڈ پارٹی کو فروخت کر سکتی ہے۔

    تاہم اب ایک بار پھر واٹس ایپ نے صارفین کا اعتماد بحال کرنے کے لیے اُن کی چیٹ کی تصاویر شیئر کیں اور بتایا کہ صارفین کا ڈیٹا ٹیکنالوجی لیئرز (تہوں) کی صورت میں محفوظ ہوتا ہے۔

  • رنگ کی تبدیلی سے متعلق واٹس ایپ کا یو ٹرن

    رنگ کی تبدیلی سے متعلق واٹس ایپ کا یو ٹرن

    دنیا بھر میں مقبول ترین میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے ایپ کلر تبدیلی کے حوالے سے یوٹرن لے لیا ہے۔

    ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق چند ماہ قبل واٹس ایپ کی جانب سے ایک فیچر اپ ڈیٹ کرتے ہوئے واٹس ایپ نوٹیفکیشن میں تبدیلی کا اعلان کیا گیا تھا، جس میں رنگ کی تبدیلی کا فیچر بھی شامل تھا۔

    یہ کہا گیا تھا کہ واٹس ایپ نوٹیفکیشن کے کچھ آپشنز مثلاً ریپلائی اور مارک ایز ریڈ، ڈارک موڈ گرین کی بجائے بلو (نیلے) میں تبدیل کر دیا جائے گا، لیکن اب کمپنی کی جانب سے لائی جانے والی تبدیلیوں کو ختم کرتے ہوئے سبز رنگ کو واپس لانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

    رنگ کی تبدیلی کے اس فیچر سے متعلق صارفین کی جانب سے کمپنی کو شکایات موصول ہونے لگیں، تو ویب بیٹا انفو کی حالیہ رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ اب پرانے گرین رنگ کو واپس لا رہا ہے۔

    گلابی رنگ کا واٹس ایپ، لیکن ہوشیار

    صارفین کو شکایت تھی کہ نوٹیفکیشن کا یہ نیا بلو رنگ صحیح طور پر نظر نہیں آ رہا، جس کے باعث انھیں مشکلات کا سامنا ہے۔

    واضح رہے کہ واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین میسیجنگ ایپلی کیشن ہے جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 2 ارب سے زیادہ ہے، فیس بک کی زیر ملکیت اس ایپ میں صارفین کے لیے مسلسل نت نئے فیچرز سامنے آتے رہتے ہیں، جو عام صارفین تک پہنچنے سے قبل بیٹا ٹیسٹرز کو دستیاب ہوتے ہیں۔

  • واٹس ایپ نے بھارتی حکومت کے خلاف  مقدمہ کر دیا

    واٹس ایپ نے بھارتی حکومت کے خلاف مقدمہ کر دیا

    نئی دہلی: دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے بھارتی حکومت کے خلاف مقدمہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ نے دہلی میں بھارتی حکومت کے خلاف مقدمہ دائر کر کے عدالت سے استدعا کی ہے کہ بدھ سے نافذ ہونے والے قواعد و ضوابط کو روکا جائے، جس کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیس بک (FB.O) کے میسجنگ ایپ کو پرائیویسی پروٹیکشن توڑنے پر مجبور کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ نے دنیا کی دوسری بڑی انٹرنیٹ مارکیٹ کے نئے قوانین کو چیلنج کرنے کے لیے بھارتی حکومت پر مقدمہ دائر کیا ہے، ان قوانین کی وجہ سے حکام کو لوگوں کے نجی میسجز تک رسائی حاصل ہو جائے گی، اور ان کی بڑے پیمانے پر نگرانی کی جا سکے گی۔

    خیال رہے کہ فیس بک کی زیر ملکیت اس فوری میسجنگ سروس کے لیے بھارت ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے، بدھ کو دہلی کی ہائی کورٹ میں حکومت کے خلاف مقدمہ دائر ہوا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ نئی دہلی کی ’ٹریس ایبلٹی‘ (قابل تلاش ہونے) کی شرط، جس کے تحت واٹس ایپ کو کسی بھی ایک خاص میسج کے ابتدا کرنے والے سے متعلق شناخت دینی ہوگی، شہریوں کی پرائیوسی کے آئینی حق کی خلاف ورزی ہوگی۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں سول سوسائٹی اور ٹیکنیکل ماہرین تواتر کے ساتھ یہ کہتے آ رہے ہیں کہ نجی پیغامات کو ’ٹریس‘ کرنے کی شرط اِنڈ ٹو اِنڈ انکرپشن کو توڑ دے گی، اور اس کے غلط استعمال کا سخت خطرہ ہے۔

    واٹس ایپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ لوگوں کے نجی پیغامات کے تحفظ کے لیے پُر عزم ہے، اور بھارت قوانین کے رو سے انھیں تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔

    بھارت نے پہلے 2018 میں واٹس ایپ کو تجویز دی تھی کہ میسج کی ابتدا کرنے والے کو ٹریس کرنے کے لیے وہ اپنے سافٹ ویئر میں تبدیلیاں کرے، یہ تجویز ایک ایسے وقت میں آئی تھی جب واٹس ایپ بھارت میں جھوٹی معلومات کے پھیلاؤ سے جھوجھ رہا تھا۔

  • ہوشیار، ہیکرز نے واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کرنے کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا

    ہوشیار، ہیکرز نے واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کرنے کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا

    نیویارک: واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرنے والے ہیکرز اب نیا طریقہ ڈھونڈ لائے ہیں، سائبر سیکیورٹی ماہرین نے صارفین کو اس سلسلے میں ہوشیار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کےمطابق دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کے صارفین آئے روز ہیکنگ کے نئے حربے سے دوچار رہتے ہیں، اب ہیکرز لوگوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرنے کا نیا طریقہ لے آئے ہیں۔

    سائبر سیکیورٹی ماہرین نے لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے اس نئے طریقے میں صارفین کو ان کے کسی دوست کی طرف سے ایک میسج موصول ہوتا ہے، جس میں 6 ہندسوں پر مشتمل ایک کوڈ ہوتا ہے۔

    دی مرر کی رپورٹ کے مطابق اس میسج میں وہ دوست اس صارف سے رابطہ کر کے کہتا ہے کہ ہیلو، سوری، میں نے غلطی سے 6 ہندسوں والا کوڈ آپ کو بھیج دیا ہے، برائے مہربانی یہ کوڈ آپ مجھے دے دیں، یہ بہت ’ارجنٹ‘ ہے۔

    سیکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ کوڈ حقیقت میں ہیکرز کی طرف سے آیا ہوتا ہے اور جس صارف کو موصول ہوتا ہے، اُس کے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو اس کے ذریعے ہیک کیا جاتا ہے۔

    ماہرین نے بتایا کہ اگر صارف اس آدمی کو کوڈ بتا دیتا ہے تو اگلے ہی لمحے اس کے واٹس ایپ کا کنٹرول ہیکرز کے ہاتھ میں چلا جاتا ہے، کوڈ اس آدمی کو دینے کے بعد صارف کے موبائل فون سے واٹس ایپ اکاؤنٹ سائن آف ہو جاتا ہے اور اکاؤنٹ کے ساتھ ساتھ اس صارف کا کلاؤڈ بھی ہیکرز کے کنٹرول میں چلا جاتا ہے۔

    سائبر سیکیورٹی کے ایک ماہر ٹومی واتھن نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس کسی کو ایسا 6 ہندسوں کے کوڈ پر مشتمل پیغام موصول ہو، اسے فوری طور پر ڈیلیٹ کر دیں اور یہ کوڈ کسی کو بھی مت بتائیں خواہ اس آدمی کو آپ ذاتی طور پر بھی جانتے ہوں۔

  • واٹس ایپ صارفین کے لیے زبردست فیچر

    واٹس ایپ صارفین کے لیے زبردست فیچر

    واٹس ایپ کا ڈیسک ٹاپ ورژن استعمال کرنے کے لیے اسمارٹ فون سے کیو آر کوڈ اسکین کرنے کی ضرورت ہوتی ہے تاہم اب واٹس ایپ نے جلد ہی اس خاتمے کا اعلان کردیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق بہت جلد لیپ ٹاپ یا ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے اسمارٹ فون سے کیو آر کوڈ کو اسکین کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

    واٹس ایپ کے بیٹا انٹر فیس کے نئے بیٹا ٹیسٹ میں ایکٹو موبائل ڈیوائس کی ضرورت کو ختم کردیا گیا ہے۔ واٹس ایپ ویب کے نئے بیٹا ورژن میں لاگ ان ہونے پر صارفین کا خیر مقدم ایک پیغام کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

    اس پیغام میں انہیں آگاہ کیا جاتا ہے کہ اب انہیں واٹس ایپ کی ڈیسک ٹاپ ایپ، ویب ایپ یا پورٹل کو استعمال کرنے کے لیے فون سے منسلک کرنے کی ضرورت نہیں۔

    تاہم صارفین کو یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ وہ یہ فیچر ایک وقت میں صرف 4 ڈیوائسز میں ہی استعمال کرسکتے ہیں۔

    یہ وہ فیچر ہے جس کا مطالبہ واٹس ایپ صارفین کی جانب سے عرصے سے کیا جارہا ہے جو دیگر مقبول میسجنگ ایپس جیسے ٹیلی گرام، اسکائپ، سگنل اور فیس بک میسنجر میں دستیاب ہے۔

    ابھی یہ تو واضح نہیں کہ واٹس ایپ کے ویب ورژن کے لیے یہ نیا فیچر تمام صارفین کو کب تک دستیاب ہوگا مگر امکان ہے کہ جلد اسے متعارف کروایا جاسکتا ہے۔

    اسی طرح بیٹری ختم ہونے یا فون خراب ہونے پر بھی صارفین کمپیوٹر یا ڈیسک ٹاپ کے ذریعے اپنے دوستوں سے واٹس ایپ میں رابطے میں رہ سکیں گے۔

  • واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک اور دلچسپ فیچر

    واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک اور دلچسپ فیچر

    اسمارٹ فون میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک اور کارآمد فیچر متعارف کروا دیا، یہ فیچر جلد تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

    واٹس ایپ کے مطابق آنے والے دنوں میں یہ فیچر ہر ایک کو دستیاب ہوگا، اس اپ ڈیٹ کے بعد چیٹس میں تصاویر اور ویڈیوز کا زیادہ بڑا ویو دیکھنا ممکن ہوسکے گا۔

    کمپنی کے مطابق اس فیچر سے چیٹس میں بڑے فارمیٹ میں تصاویر اور ویڈیوز کو بھیجنا بھی ممکن ہوجائے گا۔

    اس فیچر کا اعلان ایک ٹویٹ میں کیا گیا اور اسے سمجھانے کے لیے ایک ویڈیو بھی ساتھ پوسٹ کی گئی۔ اس وقت واٹس ایپ میں بھیجی جانے والی تصاویر کراپ محسوس ہوتی ہیں اور مکمل دیکھنے کے لیے ان کو کلک کرکے اوپن کرنا پڑتا ہے۔

    اس نئی اپ ڈیٹ کے بعد واٹس ایپ میں پوری تصویر چیٹ کے اندر ہی نظر آئے گی اور اس پر کلک کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس تبدیلی کا اطلاق واٹس ایپ چیٹس میں بھیجی جانے والی ویڈیوز پر بھی ہوگا۔

    اس نئے فیچر کو واٹس ایپ نے اپریل میں آئی او ایس ڈیوائس کے لیے متعارف کرایا تھا مگر اب یہ فیچر تمام صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

    واٹس ایپ نے ٹویٹ میں لکھا کہ ایپ میں اب تصاویر اور ویڈیوز پہلے سے زیادہ بڑی ہوں گی، تو کوئی بھی اب نامکمل تصویر نہیں دیکھے سکے گا۔

  • واٹس ایپ کی نئی متنازعہ پالیسی کے حوالے سے اہم خبر سامنے آ گئی

    واٹس ایپ کی نئی متنازعہ پالیسی کے حوالے سے اہم خبر سامنے آ گئی

    واٹس ایپ نے نئی متنازعہ پالیسی کے سلسلے میں نوٹیفکیشنز بھیجنے کا سلسلہ پھر شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیس بک کی زیر ملکیت کمپنی کی جانب سے واٹس ایپ کی نئی پالیسی قبول کرنے کے نوٹیفکیشن بھیجنے کا سلسلہ پھر شروع کر دیا گیا ہے، دنیا بھر میں شدید رد عمل کے باعث پرائیویسی پالیسی کا اطلاق 15 مئی تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔

    نئی پالیسی سے متعلق یہ الرٹس اس بار ان صارفین کو بھیجے جا رہے ہیں جنھوں نے اسے قبول نہیں کیا تھا، یعنی اگر جنوری میں کسی نے نئی پالیسی سے متعلق نوٹیفکیشن کو قبول کر لیا تھا تو انھیں دوبارہ نہیں بھیجا جائے گا۔

    واٹس ایپ بیٹا انفو ویب سائٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے صارفین کو بتایا جا رہا ہے کہ نئی پالیسی اور اصول و ضوابط کا اطلاق 15 مئی سے ہوگا۔

    نوٹیفکیشن میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ واٹس ایپ میں تمام چیٹس اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوں گی، کاروباری اداروں سے چیٹ کو آسان بنایا جا رہا ہے، جس کا کچھ حصہ فیس بک سے شیئر کیا جا سکتا ہے، مگر صارف اس کا انتخاب اپنی مرضی سے کرے گا۔

    عوامی تنقید نظر انداز، واٹس ایپ کا بڑا فیصلہ

    واٹس ایپ نے واضح کیا ہے کہ ہم صارفین کی نجی گفتگو کو نہ پڑھ سکتے ہیں اور نہ سن سکتے ہیں، کیوں کہ یہ اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہے، اور اسے کبھی تبدیل نہیں کیا جائے گا۔

    چوں کہ میسجز اور کالز اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوتی ہیں اس لیے واٹس ایپ اور فیس بک اسے نہیں دیکھ سکتے، نہ سن سکتے ہیں، نہ ہی یہ واٹس ایپ یا فیس بیک پر شیئر ہوتی ہیں، صرف شرکا ہی انھیں دیکھ اور سن سکتے ہیں۔

    رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ نئی پالیسی کو قبول نہ کرنے والوں کے ساتھ کیا ہوگا مگر اس حوالے سے فروری میں ایک رپورٹ میں تفصیلات سامنے آئی تھیں، اگر کمپنی کے مطالبے پر بھی صارفین کی جانب سے نئی پالیسی کو تسلیم نہیں کیا گیا تو مختصر مدت کے لیے وہ افراد کالز اور نوٹیفکیشن تو موصول کر سکیں گے مگر ایپ میں میسجز بھیج یا پڑھ نہیں سکیں گے۔

    واضح رہے کہ واٹس ایپ نے رواں برس جنوری میں صارفین کو نئی پرائیویسی پالیسی سے متعلق نوٹیفکیشنز بھیجے تھے، جن میں کہا گیا تھا کہ نئی پالیسی کا نفاذ 8 فروری سے ہوگا تاہم لوگوں کے شدید رد عمل پر اس پالیسی کا اطلاق 15 مئی تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔