Tag: Whatsapp

  • واٹس ایپ: نئے زبردست فیچرز کا اضافہ

    واٹس ایپ: نئے زبردست فیچرز کا اضافہ

    واٹس ایپ کے شائقین کے لیے خوش خبری ہے کہ ایپ میں 2 نئے اور زبردست فیچرز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

    واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کی سہولت کے لیے جو پہلا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے وہ ہے میوٹ ویڈیوز کا، نام ہی سے ظاہر ہے کہ اب ویڈیو بغیر آواز کے بھی بھیجی جا سکے گی۔

    میوٹ ویڈیوز (mute the video)

    اس فیچر کی مدد سے صارفین کسی دوست کو بھیجی جانے والی ویڈیو یا اسٹیٹس اپ ڈیٹ میں کسی ویڈیو کو اپ لوڈ کرتے ہوئے اسے میوٹ کر سکیں گے، اس فیچر کے تحت جب کسی ویڈیو کو سلیکٹ کیا جائے گا تو اس میں میوٹ آپشن نظر آئے گا، اس کو سلیکٹ کرنے پر ویڈیو بغیر آواز کے جائے گی۔

    whatsapp mute video audio screenshot wabetainfo WhatsApp

    اس کارآمد فیچر کی وجہ سے اب صارفین کو ایڈیٹنگ ایپ کی ضرورت نہیں پڑے گی، اور وہ اپنی خواہش کے مطابق بعض ویڈیوز بغیر آواز کے بھی بھیج سکیں گے، جن کے بارے میں وہ چاہتے ہوں کہ غیر ضروری آوازیں دیگر افراد تک نہ پہنچیں۔

    اس فیچر کے تحت آڈیو کو براہ راست ہی اسمارٹ فون گیلری سے میوٹ کیا جا سکے گا۔

    رِیڈ لیٹر (Read Later)

    جو دوسرا زبردست فیچر واٹس ایپ میں شامل ہونے جا رہا ہے، وہ ہے ’بعد میں پڑھیں‘ جس پر میسجنگ اپلیکیشن کی جانب سے کام جاری ہے، یہ فیچر بنیادی طور پر نیا نہیں بلکہ واٹس ایپ میں آرکائیو چیٹس کی جگہ لے گا۔

    واضح رہے کہ واٹس ایپ میں کسی چیٹ کو آرکائیو میں بھیجنے کے باوجود وہ نیا میسج آنے پر پھر مین فیڈ پر نمودار ہو جاتی ہے، اس کے تدارک کے لیے ویکیشن موڈ نامی فیچر پر کام شروع کیا گیا جو چیٹ کو بدستور آرکائیو میں رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

    تاہم اب آرکائیو چیٹس فیچر کی جگہ رِیڈ لیٹر نامی فیچر لے گا جو کہ پہلے سے زیادہ بہتر ہوگا، اس کی مدد سے صارف آرکائیو سے چیٹس کو نکالنا چاہے گا تو وہ ایک سے زیادہ چیٹس کو فوری طور پر نکال سکے گا۔

    ایک نیا آپشن ایڈٹ آرکائیو سیٹنگز کا بھی اس سے جڑا ہوگا، یعنی صارف اگر چاہے گا تو ویکیشن موڈ کو اس نئی سیٹنگز سے ٹرن آف کر سکے گا۔

    یہ فیچرز جلد ہی صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔

  • واٹس ایپ نے کاروباری افراد کو خوشخبری سنادی

    واٹس ایپ نے کاروباری افراد کو خوشخبری سنادی

    فیس بک نے اپنی زیر ملکیت میسجنگ اپلیکششن واٹس ایپ کے اندر خریداری اور ہوسٹنگ سروسز شروع کرنے کا اعلان کیا ہے

    تفصیلات کے مطابق فیس بک کی جانب سے اب کلاؤڈ کمپیوٹنگ سیکٹر میں بھی قدم رکھا جارہا ہے اور اس کے میسجنگ ٹولز استعمال کرنے والے کمپنیوں کو اپنے پیغامات فیس بک سرورز میں محفوظ کرنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

    اسی تناظر میں فیس بک نے اپنے زیر ملکیت دنیا کی مقبول ترین میسجنگ اپلیکششن کے لیے ایپ کے اندر خریداری اور ہوسٹنگ سروسز شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، تاکہ اس کے ذریعے اپنی آمدنی کو بڑھا سکے جبکہ کمپنی کے ای کامرس انفراسٹرکچر کو اکٹھا کرسکے۔

    یہ بھی پڑھیں:  واٹس ایپ نے صارفین کی دیرینہ خواہش پوری کردی

    اس نئی سروسز کی فراہمی سے کاروباری ادارے واٹس ایپ کے اندر فیس بک شاپس کے ذریعے اپنی اشیا فروخت کرسکیں گے۔

    واضح رہے کہ واٹس ایپ میں پہلے ہی لاکھوں چھوٹے کاروباری ادارے اپنے صارفین سے رابطہ رکھے ہوئے ہیں، میٹ ایڈیما کے مطابق اس وقت روزانہ واٹس ایپ پر 17 کروڑ 50 لاکھ افراد کسی کاروباری ادارے سے رابطہ کرتے ہیں۔

    یاد رہے کہ فیس بک نے 2014 میں واٹس ایپ کو 19 ارب ڈالرز میں خریدا تھا مگر اب تک اسے اپنی کمائی کا ذریعہ بنا نہیں سکی ہے۔

  • واٹس ایپ نے صارفین کی بڑی مشکل آسان کردی

    واٹس ایپ نے صارفین کی بڑی مشکل آسان کردی

    سان فرانسسکو: پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی معروف موبائل ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کی بڑی مشکل آسان کردی۔

    تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ صارفین کو اکثر فون کی اسٹوریج اسپیس بھرجانے کا مسئلہ درپیش رہتا ہے جو اس ایپلی کیشن میں دوستوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ویڈیوز اور تصاویر کا نتیجہ ہوتا ہے۔

    اب واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.20.201.9 میں پہلی بار ایسا فیچر متعارف کروایا گیا ہے جو صارفین کے لیے اپنی اسٹوریج کا مسئلہ آسان بنادے گا۔

    اس اپ ڈیٹ میں متعدد نئے فیچر ایک فیچر کے تحت ہوں گے جیسے اسٹوریج بار کا اضافہ ہوگا جو واٹس ایپ ویڈیوز اور تصاویر کے اسٹوریج اسپیس کی تفصیلات سے آگاہ کرے گی۔

    اسی طرح صارف کو یہ علم ہوگا کہ اسے کتنی بڑی دستاویزات، تصاویر اور ویڈیوز واٹس ایپ کے ذریعے موصول ہوئی ہیں۔

    واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والے سائٹ ویب بیٹا انفو کے مطابق یہ فیچر فی الحال مخصوص بیٹا صارفین کو دستیاب ہے اور بہت جلد تمام صارفین کے لیے متعارف کروایا جاسکتا ہے۔

    اس فیچر کی تصدیق واٹس ایپ نے گزشتہ ہفتے کی تھی تاہم سائٹ کے مطابق اس فیچر سے صارفین کو ایپ کی اسٹوریج کسٹمائزر کرنے میں مدد ملے گی اور وہ ہر قسم کی میڈیا فائلز بشمول فارورڈڈ فائلز کا ڈیٹا دیکھ سکیں گے۔

    یہ نیا فیچر واٹس ایپ سیٹنگز میں ڈیٹا اینڈ اسٹوریج یوزایج سیکشن میں چھپا ہوگا اور وہاں وہ کلین اپ آپشن سے فون کی میموری خالی کرسکیں گے۔

    یعنی صارف دیکھ سکے گا کہ کسی فائل کا حجم کتنا ہے اور اس کے لیے بڑی فائلز کو ڈیلیٹ کرنے کا فیصلہ آسان ہوگا جبکہ ڈیلیٹنگ میڈیا فرام واٹس ایپ کے آپشن سے تمام فائلز کو فون سے ڈیلیٹ کرنا ممکن ہوگا۔

    یہ فیچر تمام چیٹس اور گروپ کی فہرستیں بھی ان کے اسٹوریج کے مطابق بنائے گا اور صارف کے لیے گروپس یا انفرادی چیٹس کو سرچ کرنا بھی آسان ہوگا۔

    واٹس ایپ نے اس فیچر کی تصدیق تو کی ہے تاہم یہ نہیں بتایا کہ یہ کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوسکتا ہے۔

  • واٹس ایپ میں اہم فیچر کی آزمائش

    واٹس ایپ میں اہم فیچر کی آزمائش

    سان فرانسسکو: پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی معروف موبائل ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن فیچر کو مزید بہتر بنانے پر کام شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ کمپنی کی جانب سے ایک فیچر ایکسپائرنگ میڈیا پر بھی کام کیا جارہا ہے جو اس وقت اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن میں دستیاب ہے۔

    رپورٹ کے مطابق جب یہ فیچر تمام صارفین کو دستیاب ہوگا تو ان کے پاس کسی بھی شیئر کی جانے والی میڈیا فائلز کو ایک مخصوص وقت پر ایکسپائر کرنے کا آپشن ہوگا۔

    جس فرد کو وہ ایکسپائرنگ میڈیا میسج ملے گا وہ اسے ایک بار دیکھ سکے گا اور جیسے ہی چیٹ ونڈو سے باہر نکلے گا وہ میسج غائب ہوجائے گا۔

    مزید پڑھیں: واٹس ایپ جلد فیچرز کا گلدستہ پیش کرے گا

    واٹس ایپ میں اس فیچر پر گزشتہ سال سے کام ہورہا ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ اسے کب تک متعارف کروایا جاسکتا ہے۔

    گزشتہ سال جب یہ بیٹا ورژن میں نظر آیا تھا تو اس وقت یہ صرف گروپ چیٹ میں دستیاب تھا اور اس میں پیغام 5 سیکنڈ یا ایک گھنٹے بعد ڈیلیٹ ہوجاتا تھا۔

    واضح رہے کہ یہ فیچر اسنیپ چیٹ پر موجود فیچر سے ملتا جلتا ہے جسے بعد میں انسٹاگرام نے بھی کاپی کیا تھا۔

    ٹیلیگرام نے یہ فیچر اپنی ایپ میں پہلے ہی متعارف کرا دیا ہے اور اب فیس بک اسے اپنی مقبول ترین میسجنگ ایپ میں اسے پیش کرنے والی ہے۔

  • واٹس ایپ طرز کی نئی ایپ، پاکستان نے ہیکنگ سے محفوظ رہنے کا منصوبہ بنا لیا

    واٹس ایپ طرز کی نئی ایپ، پاکستان نے ہیکنگ سے محفوظ رہنے کا منصوبہ بنا لیا

    اسلام آباد: پاکستان نے ہیکنگ سے محفوظ رہنے کے لیے واٹس ایپ کی طرز کی نئی ایپ بنانے کا منصوبہ تیار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سرکاری ملازمین کے لیے واٹس ایپ طرز کی ایپ بنانے کے لیے پراجیکٹ منظور کر لیا ہے، اگلے چند ہفتوں میں اس کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کر دیا جائے گا۔

    یہ منصوبہ حکومتی افسران کے واٹس ایپ اور ٹیلی فون پیغامات ہیک ہونے کے خدشے کے پیش نظر ترتیب دیا گیا ہے، اس کے ذریعے سرکاری محکموں میں کام کرنے والے افسران محفوظ کمیونیکیشن کر سکیں گے۔

    وزارتِ آئی ٹی کے مطابق سرکاری افسران اور عام پاکستانیوں کے لیے واٹس ایپ ایپلی کیشن بھی کام کرتی رہے گی۔ سرکاری ایپ کے منصوبے پر نیشنل آئی ٹی بورڈ کام کر رہا ہے، کرونا وبا کے باعث اس پر کام کی رفتار متاثر ہوئی۔

    وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ اس نئی ایپلی کیشن کے ذریعے سرکاری دستاویزات اور رابطوں کو محفوظ بنایا جائے گا، واٹس ایپ کے ذریعے سرکاری ڈیٹا ایک دوسرے سے شیئر کرنا غیر محفوظ ہے، نئی ایپ میں واٹس ایپ کے تمام بلکہ اس سے بھی زیادہ فیچرز ہوں گے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اگلے تین ہفتوں میں وزارت آئی ٹی سمیت دیگر محکموں میں اس نئی ایپ کی آزمائش شروع ہو جائے گی، جب کہ 3 ماہ میں یہ عام سرکاری استعمال کے لیے دستیاب ہوگی۔

    ذرایع کے مطابق ای گورنمنٹ کا یہ منصوبہ ڈیڑھ ارب روپے پر مشتمل ہے، اس کے تحت سرکاری محکموں کے درمیان فائلوں کا تبادلہ کاغذ کی بجائے بغیر انٹرنیٹ کمپیوٹر پر ہونے لگا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ عام شہریوں کے ڈیٹا کے تحفظ کے لیے بھی قانون سازی کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے شہریوں کے لیے واٹس ایپ کے استعمال کو محفوظ بنایا جائے گا، قانون کے تحت عام شہریوں کا نام، جنس، شناخت اور دیگر اہم ڈیٹا پاکستان سے باہر نہیں جانے دیا جائے گا۔

  • واٹس ایپ ویڈیو آپ کا فون 10 سیکنڈز میں ہیک کر سکتی ہے؟

    واٹس ایپ ویڈیو آپ کا فون 10 سیکنڈز میں ہیک کر سکتی ہے؟

    نائجیریا میں سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی متعدد پوسٹس میں دکھائی گئی ایک ویڈیو سے متعلق یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اگر اسے آپ نے کھولا تو یہ دس سیکنڈز کے اندر اندر آپ کے موبائل فون کو ہیک کر لے گی، ویڈیو ارجنٹینا کے کرونا وبا کو ختم کرنے سے متعلق تھی۔

    یہ درست نہیں ہے: نائجیریا کی ریاستی ٹیکنالوجی ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ جھوٹے پیغامات (فیک میسجز) کا حصہ ہے جو واٹس ایپ پر گردش کر رہے ہیں، جن کا مقصد خوف پھیلانا ہے۔

    فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے فیکٹ چیک عملے کو یہ میسج متعدد بار موصول ہو چکا ہے، جن میں ویڈیو سے جڑا ہوا کوئی لنک نہیں تھا، اس کے ایک ورژن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی نیوز چینل سی این این نے یہ ویڈیو رپورٹ کی ہے کہ اگر آپ نے ویڈیو کھولی تو آپ کا فون ہیک ہو جائے گا۔

    ویڈیو سے متعلق پیغام میں یہ کہا گیا کہ واٹس ایپ پر یہ ویڈیو گردش کر رہی ہے جو ارجنٹینا کے کرونا وبا کو ختم کرنے سے متعلق ہے، فائل کا نام ہے ‘یہ ارجنٹینا کر رہا ہے’ اسے مت کھولیں ورنہ یہ دس سیکنڈز میں آپ کے موبائل کو ہیک کر دے گی اور اسے کسی بھی طرح سے روکا نہیں جا سکتا، یہ پیغام اپنے دوست احباب کو بھی بھیجیں، یہ ویڈیو سی این این پر رپورٹ ہوئی ہے۔

    تھا جس کا انتظار آگیا وہ فیچر، واٹس ایپ نے صارفین کو بڑی سہولت دے دی

    فیس بک پر اسی طرح کا ایک میسج پھیلایا جا رہا ہے، جہاں یہ سو مرتبہ سے زیاد شیئر کیا گیا، اسے جنوبی افریقہ اور امریکا میں بھی شیئر کیا گیا۔

    نائجیریا کے ٹیکنالوجی کے ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ یہ سراسر جھوٹ ہے۔

    نائجیریا کی نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ ایجنسی (NITDA) نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیغام دھوکے پر مبنی ہے، اور یہ جعلی ہے۔

    NITDA کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ملک میں کرونا وائرس کی وبا کو فیک نیوز پھیلا کر روکنے کی کوشش نہیں کر رہی ہے، اس سلسلے میں شہریوں کو چاہیے کہ وہ حکومت کی حقیقی کوششوں کے ساتھ تعاون کریں۔

    یہ ویڈیو سی این این نے رپورٹ نہیں کی

    فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے فیکٹ چیک نے سی این این کی ویب سائٹ پر متعدد جدید گوگل سرچز چلا کر دیکھا اور واٹس ایپ ویڈیو ہیکس کی کوئی رپورٹ نہیں ملی۔ تاہم یہ ضرور انکشاف ہوا کہ اسی طرح کا ایک میسج 2017 میں بھی پھیلایا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ واٹس ایپ کی ایک ویڈیو آئی ہے جس پر لکھا گیا ہے کہ اسے ہرگز نہ کھولیں ورنہ یہ دس سیکنڈز میں آپ کے فون کو ہیک کر دے گی اور اسے کسی بھی طرح سے روکا نہیں جا سکتا، یہ پیغام اپنے احباب کو بھی بھیجیں۔

  • واٹس ایپ کا وہ کارآمد فیچر جس سے آپ شاید اب تک ناواقف ہیں!

    واٹس ایپ کا وہ کارآمد فیچر جس سے آپ شاید اب تک ناواقف ہیں!

    سماجی رابطے کی اہم ویب سائٹ واٹس ایپ کے میسجز آئی او ایس اور اینڈرائیڈ پر کس طرح شیڈول کر کے بھیجے جا سکتے ہیں؟ اس سلسلے میں مندرجہ ذیل طریقے کارآمد ہیں۔

    واٹس ایپ فوری طور پر پیغامات کی ترسیل کرنے والا دنیا بھر میں نہایت مقبول پلیٹ فارم ہے، جسے 2 ارب لوگ استعمال کر رہے ہیں، اس کے چند نہایت مفید اور مؤثر فیچرز ہیں، جن میں گروپ کالز، ڈیلیٹ سب کے لیے، لاسٹ سین، اور مزید کئی فیچرز شامل ہیں۔

    تاہم ایک فیچر ایسا ہے جو ابھی تک واٹس ایپ پر نہیں آیا، یہ فیچر ہے میسج شیڈول کرنے کا، ایسی کوئی رپورٹ بھی تاحال سامنے نہیں آئی کہ کمپنی اس فیچر پر کوئی کام کر رہی ہو اور جلد یہ لانچ ہونے والا ہو، بہرحال، چند طریقے ایسے ہیں پر عمل کرتے ہوئے آپ واٹس ایپ میسجز شیڈول کر سکتے ہیں۔ یہ طریقے اینڈرائیڈ اور iOS دونوں یوزرز کے لیے ہیں۔

    اینڈرائیڈ پر کیسے میسج شیڈول کریں؟

    نوٹ: اینڈرائیڈ پر یہ طریقہ آزمانے کے لیے آپ کو ایک تھرڈ پارٹی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا پڑے گا جو آپ کے واٹس ایپ اکاؤنٹ تک رسائی مانگے گا، چناں چہ اگر آپ اپنی پرائیویسی کے بارے میں فکرمند ہیں اور کسی تھرڈ پارٹی ایپ کو رسائی دینا نہیں چاہتے تو آپ کو تب تک انتظار کرنا پڑے گا جب تک واٹس ایپ خود آفیشلی یہ فیچر لانچ نہ کر دے، باقی کے لیے طریقہ کار مندرجہ ذیل ہے:

    • گوگل پلے اسٹور سے SKEDit ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، پھر اسے کھولیں اور اپنا اکاؤنٹ بنائیں۔
    • سائن اِن کرنے کے بعد فہرست سے واٹس ایپ سلیکٹ کریں اور ایک بار پھر واٹس ایپ پر کلک کریں، اب آپ کو اسے اپنے فون سروس کی رسائی کی اجازت دینی ہوگی۔
    • اس کے بعد ایپ کی طرف واپس لوٹ جائیں اور جس کو پیغام بھیجنا چاہ رہے ہوں اس کا نام لکھیں، پھر اپنا پیغام لکھیں، اور آخر میں شیڈول تاریخ اور وقت درج کر دیں۔
    • آخری ٹوگل جو آپ دیکھیں گے وہ ہے ‘بھیجنے سے قبل مجھ سے پوچھ لیں’ آپ اسے آن کر سکتے ہیں، جس پر یہ ایپ آپ کو مقررہ وقت پر میسج بھیجتے وقت مطلع کر دے گا،یا پھر آپ اسے آف کر دیں، اور آپ کا میسج وقت پر چلا جائے گا۔

    iOS پر کیسے میسج شیڈول کریں؟

    نوٹ: آئی او ایس پر واٹس ایپ میسج شیڈول کرنے کے لیے کسی تھرڈ پارٹی ایپ کی ضرورت نہیں پڑتی، اس کے لیے بس آپ کو Siri شارٹ کٹس استعمال کرنے کی ضرورت ہوگی۔ اس کا طریقہ کار مندرجہ ذیل ہے:

    • ایپل ایپ اسٹور سے Shortcuts ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، ایپ کے اندر سب سے نیچے موجود آٹومیشن آپشن کو سیلیکٹ کریں۔
    • پرسنل آٹومیشن شامل کرنے کے لیے سب سے اوپر دائیں طرف ‘+’ کے نشان کو دبائیں، اور پرسنل آٹومیشن آپشن کو سیلیکٹ کریں۔
    • اب شیڈول میسج کے لیے وقت اور تاریخ کا انتخاب کریں اور پھر نیکسٹ دبائیں، اس کے بعد ‘ایڈ ایکشن’ سلیکٹ کریں اور پھر ‘ٹیکسٹ’ آپشن بھی سیلیکٹ کرلیں۔
    • اب اپنا پیغام لکھیں اور پھر نیچے موجود ‘+’ کا نشان دبائیں۔
    • واٹس ایپ سیلیکٹ کریں، اور ایکشنز لِسٹ میں سے ‘واٹس ایپ کے ذریعے میسج بھیجیں’ کا آپشن سیلیکٹ کر لیں۔
    • جس کو میسج بھیجنا ہو اس کا نمبر درج کریں اور نیکسٹ دبائیں، اب تمام تفصیلات پر نگاہ دوڑائیں اور ‘done’ سیلیکٹ کر لیں۔
  • واٹس ایپ کا گروپ صارفین کو مزید سہولیات دینے کا فیصلہ

    واٹس ایپ کا گروپ صارفین کو مزید سہولیات دینے کا فیصلہ

    واشنگٹن: پیغام رسانی کی سب سے بڑی ایپلی کیشن واٹس ایپ نے گروپ صارفین کے لیے مزید سہولیات متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ ایک نئی خصوصیت متعارف کرانے جارہا ہے جس میں مزید شرکا کو جن کی آڈیو کالنگ میں حد کم ہے، گروپ آڈیو اور ویڈیو کالز میں شامل ہونے کی اجازت دے گا۔

    رپورٹ میں واٹس ایپ بیٹا اپ ڈیٹ نے انکشاف کیا کہ کمپنی آڈیو اور ویڈیو گروپ کال میں شریک افراد کی حد میں توسیع کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واٹس ایپ شاید کرونا وائرس کے خدشات اور اس کی حقیقت کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ صارفین گروپ کالیں استعمال کررہے ہیں اس لیے مزید شرکا کے ساتھ کال کرنے کی اجازت دینے کے لیے اس حد کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    مزید پڑھیں: واٹس ایپ گروپ میں فضول چیٹ کرنے والوں سے نمٹنے کا فیچر

    کمپنی نے ابھی انکشاف نہیں کیا ہے کہ جب عالمی سطح پر نئی کالنگ کی خصوصیت نافذ ہوجائے گی تو کتنے صارفین آخرکار گروپ کال میں شامل ہوجائیں گے، تبدیلیاں واٹس ایپ میسنجر بیٹا اور آئی او ایس ورژن میں کی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ جب آپ کال کرتے ہیں تو واٹس ایپ ایک نیا ہیڈر دکھاتا ہے جس سے یہ آگاہ ہوتا ہے کہ کال کے اختتام تک خفیہ کاری ہے، سبھی شرکا کو واٹس ایپ ورژن میں شامل ہونا پڑے گا تاکہ وہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس بڑے گروپ کال میں حصہ لے سکیں گے۔

    گزشتہ ماہ کے آخر میں فیس بک میسنجر کا استعمال کرتے ہوئے گروپ ویڈیو کالز میں 70 فیصد سے زیادہ لوگوں نے حصہ لیا تھا اور ان گروپ ویڈیو کالز پر خرچ ہونے والے وقت کا عالمی سطح پر دگنا اضافہ ہوا تھا۔

    ایپل کا فیس ٹائم ویڈیو کالنگ ٹول 32 افراد کی حمایت کرتا ہے جبکہ فیس بک میسنجر ایک کال میں 50 افراد تک کی مدد کرسکتا ہے۔

  • واٹس ایپ کا ڈیٹا چوری کیسے ہوتا ہے؟ ایف آئی اے نے بتا دیا

    واٹس ایپ کا ڈیٹا چوری کیسے ہوتا ہے؟ ایف آئی اے نے بتا دیا

    موبائل فون صارفین عام طور پر سمجھتے ہیں کہ ان کا واٹس ایپ ڈیٹا محفوظ ہے یا اسے چوری نہیں کیا جاسکتا، اس حوالے سے ایف آئی نے بتایا ہے کہ ڈیٹا کی چوری مشکل کام نہیں تاہم اس کیلئے کچھ اہم اقدام کرنا ہوں گے۔

    ایف آئی اے حکام نے عوام کیلئے خصوصی آگاہی میسج شیئر کیا ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف اقبال چوہدری نے بتایا ہے کہ کس طرح لوگوں کا واٹس ایپ ڈیٹا چرایا جاتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ کسی شخص کا موبائل فون ان لاک ہو تو ہیکر اس کے موبائل سے 10 سے 20 سیکنڈ میں واٹس ایپ ویب کو لاگ ان کرلے گا، اس نے صرف موبائل سے واٹس ایپ ویب کا کیو آر کوڈ سکین کرنا ہوتا ہے، اگر واٹس ایپ لاگ ان ہوجائے تو لوگوں کا سارا ڈیٹا اور چیٹ ہیکر کے قبضے میں آجاتی ہے اور وہ ڈیٹا چرا کر لوگوں کو بلیک میل کرسکتا ہے۔

    آصف اقبال چوہدری نے عوام کو واٹس ایپ کا ڈیٹا چوری سے بچانے کا طریقہ بھی بتایا،انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگوں کو علم ہی نہیں ہوتا کہ ان کا واٹس ایپ کہاں کہاں لاگ اِن ہے۔

    اس لیے موبائل فون کی سیٹنگ میں جا کر چیک کرنا چاہیے کہ کہیں واٹس ایپ ویب تو لاگ انہیں، واٹس ایپ سیٹنگز میں ہی یہ آپشن بھی موجود ہوتا ہے کہ آپ سب جگہوں سے لاگ آؤٹ کرسکتے ہیں، اس سے آپ کا ڈیٹا محفوظ رہے گا۔

  • سعودی عرب، پاکستانی کمیونٹی کی سہولت کیلئے واٹس ایپ سروس متعارف

    سعودی عرب، پاکستانی کمیونٹی کی سہولت کیلئے واٹس ایپ سروس متعارف

    ریاض: سعودی عرب نے پاکستانی کمیونٹی کی اپنے پیاروں کی مقامی تدفین کے لیے سفری پابندیوں کے دوران این او سی جاری کرنے کے لیے واٹس ایپ سروس متعارف کرادی۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں کرونا وائرس پر قابو پانے اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر بعض علاقوں میں محدود کرفیو کا نفاذ کرتے ہوئے مختلف شہروں میں آمدورفت پر پابندی لگائی گئی ہے۔

    جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ نے پاکستانی کمیونٹی کی سہولت کے لیے سعودی عرب کے مغربی ریجن میں انتقال کرجانے والے افراد کی آخری رسومات کے انتظامات کے لیے واٹس ایپ سروس شروع کی ہے۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب کا تارکین وطن کے لیے اہم اقدام

    پاکستانی قونصلیٹ نے کمیونٹی سے کہا ہے کہ کرفیو کے اوقات کے دوران کسی عزیز کی تدفین کے لیے اجازت نامہ لے سکتے ہیں، اس کے لیے 0533585184، 0542556778، 0592068461 پر اپنی متعلقہ دستاویز فراہم کرکے این او سی حاصل کرسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں حکومت نے کرفیو کے اوقات میں شہریوں اور ملک میں مقیم غیرملکیوں کے باہر نکلنے پر سختی سے پابندی عائد کررکھی ہے۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں کرونا کے 165 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مریضوں کی کل تعداد 1885 ہوگئی ہے، وائرس سے 21 افراد جاں بحق اور 64 صحت یاب ہوئے ہیں۔