Tag: Whatsapp

  • واٹس ایپ کا سب سے کارآمد فیچر جلد آنے کو تیار

    واٹس ایپ کا سب سے کارآمد فیچر جلد آنے کو تیار

    گزشتہ کچھ عرصے سے فیس بک کی ملکیت پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلی کیشن واٹس ایپ رابطے کا سب سے بڑا ذریعہ ثابت ہوئی ہے تو وہیں اسے جعلی خبروں کے پھیلاؤ کا بھی سب سے بڑا ذریعہ سمجھا گیا ہے۔

    اب اس شناخت سے جان چھڑانے کے لیے واٹس ایپ انتظامیہ نے نئے فیچر پر کام شروع کردیا ہے جو جلد ہی تمام صارفین کے لیے میسر ہوگا۔

    واٹس ایپ کی انتظامیہ اسے گوگل کے ریورس امیج سرچ سے منسلک کرنے جارہی ہے جس کے بعد بذریعہ واٹس ایپ جعلی خبروں کا پھیلاؤ اور دھوکہ دہی کا امکان کم ہوجائے گا۔

    ریورس امیج سرچ کے ذریعے موصول ہونے والی تصاویر کو چیک کرنا آسان ہوتا ہے کہ آیا یہ تصویر اصلی ہے یا جعلی، اگر اصلی ہے تو کب اور کہاں کی ہے۔ گوگل کی اس سروس کی وجہ سے جعلی خبروں اور افواہوں کے پھیلنے میں کمی کی جاسکتی ہے۔

    اس آپشن سے ان لوگوں کی جعلسازی بھی سامنے آسکے گی جو دوسرے افراد کی تصویر کو اپنی ظاہر کرتے ہیں۔

    واٹس ایپ انتظامیہ گوگل کی اس سروس کو براہ راست واٹس ایپ سے منسلک کرنے پر کام کر رہی ہے تاکہ صارف جب چاہے باآسانی اسے استعمال کر سکے۔ اس کے لیے ریورس امیج سرچ کا آپشن واٹس ایپ کے مینیو میں دستیاب ہوگا۔

    یہ فیچر بذات خود تو جعلی خبروں کے پھیلاؤ میں کمی نہیں کرے گا، البتہ یہ اس حوالے سے مدد ضرور کرے گا۔ واٹس ایپ انتظامیہ کے مطابق جعلی خبروں سے بچنے کے لیے لوگوں کا باشعور ہونا سب سے زیادہ ضروری ہے۔

    جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے واٹس ایپ اس سے قبل ’فارورڈ میسج‘ کی نشاندہی کا فیچر بھی متعارف کروا چکا ہے۔

    اس فیچر میں فارورڈ کیے جانے والے یعنی آگے بھیجے جانے والے پیغامات پر واضح طور پر ’فارورڈ میسج‘ لکھا ہوتا ہے جس کی وجہ سے لوگ اس پیغام پر یقین کرنے میں تذبذب کا شکار ہوجاتے ہیں۔

  • نئے سال میں واٹس ایپ کیسا ہوگا؟

    نئے سال میں واٹس ایپ کیسا ہوگا؟

    پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلی کیشن واٹس ایپ میں آئے دن نئے فیچرز متعارف کروائے جاتے ہیں، نئے سال کی آمد پر بھی واٹس ایپ میں کئی اہم فیچرز شامل کردیے جائیں گے۔

    آئیں دیکھتے ہیں کہ نئے سال میں ہمارے واٹس ایپ میں کیا کیا نیا ہوگا۔

    ڈارک موڈ فیچر

    واٹس ایپ میں ڈارک موڈ فیچر کا صارفین کو بے چینی سے انتظار ہے۔ ڈارک موڈ فیچر سے واٹس ایپ کی روشنی (برائٹ نیس) کم ہوگی جس سے صارف کے موبائل کی بیٹری محفوظ رہے گی۔

    اس فیچر میں واٹس ایپ کا پس منظر سیاہ جبکہ لکھا ہوا مواد یعنی ٹیکسٹ سفید ہوگا۔

    ماہرین کے مطابق واٹس ایب کا عام سفید ورژن صارفین کی آنکھوں کے لیے نقصان دہ ہے کیونکہ اس سے زیادہ روشنی خارج ہوتی ہے۔ سیاہ ورژن کم روشنی والا ہے جس سے آنکھوں کو کم نقصان پہنچے گا۔

    مقررہ وقت پر ڈیلیٹ ہوجانے والا میسج

    واٹس ایپ میں کچھ عرصہ قبل، بھیجا گیا میسج ڈیلیٹ کرنے کا فیچر متعارف کروایا گیا تھا۔ اب اسی فیچر کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے اس میں ٹائم کا بھی اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد میسج خودبخود غائب ہوجائے گا۔

    اسے ڈس اپیئرنگ میسج کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے تحت واٹس ایپ چیٹ میں جن میسجز پر نشان لگایا جائے گا، وہ مقرر کردہ وقت پر از خود ڈیلیٹ ہوجائیں گے۔ اس کی مدت 1 گھنٹے سے لے کر ایک سال تک دی گئی ہے۔

    مذکورہ میسج صارف کی منتخب کردہ مدت کے بعد غائب ہوجائے گا۔

    جعلسازی میں کمی

    واٹس ایپ کا سب سے اہم فیچر اسے گوگل کے ریورس امیج سرچ سے منسلک کرنا ہے جس کے بعد بذریعہ واٹس ایپ جعلی خبروں کا پھیلاؤ اور دھوکہ دہی کا امکان کم ہوجائے گا۔

    ریورس امیج سرچ کے ذریعے موصول ہونے والی تصاویر کو چیک کرنا آسان ہوتا ہے کہ آیا یہ اصلی تصویر ہے یا جعلی، اگر اصلی ہے تو کب اور کہاں کی ہے۔ گوگل کی اس سروس کی وجہ سے جعلی خبروں اور افواہوں کے پھیلنے میں کمی کی جاسکتی ہے۔

    اس آپشن سے ان لوگوں کی جعلسازی بھی سامنے آسکے گی جو دوسرے افراد کی تصویر کو اپنی ظاہر کرتے ہیں۔

    واٹس ایپ انتظامیہ گوگل کی اس سروس کو براہ راست واٹس ایپ سے منسلک کرنے پر کام کر رہی ہے تاکہ صارف جب چاہے باآسانی اسے استعمال کر سکے۔

  • واٹس ایپ کا ’کال ویٹنگ‘ فیچر متعارف

    واٹس ایپ کا ’کال ویٹنگ‘ فیچر متعارف

    سان فرانسسکو: پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ نے آئی او ایس ورژن استعمال کرنے والے صارفین کے لیے کال ویٹنگ فیچر متعارف کرادیا۔

    ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق آئی او ایس استعمال کرنے والے صارفین آئی فون ایپ اسٹور سے ایپلیکیشن کو اپ ڈیٹ کرکے واٹس ایپ کی نئی سہولتوں سے مستفید ہوسکتے ہیں۔

    واٹس ایپ نے متعارف کرائے جانے والے حالیہ فیچر میں چیٹ اسکرین کے ڈیزائن کو تبدیل کیا گیا جبکہ اسکین میسج کے ساتھ آواز کے ذریعے بھی پیغام بھیجنے کی سہولت پیش کردی۔

    مزید پڑھیں: واٹس ایپ کے 3 نئے متوقع فیچرز

    آئی او ایس ورژن استعمال کرنے والے صارفین کو اب ٹائپنگ کی ضرورت نہیں بلکہ وہ جو لکھنا چاہیے گے اُن الفاظ کو ادا کریں گے تو وہ خودہی میسج کی صورت سینڈ ہوجائے گا۔

    علاوہ ازیں کمپنی کی جانب سے واٹس ایپ کال ویٹنگ فیچر بھی متعارف کرایا گیا یعنی اب کال پر بات کرنے کے دوران اگر صارف کو کوئی کال کرے گا تو وہاں نمبر مصروف ہونے کے بجائے ویٹنگ بالکل اُسی طرح آجائے گا جیسے موبائل کمپنیاں سروس فراہم کرتی ہیں۔

    یاد رہے کہ واٹس ایپ کے دنیا بھر میں صارفین کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرچکی ہے، کمپنی کی جانب سے صارفین کی دلچسپی اور خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئے روز نت نئے فیچرز متعارف کرائے جاتے ہیں۔

  • اب واٹس ایپ میسج مقررہ وقت کے بعد غائب ہوجائیں گے

    اب واٹس ایپ میسج مقررہ وقت کے بعد غائب ہوجائیں گے

    رابطوں کے آسان اور مقبول ترین ذریعے واٹس ایپ میں آئے دن کوئی نہ کوئی نئی اپ ڈیٹ متعارف کروائی جاتی ہے، اب حال ہی میں ایک اور نئی اپ ڈیٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔

    واٹس ایپ میں کچھ عرصہ قبل، بھیجا گیا میسج ڈیلیٹ کرنے کا فیچر متعارف کروایا گیا تھا۔ اب اسی فیچر کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے اس میں ٹائم کا بھی اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد میسج خودبخود غائب ہوجائے گا۔

    اسے ڈس اپیئرنگ میسج کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے تحت واٹس ایپ چیٹ میں جن میسجز پر نشان لگایا جائے گا، وہ مقرر کردہ وقت پر از خود ڈیلیٹ ہوجائیں گے۔ اس کی مدت 5 سیکنڈ سے لے کر ایک گھنٹے تک دی گئی ہے۔

    اس وقت یہ فیچر بیٹا ورژن میں موجود ہے اور صدف چند افراد کو اس تک رسائی دی گئی ہے۔ اس کی آزمائش کے بعد اسے بہت جلد تمام صارفین کے لیے دستیاب کردیا جائے گا۔

    کمپنی اس فیچر کو کب تمام صارفین کو مہیا کرسکے گی، اس بارے میں کمپنی کی جانب سے کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔

  • واٹس ایپ میں اشتہارات متعارف کرائے جائیں‌ گے، فیس بک کی تصدیق

    واٹس ایپ میں اشتہارات متعارف کرائے جائیں‌ گے، فیس بک کی تصدیق

    نیویارک: دنیا کی مقبول ترین مسیجنگ اپلیکشن واٹس ایپ میں اب اشتہارات متعارف کرانے کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ اب زیادہ عرصہ اشتہارات سے پاک نہیں رہے گی۔ فیس بک نے تصدیق کی ہے کہ 2020 سے اس کی زیرملکیت ایپ میں اشتہارات اسٹیٹس کے سیکشن میں نظر آئیں گے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا نیٹ ورک کی جانب سے یہ اعلان فیس بک کی سالانہ مارکیٹنگ کانفرنس میں کیا گیا جس کا انعقاد گزشتہ دنوں نیدرلینڈ میں ہوا۔ کانفرنس میں موجود بی کنکٹ ڈیجیٹل مارکیٹنگ ایجنسی کے اولیور پونٹے ویلی نے مختلف ٹوئیٹس میں تصاویر پوسٹ کیں جن میں دکھایا گیا کہ اس ایپ میں اشتہارات کس طرح نظر آئیں گے۔

    واٹس ایپ کے نائب صدر کرس ڈینیئل نے کئی ماہ قبل ہی اس بات کی تصدیق کردی تھی کہ اشتہارات کی اس اپلیکشن میں آمد ہورہی ہے تو یہ نئی پیشرفت حیران کن نہیں۔ درحقیقت یہ زیادہ حیران کن ہے کہ اب تک آئی او ایس اور اینڈرائیڈ پر اشتہارات دکھانے کا سلسلہ شروع کیوں نہیں ہوا کیونکہ پہلے 2019 کے بارے میں کہا جارہا تھا کہ اس سال اشتہارات اس ایپ کا حصہ بنیں گے۔

    اکتوبر 2018 میں واٹس ایپ کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ کمپنی اس سروس کے ذریعے پیسے کمانے کے لیے تیار ہے اور کاروباری اداروں کو اشتہارات چلانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ فیس بک واٹس ایپ سے آمدنی کے حصول کی تیاری کررہی ہے اور اس مقصد کے لیے ایپ کے اسٹیٹس سیکشن میں اشتہارات دکھائے جائیں گے۔

    ہواوے موبائلز پر گوگل اور اینڈرائڈ سسٹم بند

    انہوں نے بتایا کہ فیس بک واٹس ایپ فار بزنس ایپ سے بھی آمدنی کے حصول کا منصوبہ تیار کررہی ہے جو کہ فی الحال کاروباری اداروں کے لیے مفت ہے۔ فیس بک کی جانب سے کاروباری اداروں سے اس پلیٹ فارم میں اشتہارات دکھانے کے عوض فیس لی جائے گی اور یہ اشتہارات واٹس ایپ میں کمپنیوں کی پروفائل سے لنک ہوں گے۔

  • واٹس ایپ نے شکایت کے لیے کسٹمر سروس کا فیچر متعارف کرادیا

    واٹس ایپ نے شکایت کے لیے کسٹمر سروس کا فیچر متعارف کرادیا

    سان فرانسسکو: پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل اپیلیکشن واٹس ایپ نے بزنس ورژن استعمال کرنے والے صارفین کے لیے کسٹمر سروس کا فیچر متعارف کرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ نے ایک برس قبل کاروباری شخصیات کے لیے علیحدہ فیچرز کا حامل ’بزنس ورژن‘ متعارف کرایا تھا جو بہت کامیاب رہا تھا کیونکہ اب دنیا بھر میں اس کے صارفین کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔

    واٹس ایپ بزنس ورژن دراصل کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جس کے تحت مارکیٹنگ، آرڈر بکنگ وغیرہ بھی کی جاتی ہے۔

    کمپنی نے ایک برس قبل بزنس ورژن استعمال کرنے والے صارفین پر خرید و فروخت کے عوض فیس عائد کی جس کے تحت وہ جب مختلف چیزوں کے آرڈر، پاسز وغیر کی بکنگ کرتے ہیں تو انہیں 0.5 سے 0.9 سینٹ تک گارنٹی رقم سیکیورٹی ڈیپازٹ کی مد میں دینا پڑتی ہے۔

    ابتدائی ایام میں واٹس ایپ نے بزنس ورژن صرف اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرایا تھا بعد میں آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم کے لیے بھی اس کی سہولت فراہم کی گئی۔

    مزید پڑھیں: واٹس ایپ کا مخصوص صارفین سے پیسے لینے کا فیصلہ

    یہ بھی پڑھیں: اب واٹس ایپ پر کاروبار کرنا ممکن

    واٹس ایپ بزنس استعمال کرنے والے صارفین کو شکایت تھی کہ وہ اپنے مذکورہ آرڈر کی بکنگ کے بعد کمپنی سے چیٹ کے ذریعے ہی رابطہ کرتے ہیں جسے کمپنی نے اب دور کردیا۔

    بزنس ورژن میں واٹس ایپ نے فوری جواب دینے اور کمپنی کے نمبر پر کال کرنے سمیت کسٹمر سروس فراہم کرنے کا فیچر متعارف کرادیا جس کے تحت گاہک اپنے آرڈر کی بکنگ کے بعد کمپنی سے رابطہ کرسکتے ہیں ساتھ ہی صارفین کو ایک اور فیچر کی سہولت دی گئی جس کے تحت اُن کا واٹس ایپ میسج فیس بک پیج کے انباکس میں بھی جائے گا۔

    کمپنی ترجمان کے مطابق واٹس ایپ کسٹمر سروس کا فیچر ویب لاگ ان کے ذریعے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

  • واٹس ایپ نے صارفین پر نئی پابندی عائد کردی

    واٹس ایپ نے صارفین پر نئی پابندی عائد کردی

    کیلی فورنیا: پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلیکشن واٹس ایپ نے صارفین پر نئی پابندی عائد کردی جس کے بعد وہ صرف پانچ لوگوں کو پیغام ارسال کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ کے ذریعے افواہوں کے پھیلنے کا سلسلہ شروع ہوا جس سے بھارت سب سے زیادہ متاثر ہوا، دنیا بھر میں جعلی خبروں کو روکنے کے لیے  کمپنی نے گزشتہ برس سے کام شروع کردیا تھا۔

    واٹس ایپ نے گزشتہ برس میسج فارورڈ کرنے کے حوالے سے نئی پابندیوں کا اطلاق کرتے ہوئے اسے صرف 20 صارفین تک محدود کردیا تھا، بعد ازاں کمپنی نے فاروڈ میسج کی نشاندہی کے حوالے سے بھی فیچر متعارف کرایا تھا۔

    مزید پڑھیں: واٹس ایپ پر ٹائپنگ کے بغیر میسج لکھیں، نیا فیچر متعارف

    ایک روز قبل واٹس ایپ نے فارورڈ میسج کے حوالے سے نئی پابندیوں کا اطلاق کردیا جس کے تحت صارف ایک میسج کا انتخاب کر کے اُسے بیک وقت پانچ لوگوں بشمول گروپس میں فارورڈ کرسکے گا، اگر کوئی صارف زیادہ لوگوں کو میسج بھیجنا چاہتا ہے تو اُسے کاپی کر کے علیحدہ علیحدہ گروپس یا نمبرز پر جاکر شیئر  کرنا ہوگا۔

    واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سےصارفین کو متاثر کرنے کے لیے آئے روز نت نئے فیچرز متعارف کروائے جاتے ہیں جس کا مقصد بہتر سروس کی فراہمی اور پلیٹ فارم کا مثبت استعمال ہے۔

    انتظامیہ نے رواں سال کے آغاز کے بعد ویسے تو ایپلی کیشن میں بہت سی اہم تبدیلیاں کیں، نئے فیچرز کے آنے کا سلسلہ آئندہ  بھی جاری رہے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ پیغامات فارورڈ کرنے کے حوالے سے نئی پابندیوں کا اعلان

    قبل ازیں  واٹس ایپ کے صارفین بیک وقت اپنی مرضی کے مطابق لاتعداد دوستوں اور گروپس میں میسج شیئر کرسکتے تھے البتہ اب وہ ایسا نہیں کرسکیں گے۔

    یاد رہے کہ واٹس ایپ اپنی سروس 180 ممالک میں فراہم کررہا ہے، اپلیکشن استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرچکی ہے۔

  • واٹس ایپ پر ٹائپنگ کے بغیر میسج لکھیں، نیا فیچر متعارف

    واٹس ایپ پر ٹائپنگ کے بغیر میسج لکھیں، نیا فیچر متعارف

    کیلی فورنیا: پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل اپیلیکشن نے تمام صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کردیا جس کے تحت اب وہ بغیر ٹائپنگ کے میسج لکھ کر بھیج سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق موبائل فون کی معروف مسیجنگ ایپلیکشن واٹس ایپ کے دنیا بھر میں کروڑوں صارفین موجود ہیں، گزشتہ برس اکتوبر کے آخر تک جمع ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق  پیغام رسانی کی ایپ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرچکی جبکہ روزانہ سیکڑوں کی تعداد میں نئے صارفین اس پلیٹ فارم سے جڑتے ہیں۔

    حالیہ سروے کے مطابق واٹس ایپ نے سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ استعمال ہونے والی اپلیکشن کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا جبکہ فیس بک کے صارفین میں گزشتہ ایک برس کے دوران کمی ہوئی۔

    واٹس ایپ کی سروس 180 ممالک میں استعمال کی جارہی ہے، اسی باعث کمپنی آئے روز صارفین کو متاثر کرنے کے لیے نت نئے فیچرز متعارف کراتی ہے۔

    مزید پڑھیں: واٹس ایپ کی غلطی، صارفین کو بڑے نقصان کا سامنا

    یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ تک رسائی کے لیے ’فنگر پرنٹ‘ لازمی، فیچر کی آزمائش کا آغاز

    تازہ اطلاعات کے مطابق تمام صارفین کےلیے ایسا فیچر متعارف کرایا جو اس سے پہلے استعمال نہیں ہورہا تھا۔ کمپنی کے ماہرین نے کی بورڈ کے ساتھ مائیک کو جوڑ دیا جس میں اگر کوئی لفظ بولا جائے گا تو سسٹم خود بہ خود تحریر کردے گا۔

    طریقہ استعمال

    اگر صارف کے پاس وقت نہیں اور وہ کسی کو جوابی پیغام بھی بھیجنا چاہ رہا ہے تو آسانی سے ارسال کرسکتا ہے، اس کے لیے کرنا یہ ہوگا کہ وہ ایپ کھولے کی بورڈ پر نظر آنے والے مائیک پر کلک کرے اور اپنی جو جواب دینا ہے وہ بولے، سسٹم اسے خود ہی الفاظ میں تحریر کردے گا۔

  • واٹس ایپ کی غلطی، صارفین کو بڑے نقصان کا سامنا

    واٹس ایپ کی غلطی، صارفین کو بڑے نقصان کا سامنا

    کیلی فورنیا: پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلیکشن واٹس ایپ کے انجینئرز سے ہونے والی غلطی کا خمیازہ صارفین بھگتنے لگے۔

    ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ واٹس ایپ کے انجینئرز نے نئے فیچر پر کام شروع کیا جس کے دوران اُن سے سنگین غلطی سر زد ہوئی۔

    ڈؤیلپرز کی غلطی کا خمیازہ صارفین کو اس طرح بھگتنا پڑا کہ اُن کے پرانے میسجز ڈیلیٹ ہوگئے۔

    اس ضمن میں صارفین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر کمپنی سے شکایت بھی کی مگر واٹس ایپ کی جانب سے ابھی تک کوئی تصدیق یا تردید نہیں ہوسکی۔

    مزید پڑھیں: واٹس ایپ تک رسائی کے لیے ’فنگر پرنٹ‘ لازمی

    واٹس ایپ پر نظر رکھنے والے ادارے ’ڈبلیو اے بیٹا انفو‘ نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ صارفین کے پیغامات خود بہ خود ڈیلیٹ ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔

    یہ بھی اطلاعات سامنے آئیں کہ واٹس ایپ کے ماہرین نے سامنے آنے والے BUG پر کچھ حد تک قابو پالیا، جس کے بعد آئی او ایس صارفین کے پرانے پیغامات انہیں دوبارہ موصول ہونے لگے جبکہ اینڈرائیڈ صارفین کی شکایات تاحال برقرار ہے۔

    واٹس ایپ کے نئے فیچرز

    دوسری جانب واٹس ایپ نے آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم استعمال کرنے والے صارفین کے لیے نئے فیچرز بھی متعارف کرائے جس سے صرف بیٹا ورژن استعمال کرنے والے استفادہ کرسکتے ہیں۔

    اسے بھی پڑھیں: واٹس ایپ نے نئے فیچر پر کام شروع کردیا

    واٹس ایپ کی جانب سے گروپ چیٹ پرائیوٹ رپلائی کا فیچر متعارف کرایا گیا جس کے تحت کوئی بھی صارف گروپ میں موجود دوست کو پرائیوٹ میسج بھیج سکتا ہے علاوہ ازیں کمپنی نے نئے اسٹیکرز بھی متعارف کروائے۔

    صارفین کی تعداد میں اضافہ

    کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والے تازہ اعداد و شمار کے مطابق 180 ممالک میں واٹس ایپ صارفین کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرچکی ہے، جسے کسی بھی موبائل ایپ کا برا سنگِ میل قرار دیا جارہا ہے۔