Tag: Whatsapp

  • ویڈیو کالز : واٹس ایپ کا نیا فیچر متعارف

    ویڈیو کالز : واٹس ایپ کا نیا فیچر متعارف

    کیلیفورنیا : ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کی ذیلی پیغام رساں ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے صارفین کی سہولت کیلئے اینڈرائیڈ بِیٹا ورژن کیلئےایک اور دلچسپ فیچر متعارف کروا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے حریف ایپس سے مقابلے کے لیے ہر ماہ ہی نئے فیچرز متعارف کرائے جاتے ہیں۔ اب میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ میں ایک اور دلچسپ فیچر کا اضافہ ہونے والا ہے۔

    میسجنگ ایپ کی اپ ڈیٹ پر نظر رکھنے والی سائٹ ڈبلیو اے بیٹاانفو کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے ایپ کے بیٹا ورژن میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔

    اس فیچر کے ذریعے صارفین ویڈیو کالز کے دوران اپنے تھری ڈی اواتار کو استعمال کر سکیں گے۔

    خیال رہے کہ میٹا کی ایپس جیسے واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹا گرام میں ڈیجیٹل اواتار کا فیچر کافی عرصے سے موجود ہے اور اب میسجنگ ایپ کے لیے اسے مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق جب صارف اپنے اواتار کو ویڈیو کال کے لیے استعمال کرتا ہے تو وہ چہرے کی حرکت اور تاثرات کی رئیل ٹائم میں نقل کرتا ہے۔ صارفین ویڈیو کال کے دوران اس فیچر کو ٹرن آف بھی کرسکتے ہیں۔

    بیٹا ورژن استعمال کرنے والے جن صارفین کو یہ فیچر دستیاب ہے ان کے سامنے ویڈیو کال کے دوران اس کا آپشن نظر آتا ہے اور اسے استعمال کرنے کے لیے سوئچ ٹو اواتار بٹن پر کلک کرنا ہوتا ہے۔

    خیال رہے کہ اس طرح کا فیچر جولائی میں فیس بک اور انسٹاگرام میں بھی متعارف کرایا گیا تھا تو یقیناً واٹس ایپ میں بھی یہ اس سے ملتا جلتا ہوگا۔

    یعنی اگر آپ میٹا کی دیگر ایپس میں اس فیچر کو استعمال کرچکے ہیں تو اندازہ لگاسکتے ہیں کہ واٹس ایپ پر اس کا تجربہ کیسا ہوگا۔

    فی الحال یہ فیچر بیٹا ورژن میں دیا گیا ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ تمام صارفین کے لیے اسے کب تک متعارف کرایا جائے گا۔

  • واٹس ایپ کا ای میل ایڈریس سے متعلق نیا سیکیورٹی فیچر

    واٹس ایپ کا ای میل ایڈریس سے متعلق نیا سیکیورٹی فیچر

    واٹس ایپ کی جانب سے ای میل ایڈریس سے متعلق ایک نئے سیکیورٹی فیچر پر کام جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میٹا کی ملکیت واٹس ایپ نے حال ہی میں کئی نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں، اب سیکیورٹی کو لے کر ایک اور فیچر متعارف ہونے جا رہا ہے۔

    واٹس ایپ بیٹا انفو کے مطابق کمپنی اب بہتر سیکیورٹی کے لیے ای میل کے حوالے سے سیکیورٹی سخت کرنا چاہتی ہے، اس سلسلے میں واٹس ایپ کے صارفین کے ای میل ایڈریس سے منسلک سیکیورٹی فیچر متعارف کرایا جائے گا، جس سے سیکیورٹی میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

    واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ یہ فیچر اختیاری ہوگا اور یہ موجودہ ٹو اسٹیپ ویریفکیشن پروسس سے الگ ہوگا، اس میں بھی ای میل ایڈریس استعمال ہوتے ہیں۔

    اس سال کے شروع میں واٹس ایپ نے مختلف سیکیورٹی فیچرز متعارف کرائے ہیں، جیسا کہ مختلف ڈیوائسز پر اکاؤنٹس کی غیر مجاز منتقلی سے تحفظ اور خودکار کوڈز کے ذریعے سیکیورٹی کوڈ کی توثیق کو آسان بنانا، تاہم یہ نیا فیچر موجودہ پروسس سے کس طرح مختلف ہوگا، اس سلسلے میں تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

    تاہم یہ کہا جا رہا ہے کہ یہ فیچر مخصوص حالات میں صارف کے اکاؤنٹ کے تحفظ اور تصدیق کے لیے ایک امید افزا ٹول ثابت ہوگا، ای میل پر مبنی یہ سیکیورٹی فیچر ابھی تیاری کے مرحلے میں ہے اور اسے مستقبل میں واٹس ایپ بیٹا اپ ڈیٹ میں لانچ کیا جائے گا۔

  • پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں واٹس ایپ سروس کچھ دیر کے لیے معطل

    پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں واٹس ایپ سروس کچھ دیر کے لیے معطل

    کراچی: پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں واٹس ایپ کی سروس کچھ دیر کے لیے معطل رہنے کے بعد بحال ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ واٹس ایپ کی سروس دنیا کے مختلف ممالک میں کچھ دیر معطل رہنے کے بعد بحال ہو گئی ہے۔

    پاکستان، برطانیہ، امریکا، کینیڈا سمیت مختلف ممالک میں واٹس ایپ کی سروس تقریباً آدھا گھنٹہ متاثر رہی، واٹس ایپ سروس کی بندش کا معاملہ فوراً ہی ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

    واٹس اپ کی جانب سے خرابی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی، معطلی کے دوران پاکستان سمیت امریکا، برطانیہ اور کینیڈا میں صارفین کو پیغامات بھیجنے میں مشکل پیش آئی۔

  • واٹس ایپ صارفین خوش ہوجائیں ان کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا

    واٹس ایپ صارفین خوش ہوجائیں ان کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا

    واٹس ایپ استعمال کرنے والے صارفین خوش ہوجائیں ان کے لیے فون بک میں محفوظ نہ ہونے والے نمبرز پر بھی پیغام بھیجنے کے عمل کو آسان بنا دیا گیا۔

    اب رابطے کی مشہور زمانہ ایپ سے صارفین کو ان نمبرز پر بھی پیغام بھیجنے میں آسانی ہوگی جو ان کے فون بک میں محفوظ نہیں ہیں، جس کے لیے انھیں تازہ ترین ورژن کو ڈائون لوڈ کرنا ہوگا۔

    ماہانہ بنیادوں پر نگاہ ڈالی جائے تو اربوں صارفین رابطے کے لیے واٹس ایپ کا استعمال کرتے ہیں، تاہم نئے کانٹیکٹس تک پہنچنا ان کے لیے آسان نہیں ہوتا تھا، اگر آپ نے کوئی نمبر اپنی فون بک میں محفوظ نہیں کیا تو اس پلیٹ فارم پر کسی کو میسج کرنے کا کوئی آسان طریقہ موجود نہیں تھا۔

    واٹس ایپ کی جانب سے اس مسئلے کا حل ڈھونڈتے ہوئے اسے آسان بنایا جارہا ہے، اب صارفین کو نامعلوم نمبرز کے ساتھ چیٹ کرنے میں آسانی ہوگی۔

    اگلی بار جب آپ کو واٹس ایپ پر کسی نامعلوم نمبر پر میسج کرنا ہو تو پلیٹ فارم پر ایک نئی چیٹ شروع کریں، اس کے بعد سرچ بار میں نمبر ٹائپ کرنے پرایک چیٹ بٹن نمودار ہو گا۔

    اس چیٹ بٹن کے ذریعے آپ اس شخص کے ساتھ بات چیت شروع کر سکتے ہیں جس کا نمبر آپ کے فون میں محفوظ نہیں۔

    ویبیٹیل انفو کی جانب سے اطلاع دی گئی ہے کہ مذکورہ فیچر پہلے سے ہی آئی فون اور اینڈرائیڈ کے تازہ ترین واٹس ایپ پر موجود ہے۔

    اگر آپ کے واٹس ایپ میں چیٹ کا آپشن ظاہر نہیں ہوتا ہے تو پلے اسٹور سے تازہ ترین واٹس ایپ ورژن اپ ڈیٹ کرلیں، میٹا نے ابھی ایک ’سرور سائیڈ‘ کے طور پر اس کا افتتاح کیا ہے، لہذا اسے ظاہر ہونے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

  • واٹس ایپ گروپس کے ذریعے قربانی کے سستے جانور لینے والے ہوشیار

    واٹس ایپ گروپس کے ذریعے قربانی کے سستے جانور لینے والے ہوشیار

    کراچی: واٹس ایپ اور فیس بک گروپس کے ذریعے قربانی کے سستے جانور لینے والے ہوشیار ہو جائیں، ایف آئی اے نے نوسرباز گروہ سے خبردار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں قربانی کے سستے اور پرکشش جانور ہوم ڈیلیوری کے جھانسے کے ساتھ فروخت کرنے والے نوسر باز سرگرم ہو گئے ہیں۔

    ایف آئی اے نے سوشل میڈیا پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت سے عوام کو خبردار کر دیا، ادارے کا کہنا ہے کہ فیس بک اور واٹس اپ گروپ پر قربانی کے جانوروں کی فروخت پر عوام محتاط رہیں۔

    اس سلسلے میں ایف آئی اے نے نوسر باز گروہوں سے خبردار کرنے کی ایک مہم شروع کر دی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ جعل ساز سوشل میڈیا پر قربانی کے جانوروں کی پرکشش قیمت دکھاتے ہیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق سستے جانور کے حصول میں شہری رقم ایزی پیسہ کرتے ہیں، جانور ہوم ڈیلوری کے چارجز علیحدہ وصول کیے جاتے ہیں، جعل ساز ایڈوانس رقم لے کر بکنگ کے جانور کی پکچر واٹس اپ کر دیتے ہیں، تاہم اس کے بعد وہ ہر قسم کا رابطہ منقطع کر دیتے ہیں۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق آگاہی کا مقصد آن لائن فراڈ کو روکنا اور عوام میں شعور بیدار کرنا ہے، اس سلسلے میں ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوسرباز کیسے دھوکا دیتے ہیں۔

  • واٹس ایپ: چیٹ پر لاک لگانے سمیت کئی نئے فیچرز کا تجربہ

    واٹس ایپ: چیٹ پر لاک لگانے سمیت کئی نئے فیچرز کا تجربہ

    دنیا بھر میں مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ نئے نئے فیچرز متعارف کرواتی رہتی ہے، اب حال ہی میں واٹس ایپ کے 3 مزید نئے فیچرز کا تجربہ شروع کردیا گیا ہے جسے جلد ہی تمام صارفین کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

    واٹس ایپ بِیٹا ریلیز چینل پر 3 نئے فیچرز لانے والا ہے، اس کا پہلا فیچر آئی او ایس (آئی فون) پر صارفین کی چیٹ کو لاک کرنے کا ہوگا۔ واٹس ایپ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک مزید فیچر لانچ کرنے والا ہے جس سے صارفین اپنا واٹس ایپ سٹیٹس اپنے فیس بک فرینڈز کو دکھا سکتے ہیں۔

    اس کے علاوہ بِیٹا ٹیسٹرز واٹس ایپ کا نیا فیچر وائس ٹرانسکرپشن فیچر بھی استعمال کر سکتے ہیں جس کے ذریعے وائس نوٹ (آڈیو میسج) الفاظ میں تبدیل کیا جاسکے گا۔ یہ فیچر آئی او ایس پر ایپ کے نئے ورژن پر موجود ہوگا۔

    ان تمام نئے فیچرز میں وائس ٹرانسکرپشن واحد فیچر ہے جسے چلانے کے لیے آئی او ایس 16 کی اپڈیٹ کی ضرورت ہوگی۔

    واٹس ایپ کے مطابق چیٹ لاک کا آپشن ایک مرتبہ لگا دینے کے بعد اسے کھولنے کے لیے آئی فون پر فیس آئی ڈی یا ٹچ آئی ڈی سے تصدیق کرنی ہوگی۔ صارفین چیٹ انفارمیشن سیکشن کو استعمال کر سکتے ہیں یا پھر ایک نئے آپشن لاکڈ چیٹس پر جا کر ان چیٹس کو کھول سکتے ہیں۔

    ایک مرتبہ چیٹ لاک ہو جانے کے بعد میسج بھیجنے والے صارف اور اسے موصول کرنے والے صارف کے نام ٹریکر چھپا دے گا، جبکہ تصاویر اور ویڈیوز خود بخود گیلری میں محفوظ نہیں ہوں گی۔

    واٹس ایپ اپنا تعلق فیس بک سے واٹس ایپ سٹیٹس کے براہ راست شیئر کرنے کے ذریعے سے مزید گہرا کر رہا ہے۔ اینڈرائیڈ پر واٹس ایپ کے صارف اپنے فیس بک فرینڈز سے اپنا سٹیٹس تیزی سے شیئر کر سکیں گے۔

    اس سے قبل صارفین اپنا سٹیٹس فیس بک پر شیئر کر سکتے تھے، تاہم اس کے لیے انہیں ایپ کو چھوڑنا پڑتا تھا۔

    واٹس ایپ نے حالیہ دنوں میں آئی او ایس پر وائس ٹرانسکرپشن فیچر متعارف کروانا شروع کیا ہے۔ اس فیچر سے صارفین کو بغیر ہینڈ فری لگائے یا بغیر فون سپیکر کے، وائس نوٹ کو لکھے ہوئے الفاظ میں پڑھنے کی سہولت ملے گی۔

    یہ فیچر ایسی صورتحال میں مفید ثابت ہو سکتا ہے جہاں کسی کے لیے وائس نوٹ سننا مشکل ہوگا۔

    واٹس ایپ بِیٹا انفو کے مطابق وائس ٹرانسکرپشن فیچر آئی او ایس کی ڈیوائس پر لگایا جائے گا جبکہ اسے واٹس ایپ کے سرورز پر نہیں لگایا جائے گا جس کے تحت صارفین کے درمیان وائس پیغامات اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے تحت محفوظ رہیں گے۔

    ایپ لینگوئج پیک بھی متعارف کروائے گی جس کے ذریعے وائس نوٹ مختلف زبانوں میں ٹرانسکرپٹ کیا جا سکے گا، اس فیچر کے ذریعے وائس نوٹ سے لکھا جانے والا میسج سرچ بھی کیا جا سکے گا۔

  • واٹس ایپ ودیگر ایپس نے برطانوی اقدام کی مخالفت کردی

    واٹس ایپ ودیگر ایپس نے برطانوی اقدام کی مخالفت کردی

    واٹس ایپ اور دیگر میسجنگ سروسز نے "اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن” کے خاتمے کے برطانوی منصوبے کی شدید مخالفت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ مجوزہ انٹرنیٹ سیفٹی قانون میں ٹیک کمپنیوں کو مجبور کرنے جارہا ہے کہ وہ نجی میسجز میں ‘اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن’ کو ختم کرے، تاہم واٹس ایپ، سنگل اور پانچ دیگر ایپس نے اس منصوبے کے خلاف اتحاد کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔

    اس سلسلے میں ٹیک کمپنیوں نے ایک کھلے خط پر دستخط کیے ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ اس قانون کے ذریعے ایک "غیر منتخب اہلکار” کو دنیا بھر میں اربوں لوگوں کی نجی مملومات اور رازداری ختم کرنے کا اختیار مل جائے گا۔

    آن لائن سیفٹی بل کیا ہے؟

    برطانیہ کا آن لائن سیفٹی بل اصل میں فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور یوٹیوب جیسے پلیٹ فارمز کو ریگولیٹ کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے جس کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں اور ان کے تعلقات تک رسائی حاصل کرنا ہے۔

    برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ بل کسی بھی طرح سے "اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن” پر پابندی کی حمایت نہیں کرتا اور نہ ہی اس کا مقصد عام لوگوں کی نجی معلومات تک رسائی حاصل کرنا ہے۔

    دوسری جانب خط پر دستخط کرنے والوں کا کہنا ہے کہ برطانیہ کا یہ اقدام "اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن” سے مطابقت نہیں رکھتا جو صارف کے پیغام کو صرف بھیجنے والے اور وصول کنندہ کے درمیان محفوظ رکھتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آن لائن سیفٹی بل برطانیہ کے ہر شہری اور ان لوگوں کی نجی معلومات کی حفاظت اور سلامتی کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے جن کے ساتھ وہ دنیا بھر میں گفتگو کرتے ہیں۔

    برطانوی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ ہم شہریوں کے اس حق کی بھرپور حمایت کرتے ہیں کہ ان کی نجی معلومات تک کسی کو رسائی حاصل نہ ہو لیکن یہ کام جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کرنے اور قانون کی عمل داری میں رکاوٹ کی قیمت پر نہیں ہوسکتا۔

    "ٹیک کمپنیوں کا اخلاقی فرض ہے کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ اپنے پلیٹ فارمز سے بچوں کے جنسی استحصال کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہوںے دیں گے۔

    واضح رہے کہ "اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن” اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ پیغام میں بھیجی گئی چیزوں کو آپ اور اس شخص کے علاوہ کوئی بھی پڑھ یا سن نہیں سکتا جس سے آپ بات چیت کر رہے ہیں، یہاں تک کہ واٹس ایپ بھی نہیں۔

  • واٹس ایپ میں ایک اور نیا فیچر متعارف

    واٹس ایپ میں ایک اور نیا فیچر متعارف

    دنیا بھر میں مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ میں آئے روز نئے نئے فیچرز متعارف کروائے جاتے ہیں اور حال ہی میں ایک اور کارآمد فیچر متعارف کروایا گیا ہے۔

    واٹس ایپ میں متعدد نئے فیچرز کا اضافہ ہوچکا ہے اور اسی لیے یہ دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ ہے، مگر اس ایپ میں اتنے زیادہ فیچرز اور فنکشنز موجود ہیں کہ انہیں یاد رکھنا یا ڈھونڈنا اکثر افراد کے لیے آسان نہیں ہوتا۔

    یہی وجہ ہے کہ واٹس ایپ میں ایک ایسا نیا فیچر متعارف کروایا جا رہا ہے جو صارفین کی زندگی کو آسان بنائے گا۔

    وی بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے نئے بیٹا ورژن میں سیٹنگز میں سرچ آپشن کو متعارف کروایا گیا ہے۔

    واٹس ایپ سیٹنگز میں متعدد آپشنز موجود ہوتے ہیں جن کو ڈھونڈنا اکثر مشکل ہوتا ہے اور اسی لیے سیٹنگز مینیو میں ایک نئے سرچ بٹن کا اضافہ کیا گیا ہے۔

    اس سرچ آپشن کے ذریعے آپ مطلوبہ سیٹنگ یا فیچر تک براہ راست پہنچ سکتے ہیں اور سیٹنگز کے اندر جا کر ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    جیسے واٹس ایپ بیک اپ کو دیکھنا چاہتے ہیں، پرائیوسی سیٹنگز پر نظر ڈالنا چاہتے ہیں یا فون پر موجود واٹس ایپ میڈیا فائلز کو ڈیلیٹ کرنا چاہتے ہیں، تو کسی بھی آپشن کے لیے سیٹنگز مینیو میں جا کر وقت ضائع کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    بظاہر تو یہ معمولی تبدیلی نظر آتی ہے مگر یہ انتہائی کارآمد ہے اور یقیناً آپ کو پسند آئے گی۔

  • واٹس ایپ پر وائس میسج سے پریشان افراد کے لیے زبردست فیچر

    واٹس ایپ پر وائس میسج سے پریشان افراد کے لیے زبردست فیچر

    دنیا بھر میں مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ رابطے کا اہم ذریعہ بن چکی ہے، تاہم یہ کبھی کبھار الجھن کا سبب بھی بن جاتی ہے خاص طور پر اس وقت جب آپ کو کسی کے طویل وائس میسجز موصول ہونے لگیں۔

    باتوں کے شوقین افراد کئی کئی منٹ طویل وائس میسج بھیج دیتے ہیں یہ جانے بغیر کہ میسج وصول کرنے والا شخص ان کے وائس میسجز سے بیزاری اور کتاہٹ محسوس کر رہا ہے۔

    تاہم اب ایسے پریشان افراد کے لیے واٹس ایپ نیا فیچر متعارف کروانے جارہا ہے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے آڈیو میسج کو ٹیکسٹ میں تبدیل کرنے کا فیچر متعارف کروا دیا ہے۔

    میسج وصول کرنے والا شخص اگر وہ وائس میسج نہیں سننا چاہتا تو وہ ان کا ٹرانسکرپٹ پڑھ سکتا ہے۔

    یہ تحریر صرف صارف کی ڈیوائس میں ہی سامنے آئے گی، یہ واٹس ایپ کے سرور میں محفوظ نہیں ہوگی۔

    فی الحال اس فیچر کو آئی فون کے لیے پیش کیا گیا ہے اور اس پر مزید کام بھی جاری ہے کیونکہ ابھی یہ فیچر بعض زبانوں اور بعض الفاظ کو ٹرانسکرپٹ نہیں کرسکتا۔

    اس فیچر کو مستقل طور پر اور اینڈرائڈ ڈیوائسز کے لیے کب پیش کیا جائے گا، اس بارے میں ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا۔