کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی، مہران ٹاؤن میں شوہر کے ہاتھوں جلائی گئی خاتون نے دم توڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق لواحقین کا کہنا ہے کہ 23 سالہ رابعہ کو 14 مارچ کو اس کے شوہر وقاص نے جھگڑے پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تھی، جس کے بعد وہ سول اسپتال کے برنس سینٹر میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا تھی، تاہم جاں بر نہ ہو سکی۔
برنس سینٹر کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ رابعہ کا چہرہ اور سینہ بری طرح متاثر ہوا تھا، اور جسم 50 فی صد جھلس گیا تھا، کئی ماہ زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے والی رابعہ کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے۔

ادھر کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے رابعہ کے شوہر وقاص کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، ملزم کو جیل بھیجا جا چکا ہے، تفتیشی پولیس کا کہنا ہے کہ رابعہ کی موت کے بعد اب کیس میں قتل کی دفعہ بھی شامل کی جائے گی۔
تفتیش کے دوران ملزم وقاص کے والد کا بھی رابعہ کو جلانے کے واقعے میں کردار سامنے آیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ اگر یہ کردار ثابت ہو گیا تو ملزم کے والد کو بھی گرفتار کریں گے، مضبوط کیس بنا رہے ہیں اور ملزم کو عدالت سے سخت سزا دلوائیں گے۔
دریں اثنا، کراچی کے علاقے لیاقت آباد ڈاکخانے کے قریب فائرنگ سے 2 لڑکے زخمی ہوئے ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 16 سال کا انس اور 14 سال کا عبدالواسع شامل ہے، جنھیں عباسی شہید اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی لڑکے دوستوں کے ہمراہ موٹر سائیکلوں پر گلیوں میں گھوم رہے تھے، نامعلوم شخص نے لڑکوں کو ڈرانے کے غرض سے زمین پر فائر کر دیے، تاہم گولی زمین سے ٹکرا کر لڑکوں کو لگ گئی، اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں اور فائرنگ کرنے والے شخص کو بھی تلاش کیا جا رہا ہے۔