Tag: wife

  • لازوال محبت، بیوی کے انتقال کی خبر سُن کر شوہر بھی چل بسا

    لازوال محبت، بیوی کے انتقال کی خبر سُن کر شوہر بھی چل بسا

    کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں شوہر بیوی کی وفات کا صدمہ برداشت نہ کرسکا اور دار فانی سے کوچ کرگیا، میاں بیوی کی نماز جنازہ ایک ساتھ ادا کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے نصیر آباد کے علاقے محبت شاخ کی رہائشی خاتون نور بی بی قضائے الہی سے انتقال کرگئی تھیں جس کا صدمہ اُن کے شوہر حاجی مراد بخش مینگل برداشت نہ کرسکے اور وہ بھی انتقال کرگئے۔

    بڑے صاحبزادے کے مطابق والد ڈیرہ مراد جمالی کے نواحی گاؤں میں بھائی کے ساتھ رہائش پذیر تھے جنہیں والدہ کے انتقال کی خبر دی تو وہ صدمہ برداشت نہ کرسکے اور دوپہر انتقال کرگئے۔

    مرحوم کا جسد خاکی آج صبح اُن کے آبائی علاقے پہنچائی گئی جس کے بعد دونوں میاں بیوی کی نماز جنازہ ایک ساتھ ادا کی گئی، اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار اور بچے غم سے نڈھال تھے۔

    محبت و پیار کی مثال قائم کرنے والے شوہر اور اُن کی اہلیہ کو ایک دوسرے کے پہلو میں ہی سپرد خاک کیا گیا۔

  • سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ

    سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ

    اسلام آباد : وزارت خارجہ نے اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کے سفارتی پاسپورٹ منسوخ کردیئے، یہ اقدام وقت مقررہ پر سفارتی پاسپورٹ واپس نہ کرنے کی وجہ سے اٹھا یا گیا۔

      تفصیلات کے مطابق آمدنی سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں اشتہاری اور مفرور ملزم و سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کے پاسپورٹ منسوخ کردیئے ہیں۔

    قانون کے مطابق اسحاق ڈار اپنا عہدہ چھوڑنے کے30 دن کے اندر سفارتی پاسپورٹ واپس کرنے کے پابند تھے تاہم پاسپورٹ مقررہ مدت میں واپس نہ کرنے پر دونوں کے پاسپورٹ منسوخ کر دیئے گئے۔

    اس حوالے سے قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کے منسوخی سے لندن میں موجود اسحاق ڈار برطانیہ کے باہر سفر نہیں کرسکتے تاہم وہ برطانیہ میں سیاسی پناہ لے سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ نیب نے اسحاق ڈار کو واپس لانے کے لئے انٹرپول سے بھی رابطہ کر رکھا ہے۔ اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کو ہر صورت واپس لانے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی تھی۔

    مزید پڑھیں: اسحاق ڈار واپس نہیں آتے ہیں توعدالت ان کے خلاف فیصلہ سنا دے گی‘ چیف جسٹس

    خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے اثاثہ جات ریفرنس میں اشتہاری اور مفرور ملزم و سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ بھی بلاک کردیا ہے۔

    قومی احتساب بیورو نے اسحاق ڈارکو انٹرپول کے ذریعے لندن سے گرفتار کرکے وطن واپس لانے کے لیے ریڈ وارنٹ بھی جاری کیے ہوئے ہیں۔

  • بورس جانسن نے اہلیہ مرینہ وئیلر سے علیحدگی کی تصدیق کردی

    بورس جانسن نے اہلیہ مرینہ وئیلر سے علیحدگی کی تصدیق کردی

    لندن : برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ اور ان کی اہلیہ سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی بورس جانسن نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’بہت جلد ہم قانونی طور پر علیحدہ ہوجائیں گے‘۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ بورس جانسن اور ان کی اہلیہ مرینہ وئیلر نے اپنے علیحدہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے مشترکہ بیان میں بتایا ہے کہ ’ہم کچھ مہینوں سے علیحدہ ہیں اور بہت جلد ہمارے درمیان طلاق ہونے والی ہے‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سابق وزیر خارجہ اور ان کی اہلیہ کے درمیان گھریلو تنازعے کی خبر برطانوی اخبار ’دی سن‘ نے شائع کی تھی۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ بورس جانسن اور مرینہ کی 25 برس قبل شادی ہوئی تھی تاہم انہوں نے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کچھ ماہ قبل ہی کیا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ تھریسا مے کی بریگزٹ منصوبہ بندی پر بورس جانسن کے کابینہ سے استعفیٰ دینے کے بعد سے انہیں ٹوری پارٹی کا مستقبل کے سربراہ کی حیثیت سے پیش کیا جارہا تھا۔

    شوہر اور اہلیہ نے مشترکہ بیان میں بتایا ہے کہ طلاق کی درخواست منظوری کے مراحل میں ہے، لیکن ہم ایک دوست کی طرح اپنے بچوں کی معاونت جاری رکھیں گے تاہم اس کے علاوہ ہمارے درمیان کوئی تعلق نہیں ہوگا۔

    واضح رہے کہ جانسن اور وئیلر کی شادی سنہ 1993 میں ہوئی تھی اور بورس جانسن کے مرینہ وئیلر سے چار بچے ہیں ’لارا، میلو آرتھر، کاسیہ، تھیوڈور‘جو اپنے والدین کے ساتھ ہی رہتے ہیں۔

    خیال رہے کہ بورس جانسن کچھ دو برس قبل برطانیہ کے وزیر خارجہ منتخب ہوئے تھے، جبکہ اس سے قبل وہ 3 سال یوایس برج کے ایم پی، 8 برس تک لندن کے میئر، 7 سال ہینلی کے ایم پی اور 6 سال تک اسپیکٹر کے ایڈیٹر رہ چکے ہیں۔

  • سیکولر بھارت کا مکروہ چہرہ، بیویاں کرائے پر دستیاب

    سیکولر بھارت کا مکروہ چہرہ، بیویاں کرائے پر دستیاب

    سیکولر بھارت کا ایک اور مکروہ چہرہ سامنے آگیا، دارالحکومت کے ریپ کیپیٹل بننے کے بعد اب شوہروں نے اپنی بیویاں بھی کرائے پر دینی شروع کردیں۔

    بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ایک گاؤں شیوہ پوری میں لوگ اپنی بیویوں کو صرف 10 روپے کے عوض صاحب حیثیت لوگوں کو کرائے پر دے رہے ہیں۔

    یہ لوگ ایسے افراد کو اپنی بیویاں کرائے پر دیتے ہیں جن کی اپنی بیویاں نہ ہوں، یہ باقاعدہ ایک معاہدہ ہوتا ہے جو صرف 10 روپے کے اسٹامپ پیپر پر کیا جاتا ہے۔

    معاہدے کی معیاد ختم ہونے کے بعد شوہر کسی اور شخص کو بیوی کرائے پر دینے کا معاہدہ کرتا ہے۔

    خیال رہے کہ یہ گھناؤنی حرکت صرف مدھیہ پردیش میں ہی نہیں ہورہی۔ کچھ عرصہ قبل گجرات سے بھی ایک شخص کو گرفتار کیا گیا تھا جس نے اپنی بیوی 8 ہزار روپے ماہانہ کرائے پر ایک امیر شخص کو دے رکھی تھی۔

    اس کے علاوہ بھارت میں بیٹیوں کو شادی کے نام پر فروخت کیا جانا بھی عام ہے۔ لوگ اپنی کم عمر بیٹیوں کو 60 یا 70 ہزار روپے کے عوض کسی امیر شخص کو فروخت کر دیتے ہیں۔

  • لاہور: شوہر کے ہاتھوں بیوی اور سسر کا قتل، ملزم گرفتار

    لاہور: شوہر کے ہاتھوں بیوی اور سسر کا قتل، ملزم گرفتار

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں سفاک شوہر نے اپنی بیوی اور سسر کو گولی مار کر قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے شیرا کوٹ میں شوہر نے بیوی اور سسر کو موت کے گھاٹ اتار دیا، مقتولین کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے ملزم عرفان نے اپنی رہائش گاہ شیراکوٹ میں بیوی آمنہ کو گھر میں جبکہ سسر سلیم کو گلی میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ مقتولین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال کے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے، مزید قانون کارروائی کر رہے ہیں۔


    لاہورمیں تین کمسن بہن بھائیوں کا لرزہ خیزقتل، ماں گرفتار


    دوسری جانب ملزم عرفان نے پولیس کو ابتدائی بیان میں بتایا کہ اس نے بیوی کو گھر واپس نہ آنے پر مشتعل ہو کر قتل کیا، تاہم پولیس کے مطابق مکمل تحقیقات کے بعد ہی حقائق سامنے آئیں گے۔

    خیال رہے کہ دو ماہ قبل لاہور کے علاقے عسکری الیون میں قتل کی واردات میں تین کمسن بچوں کو گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا، بعد ازاں پولیس نے شک کی بنیاد پر بچوں کی ماں کو حراست میں لیا تھا۔

    واضح رہے کہ پھول جیسے دس سال کے زین، چھ سال کی فاطمہ اور چارسال کے ابراہیم کو گلادبا کر قتل کیا گیا تھا، پولیس اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پر پہنچی تو بچوں کی لاشوں کے ساتھ ماں بھی زخمی حالت میں پڑی تھی۔

  • سرکاری خزانے میں فراڈ پر اسرائیلی وزیر اعظم کی اہلیہ پر فرد جرم عائد

    سرکاری خزانے میں فراڈ پر اسرائیلی وزیر اعظم کی اہلیہ پر فرد جرم عائد

    تل ابیب: سرکاری خزانے میں خورد برد پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی اہلیہ سارہ پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کی اہلیہ سارہ پر سرکاری خزانے میں فراڈ کرنے اور اس کا غلط استعمال کرتے ہوئے دعوتیں اڑانے پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزارت انصاف کے مطابق وزیراعظم کی اہلیہ نے ہوٹل سے کھانا خریدنے کے لیے بھی سرکاری مال سے چھیانوے ہزار ڈالر خرچ کیے ہیں، علاوہ ازیں انہوں نے ذاتی طور پر بھی پیسوں کا استعمال کیا ہے۔


    بدعنوانی کیس: اسرائیلی پولیس کی نیتن یاہو، بیوی اور بیٹے سے تفتیش


    سارہ نیتن یاہو کے خلاف سرکاری خزانے میں خورد برد کیس کی سماعت آج اسرائیلی عدالت میں ہوئی اور جج نے سرکاری خزانے میں خورد برد ثابت ہونے کے بعد ان پر فرد جرم عائد کی۔

    دوسری جانب سارہ کے وکیل نے کہا ہے کہ عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کرنا مضحکہ خیز اور پاگل پن ہے، ایسے فیصلوں کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔


    سرکاری خزانے میں خوردبرد: اسرائیلی وزیراعظم کی بیوی کےخلاف تحقیقات


    خیال رہے کہ اس سے قبل جب 1977 میں اسرائیلی وزیراعظم اسحٰق رابن کی اہلیہ پر جرم ثابت ہوا تھا تو انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

    واضح رہے کہ کرپشن اور غیر قانونی طور پر مہنگے تحائف وصول کرنے کے الزام میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کے بیٹے یائر نیتن یاہو کے خلاف بھی پولیس تفتیش کر چکی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عمران خان نے رمضان کی27ویں شب مسجد نبوی  ﷺ  میں عبادت میں گزاری

    عمران خان نے رمضان کی27ویں شب مسجد نبوی ﷺ میں عبادت میں گزاری

    مدینہ منورہ : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے رمضان کی27ویں شب مسجد نبوی ﷺ میں عبادت میں گزاری، وہ آج شام عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان چارٹرڈ فلائٹ سے سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر مدینہ منورہ پہنچے، مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ائرپورٹ پر پی ٹی آئی کے مڈل ایسٹ کوارڈینیٹر ذوالقرنین علی خان اور سعودی افیشل نے ان کا استقبال کیا۔

    عمران خان کے ہمراہ ان کی اہلیہ بشری بی بی، ذلفی بخاری، علیم خان ان کی اہلیہ اور عون چوہدری بھی تھے۔

    چئیرمین تحریک انصاف نے اپنی اہلیہ بشریٰ مانیکا کے ہمراہ مدینہ منورہ میں روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور نوافل ادا کیے۔

    عمران خان نے رمضان المبارک کی ستائیسویں شب مسجد نبوی میں نوافل کی ادائیگی، عبادت اور دعائیں مانگنے میں گزاری، آج وہ عمرہ کے لئے مکہ مکرمہ روانہ ہو جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق عمران خان روضہ رسول ﷺ پر حاضری کے بعد جدہ میں شوکت خانم فنڈ ریزنگ افطار ڈنر میں بھی شرکت کریں گے، تقریب کا اہتمام پی ٹی آئی کے مڈل ایسٹ کوارڈینیٹر ذوالقرنین علی خان نے کیا ہے۔

    عمران خان عمرے کی ادائیگی کے بعد بدھ کو پاکستان روانہ ہوجائیں گے۔

    اس سے قبل عمران خان مدینہ پہنچنے پربغیرجوتوں کےطیارے سےاترے، طیارے سے اترتے ہوئے صرف موزے پہن رکھے تھے جبکہ مسجدنبوی پہنچنے پر  ان کو پروٹوکول دیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پنجاب میں غیرت کے نام پر بیوی کا قتل، شوہر گرفتار

    پنجاب میں غیرت کے نام پر بیوی کا قتل، شوہر گرفتار

    لاہور: پنجاب کے دار الحکومت لاہور میں پیش آیا انسانیت سوز واقعہ جہاں غیرت کے نام پر شوہر نے اپنی بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ ڈھلوکی سے تعلق رکھنے والی چالیس سالہ نسرین آٹھ روز قبل اپنے بھتیجے محمد سجاد کے ساتھ گھر سے بھاگی تھی تاہم پنچائتی فیصلہ ہونے پر دو روز قبل ہی گھر واپس پہنچی جس کے بعد شوہر نے غیرت کے نام پر بیوی کو قتل کر دیا۔

    کاہنہ پولیس کے مطابق سات بچوں کی ماں نسرین کو اس کے شوہر اشرف نے مبینہ طور پر کرنٹ لگا کر قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگیا تاہم مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لئے لاہور کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے جس میں ملزم کی گرفتار عمل میں آئی۔

    سال 2017: گیارہ ماہ میں 343 خواتین غیرت کے نام پر قتل

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ غیرت کے نام پر قتل ہونے والی خاتون کی عمر چالیس سال تھی جسے ملزم نے بے دردی سے موت کے گھاٹ اتارا تاہم پولیس نے ملزم کے خلاف قتل دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

    غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قانون سازی کر رہے ہیں:‌ارم خالد

    خیال رہے کہ واقعے کی خبر ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پہنچے جس کے بعد فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور مختلف اہم شواہد اکٹھے کیے البتہ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے جبکہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • شہرت کے لیے بنائی جانے والی ویڈیو نے شوہر کی جان لے لی

    شہرت کے لیے بنائی جانے والی ویڈیو نے شوہر کی جان لے لی

    واشنگٹن: انٹرنیٹ پر مقبولیت حاصل کرنے کے لیے خاتون کی معمولی غلطی نے شوہر کو موت کے گھاٹ اتار دیا، عدالت نے بیوی کو چھ ماہ قید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیٹ وہ ذریعہ ہے جس سے مختصر وقتوں میں کچھ انوکھا کر کے دنیا بھر میں مشہور ہوا جا سکتا ہے، لیکن شہرت کی لالچ کبھی کبھی جان لیوہ ثابت ہوتی ہے، ایسا ہی کچھ دیکھنے میں آیا امریکا میں جہاں ویڈیو بنانے کے دوران بیوی نے گولی چلائی جس سے شوہر ہلاک ہوگیا۔

    انوکھی ودلچسپ ویڈیو بنانے اور غیر معمولی شہرت حاصل کرنے کے لیے شوہر (پیڈور روئز) نے بیوی کو گولی چلانے کو کہا جس کہ کہنے پر بیوی (مونا لیزا) نے گولی چلائی تاہم جان بچانے کے لیے سینے پر رکھی گئی کتاب بے سود ثابت ہوئی اور گولی کتاب کو پھاڑتی ہوئی دل میں جا لگی۔

    انٹرنیٹ پر وائر ل ہونے والی دہشت ناک تصویر کی اصل حقیقت

    مونا لیزا نے عدالت کو بتایا کہ ان کے شوہر پیڈرو روئز نے کہا تھا کہ وہ انہیں چند فٹ کی دوری سے سینے پر گولی ماریں۔ان کا خیال تھا کہ انھوں نے جو انتہائی موٹی کتاب پکڑ رکھی تھی اسے ڈھال کے طور پر استعمال کر کے بچا جاسکتے ہیں لیکن گولی جان لیوا ثابت ہوئی۔

    عدالت کی جانب واقعہ سے متعلق بیوی کے خلاف 6 ماہ کی سزا سنائی جس کے تحت انہیں تین ماہ جیل میں قید جبکہ تین ماہ گھر میں نظر بند رہنا پڑے گا، مونا لیزا نے اپنے کئے پر ندامت کا اظہار کیا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل جوڑے نے متعدد ویڈیوز بنائی اور سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی تاہم ان کی آخری کوشش شوہر کے لیے جان لیوا ثابت ہوئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں ملوث احدچیمہ کی اہلیہ سے ملاقات

    آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں ملوث احدچیمہ کی اہلیہ سے ملاقات

    لاہور : نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں ملوث احدچیمہ کی اہلیہ سے ملاقات اہلیہ سے کروادی، اہلیہ نےدلاسہ دیا پنجاب کی بیوروکریسی آپکے ساتھ ہے جبکہ احد چیمہ نےبتایا دوران حراست ان پر تشدد نہیں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں ملوث احد چیمہ کی اہلیہ سے ملاقات کروادی گئی، نیب دفتر میں ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی، اہلیہ نے دوران حراست تشدد سے متعلق دریافت کیا، جس پر احد چیمہ نے جواب دیا کہ ان پر تشدد نہیں کیا گیا صرف انکوائری کی گئی۔

    اہلیہ نےاحد چیمہ کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ بتانے آئی ہوں بیوروکریسی آپکے ساتھ ہے۔

    چیئرمین نیب نے کہا کہ ملاقات انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کروائی گئی، ملاقات میں کوئی رخنہ نہیں ڈالا گیا۔

    دوسری جانب سول سیکریٹریٹ میں دفاتر کھل گئے کام معمول کے مطابق جاری ہے۔احد چیمہ کی گرفتاری کیخلاف سول سیکرٹریٹ میں ایک روزہ ہڑتال کی گئی تھی۔

    اس سے قبل نیب نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد حکومت پنجاب کے موقف کی تردید کرتے ہوئے حقائق بیان کئے تھے، جس میں کہا گیا تھا کہ سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، بطور جوائنٹ وینچر ٹھیکا کاسا ڈویلپرزکودیا گیا۔

    نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ احد چیمہ نے جے وی ممبران کی ملی بھگت سےایم اویو منظورکیا، ایم او یوکے تحت شیئر ہولڈرز کی تفصیلات کو پوشیدہ رکھا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روزقومی احتساب بیورو کے ترجمان نے کہا تھا کہ احد چیمہ کو قانون کے مطابق گرفتار کیا گیا، ان کے خلاف نیب کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں۔


    مزید پڑھیں : سابق ڈی جی ایل ڈی اے کی گرفتاری: نیب اورپنجاب حکومت آمنے سامنے


    واضح رہے کہ احد چیمہ پنجاب حکومت کے طاقتور افسر شمار کیے جاتے ہیں، یہ اس وقت ڈی جی ایل ڈی اے تھے جب آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں پڑے پییمانے پر اربوں روپے کی کرپشن کی گئی، جس کی نیب تحقیقات کر رہا ہے۔

    احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد ایک جانب پنجاب بیورو کریسی احتجاج کر رہی ہے تو دوسری جانب چھاپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نیب اہلکاروں نے احد کے قریبی عزیز شاہد شفیق کو گرفتار کر لیا تھا۔

    گرفتار ملزم شاہد شفیق پیرا گون سوسائٹی کے چیف ایگزیکٹو کا قریبی ساتھی ہے، جسے نیب نے احد چیمہ کے انکشاف پر گرفتار کیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔